Tag: آئی ایس پی آر

  • خوست میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، 5 دہشت گرد ہلاک

    خوست میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، 5 دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: صوبہ بلوچستان کے علاقے خوست میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان خوست کے قریب جھڑپ ہوئی ہے، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن میں حوالدار خان محمد دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    سیکیورٹی فورسز کا مغوی عمر جاوید کی بازیابی کے لیے علاقے میں آپریشن بھی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ میں تعینات کرنل لئیق کو زیارت سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا، کرنل لئیق کے ساتھ ان کے کزن عمر جاوید بھی تھے جو تاحال بازیاب نہیں کیے جاسکے۔

    کرنل لئیق کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں دہشت گردوں نے انہیں گولی مار دی تھی جبکہ 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

  • پیر کوہ، ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں: آئی ایس پی آر

    پیر کوہ، ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں: آئی ایس پی آر

    کوئٹہ: پاک فوج کی جانب سے بلوچستان کے علاقوں پیر کوہ اور ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر کوہ اور ڈیرہ بگٹی میں امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں یونیسیف کے تعاون سے 14 غذائی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کوہ اور ملحقہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی جانب سے بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، 4 ہزار 32 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

    پاک فوج کے امدادی کیمپوں میں علاقے میں ہیضے کے 972 مریضوں کا علاج کیا گیا، جب کہ 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد لیب ٹیسٹ کیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے لیے واٹر باوزر بھی کام کر رہے ہیں، اور واٹر سپلائی اسکیم کے منصوبوں کے تحت بوروں کی کھدائی کے لیے بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

  • پاک افغان بارڈر پر ایک بار پھر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ، 3 جوان شہید

    پاک افغان بارڈر پر ایک بار پھر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ، 3 جوان شہید

    راولپنڈی: پاک افغان بارڈر پر ایک بار پھر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 3جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحدپار سے دہشت گردوں نے فائرنگ کی ،  فائرنگ کاواقعہ شمالی وزیرستان دیواگرمیں پیش آیا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کیجانب سےپاک فوج کےجوانوں کونشانہ بنایاگیا تاہم پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ پربھرپورجوابی کارروائی کی ، جس میں دہشت گردوں کوبھاری جانی نقصان پہنچنےکی مصدقہ اطلاعات ہیں۔

    پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور بہادرجوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے سکیورٹی فورسز کے پانچ جوانوں کو شہید کردیا تھا۔

  • بی بی سی اردو کی خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندا ہے: آئی ایس پی آر

    بی بی سی اردو کی خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندا ہے: آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کی خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندا قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقاتوں سے متعلق برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کی خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بی بی سی کی روایتی پروپیگنڈا خبر میں متعلقہ حقائق نظر انداز کیے گئے، خبر میں ضروری سورسز اور صحافتی اخلاقیات نظر انداز کی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خبر منظم ڈس انفارمیشن ہے، معاملہ جلد ادارے سے اٹھایا جائے گا۔

    بی بی سی ماضی میں بھی حقائق کے برعکس خبریں دے چکا ہے، بی بی سی کو ماضی میں بھی متعدد خبروں پر عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔

    برطانوی ٹیکس گزاروں کے پیسے سے چلنے والے بی بی سی کو جرمانے بھی ادا کرنے پڑے، بی بی سی کی کئی خبریں بے بنیاد پروپیگنڈا پر مبنی اور حقائق کے برعکس تھیں۔

  • باجوڑ: دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، 4 دہشت گرد ہلاک

    باجوڑ: دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، 4 دہشت گرد ہلاک

    باجوڑ: ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، فوری جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، مارے گئے دہشت گرد فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار اشتیاق، سپاہی کامران شہید ہوئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 بے گناہ شہری بھی شہید ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے، اور بہادر سپاہیوں، معصوم شہریوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • چیئرمین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی کی جرمن اور سوئس افواج کے سربراہان سے ملاقات

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی کی جرمن اور سوئس افواج کے سربراہان سے ملاقات

    اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جرمنی اور سوئٹزر لینڈ کا دورہ کیا جہاں ان کی جرمن ڈیفنس فورسز اور سوئس مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جرمنی اور سوئٹزر لینڈ کا دورہ کیا، جنرل ندیم رضا کی جرمن ڈیفنس فورسز کے سربراہ سے ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پیشہ وارانہ دلچسپی، سیکیورٹی امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے خطے میں بالخصوص افغانستان میں امن کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

    جنرل ندیم رضا نے جرمن انفینٹری اسکول اور سینٹر فار انٹرنل لیڈر شپ کے بھی دورے کیے، جرمن وزارت دفاع آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    بعد ازاں جنرل ندیم رضا کی سوئس مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دفاعی تعاون اور عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں فوجی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے امور بھی زیر غور آئے۔

    چیئرمین کمیٹی نے جنیوا سینٹر فار سیکیورٹی پالیسی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کی جیو اسٹریٹجک صورتحال اور سیکیورٹی امور پر بھی روشنی ڈالی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل ندیم رضا نے خطے بالخصوص افغانستان کے تناظر میں اظہار خیال کیا، انہوں نے علاقائی امن کے لیے افغانستان میں مفاہمت پر بھی زور دیا۔

  • ‘شاد تھا، شاد ہے اور شاد رہے یہ پاکستان’ یوم پاکستان پر آئی ایس پی آر کا ملی نغمہ جاری

    ‘شاد تھا، شاد ہے اور شاد رہے یہ پاکستان’ یوم پاکستان پر آئی ایس پی آر کا ملی نغمہ جاری

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر نے یوم پاکستان کی مناسبت سے نیا ملی نغمہ ‘شاد تھا، شاد ہے اور شاد رہے یہ پاکستان ‘ جاری کر دیا، یہ گیت اس ارضِ پاک کے نام ایک دعا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 23مارچ2022 کے حوالے سے نیا ملی نغمہ جاری کردیا ، جس کا عنوان ‘شاد تھا، شاد ہے اور شاد رہے یہ پاکستان’ ہے۔

    نفرد انداز میں تیار کیا جانے والا ملی نغمہ پاکستان کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں جاری کیا گیا ، یہ گیت اس ارضِ پاک کے نام ایک دعا ہے ، یہ دعا جو ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن کر اعلان کر رہا ہے۔

    پاکستان کے معروف کمپوزر شجاع حیدر نے گیت کو لکھا، خوبصورت دھن بھی ترتیب دی جبکہ یشل شاہداورشجاع حیدرکی بہترین آوازوں نے گیت کو اور بھی خوبصورت بنا دیا ہے۔

    یہ گیت شاندار ماضی، پرعزم حال،خوشحال مستقبل جیسی نیک تمناؤں کا مظہر ہے، جس کے بول ہے۔

    چاند اورستارہ سدا یوں دمکتا رہے
    نام یہ افق پہ تیرایوں درخشاں رہے
    جان ودل اس پر قربان شاد رہے یہ پاکستان
    سب سےاونچا اس کا نام شاد رہے یہ پاکستان
    تیری میری ہےاک پہچان شاد رہے یہ پاکستان
    گونج رہی یہ آوازشادرہے یہ پاکستان

    اس سے قبل آئی ایس پی آر نے یومِ پاکستان کی مناسبت سے ‘شاد رہے پاکستان’ کے عنوان سے پرومو جاری کیا تھا، یوم پاکستان کی وطن عزیز کی ڈائمنڈ جوبلی کے باعث خصوصی اہمیت ہے، 23مارچ کو 82واں یوم پاکستان بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

  • شمالی وزیرستان: فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان: فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد مبین عرف مجروح ہلاک ہوگیا۔ مارے گئے دہشت گرد سے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مبین اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے تھل میں آپریشن کیا تھا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    ہلاک دہشت گردوں کی شناخت غیور اور بہاؤ الدین کے نام سے ہوئی تھی، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور ہتھیار برآمد کیے گئے۔

  • مری میں 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی: آئی ایس پی آر

    مری میں 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی: آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری میں گھرے 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی، ان افراد کو پناہ دی گئی اور کھانا اور چائے بھی فراہم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری میں گھرے 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی، متاثرہ افراد میں بچے بھی شامل تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں 1 ہزار سے زائد پھنسے افراد کو کھانا فراہم کیا گیا، جھیکا گلی، کشمیری بازار، لوئر ٹوپہ اور کلڈنہ میں کھانا فراہم کیا گیا۔

    متاثرہ افراد کو ملٹری کالج مری، سپلائی ڈپو، اے پی ایس، آرمی لاجسٹک اسکول میں پناہ دی گئی، مذکورہ افراد کو پناہ کے ساتھ گرم کھانا اور چائے فراہم کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جھیکا گلی سے ایکسپریس وے تک راستہ کھول دیا گیا ہے، جھیکا گلی سے کلڈنہ تک راستہ کھل گیا ہے لیکن پھسلن موجود ہے۔ پھسلن کی وجہ سے ٹریفک نہیں چل رہی۔

    گھڑیال سے بھوربن تک راستہ کھلا ہے جبکہ کلڈنہ سے باڑیاں تک راستے کھولنے کے لیے انجینیئرز اور مشینری مصروف ہے۔

  • آرمی چیف سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات

    آرمی چیف سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات ہوئی، آرمی چیف نے افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے مخلصانہ کوششوں پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔

    آرمی چیف نے افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے مخلصانہ کوششوں پر زور دیا، انہوں نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے آسٹریلین ہائی کمشنر کی پاکستان میں خدمات کی تعریف بھی کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آسٹریلین ہائی کمشنر نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا جبکہ علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔