Tag: آئی ایس پی آر

  • ایف سی بلوچستان نے محرم میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    ایف سی بلوچستان نے محرم میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    کوئٹہ: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ایف سی بلوچستان نے ایک بڑی کارروائی کے دوران دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے قمر دین کازیز میں دہشت گردوں کے خلاف کام یاب کارروائی کی۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایف سی کی کارروائی میں علاقے سے 21 بارودی سرنگیں بر آمد گئیں، ان بارودی سرنگوں کا مجموعی وزن 235 کلو گرام ہے۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان بارودی سرنگوں کو محرم کے جلوسوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

    بلوچستان میں تعینات فرنٹیئر کور کی اس کارروائی سے علاقہ محرم میں ایک بڑی تباہی سے بچ گیا، محرم کے جلوسوں میں بارودی سرنگیں پھٹنے کے نتیجے میں بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پشاور: پولیس نے امن دشمنوں کا منصوبہ خاک میں ملا دیا


    واضح رہے کہ ماضی میں بھی بلوچستان کے علاقے ژوب سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے، یہاں خود کش دھماکے بھی ہوچکے ہیں جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔

  • پاکستان کے لیے جان دینے والا ہر فرد قابلِ احترام ہے، میجر جنرل آصف غفور

    پاکستان کے لیے جان دینے والا ہر فرد قابلِ احترام ہے، میجر جنرل آصف غفور

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے جان دینے والا ہر فرد قابلِ احترام ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں اے آر وائی کی خصوصی ٹرانسمیشن کی تعریف کی۔

    میجر جنرل آصف غفور نے کہا ’میں چند گھنٹوں سے آپ کا پروگرام دیکھ رہا ہوں، میڈیا نے یومِ دفاع اور یومِ شہدا پر جو مہم چلائی ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔‘

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا شہید تو شہید ہیں، پاکستان کے لیے جان دینے والا ہر فرد قابلِ احترام ہے، ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا ’آرمی چیف شہیدوں کے گھر جاتے ہیں، ان کا کسی شہید کے گھر جانا سب سے مشکل کام ہے، شہید کے گھر والوں کا دکھ بانٹنا سب سے مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔‘

    آصف غفور نے پروگرام میں کہا کہ شہدا کے اہلِ خانہ نے آج محسوس کیا ہوگا کہ ہم ان کے احسان مند ہیں، ملک کی بات آئے تو ہم سب ایک ہیں، مسلح افواج کی پہلی ترجیح امن قائم کرنا ہے۔


    قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے


    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جس سے آپ کو پیار ہوتا ہے اس کی برائیاں اور کم زوریاں بھول جاتے ہیں، پاکستان سے پیار کریں اور متحد رہیں۔

    انھوں نے کہا ’پاک فوج ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، قوم اپنی فوج پر مکمل یقین رکھے، قوم یقین رکھے کہ کوئی ایسا خطرہ نہیں جس سے پاک فوج نمٹ نہیں سکتی۔‘

  • پاک فوج نے یومِ دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب کا پرومو جاری کردیا

    پاک فوج نے یومِ دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب کا پرومو جاری کردیا

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے 6ستمبر2018 کی مرکزی تقریب رات 8 بجے سے براہ راست نشر ہوگی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب کا پرومو جاری کردیا، جس میں مرکزی تقریب کی جھلکیاں دکھائی گئی ہے۔

    نئی ویڈیو کے مطابق تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت کلام پاک سے ہوگا، تقریب میں وطن سے عشق اورقومی جذبے کی کہانی سےحاضرین کو آگاہ کیا جائے گا اور شہدا کے لواحقین کی یادوں سے سجی تقریب میں امن سے ترقی کا سفر بھی بتایا جائے گا جبکہ مسلح افواج کے دستے پریڈ اور آرمی بینڈ بھی اپنی پرفارمنس سے لہو گرمائیں گے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب رات8 بجے جی ایچ کیو سے براہ راست نشر ہوگی اور وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب سے خطاب کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے آخری پرومو جاری کیا تھا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغام میں کہا تھا شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے، شہدا پاکستان اور لواحقین کو سلام۔

    مزید پڑھیں : قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے

    خیال رہے ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا آج ملی جوش جزبے سے منایا جا رہا ہے، ہمیں پیار ہے پاکستان کے نام سے آئی ایس پی آر کی خصوصی مہم میں شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو ملک بھر میں خراج تحسین دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

    شہدا کی یادگاروں پر پھول رکھے جارہےہیں  جبکہ غازیوں اور شہدا کے ساتھیوں کے گھر جاکر ان سے محبت کا اظہار کیا جارہاہے ۔

  • قوم آج یوم دفاع  پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے

    قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے

    راولپنڈی : ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان اور یوم شہدا بھرپور قومی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان بھرپورجوش وخروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ہے۔ آج 1965ء کی جنگ کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

    یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    لاہور میں مزار اقبال پر گیریژن کمانڈر میجر جنرل عامر نے حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے اس موقع پرسلامی بھی دی، گیریژن کمانڈر میجر جنرل عامر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

    یوم دفاع کے سلسلے میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، ایئروائس مارشل ندیم صابر نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    اصغر خان اکیڈمی کے 73 کیڈٹس نے پاک بحریہ کے دستوں کو تبدیل کیا جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔

    یوم دفاع کی مرکزی تقریب آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد کی جائے گی جس میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ قوم اپنے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کرے گی اور ان کی قربانیاں اجاگر کی جائیں گی۔

    تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، وزرا، سینیٹرز، ارکان قومی اسمبلی، سفارت کار، فوجی اور سول حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

    پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے یوم دفاع وشہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے یوم دفاع وشہدائے پاکستان کے حوالے سے خصوصی پرومو جاری کیا ہے۔ پرومو میں آرمی چیف شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدری اور یکجہتی کررہے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے دوسرے پرومو میں شہدا جدوجہد آزادی کشمیر کو سلام پیش کیا ہے۔ حریت کمانڈر شہید برہان وانی بھی اس پرومو کا حصہ ہیں۔

    یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانیب سے خصوصی نغمہ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ یوم دفاع کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشنز اور ایئرپورٹس سمیت نمایاں مقامات پرشہدا کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

  • آئی ایس پی آر نے یومِ دفاع و شہدا کا ملی نغمہ جاری کر دیا

    آئی ایس پی آر نے یومِ دفاع و شہدا کا ملی نغمہ جاری کر دیا

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یومِ دفاع و شہدا پر خصوصی نغمہ جاری کر دیا گیا۔

    خصوصی نغمے میں پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے، یہ نغمہ پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ نغمہ عمران رضا نے لکھا ہے جب کہ ساحر علی بگا نے اسے کمپوزکیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آئی ایس پی آر کی جانب سے اس نغمے کے کئی پرومو جاری کیے گئے تھے، ایک پرومو میں پاکستانی شہید سیاست دانوں اور دیگر شخصیات کی تصاویر بھی شامل کی گئیں۔

    کشمیر میں جدوجہدِ آزادی میں مصروف مجاہدین کو بھی ایک پرومو میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جس میں دکھایا گیا کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں کس طرح کشمیری لہو لہو ہیں۔


    یوم دفاع وشہدا آج ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، یادگاروں پر پھول رکھے جائینگے


    واضح رہے کہ آج (چھ ستمبر) یومِ دفاع و شہدا ملک بھر میں منایا جا رہا ہے، یومِ دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوگی، مرکزی تقریب میں وزیرِ اعظم عمران خان بہ طور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کام یابیاں حاصل کی ہیں۔

  • میڈیا کا شہدا کی قربانیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردارہے، شکریہ پاکستانی میڈیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    میڈیا کا شہدا کی قربانیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردارہے، شکریہ پاکستانی میڈیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : یومِ دفاع و شہداء 2018 کے حوالے سے پاکستانی میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ میڈیا کا شہدا کی قربانیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردارہے، شکریہ پاکستان میڈیا، ہمیں پیار ہے پاکستان سے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یومِ دفاع و شہداء 2018 کے حوالے سے پاکستانی میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پرومو جاری کیا، جس میں پاکستانی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے پیغامات شامل ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا پاکستانی میڈیا نے پاکستان شہدا کی قربانیوں کو اجاگر کرنے اور قوم کو آگاہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، شکریہ پاکستان میڈیا۔

    یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے خصوصی پرومو جاری کیا تھا، جس میں نشانِ حیدر حاصل کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پاک فوج نے ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کا نیا پرومو جاری کردیا

    اس سے قبل بھی پاک فوج کی جانب سے ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ مہم کے سلسلے میں ایک نئی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں پہلی بار ملک کے ان سیاست دانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے جو دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہوئے۔

    واضح رہے پاک فوج نے یوم دفاع و شہدا 2018 کو ’ہمیں پیار ہے پاکستان ’سے کے نام سے منفرد انداز میں منانے اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے آئی ایس پی آر اس نے نیا نغمہ بھی جاری کیا تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع و شہدا 2018 پر قوم کے شہیدوں اور ان کے گھر والوں کو یاد کیا جائے گا اور   قوم سے درخواست کی تھی کہ وہ 6 ستمبر یومِ دفاع و شہدا پر تمام شہدا کے گھر جا کر انھیں خراجِ عقیدت پیش کریں۔

    خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، جس کا عنوان ہمیں پیار ہے پاکستان سے ہے۔ اس حوالے سے آئی ایس پی آر اس نے نیا نغمہ بھی جاری کیا تھا۔اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے خصوصی پرومو میں نشانِ حیدر حاصل کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

  • یومِ دفاع: پاک فوج کا بے نظیر، سراج رئیسانی اور بشیر بلور سمیت شہدا کو خراج عقیدت

    یومِ دفاع: پاک فوج کا بے نظیر، سراج رئیسانی اور بشیر بلور سمیت شہدا کو خراج عقیدت

    راولپنڈی: پاک فوج نے یومِ دفاع پر بے نظیر بھٹو، سراج رئیسانی اور بشیر بلور سمیت دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نئی ویڈیو جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے یومِ دفاع پر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا نئے انداز سے عزم کر لیا، ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ مہم کے سلسلے میں ایک نئی ویڈیو جاری کر دی۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں پہلی بار ملک کے ان سیاست دانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے جو دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کی جاری کردہ ویڈیو میں سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو، بلوچستان عوامی پارٹی کے میر سراج خان رئیسانی، سابق صوبائی وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر احمد بلور سمیت پولیس افسر چوہدری اسلم خان، ہنگو کے طالب علم اعتزاز حسن بنگش، سابق وزیرِ داخلہ پنجاب شجاع خان زادہ کو خراج عقیدت اور سلام پیش کیا گیا۔


    ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کے نام سے یوم دفاع وشہداء منایا جائے گا ،ڈی جی آئی ایس پی آر


    آئی ایس پی آر نے قوم سے درخواست کی ہے کہ وہ 6 ستمبر یومِ دفاع و شہدا پر تمام شہدا کے گھر جا کر انھیں خراجِ عقیدت پیش کریں۔

    واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ یومِ دفاع و شہدا 2018 پر قوم کے شہیدوں اور ان کے گھر والوں کو یاد کیا جائے گا۔

  • آرمی چیف سے امریکی سفیرڈیوڈ ہیل کی الواداعی ملاقات

    آرمی چیف سے امریکی سفیرڈیوڈ ہیل کی الواداعی ملاقات

    راولپنڈی : امریکہ کے سبکدوش سفیرڈیوڈ ہیل نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجودہ نے امریکی سفیر کی پاکستان میں خدمات پران کا شکریہ ادا کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ نے پاک امریکہ تعلقات میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی خدمات کو تسلیم کیا۔

    میجرجنرل آصف غفور کے مطابق امریکی سفیر نے بھی علاقائی امن واستحکام میں پاک فوج کی خدمات پرآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجودہ کا شکریہ ادا کیا۔

    امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی وزیر اعظم عمران خان سے الوداعی ملاقات

    قبل ازیں امریکی سفیرڈیوڈ ہیل نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، اس موقع پروزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اصلاحاتی ایجنڈے میں امریکہ میں گہری دلچسپی پائی جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان کے اصلاحاتی ایجنڈے کو مثبت لیا جا رہا ہے۔

    امریکی سفیرکا اپنی تعیناتی اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں گزرے ہوئے وقت اور لوگوں کے اچھے مراسم کو یاد رکھیں گے۔

  • اہلِ وطن کو عید مبارک ہو، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

    اہلِ وطن کو عید مبارک ہو، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہلِ وطن کو بقرِ عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر مسلح افواج کے جوانوں کی بے پناہ قربانیوں کو بھی یاد رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مسلح افواج کی جانب سے اہلِ وطن کوعید کی مبارک باد دی۔

    دیگر مسلح افواج کے سربراہان چیئرمین جوائنٹ اسٹاف، نیول چیف اور ایئر چیف کی جانب سے بھی قوم کو عید کی مبارک باد دی گئی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کے موقع پر دعا کرتے ہوئے کہا ’اللہ پاکستان کو امن اور ترقی عطا کرے۔‘

    خیال رہے کہ آج پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے اہلِ خانہ کے ہم راہ حج بیت اللہ کی سعادت بھی حاصل کی، انھوں نے پاکستان، امن و استحکام اور شہدا کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔


    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے حج کی سعادت حاصل کرلی


    اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر متاثرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے بہادری، کام یابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے متحد ہو کر دہشت گردی کو شکست دی۔

  • دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا اور اہل خانہ کو سلام: آرمی چیف

    دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا اور اہل خانہ کو سلام: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا اور اہل خانہ کو سلام، بہادری سے لڑ کر دہشت گردی کا شکار افراد اور خاندان والوں کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے بہادری اور کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے متحد ہو کر دہشت گردی کو شکست دی۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والے شہدا اور اہل خانہ کو سلام، ملک دشمن عناصر کو ہر صورت میں شکست دے کر دم لیں گے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، تمام فورسز کی امن و استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دیرپا امن اور سلامتی کے لیے تمام قوتوں کی حمایت کرتا ہے، بہادری سے لڑ کر دہشت گردی کا شکار افراد اور خاندان والوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کو اندھیروں میں جھونکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف لڑیں گے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کے عزم اور حوصلے کے ساتھ مخالف قوتوں کو شکست دیں گے، دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے جس سے مل کر لڑنا ہوگا۔ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کا شکار رہا ہے۔