Tag: آئی سی سی

  • آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کردیا

    آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کردیا

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا جس میں 9 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا جس میں 9 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دو سال پر محیط چیمپئن شپ میں 27 سیریز کھیلی جائیں گی جس میں مجموعی طور پر 72 ٹیسٹ ہوں گے۔

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان یکم اگست سے شروع ہوگا اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جون 2021 میں انگلینڈ میں ہوگا۔

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوران ہر ٹیم تین ملکی اور تین غیر ملکی سیریز کھیلے گی اور ہر سیریز کے 120 پوائنٹس ہوں گے۔ دو ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز کے 60، 60 پوائنٹس ہوں گے جبکہ 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں ہر میچ کے 40 پوائنٹس ہوں گے۔

    آئی سی سی کے مطابق اسی طرح 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک میچ جتینے پر 30 پوائنٹس ملیں گے جبکہ میچ برابر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 15، 15 پوائنٹس ملیں گے اور میچ ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیمیں 10، 10 پوائنٹس کی حقدار ٹھہریں گی۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک میچ جیتنے پر 24 پوائنٹس ملیں گے جبکہ برابر ہونے کی صورت میں 12 اور ڈرا ہونے پر 8 پوائنٹس ملیں گے۔

    جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جیف آلارڈائس کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سے باہمی سیریز میں مقابلہ بڑھے گا۔

    انگلش ٹیم کے فاسٹ باؤلر جیمی اینڈرسن نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو زبردست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ بڑی اہمیت کی حامل ہے جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کہتے ہیں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے منتظر ہیں۔

  • لاہور میں پی سی بی کی بائیو میکنک لیب قائم، آئی سی سی کی منظوری

    لاہور میں پی سی بی کی بائیو میکنک لیب قائم، آئی سی سی کی منظوری

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لمز کے اشتراک سے لاہور میں بائیو میکنک لیب قائم کردی گئی جس کی منظوری آئی سی سی نے دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی اور لمز کے اشتراک سے لاہور میں پہلی بائیو میکنک لیب قائم کردی گئی، لیب میں کھلاڑیوں کے مشکوک اور غیرقانونی بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کیے جاسکیں گے۔

    بائیو میکنک لیب ٹیسٹ سینٹر میں کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیاں بھی دور کی جاسکیں گی۔

    ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ لیب کا قیام پی سی بی کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ایک اور کامیاب کوشش ہے۔

    بائیو میکنک لیب کے قائم کرنے پر آئی سی سی نے بھی منظوری دی ہے جس کے مطابق اب کرکٹر کے بولنگ ٹیسٹ کی رپورٹ آئی سی سی میں بھی قابل قبول ہوگی۔

    جنرل منیجر کرکٹ جیوف ایلرڈائز نے کہا ہے کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو لمز کے اشتراک سے بائیو میکنک لیب کے قیام پر مبارک باد دیتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بائیو میکنک لیب قائم ہونے سے پاکستان کو قومی کرکٹرز کے مشکوک بولنگ ایکشن چیک کرنے میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کھلاڑیوں کو مشکوک بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا اور انگلینڈ جانا پڑتا تھا ملک میں لیب قائم ہونے سے اب کھلاڑیوں کے ٹیسٹ اسی لیب میں کیے جاسکیں گے۔

    ماضی میں پاکستانی بولرز شعیب اختر، محمد حفیظ، سعید اجمل ودیگر بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ گئے تھے اور انگلینڈ کے لیب میں ٹیسٹ دئیے تھے۔

  • پاکستان کی جویریہ خان آئی سی سی ویمن ڈیولپمنٹ اسکواڈ کی کپتان مقرر

    پاکستان کی جویریہ خان آئی سی سی ویمن ڈیولپمنٹ اسکواڈ کی کپتان مقرر

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی جویریہ خان کو آئی سی سی ویمن ڈیولپمنٹ اسکواڈ کا کپتان مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی ویمن ٹیم کی کرکٹر جویریہ خان کو آئی سی سی ویمن ڈیولپمنٹ اسکواڈ کی کپتان مقرر کیا گیا ہے، آئی سی سی ویمن گلوبل ڈیولپمںٹ اسکواڈ میں 7 ملکوں سے خواتین کھلاڑی شامل کی گئی ہیں۔

    اسکواڈ انگلینڈ میں مختلف ٹیموں کے خلاف 6 ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گا، اسکواڈ کی دیگر کھلاڑیوں کا تعلق ایسوسی ایٹ ممالک سے ہے۔

    جویریہ خان کا کہنا تھا کہ ویمن ڈیولپمنٹ اسکواڈ کا کپتان مقرر کیا جانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، دوسرے ممالک کی ٹیم کی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر انفرادی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جویریہ خان کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ویمن ڈیولپمنٹ اسکواڈ کا مقصد خواتین کرکٹر کے کھیل کو بہتر بنانا ہے، اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ ڈبلیو جی ڈی ایس پروگرام نومبر اور جولائی 2018 میں منعقد کرچکا ہے۔

    ویمن ڈیولپمنٹ اسکواڈ اپنا پہلا میچ 29 جولائی کو انگلینڈ ویمن اکیڈمی کے درمیان کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 31 جولائی کو ساؤڈرن وائپرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    اسی طرح جمعہ 2 اگست کو ویمن ڈٰولپمنٹ اسکواڈ کی ٹیم سرے اسٹارز کا سامنا کرے گی۔

  • احسان مانی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ مقرر

    احسان مانی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ مقرر

    دبئی: چیئرمین پی سی بی احسان مانی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ مقرر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا، کمیٹی آئی سی سی کے مالی اور کمرشل معاملات پر نظر رکھے گی۔

    احسان مانی 1996 میں بھی کمیٹی کے سربراہ رہ چکے ہیں، اس سے قبل ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور اسٹار کرکٹر ثنا میر کو بھی آئی سی سی کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ثنا میر آئی سی سی ویمنز کمیٹی کی رکن منتخب، چیئرمین پی سی بی کی مبارک باد

    پی سی بی ذرائع کے مطابق احسان مانی کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں اندرا نوئی بطور آزاد ڈائریکٹر شرکت کریں گے۔

    اس کے علاوہ امیتابھ چوہدری، کرس نینزنی، عمران خواجہ، ایرل ایڈنگز اور کولن گریوز بھی کمیٹی میں شامل ہیں، اسی طرح ششانک منوہر اور مانو سواہتے بھی بطور سابق عہدے دار کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

    دوسری جانب جنرل کونسل پی سی بی سلمان نصیر آئی سی سی سیف گارڈنگ پینل کا حصہ بن گئے ہیں، پینل کا مقصد آئی سی سی کے قوانین اور اس سے جڑے تمام افراد کی حفاظت کرنا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے دونوں عہدے داران کی تعیناتی آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں کی گئی ہے۔

  • ون ڈے رینکنگ، ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کا پہلی پوزیشن پر قبضہ

    ون ڈے رینکنگ، ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کا پہلی پوزیشن پر قبضہ

    دبئی: ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی نئی ٹیم رینکنگ میں ورلڈ چیمپئن انگلینڈ پہلی پوزیشن پرآگئی، بھارت دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

    رینکنگ کے مطابق آسٹریلوی ٹیم چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر براجمان ہے۔

    پلیئرز رینکنگ میں ویرات کوہلی کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، روہت شرما دوسرے، بابر اعظم تیسرے، فاف ڈوپلیسی چوتھے، راس ٹیلر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: اوور تھرو پر 6 رنز دینے کا فیصلہ غلط تھا، سابق امپائرسائمن ٹوفل

    ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر کین ولیم سن چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ڈیوڈ وارنر ساتویں، جو روٹ آٹھویں، کوئنٹن ڈی کاک نویں، اور جیسن رائے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

    ٹاپ ٹین بولرز رینکنگ میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، جسپریت بمرا پہلے، ٹرینٹ بولٹ دوسرے، ربادا تیسرے، پیٹ کمنز چوتھے، عمران طاہر پانچویں، مستفیض الرحمان چھٹے، کرس ووکس ساتویں، مچل اسٹارک آٹھویں، راشد خان نویں اوور میٹ ہینری دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    آل راؤنڈر رینکنگ میں شکیب الحسن پہلے، بین اسٹوکس دوسرے، محمد نبی تیسرے، عماد وسیم چوتھے اور راشد خان پانچویں نمبر پرموجود ہیں۔

  • آئی سی سی نے ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کا اعلان کردیا

    آئی سی سی نے ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کا اعلان کردیا

    دبئی: آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کے اختتام کے بعد ورلڈ کپ کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا، ٹیم میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

    آئی سی سی کی اعلان کردہ ٹیم میں ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کے چار، نیوزی لینڈ کے تین، بھارت اور آسٹریلیا کے دو، دو اور بنگلہ دیش کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔

    آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جبکہ ان کے ہم وطن فاسٹ بولرز لوکی فرگیوسن اور ٹرینٹ بولٹ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    ورلڈ کپ کی فاتح انگلینڈ کے بین اسٹوکس، جوفرا آچر، جیسن رائے، جو روٹ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ بھارت کے بلے باز روہت شرما اور فاسٹ بولر جسپریت بمرا، آسٹریلیا کے ایلکس کیری اور مچل اسٹارک ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہیں۔

    بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی آئی سی سی کی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ نے ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، سپر اوور میں بھی میچ برابر ہونے پر انگلینڈ کو زیادہ باؤنڈریز پر فاتح قرار دیا گیا تھا۔

    ورلڈ کپ فائنل کے مین آف دی میچ انگلینڈ کے بین اسٹوکس قرار پائے تھے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  • آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن

    آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس کے بعد بابراعظم تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی پلیئر رینکنگ جاری کردی ہے، بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، بابر اعظم چار درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

    بھارت کے روہت شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں، بابر اعظم تیسرے، جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی چوتھے اور نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

    بولرز رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ دوسرے، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز تیسرے، جنوبی افریقہ کے ربادا چوتھے اور جنوبی افریقہ کے عمران طاہر پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    پاکستان کے امام الحق ون ڈے رینکنگ میں 11 نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بولرز رینکنگ میں کوئی پاکستانی بولرز ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بنا سکا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ورلڈ کپ 2019 میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ کے گروپ میچز ختم ہونے کے بعد ون ڈے رینکنگ جاری کی گئی ہے، ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 9 جولائی اور 11 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

    پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا سیمی فائنل انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: بنگلہ دیش اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: بنگلہ دیش اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    برمنگھم: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 40 ویں میچ میں آج بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    بھارتی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جن میں سے وہ پانچ میچز جیت کر 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس اسکورننگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

    بنگلہ دیش کی ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے اپنے دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں۔ میگا ایونٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے سات میچز کھیلے ہیں اور سات پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: سری لنکا اورویسٹ انڈیز آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: سری لنکا اورویسٹ انڈیز آج مدمقابل ہوں گے

    چیسٹرلی: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 39 ویں میچ میں آج سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    سری لنکا کے پاس آج کے میچ میں آخری موقع ہے، شکست کی صورت میں ان کا ورلڈکپ میں سفر ختم ہوجائے گا اور جیت کی صورت میں دیگر ٹیموں پر انحصار کے ساتھ اسے بھارت کے خلاف آخری میچ لازمی جیتنا ہوگا۔

    آئی لینڈرز اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 56 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے ویسٹ انڈیز نے 28 اور سری لنکا نے 25 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    سری لنکا کی ٹیم اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جس میں سے انہیں 2 میچز میں کامیابی اور 3 میچز میں ناکامی ملی جبکہ دو میچ بارش کی نذر ہوگئے۔ پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبرپر ہے۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک سات میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے انہیں 1 میچ میں کامیابی اور 5 میں ناکامی ملی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ اس طرح ویسٹ انڈیز ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی

    آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق بھارت نے انگلینڈ سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کی ہے، بھارت کی ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آگئی، آسٹریلیا سے شکست نے انگلینڈ کو دوسرے نمبر پر دھکیل دیا۔

    بھارت کی ٹیم 127 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے، انگلینڈ 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کی ٹیم 114 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

    ورلڈ کپ میں انگلینڈ، پاکستان کو شکست دینے والی آسٹریلوی ٹیم 112 پوائنٹس کے ساتھ 4 نمبر پر موجود ہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم 109 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم 96 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے، بنگلہ دیش کی ٹیم 92 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

    اسی طرح سری لنکا کی ٹیم 78 پوائنٹس حاصل کرکے 8ویں پوزیشن پر موجود ہے، ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9ویں نمبر پر براجمان ہے۔

    حال ہی میں ون ڈے اسٹیٹس حاصل کرنے والی افغانستان کی ٹیم 60 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔