Tag: آئی ایس پی آر

  • سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 2 دہشت گرد جہنم واصل

    سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 2 دہشت گرد جہنم واصل

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں رنگ لیڈر ایوب اللہ عرف منصور بھی شامل ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں ٹارگٹ کلنگ، شہریوں سے بھتہ وصولی، دہشت گردی اوراغواء میں ملوث تھے جبکہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

    ترجمان نے کہا کہ علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کےامکان کوختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، علاقہ مکینوں نےآپریشن کو سراہا اوردہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

    پاکستان کی سیکیورٹی فورسزملک سے دہشت گردی کی لعنت کوختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • مسلح افواج و عسکری قیادت کا کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

    مسلح افواج و عسکری قیادت کا کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

    یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مسلح افواج اور عسکری قیادت نے کشمیری بھائیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ٓ

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے مشترکہ خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کی کامیابی ہی ان کا مقدر ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ کشمیروں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے مظلوم کشمیریوں کے عزم اور جدوجہد پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہان کا کہنا ہے کہ کشمیری مسلسل بھارتی قابض افواج کی انسانی حقوق خلاف ورزیوں اور ان کے غیرانسانی لاک ڈاؤن کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔

    کشمیر1948سے یو این ایجنڈے پر طویل عرصے سے زیر التوا حل طلب مسئلہ ہے، کشمیری عوام کو ان کی امنگوں اور یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے۔

    گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے ہیں، ظلم وبربریت کی تاریک رات آزادی کا سورج طلوع ہونے سےنہیں روک سکتی، آزادی کے لئے دلیرانہ جدوجہد کی کامیابی ہی ان کا مقدر ہے، انشاء اللہ۔

  • مچھ اور کولپور میں کلیئرنس آپریشن، 24 دہشت گرد مارے گئے

    مچھ اور کولپور میں کلیئرنس آپریشن، 24 دہشت گرد مارے گئے

    راولپنڈی : بلوچستان کے علاقے مچھ اور کولپور میں کلیئرنس آپریشن میں 24 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں شہزاد بلوچ، عطااللہ، صلاح الدین اور عبدالودود شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بلوچستان کے علاقے مچھ اور کولپور دہشت گردحملوں کی مزید تفصیلات جاری کردی گئی۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بروقت مزاحمت سے دہشت گردوں کاحملہ پسپا ہوا، دہشت گردوں کو مؤثر آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران کلیئرنس آپریشن میں 24 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں شہزاد بلوچ، عطااللہ، صلاح الدین اور عبدالودود شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مزید ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ، فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے 4 اہلکار اور 2 شہری بھی شہید ہوئے۔

    پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کامؤثر جواب دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بےلوث عزم کاثبوت ہے، سیکیورٹی فورسز ملک میں امن یقینی بنانے کیلئے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔

  • ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا گیا: آئی ایس پی آر

    ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا گیا: آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: آئی ایس پی آر نے ایران کے صوبے سیستان میں کی جانے والی کارروائی کے بارے میں بتایا ہے کہ مرگ بر سرمچار نامی کامیاب آپریشن میں فورسز نے ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے ایران کے اندر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، یہ دہشت گرد پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، پاکستان نے ڈرونز، راکٹ اور دیگر ہتھیاروں کا ذمہ داری سے استعمال کیا، اور بے گناہ جانوں کے نقصان سے بچاؤ کے لیے مکمل احتیاط برتی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا وہ بدنام زمانہ دوستہ عرف چیئرمین بجار عرف سوغات کے زیر استعمال تھے، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    خفیہ نشان دہی پر کیے گئے آپریشن کو’’مرگ بر سرمچار‘‘ کا نام دیا گیا تھا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے نمٹنے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے مسلح افواج ہر وقت تیار رہتی ہیں، مسلح افواج دہشت گردوں کی کارروائیوں کے خلاف ہر وقت تیار ہیں اور پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام یقینی بنائیں گی۔

    پاک ایران صورتحال، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان

    آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، اور عوام کی حمایت سے دشمنوں کے ارادے خاک میں ملا دیں گے، کسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ یقینی بنانے کا غیر متزلزل عزم ہے۔ آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی برادر ملک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر ہی ڈائیلاگ معاملات کو آگے بڑھا سکتے ہیں، اور ہمسایہ برادر ممالک بات چیت اور سمجھ داری سے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

  • آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی آمد

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی آمد

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی جا کر مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات میں شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات میں شرکت کی، چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی، آرمی چیف نے مذہبی برادری کے لیے احترام کا اظہار کیا اور متحد اور ترقی پسند پاکستان کے لیے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے کے لیے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں امن، دوستی کا سبق سکھاتا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے، آرمی چیف نے درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈہ کے بجائے قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں، ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد اور یک جان ہونا پڑے گا۔

    آرمی چیف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 147 ویں یوم پیدائش پر اُن کے عظیم وژن اور قیادت کو شان دار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا کہ ’’آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔‘‘

    آرمی چیف نے تمام شعبوں اور ڈومینز میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

  • سیکیورٹی فورسز کے  آپریشنز ، 3 دہشت گرد مارے گئے، ایک جوان شہید

    سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز ، 3 دہشت گرد مارے گئے، ایک جوان شہید

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز کے ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک جوان شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں بھی ایک اور کارروائی کی، جس کے دوران ایک اور دہشت گرد مارا گیا، دونوں آپریشنز میں ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

    دریں اثناء شمالی وزیرستان کے علاقے غریوم میں ایک دیسی ساختہ بم پھٹنے سے راولپنڈی کے 26 سالہ سپاھی سپاہی شاہ زیب شہید ہوگئے، علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشنز بھی کئے گئے۔

    ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

    آپریشن کےنتیجےمیں 2دہشت گرد مارےگئے،آئی ایس پی آر
    سیکیورٹی فورسزکی جنوبی وزیرستان کےعلاقےکوٹ اعظم میں بھی کارروائی
    کارروائی کےدوران ایک دہشت گردماراگیا،آئی ایس پی آر
    آپریشنزکے دوران ہتھیار،گولہ باروداوردیگرسامان برآمد ،آئی ایس پی آر
    شمالی وزیر ستان کےعلاقےرزیوم میں آئی ای ڈی پھٹنےسےسپاہی شاہ زیب شہید،آئی ایس پ

    علاقے میں موجودکسی بھی دہشت گردکےخاتمےکےلئےسینی ٹائزیشن آپریشنزکئےگئے
    سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں
    بہادرسپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارےعزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں

  • سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

    سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب سمبازا میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں6دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ژوب کے علاقےسمبازہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں6دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیزمواد برآمد ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھے، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمےکیلئے آپریشن جاری رہے گا۔

    ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز سے  مقابلہ،  2 دہشت گرد ہلاک ،  2 جوان شہید

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ، 2 دہشت گرد ہلاک ، 2 جوان شہید

    آواران : بلوچستان ضلع آواران کے علاقہ کھورو میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک اور 2 جوان شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، واقعہ بلوچستان ضلع آواران کےعلاقہ کھورومیں پیش آیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس دوران فورسز نے موثرانداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔

    ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے نائب صوبیدار آصف عرفان اور سپاہی عرفان علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شہید سینتیس سالہ نائب صوبیدار آصف کا تعلق اوکاڑہ سے تھا جبکہ شہید بائیس سالہ سپاہی عرفان علی سرگودھا کا رہنے والا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادرسپاہیوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • وادی تیرہ/ جنوبی وزیرستان : فائرنگ سے دہشتگرد ہلاک 2 سپاہی شہید

    وادی تیرہ/ جنوبی وزیرستان : فائرنگ سے دہشتگرد ہلاک 2 سپاہی شہید

    خیبرپختونخوا کے 2مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے2واقعات میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے دو سپاہی شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا،آپریشن کےدوران 2دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک اور گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے، مذکورہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

    دوسرے واقعے میں جنوبی وزیرستان کےعلاقے سروکئی میں فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بم سےٹکرا گئی، دھماکے کے نتیجے میں2اہلکار سپاہی بنارس خان اور سپاہی عبدالکریم شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقےمیں ممکنہ موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارےعزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • دہشتگردوں کا پاک فوج پر حملہ، 4 جوان شہید، آئی ایس پی آر

    دہشتگردوں کا پاک فوج پر حملہ، 4 جوان شہید، آئی ایس پی آر

    ژوب : پاک سکیورٹی فورسز  نے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے ارادوں کا ناکام بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر ژوب میں سمبازہ کے قریب کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے دراندازی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

    اس دوران سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے چار جوان بھی شہید ہوئے۔

    پاک فوج کے شہداء میں حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان، سپاہی ندیم شہید شامل ہیں جبکہ واقعے میں کئی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

    آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک افواج ملک میں امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔