Tag: آئی ایس پی آر

  • کور کمانڈر پشاور کا پاک افغان بارڈ کا دورہ

    کور کمانڈر پشاور کا پاک افغان بارڈ کا دورہ

    راولپنڈی : کور کمانڈر پشاور نے پاک افغان بارڈر کا دورہ کیا اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جب کہ دہشت گردوں کی نقل وحرکت کو روکنے اور سخت حفاظتی حصار قائم کرنے کے لیے پہلے ہی اضافی ہیوی آرٹلری نفری اگلے مورچوں پر بھجوادی گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ لاہور میں خود کش حملہ آور کے تانے بانے افغانستان سے ملنے کے بعد پاک افغان بارڈر پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جس کے لیے اضافی ہیوی آرٹلری نفری اگلے مورچوں تک پہنچا دی گئی ہے تاکہ دہشت گردوں کے داخلے کو ناممکن بنایا جائے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیراحمد بٹ نے خیبرایجنسی کے علاقےلوئی شلمان کادورہ کیا جس کے دوران پوسٹوں پر موجود جوانوں سے ملاقاتیں کیں اور فوج کی آپریشنل تیاریوں اور جذبے پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ کورکمانڈر پشاور کو علاقے میں سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ بھی دی گئی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے حالیہ دہشت گردی کے تمام ثبوت افغان حکام کو فراہم کردیئے

    دوسری جانب چمن میں بھی باب دوستی مسلسل چوتھے روز بند ہونے سے نیٹو سپلائی اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا سلسلہ بھی روک دیا گیا ہے، سرحد کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں اور پیدل جانے والے افراد کو بھی سرحدپار کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

    یہ خبر پڑھیں : پاک فوج کی افغان سرحد پر کارروائی، جماعت الاحرار کے کئی ٹھکانے تباہ

    پاکستان میں دہشتگردی کی حالیہ لہر میں افغان باشندوں کے ملوث ہونے کے بعد پاک افغان کو مکمل طور پر سِل کردیا گیا ہے اور سخت سیکیورٹی نافذ کردی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں : پاک فوج کی سرحد پار کارروائی، اہم کمانڈر سمیت 20 دہشتگرد ہلاک

    واضح رہے پاک فوج نے سرحد پار کارروائی میں جماعت الاحرار کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے کمین گاہوں کو تباہ اور رحمان بابا سمیت 20 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

  • پاک فوج نے چارانتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

    پاک فوج نے چارانتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

    راولپنڈی : پاک فوج نے ٹانک کے علاقے پنگ میں آپریشن کے دوران 4 انتہائی مطلوب دہشت گرد مار ڈالے، مارے جانے والوں میں عصمت اللہ شاہین کابیٹا کمانڈرعمر بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے ٹانک کےعلاقے پنگ میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا، جس میں پاک فوج نے دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں مطلوب چارملزمان کو ہلاک کر دیا۔

    ہلاک ہونے والوں میں عصمت اللہ شاہین کے بیٹے کمانڈرعمرسمیت کمانڈر زمان عرف طوفان، کمانڈر وصی اللہ اورظلم الدین عرف ظلمت شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق انٹیلی جنس بیس آپریشن میں بھاری تعداد میں گولہ بارود اورہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یہ گروپ ڈیرہ اسماعیل خان اور اطراف کے علاقوں میں بھتہ خوری، اغواء برائےتاوان اورٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، عصمت اللہ شاہین کالعدم ٹی ٹی پی شوریٰ کااہم ممبرتھا۔

  • شمالی وزیرستان: پاک فضائیہ کی کارروائی، متعدد دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان: پاک فضائیہ کی کارروائی، متعدد دہشت گرد ہلاک

    پشاور: پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی واپسی ناکام بنادی۔ پاک افغان سرحدی علاقے ووچا بی بی میں پاک فضائیہ کی بمباری سے متعدد دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ نے شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے ووچا بی بی میں کارروائی کی جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کر رہے تھے جسے پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند روز میں ہونے والے متعدد دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی ہیں۔ 17 فروری کو پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر مہمند ایجنسی اور خیبر ایجنسی میں قائم جماعت الاحرار کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔

    کارروائی میں جماعت الاحرار کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچا کا کیمپ اور تربیتی مرکز سمیت 6 سے زائد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔

    اس کے ایک روز بعد پاک افغان سرحد کے پار کارروائی کرتے ہوئے جماعت الااحرار کے مزید کیمپ تباہ کر دیے گئے جس کے دوران خودکش حملہ آور کو تربیت فراہم کرنے والا اہم کمانڈر رحمٰن بابا سمیت 20 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    مذکورہ حملے میں پاک فوج نے دو روز تک آرٹلری شیلنگ کی جس سے 12 تربیتی کیمپ تباہ ہوئے۔

    دوسری جانب خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد طور خم گیٹ کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر غیر معینہ مدت کے لیے بند کیا جاچکا ہے اور یہ تاحال بند ہے۔ پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی بھی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

    دہشت گردوں کی نقل وحرکت روکنے کے لیے سخت انتظامات کرتے ہوئے اضافی ہیوی آرٹلری پاک افغان بارڈر پر آگے بھجوا دی گئی ہے۔

  • ملک بھرمیں 100 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج عوام کی محافظ ہے، آرمی چیف

    ملک بھرمیں 100 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج عوام کی محافظ ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی: سیہون شریف میں ہونے والے سانحے کے بعد 24 گھنٹے میں ملک بھر میں آپریشن کے دوران 100 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاک فوج عوام کی محافظ ہے ہرقسم کے خطرات کا سامنا کرنے کے لیے تیارہیں۔

    یہ بات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز سندھ کے شہر سہون شریف میں درگاہ لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ پر ہونے والے حود کش دھماکے کے بعد آرمی چیف نے فوری اور سخت کارروائی کا حکم جاری کیا تھا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے پاک فوج عوام کی محافظ ہے ملک کو درپیش ہرقسم کے خطرات کا سامنا کرینگے، قوم متحد ہے اورمسلح افواج پر یقین رکھیں، کسی کا مذموم ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    آرمی چیف کی ہدایت کے بعد پنجاب سمیت ملک بھر میں انٹیلی جنس بیس اور کومبنگ آپریشن جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا جبکہ کارروائیوں میں بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس ادارے حالیہ واقعات کے پیچھے نیٹ ورکس بے نقاب کرنے میں پیش رفت کررہے ہیں، مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق مختلف تنظیموں سے ہے، ملزمان سے تفتیش کے بعد اہم انکشافات جلد منظرعام پر لائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے تانےبانے سرحد پار سے ملے ہیں، افغان سرحد سےغیرقانونی آمدورفت ہرگز نہیں ہونے دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : ملک بھرمیں دہشت گردوں کیخلاف گھیرا تنگ، 40 ہلاک

    افغان بارڈرسیکیورٹی وجوہات کی بنا پربند کردیا گیا ہے، پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طور پرنشانہ بنایا گیا ہے۔

    افغانستان سے کسی کوغیرقانونی طور پر داخل نہیں ہونے دیں گے۔ اس حوالے سے سرحدی نگرانی پرسیکیورٹی فورسز کوخصوصی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

  • خیبرایجنسی میں پاکستانی بارڈرپوسٹ پردہشتگردوں کاحملہ‘2اہلکار زخمی

    خیبرایجنسی میں پاکستانی بارڈرپوسٹ پردہشتگردوں کاحملہ‘2اہلکار زخمی

    خیبرایجنسی : پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاکستانی بارڈرپوسٹ پردہشت گردوں کےحملےمیں دو اہلکارزخمی جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان میں وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاکستان کی بارڈر پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیاجس میں ایف سی کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کےمطابق پاکستانی بارڈر پوسٹ پر دہشت گردوں نے افغانستان سے حملہ کیا،فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد مارےگئے ہیں۔

    خیال رہےکہ اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ملنے والی اپنی سرحد غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیاتھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نےپیغام میں کہاکہ یہ بندش فوری طور پر نافذ العمل ہو گی اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: آواران، بارودی سرنگ دھماکا، کیپٹن اور دو فوجی اہلکار شہید

    یاد رہےکہ گزشرتہ روز بلوچستان کے علاقے آواران میں فوجی قافلے کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا ہواتھاجس کے نتیجے میں ایک فوجی افسر سمیت تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں:درگاہ لعل شہباز قلندر پر حملہ، 75 افراد شہید، 150 زخمی

    واضح رہےکہ گزشتہ شب درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ میں دھمال کے دوران خودکش حملے کے باعث 75 افراد شہید اور 150 کے قریب زخمی ہوگئےتھے،جاں بحق افراد میں 20 بچے،9خواتین،45 مرد اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں۔

  • مہمند ایجنسی میں دہشت گرد حملہ، 5 افراد جاں بحق

    مہمند ایجنسی میں دہشت گرد حملہ، 5 افراد جاں بحق

    مہمند ایجنسی: فاٹا کے ضلعے مہمند ایجنسی میں لیویز ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ پر خود کش حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل غلانئی میں 2 خودکش حملہ آوروں نے پولیٹیکل ایڈمنسٹریشن کی رہائشی کالونی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

    لیویز اہلکاروں نے حملہ آوروں کو اندر جانے سے روکا، جس پر ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے قریب اپنے آپ کو اڑا لیا۔ دھماکے میں 3 خاصہ داروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے حملہ آور کو سیکیورٹی فورسز نے اسی وقت ہلاک کردیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق واقعے میں 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں کے پاکستان میں داخل ہونے کی اطلاع تھی۔

    دھماکےمیں پولیٹکل انتظامیہ کے دفتر کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی علاقے میں واقع مہمند رائفلز کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 4 خود کش حملہ آوروں نے فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی اہلکاروں نے حملہ آوروں کو روکتے ہوئے ہلاک کردیا۔

    واقعے میں ایف سی کے 2 اہلکار جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل ستمبر 2016 میں مہمند ایجنسی کی تحصیل انبار میں مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں 36 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پرفائرنگ، تین جوان شہید

    بھارتی فوج کی ایل او سی پرفائرنگ، تین جوان شہید

    راولپنڈی : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل اوسی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے، ایل اوسی کے بھمبر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی فوجی شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم بعد ازاں تینوں جوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں نائیک غلام رسول، نائیک عمران ظفر، سپاہی امام بخش شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق فائرگ کا سلسلہ دونوں جانب سے کافی دیر جاری رہا، بعد ازاں دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں، کارروائی میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں پر بھی کافی جانی نقصان کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں, تاہم اس حوالے سے تفصیلی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔

  • حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے، جنرل قمرجاوید باجوہ

    حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے، جنرل قمرجاوید باجوہ

    جنوبی وزیرستان : آ رمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فاٹا کوقومی دھارے میں لانےکیلئے حکو مت سے تعاون جاری رکھیں گے، ریاست کی عملداری کیلئے جوانوں کی بہادری اور عزم لائق تحسین ہے۔

    یہ بات انہوں نے جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان کادورہ کیا اور مختلف چیک پوسٹوں کا دورہ کیا۔

    army-post-01

    کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیراحمد بٹ بھی ہمراہ تھے، آرمی چیف نے جوانوں کے ساتھ دن گزارا، اس موقع پر آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ اور متاثرین کی آباد کاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

    آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی بھائیوں اورمقامی انتظامیہ کاتعاون قابل قدر ہے، فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔

    علاقے میں دیرپا امن کیلئے اقتصادی ترقی اہم ہے، انہوں نے کہا کہ آپریشن میں استحکام، سماجی اقتصادی ترقی پرتوجہ مرکوزکی جائے، ریاست کی عملداری کیلئے جوانوں کی بہادری اور عزم لائق تحسین ہے۔

  • افغان دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پرحملہ پاک فوج نے ناکام بنا دیا

    افغان دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پرحملہ پاک فوج نے ناکام بنا دیا

    راولپنڈی: مہمند ایجنسی میں چیک پوسٹ پرافغانستان سے آئے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، پاک فوج نے دہشت گردوں کیخلاف بھرپورکارروائی کی، جوابی کارروائی میں 8 شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ باقی دہشت گرد واپس افغانستان بھاگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے پاک فوج کے جوانوں نے نالکام بنادیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 8 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی میں پاک افغان سرحدی پوسٹ پرحملہ کیا ہے۔

    پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد واپس افغانستان بھاگنے پر مجبور ہو گئے، پاک فوج نے دہشت گردوں کے حملے کا موثر جواب دیا۔

  • سینتیس بریگیڈیئرز کی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی

    سینتیس بریگیڈیئرز کی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی زیرِ صدارت آرمی سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں 37 بریگیڈیئرز کو میجر جنرل کےعہدے پر ترقی دے دی گئی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی زیرصدارت ہونے والے آرمی سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں 37 بریگیڈیرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی گئی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق ترقی پانے والوں میں آرمی میڈیکل کور کے9 افسران بھی شامل ہیں جن میں طاہر سردار، عرفان علی شیخ، لیاقت علی، افتخاراحمد، عمران فضل، طاہر اقبال، طارق محمود دستی، طاہر خادم سمیت خاتون بریگیڈیئر مسز نگار جوہر بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ بریگیڈیئر مسز نگار جوہر میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پا کر پاک فوج کی تاریخ میں تیسری خاتون میجر جنرل بن گئی ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دی گئی تفصیلات کے مطابق ترقی پانے والے دیگر افسران میں نعمان زکریا، کنور عدنان احمد خان، سید عامر رضا، طارق ضمیر، طاہر گلزار ملک، شاہد محمود، محمد اصغر، خالد سعید، ایمان بلال صفدر، سرفراز محمد، رفیق الرحمان، انعام حیدر ملک، سلمان فیاض غنی، سرفراز علی، محمد انیق الرحمان ملک، محمد عاصم ملک، فیاض حسین شاہ، شاہد نذیر، ضیا الرحمان، زاہد محمود، اظہر اقبال عباسی، طارق محمود، احسن گلریز، شاہد امتیاز، رضوان افضل، عثمان حق، شہاب شاہد، نعمان احمد ہاشمی شامل ہیں۔