Tag: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر

  • آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان نے ویسٹ‌ انڈیز کو بھی پچھاڑ دیا، فتوحات کی ہیٹ ٹرک

    آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان نے ویسٹ‌ انڈیز کو بھی پچھاڑ دیا، فتوحات کی ہیٹ ٹرک

    پاکستان میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان نے مسلسل تیسری جیت حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔

    لاہور میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ون ڈے میچ گرین شرٹس نے با آسانی 65 رنز سے شکست دے کر رواں سال ہونے والے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کی راہ مزید ہموار کر لی ہے۔

    پاکستان ویمنز نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم کیربیئن ٹیم 39.2 اوورز میں 126 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ عالیہ الینی 22 اور شبیکا گجنبی 21 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔

    پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر فاطمہ ثنا رہیں، جنہوں نے صرف 16 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرا سندھو اور رامین شمیم نے دو، دو جب کہ سعدیہ اقبال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ سدرہ امین نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 54 رنز بنائے اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔منیبہ علی 33 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

    مسلسل تیسری فتح کے ساتھ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جب کہ بنگلہ دیش دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹاپ کی دو ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

  • آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں‌ شریک ٹیمیں بنیں شاہی مہمان (شاندار ویڈیوز دیکھیں)

    آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں‌ شریک ٹیمیں بنیں شاہی مہمان (شاندار ویڈیوز دیکھیں)

    پاکستان میں جاری آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں شریک ٹیمیں مغل دور کے یادگار شاہی قلعے میں پی سی بی کی شاہی مہمان بنیں۔

    آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ پاکستان میں جاری ہے جسمیں میزبان ٹیم سمیت 6 ٹیمیں شریک ہیں۔ میچز کے دوران فارغ لمحات کو پرمسرت بنانے کے لیے ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کو بنایا گیا شاہی مہمان۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے لاہور کے شاہی قلعہ میں  تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ٹیموں کے شرکا روایتی گاڑیوں کے بجائے آرٹ کا شاہکار رکشوں اور دیگر غیر روایتی ٹرانسپورٹ میں آئیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے عالمگیری دروازے پر خود تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہا اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

     

    ٹیمیں جیسے ہی شاہی قلعہ میں داخل ہوئیں تو بگل بجا کر ان کی آمدکا اعلان کیاگیا جبکہ مغلیہ دور کے لباس پہنے کنیزوں نے غیر ملکی مہمانوں کا مغل روایت کے مطابق استقبال کر کے مہمانوں کو حیران کر دیا۔ شاہی کنیزوں نے مہمانوں کی آمد پر فرشی آداب بجا لائیں۔

    تقریب میں کتھک رقص کا زبردست مظاہرہ کیا گیا جس سے غیر ملکی مہمان خوب محظوظ ہوئیں اور بھرپور داد بھی دی۔

     

    اس موقع پر آئرش کھلاڑیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا بھی کیا جب کہ بانسری کی مدھر دھنوں نے قومی ٹیم کی کھلاڑیوں پر سحر طاری کر دیا، انہوں نے دل دل پاکستان کا نغمہ بھی گنگنایا۔

    پی سی بی کی جانب سے تمام مہمان کھلاڑیوں کو شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، مزارِ اقبال اور حضوری باغ کی سیر بھی کرائی گئی۔کھلاڑیوں نے رنگیلے رکشےکی سواری بھی کی۔