Tag: آئی ایس پی آر

  • آرمی چیف 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    آرمی چیف 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    جدہ:آرمی چیف جنرل قمر باجوہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا استقبال سعودی نائب وزیر دفاع نے کیا۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ آج تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں،آرمی چیف اعلی سعودی فوجی اور سول حکام سے ملاقات کریں گے اور دو طرفہ باہمی دل چسپی کےامور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جدہ ایئرپورٹ پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا پُر تپاک استقبال سعودی نائب وزیرِ دفاع محمد بن عبداللہ نے کیا۔

    یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی غیر ملک کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے جس سے پاک سعودی تعلقات کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے بعد جنرل قمر باجوہ نے 29 نومبر کو پاک فوج کی سربراہی کی کمان سنبھالی تھی۔

  • میجر جنرل آصف غفور ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر

    میجر جنرل آصف غفور ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق میجرجنرل آصف غفور کو ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کردیا گیا ہے جب کہ میجرجنرل عبداللہ  ڈوگرکو کمانڈنٹ پی ایم اے مقرر کیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج میں تقرری اور تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت میجر جنرل آصف غفور کو نیا ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر کردیا گیا ہے جب کہ میجرجنرل عبداللہ ڈوگرکو کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی، میجرجنرل سید عدنان کو جی او سی لاہوراور میجر جنرل ظفراللہ خان کو جی او سی پنوں عاقل تعینات کردیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ میجر جنرل فدا ملک ڈی جی لاجسٹکس، میجر جنرل نادرخان ڈی جی پرسونل سروسز اور میجر جنرل ظفراقبال جی او سی آرمڈ ڈویژن گوجرانوالہ مقرر کردیے گئے ہیں۔


    لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کورکمانڈر کراچی مقرر


    واضح رہے کہ میجر جنرل آصف غفور اس وقت سوات میں ڈویژن کمانڈر ہیں جو سبکدوش ہونے والے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔


    نئے ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی ایف سی بلوچستان کی تعیناتی


    یاد رہے اس سے قبل لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کورکمانڈر کراچی، میجر جنرل محمد سعید کو ڈی جی رینجرز سندھ اور میجر جنرل ندیم انجم کو آئی جی ایف سی بلوچستان تعینات کیا گیا تھا۔

  • سات میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل پر ترقی، کور کمانڈر ملتان اور راولپنڈی کی تعیناتی

    سات میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل پر ترقی، کور کمانڈر ملتان اور راولپنڈی کی تعیناتی

    راولپنڈی: پاک فوج کے 7 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کردیا گیا اور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار کو کور کمانڈر ملتان بنادیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کو ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ اسٹاف مقرر کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے 7 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیرافگن اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر شامل ہیں۔


    High level transfers and postings in Pakistan Army by arynews

    سات میجر جنرلز سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل ندیم رضا، ڈی جی ڈبلیو اینڈ آر جی ایچ کیو میجر جنرل ہمایوں عزیز بھی شامل ہیں۔

     ترقی پانے والوں میں میجر جنرل قاضی اکرم، میجر جنرل نعیم اشرف اور میجر جنرل محمد افضل بھی شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کردیا گیا اور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار کو کور کمانڈر ملتان بنادیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کو ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ اسٹاف مقرر کردیا گیا ہے۔

  • فوجی قیادت سے متعلق منفی پروپیگنڈے سےاجتناب کیاجائے،عاصم باجوہ

    فوجی قیادت سے متعلق منفی پروپیگنڈے سےاجتناب کیاجائے،عاصم باجوہ

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہناہے کہ فوج میں معمول کی ترقیوں،تعیناتیوں اور تبادلوں پرقیاس آرائیاں درست نہیں ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے واضح کیا ہے کہ فوجی قیادت سے متعلق افواہیں اور پروپیگنڈے بے بنیا داورافسوسناک ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہناہےکہ فوج میں کسی بھی تبدیلی سے متعلق آئی ایس پی آر خود آگاہ کرے گا۔

    مزید پڑھیں:میڈیا کوساتھ لےکر چلوں گا،آرمی چیف قمرجاویدباجوہ

    خیال رہے کہ اس سے قبل پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد نئے سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ نے صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا تھاکہ میڈیا کو ساتھ لےکر چلوں گا۔

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہناتھا کہ لائن آف کنٹرول کی صورت حال جلد بہتر ہو جائےگی۔ان کا کہنا تھا کہ مایوسی کی باتیں نہیں ہونی چاہیں،میڈیا فوج کے مورال کو بلند رکھے۔

  • ہلاک بھارتی فوجیوں‌ کی تعداد ہمارے شہدا سے 3 گنا زائد ہے، عاصم باجوہ

    ہلاک بھارتی فوجیوں‌ کی تعداد ہمارے شہدا سے 3 گنا زائد ہے، عاصم باجوہ

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر خاموش نہیں رہتے بھرپور جواب دیتے ہیں،سرحدوں پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں مارے گئے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں سے 3 گنا زائد ہے، بھارت ہلاکتیں چھپاتا ہے لیکن ہم اپنی شہادتیں نہیں چھپاتے۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے 7 جوان لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے، یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت ستمبر میں شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے، قبل ازیں بھی ہمارے دو فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

    یہ پڑھیں: بھمبر میں بھارتی فائرنگ سے 7 فوجی جوان شہید، دفتر خارجہ کا احتجاج


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر ہم نے ہمیشہ جواب دیا اور کبھی خاموش نہیں رہے، سال 2016ء میں بھارت نے اب تک ایل او سی پر 199 بار اور ورکنگ بائونڈری پر 38 بار فائرنگ کی، جارحیت میں ستمبر کے بعد انتہائی تیزی آئی، ورکنگ بائونڈ پر اکتوبر سے قبل صرف ایک بار لیکن اکتوبر سے اب تک 37 بار فائرنگ ہوئی۔

     یہ پڑھیں: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف راحیل شریف

    انہوں نے بتایا کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر زبردست خطاب کیا جس کے بعد سے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ کے واقعات میں تیزی آئی ہے ساتھ ہی کشمیر میں تحریک آزادی زوروں پر ہے جو کہ بھارت سے اب کنٹرول نہیں ہورہی۔

    اسی سے متعلق: پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، وزیراعظم

    انہوں نے کہا کہ جب بھی کشمیر میں تحریک آزادی زور پکڑتی ہے تو سرحدوں پر بھارتی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، بھارت نے سرجیکل اسٹرائیکس کا ڈرامہ رچایا جس پر پوری دنیا نے یقین نہیں کیا اور سوالات کیے۔

    یہ بھی پڑھیں: دفترخارجہ کی بھمبرسیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

    عاصم باجوہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں فائرنگ اور جوابی فائرنگ کے دوران مارے گئے بھارتی فوجیوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں کی تعداد سے تین گنا زائد ہے لیکن بھارتی ہلاکتیں چھپاتا ہے اور ہم اپنے فوجیوں کی شہادتیں نہیں چھپاتے جب کہ بھارتی ہلاکتوں کی تعداد کم کرکے بتاتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 13 برس کے بعد پہلی بار بھارتی فوجیوں نے جارحیت کے دوران آرٹلری بھی فائر کیا، جب بھی یہ فائرنگ کرتے ہیں تو شروعات گاؤں سے کرتے ہیں ۔

  • آرمی چیف سے ترکمانستان کے وزیر دفاع کی ملاقات

    آرمی چیف سے ترکمانستان کے وزیر دفاع کی ملاقات

    راولپنڈی : ترکمانستان کے ویزردفاع نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور خطے کی بدلتی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ترکمانستان کے وزیر دفاع اور سیکرٹری قومی سلامتی نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور شہدائے یاد گار پر پھولوں کے گُل دستے چڑھائے جب کہ پاک فوج کے دستے نے معزز مہمانِ گرامی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    آرمی چیف اور ترکمانستان کے وزیر دفاع کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی دلچسپی سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے اور خطے کی مجوعی بدلتی صورتِ حال پر باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

    آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات میں ترکمانستان کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فورس ہے جو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

    ترکمانستان کے وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بالخصوص آپریشن ضربِ عضب میں پاک آرمی کی کامیابی دنیا پھر کے فورسز کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

  • آرمی چیف کراچی پہنچ گئے،فوجی مشقوں کا معائنہ

    آرمی چیف کراچی پہنچ گئے،فوجی مشقوں کا معائنہ

    کراچی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج کور ہیڈ کوارٹرز کے دورے پر پہنچ گئے،انہوں نے فوجی مشقوں کا معائنہ کیا اور اعلی سطح سیکیورٹی کانفرنس کی صدارت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کراچی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سدرن کمانڈ کے زیر اہتمام جاری فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔

    بعد ازاں آرمی چیف نے اعلی سطح سیکیورٹی کانفرنس کی صدارت کی، کانفرنس میں کور کمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس آئی،ڈی جی ایم آئی،ڈی جی ایم او اور ڈی جی رینجرز نے شرکت کی اور قیامِ امن اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی سے آرمی چیف کو آگاہ کیا۔

    آرمی چیف نے قیام امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اعلی کارکردگی دکھانے پر مبارک داد دی اور ہدایت کی کہ جرائم کی بیخ کنی کے لیے اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

    انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کراچی میں قائم امن کو برقرار رکھنے کے لیے ایسی منصوبہ بندی کی جائے کہ دہشت گرد دوبارہ سر نہ اُٹھا سکیں اور شہر میں پھر سے دہشت گردانہ کارروائیاں نہ کر پائیں۔

  • دہشت گردوں کو سزائے موت،آرمی چیف نےتوثیق کردی

    دہشت گردوں کو سزائے موت،آرمی چیف نےتوثیق کردی

    راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 9 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق  کر دی ہے۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 9 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے،ان ملزمان کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے گئے تھے جہاں انہیں پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔

    ترجمان کے مطابق ان دہشت گردوں کو سیکیورٹی اہلکاروں، عام شہریوں اور ملکی اداروں پر حملے اور دہشت گردانہ کارروائیاں ثابت ہونے پر فوجی عدالت سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں ساجد ولد ابراہیم خان،فضل الحق ولد شہداد خان،عمر سعید ولد حضرت سعید،نذیر احمد ولد اللہ داد،جاوید خان ولد فقیر گل،فضل الرحمان ولد فضلکریم،رحمت ولد اسماعیل خان اور بخت والی ولد عمل خان شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق سزا پانے والے 9 دہشت گردوں میں بخت والی، رحمت اور زاہد خان کا تعلق لشکر اسلام سے ہے جب کہ بقیہ 6 دہشت گرد تحریک طالبان پاکستان کے اہم رکن ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والے دہشت گرد پشاور ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے میں فائرنگ کر کے ایک خاتون کو ہلاک اور 2 مسافروں کو زخمی کرنے، سیکیورٹی پولیس اہلکاروں کے ہاتھ اور پاؤں کاٹنے والے اور عام شہریوں اور فوجی افسران کو شہید کرنے جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

  • جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، میجر شہید

    جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، میجر شہید

    پشاور: جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک میجر جاں بحق جبکہ 6 اہلکار زخمی ہو گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں سرچ آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی زد میں آکر میجر عمران جاں بحق ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں 6 فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں ایک لیفٹننٹ بھی شامل ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ سنہ 2014 میں پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا تھا۔ آپریشن میں بیشتر علاقے کو اب کلیئر کیا جا چکا ہے تاہم سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہیں۔

  • پاک فوج نے ایل اوسی پر پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا

    پاک فوج نے ایل اوسی پر پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا

    راولپنڈی : پاک فوج نے بھارت کی طرف سے وادی نیلم میں پاکستانی چیک پوسٹیں تباہ کرنے کا دعویٰ مسترد کردیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کےمطابق بھارت کی جانب سے وادی نیلم میں کنٹرول لائن پر پاکستانی چوکی کو تباہ کرنے کا دعویٰ جھوٹا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہفتے سے ورکنگ باؤنڈری کے ہرپار،چھپرار، پوکھلیاں اور شکر گڑھ سیکٹرز پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے چار شہری زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پاک فوج موثر طریقے سے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنارہی ہے۔

    مزید پڑھیں: ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ،چناب رینجرزکا بھرپورجواب

    خیال رہے کہ اس سے قبل ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز نے بلا اشتعال گولہ باری کی تھی ۔شکر گڑھ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھاجس کے نتیجے میں دوعام شہری زخمی اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سے شروع ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ورکنگ باؤنڈری کے اطراف گاؤں میں ایک بچے سمیت چار پاکستان شہری جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ایل او سی پر فائرنگ: پاک فوج کا بھرپور جواب،5 بھارتی فوجی ہلاک،4 چوکیاں تباہ

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی بلااشتعال فائرنگ کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیاتھا،جس کے نتیجے میں بھمبر سیکٹر میں بھارتی فوج کی چار چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔