Tag: آئی آئی چندریگر روڈ

  • آئی آئی چندریگر روڈ پر میری ویدر ٹاور کے نیچے نالہ دریافت

    آئی آئی چندریگر روڈ پر میری ویدر ٹاور کے نیچے نالہ دریافت

    کراچی: شہر قائد میں آئی آئی چندریگر روڈ پر میری ویدر ٹاور کے نیچے برساتی نالہ دریافت ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ پر میری ویدر ٹاور کے نیچے نالہ دریافت ہوا ہے، اطلاع ملنے پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب فوراً نالے کے مقام پر پہنچ گئے۔

    میئر کراچی نے بتایا کہ یہ برطانوی دور حکومت کا قدرتی برساتی نالہ ہے، نالے کو سٹی نالے اور ہجرت کالونی نالے سے منسلک کیا جائے گا۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اس نالے پر ایک ماہ میں کام مکمل ہو جائے گا، شہر میں دوسرے نالوں کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے۔

  • لیاری کے مکینوں کا کےالیکٹرک کے خلاف شاہین کمپلیکس پر احتجاج

    لیاری کے مکینوں کا کےالیکٹرک کے خلاف شاہین کمپلیکس پر احتجاج

    کراچی: لیاری کے علاقہ مکینوں کا کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شاہین کمپلیکس پر احتجاج جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز  کے مطابق  لیاری کے علاقہ مکینوں کا کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کی تمام شاہراہ بلاک کردی ہیں۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں طویل اور غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے علاقے میں پانی کا بھی بحران ہے۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک پر کئی بار شکایت درج کراچکے ہیں لیکن کے الیکٹرک نے پھر بھی لوڈشیڈنگ جاری رکھا ہوا ہے اس لیے ہم نے آج احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

    دوسری جانب مظاہرین کے مین شاہراہ پر احتجاج کے باعث سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا ہے، مظاہرین کے کے الیکٹرک کے دفتر کے سامنے روڈ کو بلاک بھی کردیا ہے۔

  • کراچی میں  آئی آئی چندریگر روڈ پر کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی

    کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی

    کراچی : آئی آئی چندریگر روڈ پر شاہین کمپلیکس کے قریب کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ شاہین کمپلیکس کے قریب کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگ گئی۔

    اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 2گاڑیاں آگ بجھانے کے لئے روانہ ہوئی اور تمام افرادکوباہر نکال لیا گیا جبکہ بلڈنگ میں دھواں بھرنے کے بعد تمام فلور پر قائم دفاتر میں موجود لوگ خود ہی باہر نکل آئے تھے۔

    فائر بریگیڈ نے آئی آئی چندریگر روڈ شاہین کمپلیکس کے قریب کثیر المنزلہ عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا، فائر بریگیڈ کی اسنارکل سمیت 3 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

    اسٹیشن فائر آفیسر ہیڈکوارٹر ظہیر صدیقی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آگ پر قابو پالیا ہے، آتشزدگی کا واقعہ بالائی منزل پر پیش آیا، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سولہویں فلور پر کچرے میں لگنے والی آگ پھیل گئی تھی جسے بجھادیا گیا ہے،دھویں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔

  • تحریکِ پاکستان کے راہ نما اور قائدِ اعظم کے رفیق آئی آئی چندریگر کی برسی

    تحریکِ پاکستان کے راہ نما اور قائدِ اعظم کے رفیق آئی آئی چندریگر کی برسی

    ہندوستان کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے اور تحریکِ‌ پاکستان کے کارکن اور قائدِ اعظم کے رفقا میں اسماعیل ابراہیم چندریگر بھی شامل تھے۔

    آج تحریک پاکستان سے تشکیلِ پاکستان تک اہم کردار ادا کرنے والے اسماعیل ابراہیم چندریگر( آئی آئی چندریگر) کی برسی ہے۔ وہ 26 ستمبر 1960ء کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔

    انھیں تقسیمِ ہندوستان سے قبل ہی وزارت کا عہدہ سونپ دیا گیا تھا اور قیام پاکستان کے بعد بھی آپ کو وہی منصب تفویض کیا گیا۔

    اسماعیل ابراہیم چندریگر 15 ستمبر 1897ء کو احمد آباد میں پیدا ہوئے۔ اس دور میں احمد آباد، بمبئی ریذیڈنسی میں شامل تھا اور اسے صوبے میں ایک خاص مقام اور اہمیت حاصل تھی۔ ابراہیم اسماعیل چندریگر نے اپنی ابتدائی تعلیم احمد آباد کے اسکول میں حاصل کی اور کالج کی تعلیم کے بعد بمبئی یونیورسٹی میں آگئے۔ اسی یونیورسٹی سے بی اے، ایل ایل بی تک تعلیم حاصل کی۔ قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد آئی آئی چندریگر، احمد آباد واپس آگئے اور پریکٹس شروع کی تھی۔

    وکالت اور مختلف مقدمات کی پیروی کے ساتھ انھیں‌احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے ممبر کی حیثیت سے شہری مسائل حل کرنے اور عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا۔ مسلمان طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی سہولتوں میں اضافے کا آپ کو بے حد خیال تھا چنانچہ انجمن ہائی اسکول احمد آباد ایجوکیشن سوسائٹی کے سیکریٹری رہے اور دوسری فلاحی انجمنوں میں بھی دل چسپی لیتے تھے۔

    مسلم لیگ کے متعدد سالانہ اجلاس بمبئی میں منعقد ہوچکے تھے اور ان اجلاسوں کے حوالے سے آل انڈیا مسلم لیگ کی کارکردگی اس کے مقاصد مسلمانانِ ہند کے سامنے کھل کر آچکے تھے چنانچہ آئی آئی چندریگر نے 1936ء میں باقاعدہ طور پر آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ فروری 1937 میں انھیں آل انڈیا مسلم لیگ کے ٹکٹ پر صوبہ بمبئی کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ضلع احمد آباد کے دیہی علاقہ کی نشست سے رکن منتخب کیا گیا اور آپ احمد آباد سے بمبئی منتقل ہوگئے۔ آپ اسی حلقے سے دو بار 1946ء میں بھی منتخب ہوئے۔

    آئی آئی چندریگر بمبئی اسمبلی میں مسلم لیگ پارلیمانی پارٹی کے ڈپٹی لیڈر رہے، اس کے علاوہ بمبئی مسلم لیگ کے صدر بھی منتخب ہوئے تھے اور اس منصب پر 1945 تک فائز رہے۔ یہ عہدہ آپ کے لیے بڑا اعزاز تھا کیوں کہ قائد اعظم محمد علی جناح بھی بمبئی مسلم لیگ کی ایک شاخ کے اہم رکن تھے۔ آئی آئی چندریگر آل انڈیا مسلم لیگ کی مجلسِ عاملہ کے رکن بھی رہے۔

    1945-46 کے انتخابات کے بعد جب آل انڈیا مسلم لیگ نے عبوری حکومت میں شمولیت کی دعوت کو قبول کرلیا تو آئی آئی چندریگر بھی قائد اعظم کے نامزد وزرا میں سے ایک تھے۔

    جب پاکستان معرض وجود میں آیا تو آئی آئی چندریگر کو وزیر تجارت و صنعت مقرر کیا گیا وہ اس عہدے پر 1948 تک فائز رہے اور افغانستان میں پاکستان کے سفیر بھی رہے۔

    پاکستان میں 1957 میں وہ مخلوط حکومت میں ملک کے چھٹے وزیر اعظم بنے مگر جلد ہی مستعفی ہوگئے تھے۔

    وہ کراچی میں پی ای سی ایچ سوسائٹی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

  • وسیم اختر کا آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس

    وسیم اختر کا آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل کوفوری بروئے کارلایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آگ پرقابوپانے کے اقدامات کیے جائیں، آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل کو فوری بروئے کارلایا جائے، کوشش کی جائے کم سے کم نقصان ہو۔

    وسیم اختر نے کہا کہ آگ 5 بجکر10 منٹ پررپورٹ ہوئی تھی، ہمارے پاس جو سامان ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہے، ہمیں سامان اورآلات کے لیے کوئی فنڈ زنہیں دیے گئے۔

    میئرکراچی کا کہنا ہے کہ 40 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا عمارت میں کوئی فائرایگز ٹ نہیں، عمارت بنانے والے خود بھی سوچیں۔

    انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی ذمے داری ہے ہر دفترکوچیک کیا جائے، تاجر برادری پر بھی ذمے داری ہے سیفٹی اپنائے۔

    کراچی: آئی آئی چندریگر روڈ پرواقع عمارت میں لگی آگ پرقابو پالیا گیا

    واضح رہے کہ آئی آئی چندریگر روڈ پرعمارت میں لگی آگ پر 7 گھنٹے بعد پاک بحریہ اور دیگر اداروں کی 10 گاڑیوں کی مدد سے قابو پالیا گیا۔

  • غیر قانونی بیریئرز کیخلاف رینجرز کی کارروائیاں جاری

    غیر قانونی بیریئرز کیخلاف رینجرز کی کارروائیاں جاری

    کراچی : سندھ رینجرز کی کراچی میں غیر قانونی رکاوٹوں کیخلاف کارروائی جاری ہے اس سلسلے میں رینجرز نے کارروائی کرکے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع جنگ اور جیو ٹی وی کے باہر لگے غیر قانونی بیرئیرز اور رکاوٹیں ختم کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئےرینجرز کی جانب سےغیرقانونی رکاوٹیں اور بیرئیرز ہٹانے کےلئےآئی آئی چندریگر روڈ پرکارروائی کی گئی.

    جہاں جنگ اور جیو ٹی وی کے باہر اور اطراف میں لگے غیر قانونی بیرئیرز اور کانکریٹ بلاکس کو ہٹادیا، رینجرز اہلکاروں نے ہیوی مشینری کی مدد سے بیرئیرز کو اکھاڑا گیا۔

    جبکہ کانکریٹ بلاکس کی رکاوٹوں کو بھی سڑک سے ہٹا دیا گیا۔آئی آئی چندریگر روڈ پر دیگر مقامات پر بھی غیر قانونی بیرئیرز اور رکاوٹیں ختم کی گئی ہیں۔