Tag: آئی جی

  • سپریم کورٹ کا خواتین کے مقدمات میں خاتون تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا خواتین کے مقدمات میں خاتون تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے خواتین کے مقدمات میں خاتون کو ہی تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے پولیس کو سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ذہنیت تبدیل کریں اور غلامی سے نکلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں گوجرانوالہ میں خلع کے بعد اغوا کی جانے والی خاتون کی درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اہم احکامات جاری کردیے۔

    سپریم کورٹ نے خواتین کے مقدمات میں خاتون کو ہی تفتیشی افسر بنانے کا حکم دے دیا، سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ ایس او پی تمام تھانوں میں آویزاں کردیے جائیں اور ایس او پی کا اردو ترجمہ تمام ایس ایچ اوز تک پہنچائے جائیں۔

    آئی جی کو آئی جی صاحب کہنے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایس پی کی سخت سرزنش کر ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی صاحب کوئی نہیں ہوتا آئی جی صرف آئی جی ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے سنہ 47 میں آزادی حاصل کر لی تھی، لیکن پولیس ابھی تک انگریز کے دور میں ہے۔ دنیا میں کہیں آئی جی کو آئی جی صاحب نہیں کہا جاتا، پولیس اپنی ذہنیت تبدیل کرے اور غلامی سے نکلے۔

    سپریم کورٹ نے خاتون کے کیس میں مرد تفتیشی افسرمقرر کرنے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ ایس او پی کے مطابق خواتین کے مقدمات میں خاتون افسر تفتیش کر سکتی ہیں۔

    وکیل نے کہا کہ گوجرانوالہ میں خاتون کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے کی تفتیش مرد تفتیشی افسر نے کی، مرد افسر کی تفتیش پر عدالت نے سوال اٹھایا تو ایس پی نے آئی او کو شوکاز جاری کیا۔

    عدالت نے ایس پی کے شوکاز نوٹس جاری کرنے پر سوال اٹھا دیا، عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ کیا ایس پی اپنے ماتحت جس کو وہ خود تعینات کرتا ہو شوکاز نوٹس جاری کرسکتا ہے؟

    سرکاری وکیل نے کہا کہ ایس پی شوکاز نہیں جاری کر سکتا، نوٹس واپس لے لیا جائے گا۔

    عدالت نے مرد تفتیشی افسر مقرر کرنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا حکم دے کر درخواست نمٹا دی۔

  • سندھ حکومت کی مشاورت کے بغیر آئی جی تعینات نہیں کیا جاسکتا، سعید غنی

    سندھ حکومت کی مشاورت کے بغیر آئی جی تعینات نہیں کیا جاسکتا، سعید غنی

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی مشاورت کے بغیر آئی جی تعینات نہیں کیا جا سکتا، وزیراعظم نے دو ناموں پر اتفاق کیا تھا انہی میں سے آئی جی ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ وفاق سے باضابطہ کسی آئی جی کے نام کی اطلاع نہیں آئی، سندھ حکومت کی مشاورت کے بغیر آئی جی تعینات نہیں کیا جا سکتا۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے دو ناموں پر اتفاق کیا تھا انہی میں سے آئی جی ہونا چاہیے، ہم نے جو پانچ نام دییے ہیں انہیں میں سے کسی کو آئی جی ہونا چاہیے، وفاق کوئی اپنا نام دے گا تو یہ سندھ کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاق اپنی مرضی کا آئی جی لگوائے گا تو ہم امن وامان کی ذمہ داری سے الگ ہو جائیں گے، 5 ناموں کےعلاوہ کوئی اور آئی جی بنا توامن وامان کی ذمہ داری وفاق پر ہوگی۔

    وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ قانون میں یہ نہیں لکھا کہ ہر ایم پی اے، ایم این اے کو مطمئن کیا جائے۔

  • قتل: مقدمہ آئی جی اورگورنرکیخلاف درج کیا جائے، ندیم نصرت

    قتل: مقدمہ آئی جی اورگورنرکیخلاف درج کیا جائے، ندیم نصرت

    لندن : کنوینر ایم کیو ایم ندیم نصرت نے کہا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں پولیس فائرنگ سے شہید ہونے والے اصغر امام کے قتل کا مقدمہ آئی جی اور گورنر سندھ کے خلاف درج کیا جائے، کراچی کے شہریوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا جا رہا ہے، پیپلزپارٹی کے وزراء کراچی کو صرف لوٹ کا مال سمجھتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے لندن سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ ندیم نصرت نے کہا کہ اصغرامام کو افغانستان سے آئے ہوئے کسی جہادی نے گولیاں نہیں ماریں بلکہ وہ غیر مقامی پولیس کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس کے مظالم کا نوٹس لینے کے بجائے گورنرسندھ کراچی کی صورتحال کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں۔

    گورنرسندھ کا کراچی سے کوئی تعلق نہیں یہ غیر مقامی ہیں، سندھ میں کسی اردو بولنے والے کو گورنر مقرر کیا جائے، ندیم نصرت نے کہا کہ کراچی آپریشن میں ہزاروں بے گناہ نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ریاست کراچی کے شہریوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کررہی ہے، انصاف فراہم کرنے کے بجائے طاقت سے کچلا جارہا ہے، پیپلزپارٹی کے وزراء کراچی کو صرف لوٹ کا مال سمجھتے ہیں۔

    ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ کے بجائے ایم کیو ایم کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں،ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن بند کیا جائے ، بے گناہوں کو رہا کیا جائے۔