Tag: آئی فون 15

  • اسکیمرز آئی فون 15 چرانے کیلئے نیا ہتھکنڈہ استعمال کرنے لگے؟

    اسکیمرز آئی فون 15 چرانے کیلئے نیا ہتھکنڈہ استعمال کرنے لگے؟

    اسکیمرز آئی فون 15 کے گرم ہوجانے کو ہتھکنڈہ بنا کر فون چرانے کیلئے استعمال کرنے لگے، کیا آپ کا نیا آئی فون ایپل کے آئی فون 15 کے ری کال کا حصہ ہے؟ تو ایسا نہیں ہونا چاہئے کیونکہ آئی فون 15 ری کال جیسی کوئی چیز وجود ہی نہیں رکھتی۔

    تاہم اسکیمرز ویریزون کے ذریعے آئی فون 15 کے گرم ہوجانے کے معاملات کو آئی فون صارفین کو اس بات پر قائل کرنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں کہ انہیں اپنا فون بھیجیں تاکہ وہ انہیں ایک جعلی ری کال کرسکیں۔

    ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ایک ایسا فراڈ (فشنگ اسکیم) ہے جس میں ایک دھوکے باز اپنے ممکنہ شکار تک پہنچتا ہے اور آئی ٹی یا کسٹمر سروس نمائندہ ہونے کا ڈرامہ کرتے ہوئے معلومات یا موجودہ معاملے کے تحت آپ کا فون حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ بات ویری زون کے ایک ترجمان نے اس نئے فراڈ (اسکیم) کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے میش ایبل سے کہی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ویری زون کبھی اپنے کسٹمرز کو کسی ری کال یا پراڈکٹ ایشو کیلئے کال نہیں کرتا، نہ ہی کرے گا۔

    فراڈ کیسے کیا جاتا ہے؟

    میش ایبل کے ایک ٹیکنیکل رپورٹر نے ایک انجان نمبر سے کچھ فون کالز پورا ہفتہ موصول کیں جبکہ انہیں ویری زون سے اپنا آئی فون 15 وصول کیے کچھ ہی وقت گزرا تھا۔ کالر خود کو ویری زون کا نمائندہ بتاتے ہوئے خاتون رپورٹر سے کہتا تھا کہ ہم آپ کو دوبارہ کال کریں گے اور آئی فون 15 کے اوور ہیٹنگ کے مسائل کو ٹھیک کرنے کیلئے فاصلاتی ڈائگناسٹکس کا استعمال کریں گے جس کیلئے فون ہم تک پہنچانے کی ضرورت نہیں۔

    ایپل آئی فون 15ستمبر کے اواخر میں لانچ ہوا تھا جس کے بعد سے فون کے اوور ہیٹنگ کے مسائل پر طویل وقت تک بحث ہوتی رہی ہے اور صارفین کی بڑی تعداد نے فون گرم ہونے کی شکایت کی تھی۔

    جمعرات کی صبح جب خاتون رپورٹر نے اپنا آئی فون خریدا، انہیں ایک شخص کی کال آئی جس نے دعویٰ کیا کہ وہ ویریزون کا نمائندہ ہے۔ خاتون رپورٹر موران نے بتایا کہ ”فون کرنے والے نے کہا کہ نئے آئی فون 15 میں زیادہ گرم ہونے کے مسائل ہیں اور…انہیں ایپل سے ہدایت موصول ہوئی ہے کہ آپ کا فون بھی ایسے ہی خراب فونز میں شامل ہے”۔

    فون کرنے والے نے، Verizon کے ساتھ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے، FedEx کے آنے اور اس کا آئی فون لینے کا بندوبست کیا، اور کہا کہ کمپنی راتوں رات ایک بالکل نیا آئی فون 15 بھی دے گی۔

    خاتون رپورٹر موران نے فوراً بعد خود براہ راست ویریزون کی آفیشل ویب سائٹ پر درج نمبر پر کال کی۔ ویریزون کے ایک حقیقی نمائندے نے موران کو تصدیق کی کہ اسے جو فون کال موصول ہوئی وہ ویریزون سے نہیں آئی تھی۔ اس وقت تک، اسکام کی کوشش پہلے ہی حرکت میں تھی۔ ایک حقیقی FedEx ٹرک پہنچ گیا، لیکن موران نے اپنا آئی فون نہیں دیا۔

  • آئی فون 15 نہ دینے پر اسٹور ملازم کے کپڑے پھاڑ دیے گئے، ویڈیو وائرل

    آئی فون 15 نہ دینے پر اسٹور ملازم کے کپڑے پھاڑ دیے گئے، ویڈیو وائرل

    آئی فون15 کی ڈیلیوری میں تاخیر پر صارفین بھپر گئے۔ اسٹور پر موجود ملازم سے تو تکار کے بعد ان کی درگت بنا دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی دارلحکومت نیو دہلی کے علاقے کملا نگر میں واقع ایک موبائل اسٹور میں صارفین اور ملازمین کے درمیان بات اس وقت بگڑ گئی جب صارف کو آئی فون 15 پرو ماڈل کی ڈیلیوری میں تاخیر کی گئی۔

    اس واقعے کی ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹور کے ملازمین اور وہاں موجود کسٹمرز ایک دوسرے پر مکے برسانے کے ساتھ ساتھ گالی گلوچ بھی کررہے ہیں۔

    وہاں موجود لوگوں کے مطابق بحث مباحثہ اس وقت شروع ہوا جب ایک کسٹمر نے آئی فون 15 پرو کے لیے درخواست کی تاہم اسے بتایا گیا کہ فون کا اسٹاک موجود نہیں ہے، جس کے بعد بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔

    جھگڑے کے دوران کچھ کسٹمرز نے ملازمین کو مکے رسید کیے جب کہ ایک ملازم کی شرٹ بھی پھاڑ دی گئی۔

    https://www.youtube.com/shorts/BxsUGOA4noU

    دہلی پولیس کی جانب سے مذکورہ واقعے میں ملوث کسٹمرز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    جہاں تک مذکورہ آئی فون کی بات ہے تو ایپل کی جانب سے پہلی بار ’میڈ ان انڈیا آئی فون‘ متعارف کرایا گیا ہے اور یہ اسی دن لانچ کیا گیا ہے جس دن دنیا بھر میں ایپل نے اپنا نیا فون ماڈل فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔

  • ایپل نے آئی فون 15 سیریز متعارف کرا دی، نئے فیچرز کیا کیا ہیں؟

    ایپل نے آئی فون 15 سیریز متعارف کرا دی، نئے فیچرز کیا کیا ہیں؟

    کیلیفورنیا: ایپل نے آئی فون 15 سیریز متعارف کرا دی، یہ سیریز اس بار طاقت ور کیمرے، ٹائٹینیم ڈیزائن اور یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ کے ساتھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایپل کمپنی نے گزشتہ روز منگل کو آئی فون 15 سیریز متعارف کرا دی ہے، جس میں آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس شامل ہیں۔

    ایپل نے آخر کار آئی فونز میں اپنی لائٹننگ پورٹ ہٹا دی ہے، یعنی اب صارفین آئی فون کو جدید اینڈرائیڈ فونز کے چارجر سے بھی چارج کر سکیں گے، یہ آئی فون سیریز کے ڈیزائن میں کی گئی تبدیلیوں میں سب سے بڑی تبدیلی ہے۔

    iPhone 15 اور iPhone 15 Plus پانچ شان دار نئے رنگوں میں دستیاب ہوں گے: گلابی، پیلا، سبز، نیلا اور سیاہ۔ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ انڈسٹری میں پہلی بار آئی فون پندرہ میں پیچھے کا شیشہ رنگ آمیز استعمال کیا گیا ہے۔

    اسٹینڈرڈ اور پرو دونوں طرح کے ماڈلز میں کمپنی نے ڈیزائن سے لے کر فیچرز تک بہت سی تبدیلیاں کی ہیں۔ آئی فون 15 سیریز میں میوٹ سوئچ بٹن کی جگہ ایکشن بٹن کا استعمال کیا گیا ہے، جو صارفین کو بہت سی نئی سہولیات فراہم کرے گا، جس میں کئی کمانڈ سیٹ کیے جا سکتے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ صارفین کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا، ایکشن بٹن کی مدد سے ایکسیسبیلٹی فیچرز تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، کیمرہ لانچ کیا جا سکتا ہے، ٹارچ آن کر سکتے ہیں اور کئی دوسرے کام بھی۔

    ایک اور قابل ذکر تبدیلی جس کا ایپل نے اعلان کیا ہے وہ ہے فرنٹ پر پنچ ہول ڈسپلے ڈیزائن کا اضافہ۔ ایپل نے پچھلے سال آئی فون 14 پرو ماڈلز کے آغاز کے ساتھ پہلی بار پنچ ہول ڈسپلے متعارف کرائی تھی اب اسے تمام ماڈل میں فراہم کر دیا گیا ہے۔

    آئی فون 15 پرو سیریز

    اس میں دو ہینڈ سیٹس ہیں اور دونوں کی اسکرین کے سائز مختلف ہیں، اس میں 6.1 انچ ڈسپلے ہے اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ اسکرین ہے۔ دونوں ہینڈ سیٹس کا ریفریش ریٹ 120Hz ہوگا، جو گیمنگ کا بہتر تجربہ اور اسکرولنگ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔

    اس سیریز میں بیک پینل پر ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ ہے، جس میں پرائمری کیمرہ لینس 48MP کا ہے، اس نے 24mm فوکل لینتھ کے ساتھ f/1.78 اپرچر استعمال کیا ہے، اس کیمرہ سیٹ اپ کے ساتھ سیکنڈ جنریشن سینسر- شفٹ او آئی ایس فراہم کیا گیا ہے۔ آپٹیکل زوم کے ساتھ ساتھ lidAr اسکینر بھی فوکس کے لیے دستیاب ہوگا، جو کم روشنی میں فوٹو گرافی کا بہتر فیچر فراہم کرے گا۔ بیک پینل پر الٹرا وائیڈ اینگل کیمرہ لینس کے ساتھ میکرو کیمرہ سینسر بھی ہے۔

    قیمتیں

    آئی فون 15 کی قیمت امریکا میں 799 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 35 ہزار روپے)، اور آئی فون 15 پلس کی قیمت 899 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 65 ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔

    آئی فون 15 پرو کی امریکا میں ابتدائی قیمت 999 ڈالر رکھی گئی ہے، جب کہ آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالر ہوگی، یہ نئے آئی فون امریکا میں 22 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔

  • ایپل نے آئی فون 15 اور آئی فون 15 پلس متعارف کرادیا

    ایپل نے آئی فون 15 اور آئی فون 15 پلس متعارف کرادیا

    ٹیکنالوجی کی دنیا اہم پیش رفت، ایپل نے آئی فون 15 اور آئی فون 15پلس متعارف کرادیا۔

    ایپل کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی سیریز میں 4 نئے ماڈلز میں 5 نئے فیچرز شامل کئے گئے ہیں، نئی سیریز میں نئے رنگوں کے علاوہ سائز اور شکل میں بھی کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    آئی فون 15 کا کیمرہ 48 میگاپکسل کا ہو گا جس میں پریسکوپک لینز کا استعمال کیا گیا ہے، جو بہتر آپٹیکل زوم فراہم کرتا ہے اور اس سے فون کی موٹائی پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    اس کے ساتھ ہی کیمرہ سیٹ اپ میں پیری اسکوپ فوٹو کیمرہ بھی شامل کیا گیا ہے جس کے بعد آپٹیکل زوم میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

    اس سیریز کو ایپل کے چیف ایگزیکیٹیو ٹم کروک کی جانب سے گزشتہ روز متعارف کرایا گیا تھا، آئی فون 15 کی نئی سیریزآئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس پر مشتمل ہے۔

    آئی فون 15 میں چارجنگ پورٹ کی تبدیلی کی گئی ہے،یہ تبدیلی ڈیٹا کی منتقلی میں زیادہ مؤثر ثابت ہو گی، نئے آئی فون میں چارجنگ پورٹ یو ایس بی سی ٹائپ انسٹال کی گئی ہے۔

    آئی فون 15 میں یو ایس بی سی ٹائپ بھی انسٹال کیا گیا ہے جس کی طویل عرصے سے یورپی ممالک کے صارفین کی جانب سے فرمائش سامنے آرہی تھی۔

    اس سال آئی فون پرو ماڈلز کیلئے ٹائٹینیم کا فریم استعمال کیا گیا ہے جو پچھلے سال کے پرو ماڈلز کے مقابلے ہلکے وزن کے ہوں گے۔

    اس سال پرو ماڈلز کیلئے سائلنٹ سوئچ کی جگہ ایکشن بٹن کا اضافہ کردیا گیا ہے، جبکہ آئی فون کے اس نئے ورژن میں پاور بٹن کو حذف کردیا گیا ہے۔

    آئی فون 15 پرو ماڈلز کیلئے گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں ریم میں 2 جی بی کا مزید اضافہ کیا گیا ہے جو کہ اب 8 جی بی تک رکھی گئی ہے۔

    اسی کے ساتھ ساتھ آئی فون 15 کے پرو ماڈلز، 15 پرو اور 15 پرو میکس میں نئی اے 17 بایونک چپ شامل کی گئی ہے۔ اس کا مقصد نئے ماڈلز کی رفتار پچھلے ماڈلز کی نسبت مزید بہتر کرنا ہے۔

  • آئی فون 15 میں صارفین کے مطالبے پر بڑی تبدیلی

    آئی فون 15 میں صارفین کے مطالبے پر بڑی تبدیلی

    آئی فون 15 میں صارفین کے مطالبے پر بڑی تبدیلی کی توقع ہے، ایسی تبدیلی جس سے صارفین کی ایک بڑی پریشانی حل ہو جائے گی، اور جس کے لیے یورپی یونین نے قانون سازی بھی کر لی ہے۔

    آئی فون 15 کو مارکیٹ میں آنے میں ابھی کئی مہینے ہیں، لیکن ایپل کے لیے اپنے نئے فونز سے متعلق معلومات راز رکھنا مشکل ثابت ہو رہا ہے، کیوں کہ اس سے جڑے بہت سارے سپلائرز میں سے کوئی نہ کوئی ان معلومات کو لیک کر دیتا ہے۔

    توقع کی جا رہی ہے کہ آئی فون 15 کے کل 4 ماڈلز اِسی سائز میں ہوں گے، جیسا کہ آئی فون 14 کے ماڈل ہیں، جن میں دو 6.1 انچ کے آئی فونز اور دو 6.7 انچ کے آئی فون شامل ہیں۔

    6.1 انچ کے آئی فونز میں ایک اسٹینڈرڈ سائز کا آئی فون 15 ہوگا، جب کہ 6.7 انچ ماڈلز میں ایک آئی فون 15 پلس ہوگا، جب کہ دیگر 6.1 اور 6.7 انچ کے آئی فونز اعلیٰ درجے کے اور زیادہ مہنگے ’پرو‘ ماڈل ہوں گے۔

    اب تک کی لیک ہونے والی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ آئی فون 15 کے تمام ماڈلز پر لائٹننگ پورٹ کی بجائے USB-C پورٹ کی توقع کی جا سکتی ہے، یعنی آئی فون 15 سیریز یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ سے لیس ہوگی۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے اکتوبر 2022 میں ایک قانون کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت یورپ میں تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجنگ پورٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا۔

    بعد ازاں دسمبر کے آغاز میں یورپی یونین نے اعلان کیا تھا کہ اس تبدیلی کو اپنانے کے لیے 28 دسمبر 2024 تک مہلت دی گئی ہے، اس حوالے سے اکتوبر 2022 میں ایپل کے عہدیداران نے تصدیق کی تھی کہ کمپنی کی جانب سے یورپی قوانین پر عمل کیا جائے گا اور نئے فونز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کا استعمال ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جب کہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔