Tag: آئی ایس پی آر

  • بلوچستان میں‌  پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ ، 2  جوان شہید

    بلوچستان میں‌ پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ ، 2 جوان شہید

    راولپنڈی: بلوچستان میں‌ دہشت گردوں کی جانب سے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا ، جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے تمپ میں دہشتگردوں نے فورسزکی چیک پوسٹ پرحملہ کیا ، یہ چیک پوسٹ دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے قائم کی گئی تھی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے حملے کا فوری جواب دیا ، جس میں دہشتگردوں کوبھاری نقصان پہنچا تاہم جھڑپ کےدوران سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی انشااللہ شہید ہوگئے۔

    ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں، بلوچستان میں امن استحکام اور ترقی کا سفر متاثر ہونے نہیں دیا جائے گا۔

    یاد رہے دو روز قبل پاک ایران بارڈر پر پنجگور کےعلاقے میں دہشتگردوں نے فورسز پر حملہ کیا تھا ، حملے میں سیکیورٹی فورسزکی پٹرولنگ ٹیم کونشانہ بنایا گیا۔

    فائرنگ کے تبادلےمیں ڈی آئی خان کا رہائشی سپاہی جلیل خان شہید ہو گیا تھا۔

  • اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار

    اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج امن کے لیے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلح افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کے 76 ویں عالمی دن پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج امن کے لیے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، ہمارے جوانوں نے ہر آزمائش کی گھڑی میں قربانیاں دی ہیں۔

    آرمی چیف کی جانب سے کہا گیا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے ہماری قربانیاں دنیا کے سامنے ہیں، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق عالمی امن کے لیے ہمارا غیر متزلزل عزم گواہی دیتا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اقوام متحدہ امن مشنز میں لیڈنگ شراکت داروں میں سے ایک ہیں، پاکستانی ٹروپس کی اقوام متحدہ میں خدمات کی تاریخ طویل اور نمایاں ہے۔ پاکستانی افواج کے کردار کو ہمیشہ عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

    پاکستان نے سنہ 1960 سے اقوام متحدہ امن مشنز میں حصہ لینا شروع کیا، پہلا پاکستانی امن دستہ کانگو میں تعینات کیا گیا۔ پاک فوج اب تک 28 ممالک میں 46 امن مشنز میں حصہ لے چکی ہے جبکہ اب تک 2 لاکھ سے زائد پاکستانی ٹروپس نے امن مشنز میں حصہ لیا ہے۔

    پاکستان کے 161 جوان امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جان قربان کر چکے ہیں، جانوں کی قربانی دینے والوں میں 24 افسران بھی شامل ہیں۔ امن مشنز میں ہمارے 4 ہزار افسران و جوان بشمول 84 خواتین کام کر رہی ہیں۔

  • ‘اے زمین وطن مادر مہربان’ آئی ایس پی آر  کا یوم دفاع وشہدا  پر  خصوصی  مِلی نغمہ جاری

    ‘اے زمین وطن مادر مہربان’ آئی ایس پی آر کا یوم دفاع وشہدا پر خصوصی مِلی نغمہ جاری

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ دفاع و شہدا پر خصوصی ملی نغمہ جاری کر دیا گیا، ملی نغمہ افواج اور قوم کے عزم کا عکاس ہے کہ وطن کی سرحدوں کے دفاع کیلئے قوم متحد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یوم دفاع وشہداکے حوالے سے ملی نغمہ جاری کیا گیا۔

    اے زمین وطن مادر مہربان کے نام سے نغمے میں وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا ہے، اس نغمے کو پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی ، عابدہ پروین ، سجاد علی سمیت دیگر گلوگاروں نے گایا ہے۔

    گلوگاروں کی نسل در نسل وطن سے محبت اس ملی نغمے میں بھر پور عیاں ہے۔

    ملی نغمہ افواج اور قوم کے عزم کا عکاس ہے کہ وطن کی سرحدوں کے دفاع کیلئے قوم متحد ہے ، پاکستان جو مادر مہربان ہے ، شاہد ہے نسل در نسل پیر و جوان نے اس کی حفاظت کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔

    خیال رہے آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم دفاع و شہداکے حوالے سے مختصر دورانیے کی ویڈیوز جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، ویڈیوز میں شہدا ، عازیوں اور انکے اہلہ خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ شُہداءغازیوں اوراُن سے جڑے تمام رشتوں کو سلام ، شُہدائے پاکستان، ہمارا فَخر۔

  • یورپی پیراگلائیڈرز نے پاکستان میں  پیرا گلائیڈنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

    یورپی پیراگلائیڈرز نے پاکستان میں پیرا گلائیڈنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

    راولپنڈی: پاکستان ایڈونچرسپورٹس کیلئے پُرکشش ترین مقام بن گیا، یورپی پیراگلائیڈنگ ٹیم نے اسکردومیں واقع بلتورو گلیشئر پر پیرا گلائیڈنگ کا نیا ریکارڈقائم کردیا۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یورپی پیراگلائیڈنگ ٹیم نےنیا ریکارڈ قائم کردیا ، پیرا گلائیڈرز نے 8407 میٹر بلندی پر پیرا گلائیڈنگ کا ریکارڈ قائم کیا، آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول کی ٹیم پیراگلائیڈنگ میں شامل تھی۔

    دنیا میں 8ہزار میٹر سے بلند14میں سے5چوٹیاں پاکستان میں واقع ہیں اور 6یورپی پیرا گلائیڈرز 25مئی سے ہنزہ اور اسکردو میں موجود تھے ، ان کی قیادت عالمی شہرت یافتہ پیرا گلائیڈر انٹائن جراڈ کر رہے تھے، جون میں ان پیرا گلائیڈرز نے ہنزہ کی پہاڑیوں پر پریکٹس کی ، ان کا مشن پیرا گلائیڈنگ کر کے بلندی پر جانے کا عالمی ریکارڈ بنانا تھا۔

    نیا ریکارڈ8407میٹر کا بنایا گیا اس سے قبل عالمی ریکارڈ8157میٹر کا ہے ، اسکردو میں واقع بلتو رو گلیشئر پر ریکارڈ یورپی پیرا گلائیڈر انٹائن جراڈنے بنایا اور پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ یہ ریکارڈ اس کی سر زمین پر بنا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی اسکول،فزیکل ٹریننگ کے مایہ ناز پیرا گلائیڈرز بھی پریکٹس میں شریک رہے ، پاکستان آرمی پیرا گلیڈنگ ٹیم کی قیادت کیپٹن احسن نے کی، ان کےساتھ حوالدار قاسم اور حوالدار مقید بھی مہم میں شامل تھے، انھوں نے5سے6ہزار میٹر بلند 4مختلف چوٹیوں سے کامیاب پیرا گلائیڈنگ کی۔

    غیر ملکی پیرا گلائیڈرز نے حکومت ،پاک فوج کی سہولتوں،معاونت پر شکریہ ادا کیا جبکہ عالمی ریکارڈکی شہرت کیساتھ شمالی علاقہ جات کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور کرونا کی روک تھام پر بات چیت کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا پولیو کا خاتمہ اور کرونا وبا کی روک تھام قومی کاز اور کوشش ہے، پاکستان سے جب تک پولیو ختم نہیں ہو جاتا، کامیابی قرار نہیں دے سکتے۔

    بل گیٹس نے قومی پولیو مہم میں پاک فوج کے تعاون کی خصوصی تعریف کی اور کہا کہ پاک فوج کے تعاون سے قومی پولیو مہم کے بہتر نتائج آئے ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پولیو کے سدباب کے لیے پولیو ورکرز سمیت سب کی کوششیں کار فرما ہیں۔

    پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بل گیٹس کی تنظیم کے تعاون پر آرمی چیف نے شکریہ ادا کیا۔

  • جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، سرگرم دہشت گرد ہلاک

    جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، سرگرم دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم دہشت گرد مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں آپریشن کیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد پیر عرف اسد مارا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر عرف اسد سنہ 2006 سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا، پیر عرف اسد نے بیت اللہ محسود گروپ میں رہ کر دہشت گردی کارروائیاں انجام دیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر 2 آپریشنز کیے گئے تھے جس میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والوں میں عادل، جنید عرف جامد، خالق عرف ریحان شامل تھے، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے سے نئے دہشت گرد بھرتی کرتے تھے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر علاج فوجی جوانوں سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر علاج فوجی جوانوں سے ملاقات

    راولپنڈی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے وہاں زیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی اور کہا کہ ہماری جری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر سربراہ آرمی میڈیکل کور لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور ادارے کے سربراہ نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ کو آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج با ہمت اور پرعزم جوانوں سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ نے وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کو بھی سراہا اور زیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری جری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اے ایف آئی آر ایم ملک میں مصنوعی اعضا کا بڑا اور جدید مرکز ہے، انسٹی ٹیوٹ میں محاذ جنگ پر زخمی ہونے والے جوانوں کو علاج کے لیے لایا جاتا ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا

    شمالی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں آپریشن میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بویا میں آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد اشرف اللہ عرف طوفانی مارا گیا۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد اشرف اللہ ہلاک ہو گیا، وہ ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اشرف اللہ ٹارگٹ کلنگ، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، اور بھتہ خوری جیسے جرائم میں ملوث تھا۔

  • شمالی وزیرستان میں 2 آپریشنز، 8 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں 2 آپریشنز، 8 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر 2 آپریشنز میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آج سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر دو آپریشنز کیے، آپریشنز کے دوران 3 دہشت گرد لیڈرز سمیت 8 مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والوں میں عبدالانیر عرف عادل، جنید عرف جامد، خالق عرف ریحان شامل ہیں، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد علاقے سے نئے دہشت گرد بھرتی کرتے تھے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور ہتھیار بھی برآمد کر لیے ہیں۔

  • چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں جاری

    چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں جاری

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں جاری ہے ، جس میں مختلف ٹیمیں ٹیکنیکل بیٹل ڈرلز اور دیگر حربی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہی ہیں۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں نیشنل کاؤنٹرٹیررازم سینٹر  میں جاری ہے، مقابلوں میں چیلنجنگ صورتحال،جسمانی اورذہنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا جارہا ہے۔

    مختلف ٹیمیں ٹیکنیکل بیٹل ڈرلزاوردیگرحربی صلاحیتوں کامظاہرہ کررہی ہیں جبکہ آبی رکاوٹوں ودیگرچیلنجز پر مبنی مقابلے بھی ہوں گے۔

    گذشتہ روز چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2021 کا آغاز ہوا تھا ، 3روزہ مقابلوں میں پاکستان آرمی کی 8 ڈومیسٹک ٹیموں کے علاوہ 8 اتحادی ممالک کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اتحادی ممالک میں اردن ، سری لنکا ، ترکی اور ازبکستان کی ٹیمیں مقابلوں میں شریک ہوں گی جبکہ مراکش ، انڈونیشیا ، قازقستان اور تاجکستان مبصرین کی حیثیت سے حصہ لیں گے ۔

    ترجمان پاک فوج نے کہا تھا کہ مقابلوں میں شرکا کی جانب سے پیشہ ورانہ اور فزیکل مہارتوں کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ ٹیمیں 62گھنٹوں پر محیط اس ایونٹ میں مختلف نوعیت کی رکاوٹوں کو عبور کریں گی۔