Tag: آئل ریفائنری

  • اسرائیل کی حیفہ آئل ریفائنری کی تمام سائٹس بند کر دی گئیں، 3 ملازمین ہلاک

    اسرائیل کی حیفہ آئل ریفائنری کی تمام سائٹس بند کر دی گئیں، 3 ملازمین ہلاک

    تل ابیب: اسرائیل کی حیفہ آئل ریفائنری کی تمام سائٹس بند کر دی گئیں، ایرانی مہلک حملے میں کمپنی کے 3 ملازمین ہلاک ہوئے۔

    روئٹرز کے مطابق اسرائیل کے شہر حیفہ میں قائم بازان گروپ نے کہا ہے کہ ایران کے حملے میں بھاپ اور بجلی بنانے کے لیے استعمال ہونے والے پاور اسٹیشن کو کافی نقصان پہنچنے کے بعد ریفائنری کی تمام سائٹس بند کر دی گئی ہیں۔

    گروپ نے کہا کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں کمپنی کے تین ملازمین ہلاک ہوئے، میزائلوں سے بچنے کے لیے ریفائنری کی سائٹس بند کر دی گئی ہیں، الیکٹرک کمپنی کے ساتھ مل کر اس پاور پلانٹ کو بجلی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے۔


    ایران کا بڑا سائبر حملہ، اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز پر دل دہلا دینے والے پیغامات موصول


    دی اسرائیل ٹائمز نے کہا ہے کہ آئل ریفائنری حیفہ خلیج پر واقع ہے، اور اسے برسوں سے ایرانی پراکسی حزب اللہ سمیت اسرائیل کے مخالفین کے حملے کا خطرہ رہا ہے، تاہم اس پر کبھی براہ راست حملہ کبھی نہیں ہوا۔

    اس سے قبل اسرائیل نے اپنے پہلے حملے میں ایران کی جوہری اور فوجی تنصیبات پر حملہ کیا تھا، اس کے بعد سے دونوں اطراف سے تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایران اسرائیل تنازعہ میں توانائی کی صنعت پر حملے جاری ہیں۔


    تہران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    اسرائیل کی جانب سے اردن اور مصر کو قدرتی گیس کی سپلائی جمعے سے احتیاطی تدابیر کے طور پر روک دی گئی ہے۔ دی برسلز ٹائمز کے مطابق حیفا آئل ریفائنری اسرائیلی جنگی طیاروں کے لیے ایندھن کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے۔

  • ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری 5 روز کے لیے بند

    ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری 5 روز کے لیے بند

    ملتان: ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پارکو کے آپریشنز کو پانچ روز کے لیے عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک – عرب ریفائنری لمیٹڈ کی جانب سے بدھ کی شب 5 اپریل 2023 کو طے شدہ مرمتی کام کے تحت ریفائنری کے آپریشنز کو پانچ روز کے لیے عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

    ترجمان پارکو نے بتایا کہ طے شدہ مرمتی کام کے تحت ریفائنری پر عارضی شٹ ڈاؤن لیا گیا ہے، ریفائنری میں پیداواری سرگرمیاں 11 اپریل 2023کو دوبارہ بحال کردی جائیں گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ طے مرمتی کام کے دوران ڈیزل اور پیٹرول کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

    اس سے قبل ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پارکو کی بندش کی وجوہات ڈیزل کی ڈیمانڈ نہ ہونا بتائی جارہی تھی۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران ایران سے غیرقانونی طور پر ڈیزل اسمگل ہوکرملکی منڈی میں آیا، ایران سےایک لاکھ 20ہزار میٹرک ٹن ڈیزل ملکی منڈی میں آیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکریٹری پیٹرولیم نے ایران سے ڈیزل اسمگلنگ کی اطلاع کے باوجود کوئی اقدام نہیں اٹھایا، سیکریٹری پیٹرولیم پارکو بورڈ کےچیئرمین بھی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پارکو آئل ریفائنری کی پرودکشن یومیہ ایک لاکھ 20 ہزار بیرل ہے اور مارکیٹ میں اسمگل شدہ ڈیزل آنےسےپارکوآئل ریفائنری کےڈیزل کی فروخت متاثر ہوئی، جس کے بعد پارکو کی اسٹوریج کیپسٹی مکمل ہوچکی ہے اور مجبوراً ریفائنری کی پروڈکشن بند کرناپڑی۔

    ذرائع نے کہا کہ پارکو آئل ریفائنری کی بندش کی وجہ حقائق کے برعکس مین ٹینس بیان کی جارہی ہے، ریفائنری کا مین ٹینس شٹ ڈاؤن ہر 3سال بعدکیاجاتا ہے جبکہ ریفائنری کی مین ٹینس کوصرف ڈیڑھ سال کاعرصہ گزرا ہے۔

  • آئل ریفائنری کی سپلائی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا  کروڈ آئل چوری

    آئل ریفائنری کی سپلائی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا کروڈ آئل چوری

    راولپنڈی: آئل ریفائنری سپلائی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا کروڈ آئل چوری ہوگیا ، سیکیورٹی انچارج کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں آئل کمپنی کی سپلائی لائن سے کروڈ آئل چوری ہونے کا انکشاف ہوا۔

    سیکیورٹی انچارج نے بتایا کہ کروڈ آئل پانی کے ٹینکر میں بھرکر چوری کیا جارہا تھا۔

    آئل فیلڈ کے سیکیورٹی انچارج کی مدعیت میں تھانہ دھمیال میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    سیکیورٹی انچارج کا کہنا ہے کہ ایک ٹینکر کاپیچھا کیا پتہ چلا کہ پیلو گاؤں کےقریب لائن سےکنکشن لگا ہے، لائن سے 5 افراد تیل چوری کررہے تھے جو ہمیں دیکھ کربھاگ گئے۔

    انچارج نے بتایا کہ تعاقب کرکے ایک شخص کو پکڑلیاگیا، آئل ریفائنری کی سپلائی لائن میں کچھ عرصے سے کروڈآئل چوری ہو رہا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے تقریباً 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا تیل چوری کیا۔

  • سعودی عرب: آئل ریفائنری میں حادثہ، 2 ملازمین ہلاک، دو شدید زخمی

    سعودی عرب: آئل ریفائنری میں حادثہ، 2 ملازمین ہلاک، دو شدید زخمی

    ریاض: سعودی عرب میں آئل ریفائنری میں ہونے والے حادثے کے نتیجے میں دو ملازمین ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی آرامکو کے ریفائنری پلانٹ کی سالانہ اوور ہالنگ کے دوران ہونے والے ایک حادثے میں دو ملازمین ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت پلانٹ بند تھا جس کے باعث زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا، بعد ازاں ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نقصان پر قابو پانے کی کوشش کی۔

    ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جبکہ دیگر ملازمین کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور حالات قابو میں ہیں۔

    سعودی عرب، بس اورآئل ٹینکرمیں تصادم، 4 برطانوی معتمرین جاں بحق

    کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پلانٹ پر پہلے سے طے شیڈول کے تحت مینٹی ننس جاری تھی۔ ملازمین کی حفاظت پہلی ترجیح ہے۔ کمپنی انتظامیہ اور حکومت نے حادثے کی نوعیت کے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

  • عرب امارات پاکستان کے ریفائنری سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

    عرب امارات پاکستان کے ریفائنری سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

    اسلام آباد: متحدہ عرب امارات پاکستان کے ریفائنری سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، ریفائنری منصوبہ بلوچستان کے علاقے حب میں شروع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عرب نیوز کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ریفائنری سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جس کے پاکستان اور عرب امارات کے درمیان مذاکرات تقریباً مکمل ہوگئے۔

    پاکستان میں موجود اماراتی سفیر کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری رواں سال کے اختتام تک کی جائے گی، ریفائنری منصوبہ بلوچستان کے علاقے حب میں لگایا جائے گا۔ ریفائنری کی صلاحیت ڈھائی سے 3 لاکھ بیرل یومیہ ہوگی۔

    سفیر کے مطابق یہ منصوبہ پاک یو اے ای تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہوگا۔

    امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای نے رواں برس پاکستان میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک سے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے قرضے ملنے کا امکان ہے۔

    وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ عرب امارات کے بعد یو اے ای نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کیش دینے اور 3 ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگیوں کی سہولت دی تھی۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے: ذرائع

    وزیر اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے: ذرائع

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے جہاں وہ گوادر ایکسپو میں شریک ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کا گوادر پورٹ کا دورہ پورے دن پر مبنی ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے، جہاں انھیں پاک چین اقتصادی راہ داری کے تحت جاری مختلف تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو سی پیک کے تحت جاری جدید ترین آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر بریف کیا جائے گا۔

    بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان شام کو کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، کمیٹی وزیر اعظم کو منصوبوں پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک سعودی عرب مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی پروقار تقریب

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 30 مارچ کو گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کریں گے، اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب گوادر پورٹ پر گیارہ بلین ڈالرز پر مبنی آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیس کی تعمیر پر جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کر چکے ہیں۔

  • کے پی کے میں آئل ریفائنری لگانے کے لیے چینی کمپنیوں سے معاہدہ

    کے پی کے میں آئل ریفائنری لگانے کے لیے چینی کمپنیوں سے معاہدہ

    پشاور: خیبر پختون خوا میں آئل ریفائنری لگانے کے لیے پاکستانی نجی پاور کمپنی اور چائنا کی دو کمپنیوں کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں جلد آئل ریفائنری لگائی جائے گی جس کے بعد فیلکن آئل ریفائنری سے یومیہ ایک لاکھ بیرل تیل حاصل ہوسکے گا، اس ضمن میں آئل ریفائنری لگانے کے لیے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

    یہ معاہدہ چین کی جی ای ڈی آئی کمپنی اور سی ای سی کمپنی کے ساتھ طے پایا ہے۔

    پاکستانی کمپنی اور چینی کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ آئل ریفائنری میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور بین لاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے گا۔

    آئل ریفائنری کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ایک سو میگاواٹ کا پاور پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ آئل کی ترسیل کے لیے 300 کلو میٹر کی پائپ لائن بھی بچھائی جائے گی۔

  • کوئٹہ : حب میں پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری لگانے کا فیصلہ

    کوئٹہ : حب میں پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری لگانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات کے تعاون سے بلوچستان کے شہر حب میں پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری لگانے کا فیصلہ کرلیا.

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے مطابق وزارت پٹرولیم نے پارکو آئل ریفائنری کو حب میں پانچ ارب ڈالر مالیت کی خلیفہ کوسٹل آئل ریفائنری لگانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے، جس کی صلاحیت اڑھائی لاکھ بیرل یومیہ ہوگی.

    ریفائنری مکمل ہونے سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کم اور قیمت سستی ہوجائے گی، جبکہ اس کی تعمیر پارکو کے منافع سے کی جائے گی جس سے قومی خزانے پر قطعاً کوئی بوجھ نہیں پڑے گا،آئل ریفائنری کے لیے 250 میگاواٹ کا پاور پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔

    نئی آئل ریفائنری ساٹھ فیصد وفاقی حکومت جبکہ چالیس فیصد متحدہ عرب امارات کی ملکیت ہوگی۔

    واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب اور ریفائنریوں کی کم صلاحیت کے باعث پاکستان کو سالانہ 10 تا 14 ارب ڈالر مالیت کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنا پڑتی ہیں،یہی وجہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر انحصار کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات کے تعاون سے حب میں پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری لگانے کا فیصلہ کیا.