آئی سی سی ورلڈکپ کے آخر میچ میں بھی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹیم کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دے دیا۔
انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری پرفارمنس مایوس کن رہی، افسوس ہے کہ ورلڈکپ کا اچھا اختتام نہیں کرسکے۔
قومی کپتان نے ایونٹ میں اسپنرز کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کپ 2023 میں اسپنرز کی کارکردگی سے مایوسی ہوئی۔
کولکتہ میں میچ پریزنٹیشن کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان واپس جا کر کارکردگی کا جائزہ لیں گے، ساتھ میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں سے مثبت چیزیں بھی لے کر جارہے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے اپنی پوری کوشش کی لیکن بدقسمتی سے ایک دو میچز میں قریب آکر ہارے۔ اگر ہم وہ میچ جیت جاتے تو یہ ایک مختلف کہانی ہوسکتی تھی لیکن بولنگ اور فیلڈنگ میں بہت سی غلطیاں ہوئیں۔
انھوں نے کہا کہ سچ پوچھیں تو اس میچ میں ہم نے 20 سے 30 رنز اضافی دیے۔ ہم نے بہتر بالنگ نہیں کی۔ دسویں اوور کے بعد کئی لوز ڈلیوری ہوئیں اور اسپنرز ہمارے لیے وکٹیں حاصل نہیں کرسکے۔
واضح رہے کہ آئی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی نہایت خراب رہی اور پہلی بار ایسا ہوا کہ ٹیم ایونٹ کے دوران لگاتار چار میچز ہاری۔ پاکستان نے 9 میچز کھیلے جس میں اسے صرف 4 میں کامیابی ملی۔
شوپیس ایونٹ کے آخر میچ میں بھی انگلینڈ نے گرین شرٹس کو باآسانی 93 رنز سے ہرایا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سوائے سلمان آغا کے کوئی بیٹر نصف سنچری تک اسکور نہ کرسکا۔