Tag: آئی جی خیبر پختونخوا

  • ‘خیبرپختونخوا میں 15خودکش بم دھماکوں میں  10 حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے نکلا’

    ‘خیبرپختونخوا میں 15خودکش بم دھماکوں میں 10 حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے نکلا’

    پشاور : آئی جی خیبر پختونخوا اخترحیات کا کہنا ہے کہ رواں سال صوبے میں پندرہ خودکش حملے ہوئے، جس میں دس حملہ آوروں کاتعلق افغانستان سے تھا، جن کے فنگر پرنٹ کا ریکارڈ نادرا میں موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں خودکش بم دھماکوں اور بھتہ خوری واقعات میں زیادہ تر افغان دہشت گرد نیٹ ورک ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔

    آئی جی خیبر پختونخوا اخترحیات کی جانب سے بتایا گیا کہ جنوری سےاب تک خیبرپختونخوامیں15خودکش حملے ہوئے، جس میں سے 10 خودکش حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے تھا اور ان 10 خودکش حملہ آوروں کے فنگر پرنٹ کا ریکارڈ نادرا میں موجود نہیں۔

    اختر حیات کا کہنا تھا کہ بھتہ خوری کے واقعات میں افغانی اور پاکستان دونوں ملوث ہے، بھتہ خوری میں افغان نمبر استعمال ہوتے ہے، جن تک رسائی مشکل ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پشاور پولیس لائن مسجد خود کش حملہ اور جے یو ائی کنونشن باجوڑ میں ہونے والا خودکش دھماکہ کےواقعات بڑے تھے جبکہ باڑہ، حیات آباد،علی مسجد اور ہنگو میں خودکش حملوں کو پولیس نے ناکام بنایا۔

    آئی جی خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ تمام کیسز کو ٹریس کیا گیا، سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا، ملک میں خودکش حملے کے 24 واقعات میں سے 15 خیبرپختونخوا میں ہوئے جبکہ مہمند، باجوڑ، خیبر اور پشاور میں بھتہ خوری کے 76 مقدمے درج ہوئے ، بھتہ خوری کے 76 مقدمات میں سے49 کو ٹریس کیا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کو ضم قبائلی اضلاع تک توسیع دی ہے اور مختلف اضلاع میں کمانڈ اینڈ کنٹرول کا سسٹم شروع کیا ہے۔

  • مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط

    مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط

    پشاور: آئی جی خیبر پختون خوا نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے آئی جی نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق خیبر پختون خوا پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج ہے، اور وہ کے پی پولیس کو مطلوب ہیں اس لیے انھیں گرفتار کر کے کے پی پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ذرایع نے بتایا تھا کہ ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے پر گرفتاری سے بچنے کے لیے مفتی کفایت اللہ نے لاڑکانہ میں ایک مدرسے میں پناہ لے لی ہے۔

    مفتی کفایت اللہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاڑکانہ پہنچ گئے، ذرائع

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مفتی کفایت اللہ نے لاڑکانہ کے مدرسے اشاعت القرآن میں پناہ لے لی ہے، جمعیت علماء اسلام کے رہنما راشد سومرو نے مفتی کفایت اللہ کو لاڑکانہ میں پناہ دی ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی کفایت اللہ پر ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے پر خیبر پختون خوا میں مقدمہ درج ہے، کابینہ نے کے پی حکومت کو مفتی کفایت کے خلاف مقدمے کی ہدایت کی تھی۔

  • ثنا اللہ عباسی نئے آئی جی خیبر پختونخوا تعینات

    ثنا اللہ عباسی نئے آئی جی خیبر پختونخوا تعینات

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ثنا اللہ عباسی کو آئی جی خیبر پختونخوا تعینات کر دیا، وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ثنا اللہ عباسی کو آئی جی خیبر پختونخوا تعینات کر دیا گیا۔ ثنااللہ عباسی آئی جی گلگت بلتستان کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

    وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

    وفاقی حکومت نے دو روز قبل آئی جی خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعیم کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے آئی جی خیبرپختونوا کے لیے تین نام وزیراعظم آفس کو بھجوائے تھے، تینوں ناموں میں سینئر پولیس افسران محمد طاہر، ثنااللہ عباسی اور محمد سلیمان کے نام شامل تھے۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹر محمد نعیم نے رواں سال 9 فروری کو آئی جی خیبرپختونخوا کا چارج سنبھالا تھا اور انہیں 11 ماہ بعد تبدیل کر دیا گیا۔