Tag: آئی جی سندھ

  • کراچی کے لیے 77 تھریٹ الرٹس موجود ہیں: آئی جی سندھ

    کراچی کے لیے 77 تھریٹ الرٹس موجود ہیں: آئی جی سندھ

    کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد کراچی میں سیکیورٹی سخت کردی ہے، شہر کے 77 مقامات کے لیے دہشتگردی کا خدشہ موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ مشکلات کا سامنا ہے جنہیں دور کیا جا رہا ہے، کراچی کا شہری ہوں اور عزیز آباد میں رہتا تھا۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سنہ 1980 میں کرکٹ کھیلتا تھا بہت اچھا ماحول تھا، پتہ ہی نہیں چلا کب نوجوانوں کے ہاتھ میں بلے کی جگہ ہتھیار آگئے، یہ میرا شہر ہے مجھے یہاں کے حالات کی فکر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی کیس میں اہم کڑی ملی ہے، جلد آگاہ کیا جائے گا۔ کوئٹہ میں واقعہ ہوا ہے، کراچی میں بھی 77 تھریٹ الرٹ موجود ہیں۔ کوئٹہ واقعے کے تناظر میں کراچی میں سیکیورٹی سخت ہے۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد کراچی میں پولیس کی شہادتوں میں کمی ہوئی، غفار ذکری اور دیگر گینگز کا خاتمہ کیا جو بڑی کامیابی ہیں۔ تاجر کے قتل کی تحقیقات ہو رہی ہے۔ بھتے کی وارداتیں یا قتل کی کارروائیاں بہت ہوئیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ چلانے کے لیے رولز کی ضرورت ہوتی ہے، 22 اگست واقعے کی تحقیقات اختتامی مراحل میں ہیں۔ کسی کو شہر میں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • شکارپور دھماکے میں مطلوب دہشت گرد بلوچستان سے گرفتار

    شکارپور دھماکے میں مطلوب دہشت گرد بلوچستان سے گرفتار

    جیکب آباد: سندھ پولیس نے شکارپور دھماکے میں مطلوب 2 دہشت گرد بلوچستان سے گرفتار کر لیے، آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد شکار پور دھماکے میں مطلوب تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے بلوچستان سے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے، آئی جی سندھ نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان سرحدی پٹی پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد شکار پور دھماکے میں پولیس کو مطلوب تھے، ماضی میں بھی بلوچستان کے راستے دہشت گردوں نے کارروائیاں کیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شکارپور: پولیس کی بڑی کارروائی، 4 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا ہے کہ دہشت گردوں نے جیکب آباد، شکارپور اور کشمور میں دھماکے کیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتِ حال اب پہلے سے بہتر ہے۔

    یاد رہے کہ 20 مارچ کو بھی شکار پور میں پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ نا کام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد بر آمد کیا تھا، گرفتار دہشت گرد سندھ، بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کے قریبی ساتھی بتائے گئے۔

    دہشت گردوں میں عبد الحکیم بنگلانی، عبد الشکور، اسحاق جعفری اور فاروق سومرو شامل تھے، دہشت گردوں سے 2 پریشر ککر بم، 35 ہینڈ گرنیڈ، 20 کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔

  • اے کلاس مقدمات کی متنازعہ رپورٹس پر سندھ ہائی کورٹ کا اظہار عدم اطمینان

    اے کلاس مقدمات کی متنازعہ رپورٹس پر سندھ ہائی کورٹ کا اظہار عدم اطمینان

    کراچی : صوبہ سندھ میں اے کلاس مقدمات سے متعلق پراسیکیوٹر جنرل سندھ اور آئی جی کی رپورٹوں میں تضادات پر سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں صوبے بھر کے اے کلاس مقدمات سے متعلق رپورٹ پیش کردی گئی، اے کلاس مقدمات پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ اور آئی جی کی عدالتوں میں پیش کی گئی رپورٹس میں تضاد پایا گیا ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے مذکورہ رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا، اس حوالے سے عدالت کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کوسنجیدہ نہیں لیا۔

    آئی جی سندھ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ بھر میں54ہزار400مقدمات زیرالتوا ہیں جبکہ پراسیکیوٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق88ہزار211مقدمات زیر التوا ہیں۔

    عدالت کا مزید کہنا ہے کہ صرف کراچی کے3اضلاع میں46ہزار مقدمات زیرالتوا ہیں، سندھ پولیس کے اے کلاس مقدمات کا جامع ریکارڈ نہیں ہے، اے آئی جی لیگل اے کلاس مقدمات سے بےخبر ہیں اور اب تک عدالت کی معاونت کرنے میں ناکام رہے ہیں، ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنا پولیس مجسٹریٹ عدالتوں کی ذمہ داری ہے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ہر15دن بعد اے کلاس مقدمات کو کازلسٹ میں شامل کیا جائے اور عدالتیں مقدمے میں متاثرہ فریق اور تفتیشی افسر کو طلب کریں۔

    عدالت کی جانب سے ایم آئی ٹی کو حکم جاری کیا گیا کہ ضلعی عدالتوں اور ہائی کورٹ کا ریکارڈ ویب پراپ لوڈ کیا جائے، عدالت نے آئی جی سندھ کو صوبے بھر میں تفتیشی سیل قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مذکورہ تفتیشی سیل صوبے، ڈویژن اور ضلعی سطح پر بنائےجائیں۔

    چیئرمین نادرا کو بھی معلومات فراہم کرنے کے سلسلے میں پولیس سے بھرپور تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ عدالت نے اےآئی جی کراچی کو اے کلاس مقدمات کی علیحدہ تفصیل جمع کرانے کی ہدایت ہوئےسی ٹی ڈی، ایس آئی یو، اے وی سی سی کو بھی ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم جاری کردیا۔

  • آئی جی سندھ سید کلیم امام نے اپنا واٹس ایپ نمبرعوام الناس کے لیے عام کردیا

    آئی جی سندھ سید کلیم امام نے اپنا واٹس ایپ نمبرعوام الناس کے لیے عام کردیا

    کراچی : آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہریوں کو بروقت قانونی امداد کی فراہمی کیلئے اپنا واٹس ایپ نمبر عام کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ عوام پولیس کے خلاف بھی اپنی شکایات شیئر کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے حالیہ واقعات کے تناظر میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے آس پاس یا اطراف کے علاقوں یا پڑوس میں کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی مشتبہ افراد یا کوئی مشکوک گاڑی موٹرسائیکل، بیگ، پارسل، تھیلا اور بریف کیس وغیرہ دیکھیں تو فوری طور پر اس کی اطلاع مددگار15قریبی تھانہ ڈی آئی جیز ایس ایس پیز دفاتر کو دے کر جرائم کے خلاف پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں۔

    آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ عوام مجھے واٹس ایپ نمبر03000021881 پر بھی مذکورہ حوالے سے یا پھر خود کو درپیش مسائل و مشکلات اور بالخصوص پولیس کے خلاف شکایات بھی شیئر کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے سندھ بھر کے تمام ضلعی ایس ایس پیز کو جاری احکامات میں کہا کہ وہ بھی اپنے واٹس ایپ نمبر فوری طور پر عوام کے لیے عام کریں تاکہ امن وامان کی صورتحال پر مکمل کنٹرول کے ساتھ ساتھ جرائم کے خلاف پولیس کے مجموعی اقدامات کو عوام کے انفرادی اور اجتماعی کردار کی بدولت مزید تقویت بھی دی جاسکے۔

    انہوں نے عوام کے نام ایک پیغام میں کہا کہ جرائم کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کے ہاتھوں کو مزید مضبوط کریں کیونکہ یہ آپ کی اپنی فورس ہے اس کا کام ہی قانون پسند شہریوں کا تحفظ اور امن وامان جیسے اقدامات کو تقویت دینا ہے۔

  • آئی جی سندھ کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم دے دیا

    آئی جی سندھ کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم دے دیا

    کراچی: آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلےمیں کراچی کی 3 معروف سڑکوں کوماڈل روڈ بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم دے دیا۔

    آئی جی سندھ کلیم امام نے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ کوخط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں شہرکی 3 معروف سڑکوں کوماڈل روڈ بنایا جائے۔

    سید کلیم امام نے خط میں کہا کہ ماڈل سڑکیں شارع فیصل، آئی آئی چند ریگرروڈ اورمیٹروپول سے 2 تلوار تک بنائی جائیں، ماڈل سڑکوں پرقائم پٹرول پمپس پربھی کڑی نگاہ رکھی جائے۔

    آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے ہدایت کی کہ ہیلمٹ کے بغیرسفرکرنے والے موٹرسائیکل سواروں کوفیول فراہم نہ کیا جائے۔

    آئی جی سندھ نے ڈاکٹرامیرشیخ کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی بندش کے لیے لگائے جانے والے کنٹینرز کے لیے ضابطہ اخلاق بنا دیا گیا، کنٹینرزپرزحمت کے لیے معذرت واضح طورپرلکھوایا جائے۔

    پولیس اہلکاروں نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، کراچی پولیس چیف


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی پولیس چیف امیرشیخ نے خبردار کیا تھا کہ پولیس اہلکار کو ہیلمٹ پہننا ہوگا اور لائسنس بھی ہمراہ رکھنا ہوگا، پولیس افسر نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • آئی جی سندھ نے تبدیلی کی ابتداء کردی، افسران کو مہمانوں کی خاطر مدارات سے روک دیا

    آئی جی سندھ نے تبدیلی کی ابتداء کردی، افسران کو مہمانوں کی خاطر مدارات سے روک دیا

    کراچی : آئی جی سندھ نے تمام پولیس افسران کو سینٹرل پولیس آفس میں مہمانوں کی خاطر مدارات سے روک دیا، ان کا کہنا ہے کہ افسران کام کے بجائے لمبی میٹنگز کرتے تھے۔

    تفصیلات کےمطابق نئے آئی جی سندھ کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس میں تبدیلی کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے سینئر افسران کو سخت حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

    حکم نامے کے مطابق آج کے بعد سی پی او میں کام کرنے والے افسران مہمانوں سے نہیں ملیں گے، مہمان کو صرف سینٹرل پولیس آفس کی پہلی منزل پر چائے خانے میں بٹھایا جائے گا، متعلقہ افسر اپنے مہمان سے چائےخانے میں ہی ملاقات کرے گا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پی او میں پولیس افسران مہمانوں سے گھنٹوں گپ شپ کیا کرتے تھے، دفترمیں ہی کھانے اور چائےکا دوربھی چلتا تھا، ذرائع افسران کام کرنے کے بجائے اپنے دفاتر میں بیٹھ کر لمبی لمبی میٹنگز کیا کرتے تھے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی جی سندھ نے پولیس کے سینئرافسران سے مشاورت کے بعد حکم نامہ جاری کیا ہے۔

    یاد رہے کہ نئے آئی جی سندھ کلیم امام نے اپنے عہدے کاچارج سنبھالنے کے بعدسی پی او میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے دفترکے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، میرٹ اور اہلیت کوترجیح دوں گا،۔

    مزید پڑھیں: کلیم امام نے سندھ پولیس کے نئے آئی جی کا چارج سنبھال لیا

    انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کا ہر فرد میرے لیے ٹیم ممبر کی حیثیت رکھتا ہے پولیس کا مورال بلند اور عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھ کرادا کریں گے۔

  • پولیس پر کوئی دباؤ نہیں، اچھا کام کرنے والے کو انعام دیں گے: آئی جی سندھ

    پولیس پر کوئی دباؤ نہیں، اچھا کام کرنے والے کو انعام دیں گے: آئی جی سندھ

    کراچی: نئے آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ غیر جانبدار رہتے ہوئے پولیس اپنا کام جاری رکھے گی، پولیس پر کوئی دباؤ نہیں، اچھا کام کرنے والے کو انعام دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی سندھ کلیم امام مزار قائد پہنچے۔ ان کے ہمراہ دیگرافسران بھی موجود تھے۔ آئی جی سندھ نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی۔

    مزار کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شکر گزار ہوں کہ آئی جی سندھ بننے اور خدمت کرنے کا موقع ملا۔ یقین دلاتا ہوں پروفیشنلزم سے کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے شہدا اور لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں، سندھ پولیس کے غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ’شہدا کے بچے ہمارے بچے ہیں‘۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی بڑا شہر ہے، پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے۔ ہماری کوتاہی کی نشاندہی کریں، عوام کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ نیک نیتی سے کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ ہمیں نتیجہ چاہیئے۔ غیر جانبدار رہتے ہوئے پولیس اپنا کام جاری رکھے گی، پولیس پر کوئی دباؤ نہیں، اچھا کام کرنے والے کو انعام دیا جائے گا۔

    آئی جی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔

    خیال رہے کہ کلیم امام نے سندھ پولیس کے 59 ویں انسپکٹر جنرل (آئی جی) کا چارج گزشتہ روز سنبھالا ہے۔

    کلیم امام محکمہ پولیس سے گزشتہ 25 سال سے وابستہ ہیں۔ ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھنے والے ڈاکٹر کلیم کو جون 2018 میں آئی جی پنجاب بھی بنایا گیا تھا۔

  • سابق آئی جی سندھ اور 6 اے آئی جیز کے وارنٹ گرفتاری جاری

    سابق آئی جی سندھ اور 6 اے آئی جیز کے وارنٹ گرفتاری جاری

    کراچی: سندھ پولیس فنڈ میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور نئے ریفرنس پر سماعت کے دوران سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور 6 اے آئی جیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سندھ پولیس فنڈ میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور نئے ریفرنس پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے سابق آئی جی سندھ اور 6 اے آئی جیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے 11 ستمبر تک عدالت میں ہیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    ملزمان میں سابق اے آئی جی تنویر احمد طاہر، سب انجینئر ورکس اینڈ سروسز رضوان حسین شامل ہیں جبکہ عتیق الرحمٰن، شفیق، سید نعیم اور بابر علی مفرور ہیں۔

    سابق آئی جی غلام حیدر جمالی نے ریفرنس میں پہلے ہی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ عبوری ضمانت کی اطلاعی رپورٹ تا حال عدالت میں جمع نہیں کروائی گئی۔

    قومی احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 15 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا، ملزمان پر پولیس فیڈنگ فنڈ کی مد میں کرپشن کا الزام ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل محکمہ داخلہ سندھ نے سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کروائی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سندھ پولیس کے 12 ہزار افسران اور اہلکار جرائم میں ملوث ہیں۔

  • ضیاء الدین اسپتال میں شرجیل میمن کےکمرے سےشراب کی بوتلیں برآمد ہونےکا واقعہ

    ضیاء الدین اسپتال میں شرجیل میمن کےکمرے سےشراب کی بوتلیں برآمد ہونےکا واقعہ

    کراچی : آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے ضیاء الدین اسپتال میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پرواقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سندھ پولیس نے اسپتال میں سابق صوبائی وزیراطلاعات ونشریات شرجیل میمن کے کیمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پر تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اختر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ، ایس پی ایسٹ شامل ہیں، کمیٹی ایک ہفتے میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

    چیف جسٹس کا ضیاء الدین اسپتال کا دورہ‘ شرجیل میمن کےکمرے سےشراب کی بوتلیں برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ روزچیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو کراچی کے اسپتالوں میں سیاسی قیدیوں کے کمروں پر چھاپوں کے دوران ضیاءالدین اسپتال میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملی تھیں۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے پولیس کو انکوائری کی حکم دیتے ہوئے اٹارنی جنرل کو یہ معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی تھی۔

    شرجیل میمن اور دیگر کےخلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    بعدازاں اسپتال کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے پرشرجیل میمن، ڈیوٹی پرمامور جیل اہلکاروں اور اسپتال کے تین ملازمین کے خلاف مقدمہ بوٹ بیسن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

  • الیکشن کے دن قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا: آئی جی سندھ

    الیکشن کے دن قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا: آئی جی سندھ

    کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ امجد جاوید سلیمی کا کہنا ہے کہ الیکشن میں قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا، 1 لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ الیکشن کے دن علاقہ ایس ایچ او 2 موبائل اسکواڈ کے ساتھ متحرک ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب تھی، کراچی میں قیام امن میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ پولیس میں اصلاحات کریں گے، لوگوں کا اعتماد بحال کریں گے، پولیس میں ٹریننگ کا نظام لائیں گے، پولیس میں موجود خامیوں کا خاتمہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بھی قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ جرائم میں ملوث افراد کی لسٹیں بنائی ہیں، انہیں گرفتار کریں گے۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ شہر میں اب کوئی نو گو ایریا نہیں ہے۔ بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی آئی ہے۔ ’کراچی کو ایسا بنائیں گے کہ باہر سے آنے والے محفوظ جنت سمجھیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ ہونی چاہیئے، اس کے لیے کام کر رہا ہوں۔ بہتر معاشرہ چاہیئے تو بہتر پولیس کا ہونا ضروری ہے۔

    آئی جی نے مزید کہا کہ چوری شدہ موٹر سائیکلوں کی ریکوری کی شرح 50 فیصد ہے۔ موٹر سائیکلوں کی چوری میں 50 افراد پر مشتمل خاندان کو پکڑا ہے۔ صوبہ سندھ میں سب سے پرامن انتخابی مہم چلائی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے 1 لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ 5 ہزار 7 سو انتہائی حساس اور 6 ہزار حساس پولنگ اسٹیشن ہیں، الیکشن کے دن علاقہ ایس ایچ او 2 موبائل اسکواڈ کے ساتھ متحرک ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔