Tag: آئی ایس او

  • آئی ایس او کی جانب سے پاکستان کی رکنیت معطل کرنے کی  دھمکی

    آئی ایس او کی جانب سے پاکستان کی رکنیت معطل کرنے کی دھمکی

    اسلام آباد: انٹر نیشنل آرگنائزیشن فار اسٹینڈرڈائزیشن ”آئی ایس او“ نے سالانہ سبسکرپشن فیس کی عدم ادائیگی پر پاکستان کی رکنیت معطل کرنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق بدترین بحران میں گھری معیشت کے لیے ایک اور بری خبر آگئی ، انٹر نیشنل آرگنائزیشن فار اسٹینڈرڈائزیشن ”آئی ایس او“ نے پاکستان کی رکنیت معطلی کی دھمکی دے دی۔

    بار بار یاد دہانی کے باوجود پاکستان کی جانب سےسالانہ سبسکرپشن فیس کی عدم ادائیگی پرآئی ایس او نے پاکستان کو فائنل وارننگ جاری کی۔

    آئی ایس او نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر اور دیگر عالمی اداروں میں پاکستان کے مستقل مشن کے ذریعے حکومت کو بتایا کہ سال 2022 کے لیے سبسکرپشن فیس ادا نہیں کی گئی ،جس کی وجہ سے پی ایس کیو سی اے کی رکنیت معطل کی جا سکتی ہے۔

    آئی ایس او نے کہا تھا کہ معطلی کی صورت میں پی ایس کیو سی اے کو ووٹنگ رائٹس اور تنظیم کی مفت اشاعتوں اور دستاویزات تک رسائی سمیت دیگر سہولیات حاصل نہیں ہوں گی۔

    دوسری جانب فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وارننگ پر تشویش کا اظہار کردیا ہے ، کاروباری برادری کے مطابق ممکنہ رکنیت معطلی سےنہ صرف معیشت اوربرآمدات کوسنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے بلکہ پاکستان میں تیارہونے والی اشیا کی بیرونی طور پر خریداری بھی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • آئی ایس اوکی امریکہ مردہ باد ریلی، شرکاء پر پولیس کا لاٹھی چارج

    آئی ایس اوکی امریکہ مردہ باد ریلی، شرکاء پر پولیس کا لاٹھی چارج

    کراچی : نمائش چورنگی پر پولیس اور آئی ایس او کی امریکہ مردہ باد ریلی کے شرکاء کے درمیان گھمسان کی جنگ ہوگئی، لاٹھی چارج ، آنسو گیس اور واٹر کینن کے استعمال  کے باعث علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ پاکستان مخالف بیان کیخلاف آئی ایس او کی جانب سے امریکہ مردہ باد ریلی نکالی گئی،آئی ایس او کی ریلی کے منتظمین نے امریکی قونصلیٹ جانے کااعلان کیا تھا۔

    ریلی کے شرکاء امریکا مردہ باد کے نعرے لگارہے تھے، ریلی کے شرکاء اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے امریکی قونصلیٹ جانا چاہتے تھے کہ نمائش چورنگی پر شرکاء کو امریکی قونصلیٹ تک جانے سے روکنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔

    ریلی کےشرکا پرپولیس نے لاٹھی چارج کے علاوہ واٹر کینن کا بھی استعمال کیا، صورتحال کشیدہ ہونے پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ جس کے رد عمل میں شرکاء کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔

    گھمسان کی یہ جنگ تقریباً آدھا گھنٹے تک جاری رہی، مظاہرین آنسو گیس اور لاٹھی چارج سے بچنے کیلئے امام بارگاہ شاہ خراساں کی جانب چلے گئے، اس دوران پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیا۔

    پولیس نے ریلی کا ساؤنڈ سسٹم جو ایک ٹرک پر نصب تھا اس کو بھی قبضے میں لے لیا، قونصلیٹ جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ امریکی قونصلیٹ جانے کیلئے تین سے چار لوگوں کو اجازت دی جا سکتی ہے تاکہ وہ اپنا احتجاج ریکارڈ کراسکیں۔

    بعد ازاں دونوں جانب سے مذاکرات کے بعد شرکاء منتشر ہوگئے، آخری اطلاعات تک پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے بعد طے پایا گیا کہ نماز مغرب کے بعد شرکاء از خود منتشر ہوجائیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔