Tag: آئی ایس پی آر

  • احسان اللہ احسان کے فرار کے ذمہ دار فوجیوں کے خلاف کارروائی شروع ہو چکی: بابر افتخار

    احسان اللہ احسان کے فرار کے ذمہ دار فوجیوں کے خلاف کارروائی شروع ہو چکی: بابر افتخار

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ احسان اللہ احسان کا فرار ہو جانا ایک بہت سنگین معاملہ تھا، فرار کے ذمہ دار فوجیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے۔

    ترجمان افواج پاکستان نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا احسان اللہ احسان کی دوبارہ گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، فرار کرانے والے فوجی اہل کاروں کے خلاف کارروائی سے میڈیا کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے، لاپتا افراد کے معاملے پر بننے والے کمیشن نے بہت پیش رفت کی ہے، کمیشن کے پاس 6 ہزار سے زائد کیس تھے، 4 ہزار حل کیے جا چکے ہیں۔

    بابر افتخار نے کہا ہزارہ برادری کے 11 کان کنوں کے قتل سے تعلق پر چند افراد کو حراست میں لیا گیا، یہ بہت اہم گرفتاریاں ہیں، جس ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ملالہ کو دھمکی دی گئی تھی وہ جعلی تھا۔

    انھوں نے کہا قبائلی علاقوں میں منظم شدت پسند تنظمیوں کو بہت پہلے ختم کر دیاگیا تھا، اب شدت پسند تنظیموں میں اس علاقے میں بڑا حملہ کرنے کی صلاحیت نہیں، کچھ عرصے سے ان علاقوں میں ایک بار پھر تشدد کے ایک دو واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، سیکیورٹی اداروں نے بچے کچے شدت پسندوں کے خلاف جارحانہ کارروائیاں شروع کی ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا رپورٹ ہونے والے تشدد کے تازہ واقعات انھی کارروائیوں کا رد عمل ہے، آپ جب بھی شدت پسندوں کے پیچھے جاتے ہیں تو رد عمل آتا ہے ، فورسز کا بھی نقصان ہوتا ہے اور عمومی طور پر بھی تشدد میں وقتی اضافہ ہوتا ہے، گزشتہ دنوں خواتین کی کار پر حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی، اب اس علاقے میں کوئی منظم گروہ باقی نہیں رہ گیا، مختلف ناموں سے چھوٹے موٹے شدت پسند کا جلد مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

    میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا بھارت پاکستان مخالف شدت پسندوں کی مدد کر رہا ہے، اس کا علم افغان انٹیلی جنس کو بھی ہے، پاکستان میں شدت پسندوں کی مدد افغانستان سے کی جا رہی ہے، بھارت ان تنظیموں کو اسلحہ اور نئی ٹیکنالوجی سے بھی نواز رہا ہے، یہ بات بعید از قیاس نہیں ہے کہ یہ سب کارروائی افغان انٹیلی جنس کے علم میں ہو۔

    انھوں نے کہا پاکستانی حکومت کی پالیسی ہمسایوں کے ساتھ امن کا ہاتھ بڑھانا ہے، آرمی چیف نے بھی حالیہ بیان میں امن کا ہاتھ بڑھانے کی بات کی تھی، امن کا ہاتھ بڑھانے کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان مشرقی سرحد پر خطرات سے آگاہ نہیں، بھارت کی تمام فوجی نقل و حرکت پر ہماری نظر ہے، پاکستان ہر قیمت پر افغانستان میں امن چاہتا ہے، امن کے لیے پاکستان سے جو کچھ ہو سکتا تھا وہ کر چکا ہے۔

    بابر افتخار نے کہا پاکستان نے طالبان پر اپنا اثر و رسوخ جس قدر ممکن تھا وہ استعمال کر لیا، اس بات کی گواہی اب تو افغان رہنما بھی دے رہے ہیں، اس بات پر دھیان دینا ہوگا کہ افغانستان میں خلا ہرگز پیدا نہ ہو پائے، اب افغانستان 90 کی دہائی والا نہیں کہ ریاستی ڈھانچا آسانی سے ڈھ جائے، اب پاکستان بھی بدل چکا ہے، یہ ہرگز ممکن نہیں کہ کابل پر طالبان دوبارہ سے قابض ہوں اور پاکستان حمایت کرے۔

    ان کا کہنا تھا ایران سرحد پر باڑ لگانے کا معاملہ باہمی طور پر حل کر لیاگیا ہے، آرمی چیف نے دورہ ایران میں سرحدی باڑ پر ایران کے تحفظات دور کیے۔ سعودی عرب سے فوجی سطح پر اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کے ٹریننگ سینٹر سعودی عرب میں ہیں مگر ان کا یمن تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔

  • امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد

    امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد

    راولپنڈی: یو ایس سینٹ کام کے نئے کمانڈر جنرل کینتھ مکینزی جونئیر نے آج جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر جنرل کینتھ مکینزی جونئیر نے پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کی ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دل چسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورت حال پرگفتگو کی گئی، جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان صورت حال کے سیاسی حل کی اہمیت پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان افغانستان میں امن کی کوششوں کو اہمیت دیتا ہے، افغانستان میں امن پاکستان کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

    ملاقات میں امریکی کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا، امریکی کمانڈر نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔

  • پاکستان کا بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ

    پاکستان کا بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ہے، غزنوی میزائل زمین سے زمین 290 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ غزنوی میزائل جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، میزائل کا تجربہ سالانہ فیلڈ ٹریننگ ایکسر سائز کے تحت کیاگیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمدعلی نے اس تجربے کا مشاہدہ کیا، سینئر فوجی حکام، سائنس دان اور انجینئرز اس موقع پر موجود تھے۔

    پاکستان کا ’شاہین تھری‘ میزائل کا کامیاب تجربہ

    صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور عسکری قیادت نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد پیش کی ہے۔

    کمانڈر اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ نے ویپن سسٹم کے مشاہدے اور تجربے کو سراہا، لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے تجربے میں شامل جوانوں کے تربیتی معیار کی بھی تعریف کی۔

    یاد رہے پاکستان نے 20 جنوری کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کیا تھا، میزائل کی رینج 2 ہزار 750 کلو میٹر ہے، اس تجربے میں ویپن سسٹم کے ٹیکنیکل پیرا میٹرز کو جانچا گیا تھا، میزائل نے تجربے کے دوران بحیرہ عرب میں ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

  • ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا بھرپور جواب

    ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا بھرپور جواب

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشعال فائرنگ کی ہے، جس میں ایک لڑکی زخمی ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چری کوٹ سیکٹر، ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بھارتی فوج نے خود کار ہتھیاروں سے مارٹرز فائر کیے۔

    چری کوٹ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ سے 18 سال کی لڑکی انسہ صدیق زخمی ہو گئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، اور ان بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی۔

    بھارتی فورسز کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، سپاہی شہید

    یاد رہے کہ 14 جنوری کو بھی بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کے دیوا سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا تھا، پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی جس سے بھارتی فوجیوں کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

    اس سے قبل رواں ماہ میں 10 جنوری کو بھی بھارتی فورسز نے ایل او سی کے خنجر اور بروہ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 معمر افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • آواران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن، حوالدار شہید

    آواران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن، حوالدار شہید

    کوئٹہ: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آواران کے علاقے سلک کور میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے ضلع آواران میں سلک کور میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک گرفتار کر لیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شعیب شہید ہو گئے۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے۔

    لائن آف کنٹرول پر بھارتی دراندازی، 22 سالہ سپاہی شہید، پاک فوج کا بھرپور جواب

    یاد رہے کہ دو دن قبل بھی سیکورٹی فورسز نے آواران میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، یہ کارروائی آواران کے علاقے کیل کور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی۔

    اس سے ایک دن قبل بھی پاک فوج نے آوران میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا تھا، دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران لانس نائیک محمد اقبال شدید زخمی ہوئے تھے جو اسپتال منتقلی کے دوران شہید ہوگئے۔

  • ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، 45 سالہ شہری زخمی

    ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، 45 سالہ شہری زخمی

    اسلام آباد : بھارتی افواج کی دہشتگردانہ کارروائیاں نہ رک سکی، ایل او سی پر شہری آبادی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک شخص ہوگیا۔

    بھارت کی درندہ صفت فورسز کی جانب سے معصوم شہریوں پر آگ برسانے کا سلسلہ جاری ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) بھارتی فورسز ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے باعث 45 سالہ شہری بھارتی فوج کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شہری کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل 10 دسمبر کو بھارتی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے کھوئی رتہ سیکٹر پر بھاری ہتھیاروں کے ساتھ بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔

    ایل او سی کا دفاع، بھارتی فوج کے عزائم خاک، وطن کے دو سپوت شہید

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں دشمن فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں لانس نائیک طارق اور سپاہی ضروف شامل تھے۔

  • ڈی جی آئی ایس پی آر کا میجر اکرم شہید(نشان حیدر) کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا میجر اکرم شہید(نشان حیدر) کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

    راولپنڈی: 1971 کے پاک بھارت معرکہ کے ہیرو اور نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجراکرم کو پاک فوج کی جانب سے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے میجر اکرم شہیدنشان حیدرکے یوم شہادت پر جاری پیغام میں کہا کہ میجر اکرم شہیدکو وطن کیلئےجان کا نذرانہ پیش کرنے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں,ہمارے شہدا ہمارے ہیرو ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق میجراکرم نے مادر وطن کا دفاع کرتےہوئے بہادری کی نئی داستان رقم کی اور دلیری کیساتھ ہلی کی جنگ میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا

    انیس سو اکہتر کے پاک بھارت معرکہ کے ہیرو میجر محمد اکرم شہید کا 49واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، انہیں جرات و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر نشان حیدر عطا کیا گیا۔

    میجر محمد اکرم 4 اپریل 1938ء کو ڈنگہ ضلع گجرات میں پیدا ہوئے تھے، ابتداء میں وہ نان کمیشنڈ عہدے کے لئے منتخب ہوئے مگر پھر ملٹری اکیڈمی کاکول سے تربیت حاصل کرنے اور خصوصی امتحانات پاس کرنے کے بعد 1963ء میں بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ پاکستان آرمی کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ سے وابستہ ہوئے۔

    سن 1965ء میں انہیں کیپٹن کے عہدے پر ترقی دی گئی اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں ظفر وال سیکٹر میں خدمات انجام دیں جبکہ 1970ء میں میجر کے عہدے پر تقرر کیا گیا۔

    سن 1971ء کی جنگ میں مشرقی پاکستان کے علاقے ہلی کے محاذ پر میجر محمد اکرم نے اپنی فرنٹیئر فورس کی کمانڈ میں مسلسل پانچ دن اور پانچ راتیں اپنے سے کئی گنا زیادہ بھارتی فوج کی پیش قدمی روک کر دشمن کے اوسان خطا کر دیئے۔

    میجر محمد اکرم نے دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے 5دسمبر 1971کو جام شہادت نوش کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک فوج نے سی پیک کے خلاف بھارتی سازش کو بے نقاب کردیا

    میجر محمد اکرم شہید کا شمار پاک فوج کے ان ہی جانباز افسروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان قربان کردی، 1971ءکی جنگ میں ان کی لازوال بہادری و شجاعت پر دشمن بھی داد دیے بغیر نہیں رہ سکا۔

    میجر اکرم کو ” ہیرو آف ہلی “ کے نام سے شہرت ملی اور جرات و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر شہید کو اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

  • پاکستان اور چین ہر معاملے میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، آرمی چیف

    پاکستان اور چین ہر معاملے میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین ہر معاملے میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی وزیر دفاع جنرل فینگ ہی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر دفاع کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور باہمی دفاعی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

    اس موقع پر دونوں افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، چینی وزیر نے سی پیک منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر دفاع نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر حاضردی، پھول چڑھائے، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے چینی وزیر دفاع کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، ہر معاملے میں پاکستان کی غیرمشروط حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر معاملے میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، مستقبل کے چیلنجز کا مل کر سامنا کریں گے۔

  • چیئرمین جے سی ایس سی کا تاجکستان کا سرکاری دورہ

    چیئرمین جے سی ایس سی کا تاجکستان کا سرکاری دورہ

    راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تاجکستان کا سرکارہ دورہ کیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جے سی ایس سی نے تاجکستان کا سرکاری دورہ کیا، جنرل ندیم رضا نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی۔

    اس دورے کے دوران تاجکستان کے وزیر دفاع جنرل شیر علی مرزو، وزیر برائے امور داخلہ جنرل رخیموزودا رمازون سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، تاجکستان کے قومی سلامتی کے چیئرمین اسٹیٹ کمیٹی یتیموف سائمومن کے ساتھ بھی انھوں نے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، دو طرفہ تعاون بشمول سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی اقدامات پر خصوصی بات چیت ہوئی۔

    علاقائی صورت حال بالخصوص افغانستان سے متعلق امور بھی ملاقاتوں میں زیر غور آئے، دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کا دائرہ کار بڑھانے کے اقدامات پر غور بھی کیا گیا۔

    پاکستان، تاجکستان کے نکتہ نظر میں مماثلت کا پایا جانا خوش آئند ہے: وزیر خارجہ

    آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک میں گہرے تعلقات کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان تاجکستان سے فوجی تعاون میں وسعت کا خواہاں ہے۔

    دریں اثنا، ملاقاتوں میں تاجکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، شہری شہید

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، شہری شہید

    راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے باگسر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شہری شہید ہوگیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے باگسر سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 33 سالہ عنصر نامی شہری شہید ہوگیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق عنصر کی 3 بیٹیاں ہیں، شہری کو گھر کے قریب موٹر سائیکل پر نشانہ بنایا گیا۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل بھی بھارتی فوج نے ایل او سی کے کھوئی رتہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 11 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 خواتین، 4 بچے زخمی ہوئے، بھارتی فوج جان بوجھ کر خواتین اور بچوں کو نشانہ بنارہی ہے۔

    یاد رہے کہ 13 نومبر کو بھارتی فوج نے گاؤں تری بنڈ اور سماہنی میں راکٹ اور مارٹر گولے فائر کیے تھے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید، اور 2 خواتین سمیت 3ا فراد زخمی ہوئے تھے۔