Tag: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ

  • ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی کٹ کیسی ہوگی کل پتا چلے گا!

    ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی کٹ کیسی ہوگی کل پتا چلے گا!

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے سلسلے میں پاکستان ٹیم کی نئی کٹ تیار کرلی، ٹیم کٹ کی رونمائی کے لیے کل تقریب منعقد کی جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی کٹ کیسی ہوگی اس کا شائقین کو کل پتا چلے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈکپ کے سلسلے میں بابر اینڈ کمپنی کے لیے نئی کٹ تیار کرلی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ورلڈکپ کے لیے ٹیم کٹ کی رونمائی کل کرے گی، چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

    ورلڈکپ کٹ کی تقریب رونمائی لاہور میں کی جائے گی، بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبرکو ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔

  • ہمیں ٹرے میں رکھ کر ورلڈ کپ پیش نہیں کیا جائے گا، بھارتی کپتان

    ہمیں ٹرے میں رکھ کر ورلڈ کپ پیش نہیں کیا جائے گا، بھارتی کپتان

    بھارتی کپتان چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم بہت عرصے سے آئی سی سی ٹرافی نی جیتنے کا قحط ختم کرے، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ ورلڈ کپ انھیں ٹرے میں رکھ کر یوں ہی پیش نہیں کردیا جائے گا۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹاپ کلاس بھارتی بیٹر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک ورلڈکپ جیتنے کا خواہشمند ہے کیوں کہ کئی سالوں سے ہم ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں، تاہم اس بار انڈین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹرافی کی خشک سالی کو ختم کرنے کے لیے کافی بے چین ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت بطور بیٹر مجھے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ٹیم بھی چاہتی ہے کہ میں ایک بیٹر کے طور پر اپنا کردار ادا کروں، اچھی کپتانی تو لازمی ہے لیکن رنز بنا کر ہی میچ جیتے جاسکتے ہیں، کوئی بھی ہمیں ٹرے میں رکھ کر ورلڈکپ پیش نہیں کرنے والا۔

    بھارتی کپتان کے مطابق 2022 کا ورلڈ کپ ہارے تو میرا یہی کہنا تھا کہ ہم ہمت نہیں ہاریں گے اور آگے کے لیے خود کو مضبوط بنائیں گے، اگر ہم مستقبل مزاجی دکھائیں گے جلد یا بدیر ہمیں صلہ مل جائے گا۔

    روہت شرما نے واضح کیا کہ متعدد بھارتی پلیئرز کی انجری کے بعد اب انھیں انجری سے ڈر لگنے لگا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے اپنے خیالات بھارتی بورڈ تک پہنچادیے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کوئی کھلاڑی ایسا نہ ہو جو اہم ترین ایونٹ میں جلوہ گر نہ ہوسکے کیوں کہ ہمارے چند پلیئرز نے گزشتہ دو سالوں میں کافی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

  • ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 106 رنز کا ہدف، پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈین ٹیم نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کرس گیل نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری جب شائے ہوپ 11 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے، ڈیرن براؤو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کرس گیل نے 34 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

    پورن 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ہیٹ میئر نے 7 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تینوں وکٹیں حاصل کی۔

    قبل ازیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی پوری بیٹنگ لائن صرف 21.4 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔ فخر زمان اور بابر اعظم 22، 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے بقیہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر بھی نہ بنا سکے۔

    ویسٹ انڈین بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، کپتان جیسن ہولڈر نے 3، تھامس نے 4 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اننگز کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا، یہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

    میچ سے قبل ناٹنگھم میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میچ دیکھنے پہنچی۔ میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا، پاکستانیوں نے ڈبل ڈیکر بس پر جشن منایا جبکہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

    میچ سے قبل قومی ٹیم نے ٹرینٹ برج کے گراؤنڈ میں جم کر پریکٹس بھی کی۔ میچ کے لیے بارہ رکنی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد، حارث سہیل، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔

    ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، پہلے سے انگلینڈ آ کر تیاری کا اچھا موقع ملا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ناٹنگھم کی پچ کا اندازہ ہے، ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بولنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ ورلڈ کپ سے پہلے بلے بازوں کا فارم میں آنا خوش آئند ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم انگلینڈ نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، پہلے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے کر مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہوم گراؤنڈ پر انگلش ٹیم بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے، میزبان کے سیمی فائنل میں‌ پہنچنے کے امکانات پر بھی بات ہو رہی ہے۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز، جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز، جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست

    اوول: ورلڈ کپ 2019 کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے دی، جوفرا آرکر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 312 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 39.5 اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ڈی کوک نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

    جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری جب مرکرام 11 رنز پر بنا کر جوفرا آرکر کا نشانہ بنے، کوئن ٹن ڈی کوک 68 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جوفرا آرکر کی خطرناک باؤنسر لگنے کے بعد ہاشم آملہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور جب دوبارہ بیٹنگ کرنے آئے تو صرف 13 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند پر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے۔

    کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 5 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے، وینڈر ڈوسن نے 50 رنز کی اننگز کھیلی انہیں جوفرا آرکر نے معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، جے پی ڈومینی 8 رنز بنا کر معین علی کا شکار بنے۔

    پری ٹوریس 1 رن پر رن آؤٹ ہوئے، فلک وایو 24 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر اسٹوکس کو کیچ دے بیٹھے، ربادا 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عمران طاہر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    انگلیںڈ کے جوفرا آرکر نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پلنکٹ اور لیام پلنکٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ معین علی اور عادل رشید کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں ورلڈ کپ 2019 کے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دے دیا، لنگی نگیڈٰی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کی پہلی وکٹ ایک رن پر گر گئی جب بریسٹو بغیر کوئی رن بنائے عمران طاہر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ دے بیٹھے۔

    بریسٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد جو روٹ اور جیسن رائے نے ذمہ دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 107 رنز تک پہنچایا، جیسن رائے 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جو روٹ 51 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    انگلش کپتان اوئن مورگن نے 54 رنز کی اننگز کھیلی انہیں عمران طاہر نے آؤٹ کیا، بین اسٹوکس نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بٹلر 18 رنز بنا کر نگیڈی کا شکار بنے۔

    معین علی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کرس ووکس 13 رنز بنا کر ربادا کا شکار بنے، لیام پلنکٹ 9 اور جوفرا آرکر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    جنوبی افریقہ کے لنگی نگیڈی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عمران طاہر اور فاسٹ بولر کیگسو ربادا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں آئی سی سی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ اوول گراؤنڈ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔

    انگلینڈ کے خلاف میچ میں جنوبی افریقہ کو فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کی خدمات حاصل نہیں ہیں، وہ زخمی ہونے کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ میزبان ٹیم کے کپتان آئن مورگن کے مطابق ہوم گراؤنڈ میں ورلڈ کپ جیت کر کرکٹ میں حیران کن کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی کا کہنا ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ کے طور پر یا کم فیورٹ کے طور پرشامل ہوں لیکن ہمیں گراؤنڈ میں جا کر کرکٹ کھیلنی ہے اور ورلڈ کپ جیتنے کے لیے کارکردگی دکھانی ہے۔

    اس جیتنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے باؤلرز ہیں، ہاشم آملہ کا رنز کرنا خوش آئند ہے۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیے جانے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔