Tag: آئی ایس پی آر

  • ملکی فوجی تاریخ میں نیا باب رقم ہوا، آرمی چیف کی بنیان مرصوص، معرکہ حق میں زخمی ہونیوالوں کی عیادت

    ملکی فوجی تاریخ میں نیا باب رقم ہوا، آرمی چیف کی بنیان مرصوص، معرکہ حق میں زخمی ہونیوالوں کی عیادت

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا، انھوں نے کہا کہ ملکی فوجی تاریخ میں نیا باب رقم ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال راولپنڈی کے دورے میں آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فرداً فرداً زخمیوں سے ملاقات کی۔

    آرمی چیف نے بھارت سے واپس بھیجے گئے 2 بچوں کے علاج کی ذمہ داری اٹھالی

    آرمی چیف نے جوانوں کی غیرمعمولی بہادری، ثابت قدمی کی تعریف کی، انھوں نے کہا کہ شہریوں جوانوں کی بہادری اور قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں

    انھوں نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کیساتھ ہے اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ پُرعزم یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، کوئی بھی دشمن پاکستان کی مسلح افواج کےعزم کو ختم نہیں کرسکتا۔

    جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دشمن کی کوئی سازش مسلح افواج کے جذبے کو کم نہیں کرسکتی، معرکہ حق اور بنیان مرصوص میں ہر پاکستانی کا جذبہ قابل تعریف رہا۔

    https://urdu.arynews.tv/army-chief-says-indias-1-3-million-strong-army-cannot-intimidate-or-threaten-us/

  • کیا بھارت کا کوئی پائلٹ پاکستان کی حراست میں ہے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتا دیا

    کیا بھارت کا کوئی پائلٹ پاکستان کی حراست میں ہے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتا دیا

    کئی دن سے یہ افواہیں پھیلی ہوئی ہیں کہ ایک بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں ہے، گزشتہ روز مسلح افواج کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس میں اس بارے بھی سوال کیا گیا۔

    پریس کانفرنس میں جب یہ پوچھا گیا کہ کیا بھارت کا کوئی پائلٹ پاکستان کی حراست میں ہے؟ تو ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کوئی بھی بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں ہے۔

    ڈی جی نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا کی پھیلائی گئی خبر ہے، یہ فیک نیوز اور پروپیگنڈا ہے جو متعدد ذرائع سے پھیلایا گیا ہے، ہمارے پاس کوئی بھارتی پائلٹ نہیں ہے۔


    جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان نے سیزفائر کی درخواست نہیں کی، ڈی جی آئی ایس پی آر


    اس سے قبل پوچھے گئے سوال پر کہ بھارت کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کے مطابق پاکستان نے سیز فائر کی درخواست کی، کیا پاکستان نے واقعی درخواست کی تھی؟ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بہت واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی تھی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی۔

    ایک اور اہم موضوع پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر حکومت کی پوزیشن کلیئر ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور بھارت میں امن نہیں آ سکتا، کشمیر فلیش پوائنٹ، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پہلگام کے بعد کشمیریوں کے گھروں کو گرایا گیا۔

  • بھار ت نے نور خان ایئر بیس، مرید بیس، شور کوٹ بیس کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

    بھار ت نے نور خان ایئر بیس، مرید بیس، شور کوٹ بیس کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ بھارت نے 3 ائیر بیسز کو میزائل کا نشانہ بنایا ہے، بھارت انتظار کرے، جواب جلد آئے گا۔

    رات گئے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ کے تمام اثاثے مکمل محفوظ ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بھارت اپنی ننگی جارحیت کو جاری رکھے ہوئے ہے، بھارت نے افغانستان میں بھی میزائل داغے ہیں اور ڈرونز کا حملہ کیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے طیاروں کے ذریعے فضا سے زمین پر میزائل داغے ہیں،
    بھار ت نے نورخان ایئر بیس، مرید بیس ،شورکوٹ بیس کو نشانہ بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے پاگل پن کے ذریعے خطے کو خطرناک جنگ کی طرف دکھیل رہا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح الفاظ میں دشمن سے کہا کہ ہم تمہاری طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب انتظار کرے، ہمارا جواب جلد آئے گا۔

    اے پی پی کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ دیر قبل اسلام آباد میں 3 دھماکوں کی زور دار آوازیں سنائی دی گئی تھیں، جس کے بعد شہر کے کچھ حصوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکوں کی آوازیں نور خان ائیربیس کے قریب سنی گئی تھیں۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے شیخوپورہ کے سرحدی گاؤں جے سنگھ والا میں بھارتی ڈرون مار گرایا، مقامی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔

    واضح رہے کہ دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے سپر سانک کروز میزائل سےلیس بحری بیڑا پاکستان کے ساحل سے 300سے 400 میل کے فاصلے پر موجود ہے۔

    اخبار کا دعویٰ ہے کہ بھارت نے سپر سانک کروز میزائل سے لیس اپنے طیارہ بردار جہاز، ڈیسٹرائیرز، فریگیٹس اور اینٹی آبدوز جنگی جہاز پاکستان کی جانب روانہ کردیے ہیں تاکہ کراچی کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا جاسکے۔

    اس سے کچھ دیر قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ بھارت نے خود ہی پنجاب کے شہر امرتسر میں 5 بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے پاس بھارتی میزائل حملوں کے تمام الیکٹرانک سگنیجر ہیں، اس بات کے بھی ثبوت ہیں کہ بھارتی میزائل کہاں سے فائر کیے گئے اور کس طرف ٹارگٹ کیے گئے۔

    مسلح افواج کی جانب سے بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور حملوں کو ناکام بنایا جارہا ہے،
    بھارتی حملے پاکستان کے بہادراور غیور عوام کے حوصلے کم نہیں کرسکتے۔ اس وقت راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں کے عوام اپنی مسلح افواج کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارت نے اپنے ہی ملک میں 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت خطے میں عدم توازن پیدا کرکے جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، وہ ہر حملے کی ناکامی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے۔

    بھارت کی حرکت بہت حیران کن ہے،بھارت کی اندرونی سازشوں کا شکار اقلیتی ہورہے ہیں، ہماری ساری ہمدردی سکھوں کے ساتھ ہے۔

  • مودی سرکار نے آئی ایس پی آر کا یو ٹیوب چینل اور ایکس اکاؤنٹ بھی بلاک کردیا

    مودی سرکار نے آئی ایس پی آر کا یو ٹیوب چینل اور ایکس اکاؤنٹ بھی بلاک کردیا

    اسلام آباد : مودی سرکار نے گھبراہٹ میں آئی ایس پی آر کا یو ٹیوب چینل اور ایکس اکاؤنٹ بھی بلاک کردیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی جھوٹ کو مفصل انداز سے بے نقاب کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے حقائق سامنے لانے پر مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

    مودی سرکار نےگھبراہٹ میں آئی ایس پی آرکا یو ٹیوب چینل،ایکس اکاؤنٹ بھی بلاک کردیا ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے29 اور 30 اپریل کوبھارتی جھوٹ کو مفصل اندازسےبے نقاب کیا تھا۔

    اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی کاکول اکیڈمی میں کی گئی تقریر پر بھارتی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    دوسری جانب بھارت کی شکایت پر وزیراعظم کی تقریر یوٹیوب سے ہٹا دی گئی تھی، یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریر ہٹائے جانے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے  بھارت نے یوٹیوب پر اے آر وائی نیوز سمیت سولہ چینلز کی نشریات بلاک کردی تھیں  کیونکہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کا راز فاش کر کے مودی کا فالس فلیگ بے نقاب کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار، اے آر وائی نیوز سمیت 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی

    بھارتی میڈیا کا کہنا تھا ان چینلز نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن سمیت دیگر جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی تھی، جس کے بعد بھارت کو سچ اور حقائق بھارتی فوج اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف جھوٹ لگنے لگے۔

    بعد ازاں معروف ایتھلیٹ ارشد ندیم سمیت کئی پاکستانی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کردیے گئے، اداکار فواد خان، ماہرہ خان، علی ظفر، سجل علی، صباقمر، ہانیہ عامرسمیت کئی فنکاروں کے اکاؤنٹس پر پابندی لگادی۔

    خیال رہے پہلگام واقعے کی حقیقتیں آشکار کرنے پر بھارتی میڈیا تلملا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں ہوئے واقعے پر جھوٹا اور گمراہ کن بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے لیکن اس کی مثال پیش نہیں کی گئی۔

     

     

  • بنوں کینٹ پر حملے میں 16 دہشت گرد ہلاک، 5 اہلکار شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

    بنوں کینٹ پر حملے میں 16 دہشت گرد ہلاک، 5 اہلکار شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بنوں کینٹ پر ہونے والے خود کش حملے میں 16 دہشت گرد ہلاک، 5 اہلکار اور 13 بے گناہ شہید ہوئے تھے، جب کہ 32 افراد زخمی ہوئے۔

    آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے بنوں کینٹونمنٹ پر ہونے والا خوارج کا بزدلانہ حملہ ناکام بنایا گیا، جس میں حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد سے بھری 2 گاڑیاں دیوار سے ٹکرائیں، جس سے کینٹ کی حفاظتی دیوار کو نقصان پہنچا۔

    سیکیورٹی اہلکاروں کی بہادری اور جرات مندانہ کارروائی سے 16 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے، جب کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، خودکش دھماکوں سے مسجد اور سویلین رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئی، مسجد اور عمارت گرنے سے 13 بے گناہ شہری شہید 32 زخمی ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے میں افغان شہریوں کی شمولیت کے شواہد ملے ہیں، جن سے واضح پتا چلتا ہے کہ یہ حملہ افغانستان سے خوارج کے سرپرستوں نے ترتیب دیا تھا، پاکستان توقع کرتا ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داری نبھائے گی، اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان سرحد پار سے دہشت گردی کے جواب میں ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے، اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ثابت قدم ہیں۔

  • دہشتگردی کے پیچھےایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے: آرمی چیف

    دہشتگردی کے پیچھےایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے: آرمی چیف

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے، اس اسپیکٹرم کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بہاولپور میں طلبہ سے بات چیت کی اور کہا کہ جب بھی ریاست اس اسپیکٹرم پر ہاتھ ڈالتی ہے تو ان کے جھوٹے بیانیے سنائی دیتے ہیں۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اللہ پاک کا عطا کردہ انمول تحفہ ہے اور پاکستان کو اللہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔

    پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصےکی شمع روشن کرنی ہے، بلاوجہ تنقید کے بجائے اپنی توجہ خود کی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ یہ قوم بالخصوص نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

    جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے، دہشتگردی کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں، جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپکو جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 خوارج مارے گئے

    خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 خوارج مارے گئے

    خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 13 خوارج مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 5 کارروائیاں کی اس دوران 13 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    سیکیورٹی فورسزنے ڈی آئی خان  کےعلاقے کھلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران سرکردہ خوارج شاہ گل عرف روحانی  سمیت 5 خوارج مارے گئے، شمالی وزیرستان میں دوسالی اور ٹپی میں جھڑپوں کے دوران 5 خوارج ہلاک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج میں جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں 2 خوارج مارے گئے۔

    ضلع خیبر کے علاقے بآغ میں کارروائی کے دوران ایک خارجی مارا گیا۔

    ترجمان پاک فوج کا بتانا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقوں میں ممکنہ خارجیوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • یوم یکجہتی کشمیر، آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ ’’کشمیر بنےگا پاکستان‘‘ جاری

    یوم یکجہتی کشمیر، آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ ’’کشمیر بنےگا پاکستان‘‘ جاری

    یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے نیا نغمہ ’’کشمیر بنےگا پاکستان‘‘ جاری کردیا گیا ہے۔

    ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ نغمے کو پاکستان کے معروف گلوکار احمد جہانزیب نے گایا ہے، نغمے کی دھن عرفان سلیم اور کامران اللہ خان نے ترتیب دی ہے جبکہ اس کے بول عمران رضا نے لکھے ہیں۔

    5 فروری یوم یکجہتی کشمیرکی مناسبت سے تیار کیا جانے والا یہ نغمہ ایک عزم ہے، یہ نغمہ اظہار یکجہتی کرتا ہے کہ پورا پاکستان مقبوضہ وادی کے غیور کشمیروں کیساتھ کھڑا ہے۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا ایسا سلسلہ جاری ہے کہ انسانیت بھی شرماجائے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے نسل کشی 76 سال سے جاری ہے، کشمیر جسے جنت نظیر سمجھا جاتا ہے آج وہاں کشمیر میں کوئی انسان محفوظ نہیں اور بھارتی جارحیت زوروں پر ہے۔

  • پاک بحریہ 9 ویں امن مشق اور پہلے امن ڈائیلاگ کی میزبانی کو تیار

    پاک بحریہ 9 ویں امن مشق اور پہلے امن ڈائیلاگ کی میزبانی کو تیار

    اسلام آباد: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک بحریہ 9 ویں امن مشق اور پہلے امن ڈائیلاگ کی میزبانی کو تیار ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق 9 ویں بین الاقوامی امن مشق 7 سے 11 فروری تک منعقد ہوگی، نیول چیفس، کوسٹ گارڈز سربراہان کے انٹرنیشنل امن ڈائیلاگ کا حصہ ہوں گے۔

    ڈائیلاگ میں دنیا بھر کی سینئر عسکری قیادت مشترکہ حکمت عملی پر غور کرے گی، مشق کے ساتھ پہلے انٹرنیشنل امن ڈائیلاگ میں دنیا بھر سے کم و بیش 120 وفود شرکت کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق امن مشق 2025 میں 60 ممالک بحری، ہوائی جہازوں اور اسپیشل سروسز گروپس اور مندوبین کے ساتھ شرکت کریں گے، امن مشقیں 2007 سے ہر دو سال بعد منعقد کی جا رہی ہیں، 2023 میں ہونے والی 8 ویں امن مشقوں میں 50 ممالک نے شرکت کی تھی۔

    امن مشق کا مقصد علاقائی امن اور تعاون کو فروغ دینا ہے، امن مشقیں ہاربر اور سمندر کے مرحلوں پر مشتمل ہوتی ہیں، امن 2025 مشق کی افتتاحی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوگی جس میں پاک میرینز، اسپیشل سروس گروپ (نیوی) کاؤنٹر ٹیررازم مہارت کا مظاہرہ بھی کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سمندر میں میری ٹائم جرائم کے خلاف مشترکہ آپریشنز کی مشقیں بھی کی جائیں گی، امن مشق کا اختتام 11 فروری کو انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ ہوگا۔

  • خیبرپختونخوا میں فورسز کی تین کارروائیاں، 30 خوارج مارے گئے

    خیبرپختونخوا میں فورسز کی تین کارروائیاں، 30 خوارج مارے گئے

    راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی تین کارروائیوں میں 30 خوارج مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران 18 خوارج ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج کا بتانا ہے کہ سیکیورٹی نے ضلع کرک میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران 8 خوارج مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی ضلع خیبر کے علاقے باغ میں خوارج سے جھڑپ ہوئی، خوارج سرغنہ عزیز الرحمان عرف قاری اسماعیل اور خوارج مخلص سمیت 4 ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ہتھیاروں اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

    صدر مملکت کا فورسز کو خراج تحسین

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    صدر زرداری نے 30 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیابی کارروائیاں خوش آئند ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا، انہوں نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا ہے۔