Tag: آئی سی آئی پل

  • تیز رفتار ٹریلر پُل کی حفاظتی ریلنگ سے ٹکرا کر لٹک گیا

    تیز رفتار ٹریلر پُل کی حفاظتی ریلنگ سے ٹکرا کر لٹک گیا

    کراچی: شہر قائد میں آئی سی آئی پل پر ایک تیز رفتار ٹریلر حفاظتی ریلنگ سے ٹکرا کر لٹک گیا، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیٹی جیٹی کے قریب واقع آئی سی آئی پل پر تیز رفتار ٹریلر حفاظتی جالیاں توڑتا ہوا پل سے لٹک گیا، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریلر لٹکنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جسے پل پر واپس لانے کے لیے بھاری کرین طلب کی گئی، ریسکیو عملے نے کرین کی مدد سے ہیوی گاڑی کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی۔


    نجی ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بچ گئی، طیارے کی بہ مشکل لینڈنگ


    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ہفتہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹریلر ڈرائیور سے بے قابو ہو گیا، جس کی وجہ سے وہ پل کی ریلنگ سے ٹکرایا اور اس کا اگلا حصہ پل سے لٹک گیا، حادثے کی وجہ سے ماری پور روڈ سے مائی کلاچی جانے اور مائی کلاچی سے ماری پور روڈ جانے والے ٹریک کو بند کر دیا گیا تھا۔

    ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد ڈرائیور کو ٹریلر سے بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے۔

  • جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں افسوس ناک حادثے سے متعلق بچوں کے والد کا بیان

    جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں افسوس ناک حادثے سے متعلق بچوں کے والد کا بیان

    کراچی: گزشتہ روز جشن آزادی کے موقع پر کراچی کے علاقے آئی سی آئی پل کے قریب افسوس ناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والد کا بیان سامنے آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز آئی سی آئی پل کے قریب حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے بلدیہ 7 نمبر کے رہائشی بچوں کے والد نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچے گھر والوں کی اجازت کے بغیر موٹر سائیکل نکال کر گھومنے نکلے تھے۔

    معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز کا ٹریفک حادثہ موٹر سائیکل بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا تھا، والد کا یہ بھی کہنا ہے کہ بڑے بیٹے نے چھپ کر جیب سے چابی نکلوائی تھی اور دوسرے بچوں کو جشن آزادی منانے کے لیے باہر لے گیا تھا۔

    ٹریفک حادثہ، جشن آزادی منانے نکلنے والے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی

    بچوں کے غم زدہ والد نے بتایا کہ بچے ڈھائی بجے کے آس پاس گھر سے کھانا کھا کر نکلے تھے، والد کا کہنا ہے کہ انھوں نے بچوں کو اپنے ہاتھ سے سالن نکال کر دیا تھا، چھوٹے بچے کی فرمائش پر کولڈ ڈرنک بھی پلایا، پھر میں قمیص اتار کر لیٹ گیا تو اس دوران چھوٹے بیٹے عبدالہادی نے موٹر سائیکل کی چابی چھپکے سے نکال لی۔

    ان کا کہنا تھا کہ انھیں شک بھی ہوا اس لیے قمیص کی تلاشی لی تو پتا چلا کہ بچے چابی نکال کر لے گئے ہیں، تب تک وہ گھر سے نکل چکے تھے، پھر ایک گھنٹے کے بعد کال آئی کہ ٹراما سینٹر پہنچیں۔

    بچوں کے والد نے بتایا کہ میرے پوچھنے پر کہا گیا کہ دو بچوں کی حالت خراب ہے، باقی تین ٹھیک ہیں، لیکن جب میں ٹراما سینٹر پہنچا تو سب سے پہلے چھوٹے کو دیکھا، مجھے بتایا گیا کہ ابھی دس منٹ پہلے یہ انتقال کر گیا ہے، جب کہ بڑا بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔

    واضح رہے کہ جاں بحق دونوں بچوں کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی ہے، گزشتہ روز کے حادثے میں 2 بچے 14 سال کا عمر اور 3 سال کا اویس جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ 4 سال کی افشاں، 6 سال کی منیبہ اور 7 سال کا عبدالہادی زخمی ہو گئے تھے۔

  • ٹریفک حادثہ، جشن آزادی منانے نکلنے والے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی

    ٹریفک حادثہ، جشن آزادی منانے نکلنے والے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی

    کراچی: شہر قائد میں آئی سی آئی پل کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں 2 بچے جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے، بد قسمت بچے بڑے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جشن آزادی منانے نکلے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئی سی آئی پل کے قریب ٹریفک حادثے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 2 بچیوں سمیت تین بچے زخمی ہو گئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل کو کار کی ٹکر کے باعث پیش آیا، حادثے کی شکار موٹر سائیکل پر پانچوں بچے بہن بھائی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 14 سال کا عمر اور 3 سال کا اویس شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 4 سال کی افشاں، 6 سال کی منیبہ اور 7 سال کا عبدالہدیٰ شامل ہیں۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا بھائی یوم آزادی منانے کے لیے بچوں کو موٹر سائیکل پر گھمانے کے لیے نکلا تھا کہ آئی سی آئی پل کے قریب کار کی ٹکر سے حادثے کا شکار ہو گئے، بچوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے لباس پہن رکھا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے بچے بلدیہ 7 نمبر کے رہائشی ہیں، اہل خانہ سول اسپتال پہنچے تو بچوں کو دیکھ کر ان کی حالت غیر ہونے لگی۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، بڑی تعداد میں بچوں اور خواتین سمیت لوگ گھروں سے نکل کر مختلف مقامات پر پاکستان کی آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔