Tag: آئی ایس پی آر

  • بلوچستان سرچ آپریشن، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

    بلوچستان سرچ آپریشن، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری اور حساس ادارے نے بلوچستان کے شہر سوئی کے علاقے درینجن اور غازی نالا میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔

    سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا ہے جو کہ شہر میں کسی بڑی دہشت گردی کی واردات میں استعمال ہونا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے برآمد شدہ اسلحہ و بارود میں 4 ٹن امونیم نائٹریٹ، 5 آئی ای ڈیز اور 4 ڈیٹو نیٹرز شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ کئی برس سے دہشت گردی کے واقعات عروج پر تھے تاہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال بہت بہتر ہے جب کہ ایف سی اور حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ تحویل میں لیے جانے کا عمل بھی جا ری ہے۔

  • کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ، 1 شہری شہید

    کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ، 1 شہری شہید

    راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے وقت کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں محمد اشفاق نامی مزدور شہری زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا، پاک فوج نے جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کی بندوقوں کو خاموش کروائیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’’بھارت نے ایک بار پھر غیرذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھوئی رٹہ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مزدور شہری شہید ہوا‘‘۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹھانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا عمل جا ری رکھے ہوئے ہے۔

    اس سے قبل بھی بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج کی کارروائی سے بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج نے خود ساختہ اور مضحکہ خیز سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی کیا تھا جو وہ خود اپنی پارلیمنٹ اور عالمی میڈیا کے سامنے سچا ثابت نہیں کر سکے تھے جس پر انہیں کافی سُبکی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

  • سول سوسائٹی کے وفد کا لاہور گیریژن کا دورہ

    سول سوسائٹی کے وفد کا لاہور گیریژن کا دورہ

    راولپنڈی: سول سوسائٹی کے وفد نے پاک فوج کے لاہور گیریژن کا دورہ کیا اور افسران و جوانوں کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سول سوسائٹی کے ایک وفد نے آج لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ان کا استقبال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سول سوسائٹی کے وفد نے فوجیوں کے ساتھ تمام دن گزارا اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے جب کہ وفد نے گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنےکی تقریب بھی دیکھی۔

    اس موقع پر سول سوسائٹی کے وفد کی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی سے ملاقات ہوئی جس کے دوران وفد نے افسروں، جوانوں کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کوسراہا۔

  • قصداً پاکستان آنے والا بھارتی سپاہی بھارت کے حوالے

    قصداً پاکستان آنے والا بھارتی سپاہی بھارت کے حوالے

    راولپنڈی: پاکستان نے ایل او سی عبور کر کے پاکستان آنے والے بھارتی سپاہی کو بھارت کے حوالے کردیا۔ یہ فوجی اس دن پاکستان آیا تھا جب بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کو سرجیکل اسٹرائیکس کا نام دیا تھا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چندو بابو لعل چوہان نامی بھارتی سپاہی کو دوپہر ڈھائی بجے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ بھارتی سپاہی کی حوالگی واہگہ بارڈر پر عمل میں آئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ حوالگی جذبہ خیر سگالی کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

    چندو بابو لال چوہان کو اس کی سرکاری بندوق بھی واپس کی گئی ہے جبکہ خیر سگالی کے طور پر اسے مٹھائی کا ڈبہ بھی دیا گیا۔

    اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹوئٹ کے ذریعہ مذکورہ سپاہی کی بھارت کو حوالگی کا اعلان کیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سپاہی اپنے افسران کے سخت رویے سے نالاں تھا اور وہ قصداً پاکستان میں داخل ہوا۔ اس وقت وہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات تھا اور پاکستان میں داخل ہونے کے بعد اس نے خود کو پاکستانی فوجیوں کے حوالے کردیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سپاہی کو وطن واپسی کے لیے قائل کیا گیا جس کے بعد اسے عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اور جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 29 ستمبر کو بھارتی فوج نے بھمبھر، تتہ پانی، کیل اور لیپہ سیکٹروں پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رات ڈھائی بجے سے اگلی صبح آٹھ بجے تک جاری رہا۔

    بھارت نے اپنی اس کارروائی کو سرجیکل اسٹرائیکس کا نام دیا تھا جو اس کے اپنے ہی گلے پڑ گیا۔ بھارتی اپوزیشن نے ہی سرجیکل اسٹرائیکس کا ثبوت مانگ لیا جبکہ جھوٹے دعوے کی وجہ سے بھارت کی اسٹاک مارکیٹ بھی بیٹھ گئی۔

    اقوام متحدہ نے بھی بھارتی دعوے کو مسترد کردیا تھا۔

  • برف باری، پاک فوج کے 17 ہیلی کاپٹرز نے امدادی کاموں میں حصہ لیا

    برف باری، پاک فوج کے 17 ہیلی کاپٹرز نے امدادی کاموں میں حصہ لیا

    کوئٹہ : برفباری سے متاثرہ علاقے قلات ڈویژن میں پاک فوج کی جانب سے امدادی کاموں میں 2 ایم آئی اور 17 ہیلی کاپٹر نے حصہ لیا اس موقع پر ضرورت مند افراد میں اشیائے ضرورت تقسیم کی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق پاک فوج نے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ضرورت مند افراد میں چار ٹن اشیائے خورد نوش ، خیمے اور کمبل فراہم کیے اس موقع پر پاک فوج کے 2 ایم آئی اور 17 ہیلی کاپٹرز نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    اس حوالے سے بلوچستان حکومت کی درخواست پر ہیلی کاپٹر بھی فراہم کیے گئے تاکہ شدید برف باری کے بعد علاقے میں پھنسے ہوئے لوگو کو فوری ضرورت کی اشیاء کی فراہمی اور مشکلات میں گھیرے افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    واضح رہے بلوچستان میں موسم سرما کے آغاز کے بعد ہونے والی برف باری سے معمولاتِ زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے جب کہ کئی علاقوں میں آمد و رفت کے لیے استعمال کیے جانے والے راستے مسدود ہو گئے ہیں جس کے باعث علاقہ مکین محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

    صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کے ساتھ محصور افراد کی مدد کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے جب کہ پاک فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹر کی فراہمی سے امدادی سرگرمیوں میں آسانی ہوئی اور درجنوں لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔

  • ایک دوسرے پرالزامات سے دشمنوں کو تقویت ملیگی، آرمی چیف کا افغان صدرکو فون

    ایک دوسرے پرالزامات سے دشمنوں کو تقویت ملیگی، آرمی چیف کا افغان صدرکو فون

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدراشرف غنی کو ٹیلیفون کرکے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کا شکار ہیں۔ ایک دوسرے پرالزامات لگانے سے دشمنوں کو تقویت ملے گی اور خطے کی امن دشمن طاقتیں مزید مضبوط ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر آرمی چیف قمرجاوید باجوہ نے افغان صدر پرواضح کر دیا کہ افغانستان اور پاکستان دونوں گزشتہ کئی سال سے دہشت گردی کا شکار ہیں،ایسے میں ایک دوسرے پرالزامات لگانے سے دشمنوں کو تقویت ملے گی۔ جبکہ خطے کا امن تباہ کرنے والے بھی مضبوط ہوں گے۔

    جنرل قمر جاوید باوجوہ نے اشرف غنی کو بتایا کہ مؤثرانٹیلی جنس تعاون سےدہشت گردوں کی نقل وحرکت روکی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغانستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف طویل جنگ لڑی ہے، پاکستان میں بلاامتیاز کارروائی کرکے دہشت گردوں کے ہر قسم کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں۔ پاکستان میں اب دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں۔

    پاک فوج کے ادار ہ برائے تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

    آرمی چیف نے افغان صدر کو آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں مستحکم کرنے کی دعوت دی۔ افغان صدر نے آرمی چیف کے مؤقف سے اتفاق کیا اور کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی خطے میں استحکام ممکن ہے۔ خطے میں امن واستحکام کیلئے مل کرکوششیں کرنا ہوں گی۔

  • آرمی چیف کی افغانستان میں دہشت گردحملوں کی شدید مذمت

    آرمی چیف کی افغانستان میں دہشت گردحملوں کی شدید مذمت

    راولپنڈی : آرمی چیف نے کابل اور قندھار میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج افغان عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں افغان پارلیمنٹ کے نزدیک ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف قمر باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج غم کی اس گھڑی میں افغان عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغان عوام اور افغان فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔


    *کابل اور قندھار میں‌ دھماکے، 37 افراد جاں بحق، 98 زخمی


    واضح رہے گزشتہ روز افغان پارلیمنٹ کے نزدیک کار بم اور خود کش دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق اور 85 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے زخمیوں میں کئی غیر ملکی حکام بھی شامل تھے۔

  • فوجی عدالتوں کی معیاد ختم، آئی ایس پی آر کی تصدیق

    فوجی عدالتوں کی معیاد ختم، آئی ایس پی آر کی تصدیق

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دو سال کے دوران فوجی عدالتوں کے ذریعے 274 مقدمات میں 161 مجرموں کو پھانسی اور 113 مجرموں کی قید کی سزا سنائی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں کو حاصل خصوصی اختیارات کی معیاد ختم ہونے کے بعد ملٹری کورٹس نے کام کرنا بند کردیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق دو سالہ مدت کے دوران فوجی عدالتوں کو 274 کیسز بھیجے گئے جن میں سے 161 مجرموں کو سزائے موت اور 113مجرموں کو قید کی سزا سنائی گئی جب کہ اب تک 12 ملزمان کی پھانسی کی سزا پر عمل درآمد بھی کرایا جا چکا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ فوجی عدالتوں کی جانب سے سنائے جانے والے فیصلوں سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی میں مدد ملی ہے اور دوران ِ سماعت انصاف کے تقاضے پورے کیے گئے۔

    یاد رہے دسمبر 2014 میں سانحہ آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد 6 جنوری 2015 کو پارلیمنٹ نے مشترکہ طور پر آئین میں 21 ویں ترمیم کے ذریعے فوجی عدالتوں کی خصوصی اختیارات کے ساتھ قیام کی منظوری دی تھی۔

  • آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بحرین کےکمانڈر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بحرین کےکمانڈر کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں دو طرفہ دفاعی تعلقات اور پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو کی۔


    ملاقات میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے، علاقائی سلامتی اور پیشہ ورانہ امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی جب کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کے تربیتی کورسز اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    اس موقع پر بحرین کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے امن و سلامتی کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

  • آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی سعودی فرماں روا سے ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی سعودی فرماں روا سے ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کی،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مقامات مقدسہ کے تحفظ کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں انہوں نے آج نہایت مصروف دن گزارا اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب پر مسلم امہ کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں ہیں جس کے لیئے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے بالخصوص دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دونوں ممالک نے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

    army3

     

    دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے دونوں ممالک کو نئے میکانزم اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے سعودی نائب ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران نائب ولی عہد نے پاکستان میں امن و استحکام کے لئے ہر ممکن حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
    army2

    اس کے علاوہ آرمی چیف نے سعودی افواج کے سربراہ جنرل عبدالرحمان بن صالح سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج ہونے والی اہم ملاقاتوں میں سعودی عرب کے مقاماتِ مقدسہ اور سعودی علاقائی سالمیت کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔