تیلگو سنیما کے آئیکن کونیدالا چرنجیوی کو بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے نمایاں اداکار کے طور پر گینیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کرلیا ہے۔
جنوبی بھارت کی تلگو فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے 69 سالہ اداکار کو میگا اسٹار بھی کہا جاتا ہے، انہیں بھارتی سنیما کی تاریخ کا سب سے کامیاب اور بااثر اداکار مانا جاتا ہے۔۔
چرنجیوی نے 46 سالہ کیرئیر میں بھارتی انڈسٹری میں اپنا غیر معمولی حصہ ڈالا ہے جس کے باعث انہیں اس اعزاز سے نوازا گیا۔
چرنجیوی نے اتوار کو حیدرآباد میں گینیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے کامیاب اور نمایاں اداکار کا سرٹیفکیٹ وصول کیا، سرٹیفکیٹ دینے کے موقعے پر بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چرنجیوی نے کہا میرے دوست عامر خان نے صرف ایک فون کال اور دعوت پر اس تقریب میں شرکت کی۔
چرنجیوی نے مزید کہا کہ مجھے کبھی بھی امید نہیں تھی کہ میں گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حامل ہوں گا، میرے فلمی کیریئر کے تمام سال اور رقص میری زندگی کا حصہ بن گئے ہیں، اعزاز ملنے پر سب کا شکر گزار ہوں۔
واضح رہے جہ چرنجیوی نے اپنے 45 سالہ فلمی کیریئر میں 156 فلموں میں کام کیا اور 537 گیتوں پر 24 ہزار ڈانس پرفارمنسز دیں۔