Tag: آئی فون

  • جب سیب آرڈر کرنے والے شہری کو آئی فون موصول ہوا

    جب سیب آرڈر کرنے والے شہری کو آئی فون موصول ہوا

    ویسے تو اکثر اوقات آن لائن آئی فون خریدنے والے افراد کو دھوکا ہوجاتا ہے اور آئی فون کی جگہ انہیں کچھ اور موصول ہوجاتا ہے، لیکن ایک برطانوی شہری کو سیب آرڈر کرنے پر ایپل کا آئی فون مل گیا۔

    انگلینڈ کے رہائشی 50 سالہ نک جیمز نے سپر مارکیٹ ٹیسکو سے سیب آرڈر کیے تھے، جب وہ انہیں وصول کرنے گیا تو عملے نے اسے آگاہ کیا کہ اس کے تھیلے میں ایک سرپرائز ہے۔

    جیمز یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اسے تحفے کے طور پر ایک آئی فون دیا گیا ہے۔ تحفہ پا کر جیمز نے ٹیسکو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کا بیٹا اس فون کو دیکھ کر نہایت خوش ہے۔

    اس کا کہنا ہے کہ سرپرائز کا سن کر مجھے لگا کہ یہ کوئی ایسٹر ایگز قسم کا تحفہ ہوگا لیکن یہ تحفہ میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔

    یہ تحفہ دراصل ٹیسکو کی پروموشن اسکیم کا حصہ تھا، ٹیسکو اپنے گاہکوں کو شاپنگ کرنے پر آئی فون، ایئر پوڈز اور سام سنگ کی ڈیوائسز تحفے میں دے رہی ہے۔

    اس کے لیے وہ شاپنگ کرنے والے کسی بھی گاہک کا انتخاب کرتے ہیں اور اسے تحفہ دیتے ہیں، ٹیسکو کی یہ اسکیم ایک ہفتے کے لیے ہے۔

  • ایک سال قبل تالاب میں گرنے والا آئی فون واپس کیسے ملا؟

    ایک سال قبل تالاب میں گرنے والا آئی فون واپس کیسے ملا؟

    موبائل فون کا کھوجانا نہایت صدمے کی بات ہوسکتی ہے لیکن ایک شخص کی اس وقت خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا جب اسے ایک سال قبل کھویا ہوا اس کا آئی فون واپس صحیح سلامت مل گیا۔

    چین نامی مذکورہ تائیوانی شہری گزشتہ برس مارچ میں اپنے آئی فون 11 پرو میکس سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

    شہری کا کہنا ہے کہ اس نے فون کو ایک واٹر پروف کیس میں ڈال کر گلے میں لٹکایا ہوا تھا لیکن چین ڈھیلی ہونے کے سبب وہ اس وقت گرا جب وہ گھر کے قریب واقع ایک تالاب کے پاس سے گزر رہا تھا۔

    آئی فون سیدھا پانی میں جا گرا اور شہری کف افسوس ملتا رہ گیا۔

    تاہم ایک سال بعد موسم گرما میں جب تالاب سکڑ گیا اور اس کا پانی پیچھے ہٹا تو آئی فون ظاہر ہوگیا۔ چین کا کہنا ہے کہ وہاں موجود افراد نے فون کو دیکھا اور اس کا نمبر ڈائل کر کے اس کے بارے میں بتایا۔

    چین کا کہنا ہے کہ ایک سال تک پانی میں رہنے کے باوجود فون بالکل درست حالت میں کام کر رہا ہے۔ اس کے واٹر پروف کیس نے اسے سال بھر تک بچائے رکھا۔

  • نہایت سستا آئی فون خریدنے والے کو کیا ملا؟

    نہایت سستا آئی فون خریدنے والے کو کیا ملا؟

    آن لائن شاپنگ بعض اوقات دھوکا ثابت ہوسکتی ہے لیکن اس میں غلطی کچھ خریدنے والوں کی بھی نکل سکتی ہے، ایسا ہی کچھ واقعہ تھائی لینڈ کے ایک نوجوان کے ساتھ پیش آیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اس تھائی نوجوان نے ایک ویب سائٹ پر آئی فون نہایت سستے داموں بکتے دیکھا، اس کی قیمت آئی فون کی مارکیٹ میں قیمت سے نہایت کم تھی، نوجوان نے اسے دیکھتے ہی خرید لیا۔

    چند دن بعد جب اس کا پارسل گھر پہنچا تو نوجوان کو احساس ہوا کچھ گڑبڑ ہے، پارسل تقریباً نوجوان کے قد جتنا تھا۔

    پارسل کھولنے پر اندر سے تو آئی فون ہی نکلا، لیکن یہ اصل آئی فون نہیں تھا بلکہ آئی فون کے جیسی کافی ٹیبل تھی جسے دیکھ کر نوجوان حیران و پریشان رہ گیا۔

    بعد ازاں اسے احساس ہوا کہ غلطی اس کی اپنی تھی، سستا آئی فون ملنے کی ایکسائٹمنٹ میں اس نے اس کی تفصیلات پڑھے بغیر ہی خرید لیا، ویب سائٹ پر واضح طور پر لکھا تھا کہ یہ آئی فون کی شکل کی کافی ٹیبل یعنی میز ہے۔

    بعد ازاں جب اس نے سوشل میڈیا پر سارا ماجرا بیان کیا اور ’آئی فون‘ کی تصاویر اپ لوڈ کیں تو کئی افراد نے اس کے ساتھ اظہار ہمدردری کیا۔

  • آئی فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    آئی فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے خبردار کیا ہے کہ آئی فون 12 سیریز کے فونز ممکنہ طور پر طبی ڈیوائسز جیسے پیس میکرز میں برقی مقناطیسی مداخلت کا باعث بن سکتے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 12 سیریز کے سپورٹ دستاویز کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے یہ انتباہ کیا گیا۔

    کمپنی نے بتایا کہ آئی فون اور میگ سیف ایسیسریز سے میڈیکل ڈیوائسز کو کم از کم 6 انچ دور رکھنا چاہیئے یا وائرلیس چارجنگ پر یہ فاصلہ 12 انچ ہونا چاہیئے۔

    ایپل نے زور دیا کہ میگ سیف اور میگ سیف ڈو میں ریڈیو سگنل ہوتے ہیں اور ان کے مقناطسی و برقی مقناطیسی میدان میڈیکل ڈیوائسز کے افعال میں مداخلت کر سکتے ہیں۔

    کمپنی نے کہا کہ آئی فون 12 سیریز میں دیگر ایپل اسمارٹ فونز سے زیادہ مقناطیس موجود ہے، تاہم طبی آلات کو ڈیوائسز سے کچھ دور رکھنے سے کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔

    جنوری کے شروع میں ایک مضمون میں امریکا کے 3 ڈاکٹروں نے ایک آئی فون 12 اور ایک مریض میں نصب کارڈیو ویسکیولر ڈی فیبری لیٹر میں تعلق کا جائزہ لیا گیا، ٹیسٹ کے دوران یہ میڈیکل ڈیوائس سسپنڈ موڈ میں چلی گئی۔

    ڈاکٹروں نے بتایا کہ طبی ڈیوائسز تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے مریضوں کو اس حوالے سے خبردار کرنا چاہیئے کیونکہ یہ اس بات کی ضمانت نہیں کہ ایپل کی جانب سے جاری سیفٹی انفارمیشن کو تمام صارفین پڑھتے ہیں۔

  • 12 ہزار فٹ کی بلندی سے گرنے کے بعد فون کے ساتھ کیا ہوا؟ ویڈیو سامنے آگئی

    12 ہزار فٹ کی بلندی سے گرنے کے بعد فون کے ساتھ کیا ہوا؟ ویڈیو سامنے آگئی

    روزمرہ زندگی میں اپنے موبائل فون سے محروم ہوجانا ایک بڑا جھٹکا ہوسکتا ہے کیونکہ اس صورت میں نہ صرف بھاری مالی نقصان ہوسکتا ہے بلکہ اپنے قیمتی ڈیٹا اور کانٹیکٹس سے بھی ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک واقعہ ایک اسکائی ڈائیور کے ساتھ پیش آیا جس کا آئی فون 12 ہزار فٹ کی بلندی سے نیچے گر پڑا اور حیران کن طور پر گرنے کے بعد بھی کام کرتا رہا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈائیور کے 12 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگانے کے بعد اس کی جیب سے آئی فون نکل کر ہوا میں تیرنے لگا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by @kodymadro

    ڈائیونگ کو ریکارڈ کرنے کے لیے ڈائیور کا ایک دوست بھی اس کے ساتھ فضا میں محو پرواز تھا، دوست کا کہنا تھا کہ پہلے وہ سمجھا کہ ڈائیور کے ڈائیونگ سامان کا کوئی پرزہ الگ ہوگیا ہے اور اب شاید وہ خطرے میں ہے۔

    تاہم دونوں کے بحفاطت زمین پر لینڈ کرنے کے بعد انہیں پتہ چلا کہ وہ پرزہ نہیں بلکہ آئی فون تھا۔

    بعد ازاں ڈائیور نے فائنڈ مائی آئی فون نامی ایپ کے ذریعے اپنے فون کو ٹریس کیا اور اس کی لوکیشن ایک صحرا میں ملی۔ وہاں سے وہ فون اس حالت میں ملا کہ اس کی اسکرین ٹوٹ پھوٹ چکی تھی تاہم وہ اب تک کام کر رہا تھا۔

  • آئی فون کی خراب اسکرین اب مفت میں تبدیل ہوسکتی ہے

    آئی فون کی خراب اسکرین اب مفت میں تبدیل ہوسکتی ہے

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے صارفین کے لیے اعلان کیا ہے کہ وہ ان کے آئی فونز کی خراب اسکرین کو مفت میں تبدیل کر کے دیں گے۔

    ایپل کا کہنا ہے کہ نومبر 2019 سے مئی 2020 کے درمیان مینو فیکچر کیے جانے والے آئی فون 11 ایس میں ایک خرابی سامنے آئی ہے۔

    ڈسپلے ماڈیول میں خرابی کی وجہ سے اس آئی فون کی اسکرین کا ایک حصہ ٹچ پر کام کرنا بند کر دیتا ہے، ایپل نے ایسے ہزاروں آئی فونز کی اسکرین مفت میں ری پلیس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اگر آپ کے پاس یہ آئی فون ہے اور آپ بھی اس مسئلے کا نشانہ بن رہے ہیں تو خطیر رقم خرچ کرنے کے بجائے مفت میں اسکرین تبدیل کروا سکتے ہیں۔

    سب سے پہلے اپنے آئی فون کا سیریل نمبر چیک کریں، اس کے لیے سیٹنگز میں جائیں، جنرل پر کلک کریں اور پھر اباؤٹ میں جائیں۔

    اس سیریل نمبر کو ایپل کی چیک لسٹ میں ڈالیں، جلد ہی آپ کو پتہ چل جائے گا کہ آپ اس فری ری پلیس منٹ کے حقدار ہیں یا نہیں۔

    ایپل کا کہنا ہے کہ اگر اس مسئلے کے علاوہ اسکرین پر کوئی اور مسئلہ ہے جیسے اسکرین پر اسکریچز یا ٹوٹی اسکرین، تو اس کی مرمت کے چارجز وصول کیے جائیں گے۔

    ایپل نے کہا ہے کہ بہتر ہے کہ پہلے اس کو درست کروا لیں اس کے بعد آئی فون کو اسکرین ری پلیسمنٹ کے لیے بھیجا جائے۔

  • آئی فون کا وہ خفیہ بٹن جس سے آپ ناواقف تھے

    آئی فون کا وہ خفیہ بٹن جس سے آپ ناواقف تھے

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فونز کے لیے اپنے حالیہ آپریٹنگ سسٹم اپڈیٹ میں ایک کسٹمائزڈ بٹن شامل کیا ہے جس سے بہت سے صارفین ناواقف ہیں۔

    ایپل نے اپنا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 14، 16 ستمبر کو ریلیز کیا تھا، اس آپریٹنگ سسٹم میں خاموشی سے ایک بیک ٹیپ فیچر شامل کیا گیا ہے جس میں آئی فون کی پشت کو ٹیپ کر کے کچھ ٹاسکس انجام دیے جاسکتے ہیں۔

    اس بٹن کو فعال کرنے کے لیے اپنے آئی فون کی سیٹنگز میں جائیں، اس کے بعد ایکسس ایبلٹی میں جائیں، ٹچ آپشن میں جائیں جہاں نیچے آپ کو بیک ٹیپ دکھائی دے گا۔

    اسے سلیکٹ کرنے کے بعد آپ منتخب کرسکیں گے کہ اس بٹن کے ذریعے آپ کیا ٹاسک سر انجام دے سکتے ہیں۔

    اس میں ڈبل ٹیپ یعنی 2 دفعہ ٹیپ پر مختلف اور ٹرپل یعنی 3 دفعہ ٹیپ پر مختلف فنکشن بھی منتخب کیا جاسکتا ہے، زیادہ تر صارفین اس وقت ڈبل ٹیپ کو اسکرین شاٹ کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

    یہ بٹن لاک اسکرین پر بھی کام کر سکتا ہے جبکہ اس وقت بھی کام کرسکتا ہے جب فون میں پہلے سے کوئی ایپ کھلی ہوگی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایپل نے 5 جی سے لیس آئی فون 12 سیریز کے 4 نئے فونز متعارف کروائے تھے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ ایپل نے بیک وقت ایک ہی سیریز کے 4 فون متعارف کروائے۔

    ایپل کی جانب سے آئی فون 12 منی، آئی فون 12، آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس متعارف کروایا گیا تھا۔

  • موبائل کی اسکرین سے اسکریچز خود بخود غائب ہونا ممکن ہے؟

    موبائل کی اسکرین سے اسکریچز خود بخود غائب ہونا ممکن ہے؟

    موبائل فون کی اسکرین پر اسکریچز آجانا موبائل استعمال کرنے والے کو سخت الجھن میں مبتلا کر سکتا ہے، تاہم اب مستقبل میں ایسے موبائل فون بھی ہوسکتے ہیں جن کی اسکرین پر پڑنے والے اسکریچز خود بخود غائب ہوجائیں۔

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی ایک پیٹنٹ درخواست منظر عام پر آئی ہے جس میں سیلف ہیلنگ اسکرین کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یہ درخواست رواں برس جنوری میں کی گئی تھی تاہم یو ایس پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس کی جانب سے اسے اب شائع کیا گیا ہے۔

    پیٹنٹ ایپلی کیشن میں کہا گیا ہے کہ ایپل کے فولڈ ایبل فونز میں اسکرین پر خراشیں پڑجانا ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ اس میں دھول مٹی جمع ہوجاتی ہے۔

    ایپل کی جانب سے تجویز کردہ ٹیکنالوجی میں فولڈ ایبل فونز میں ایک لچکدار مٹیریل استعمال کیا جائے گا جو فون کو کھولنے کے بعد واپس اپنی حالت میں آجائے گا۔

    اس میں ایک سیلف ہیلنگ مٹیریل شامل ہوگا جو گرم ہونے پر بالکل اپنی اصل حالت پر واپس آجاتا ہے اور اس پر پڑے اسکریچز غائب ہوجاتے ہیں۔

    اسکرین کے اوپر لگائی جانے والی اس تہہ کی ہیٹنگ کا ایک شیڈول ہوگا جو عموماً موبائل فون کے چارجنگ کا وقت کا ہوگا، اس وقت یہ تہہ خود کار طریقے سے گرم ہوگی۔

    ایپل نے اس ٹیکنالوجی کو فونز، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور گھڑیوں وغیرہ میں استعمال کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

  • امریکی شہری نے لنکڈ ان پر مقدمہ دائر کردیا

    امریکی شہری نے لنکڈ ان پر مقدمہ دائر کردیا

    ایک امریکی شہری نے بزنس آن لائن سروس لنکڈ ان پر حساس معلومات تک رسائی حاصل کرلینے پر مقدمہ دائر کیا ہے۔

    امریکی شہر نیویارک کے رہائشی اور آئی فون صارف نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ لنکڈ ان نے ان کے ایپل فون کی یونیورسل کلپ بورڈ ایپلی کیشن سے حساس معلومات پڑھیں اور انہیں لنکڈ ان پر منتقل کیا۔

    ایپل کی ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ کلپ بورڈ صارفین کو ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز ایک ایپل ڈیوائس سے دوسری ایپل ڈیوائس میں منتقل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

    سان فرانسسکو کی وفاقی عدالت میں دائر کردہ مقدمے کے مطابق لنکڈ ان اس تمام معلومات کو صارفین کو آگاہ کیے بغیر پڑھتا رہا۔

    ایپل نے ایک پرائیوسی فیچر شروع کیا ہے جس کے تحت جیسے ہی کلپ بورڈ کو کھولا جاتا ہے تو صارف کو اس کا نوٹی فکیشن آجاتا ہے، مذکورہ نوٹی فکیشن کے بعد علم ہوا کہ لنکڈ ان اور ٹک ٹاک سمیت 51 ایپس اس کلپ بورڈ تک رسائی رکھتی ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 4 کے ڈویلپرز نے دیکھا ہے کہ لنکڈ ان کی ایپ آئی فونز اور آئی پیڈز کا کلپ بورڈ متعدد بار پڑھتی رہی ہیں۔

    لنکڈ ان کے ایک ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ایپ کا نیا ورژن ریلیز کیا ہے جس کے بعد اس پریکٹس کا خاتمہ ہوجائے گا۔ تاحال لنکڈ ان کی جانب سے اس مقدمے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

  • وائس ٹوئٹ فیچر: اینڈرائیڈ اور ایپل صارفین لڑ پڑے

    وائس ٹوئٹ فیچر: اینڈرائیڈ اور ایپل صارفین لڑ پڑے

    سان فرانسسکو: ٹوئٹر کی جانب سے نئے متعارف کرائے جانے والے’وائس ٹوئٹ‘ فیچر نے اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے درمیان ایک لفظی جنگ چھیڑ دی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر نے نئے فیچر کے تحت آواز کے ذریعے ٹوئٹ کی سہولت فراہم کی ہے تاہم یہ صرف ان صارفین کے لیے ہے جن کے پاس آپریٹننگ سسٹم ’آئی او ایس‘ زیر استعمال ہے۔

    اس طرح نئے فیچر سے صرف ایپل یوزرز ہی مستفید ہوسکیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر اینڈرائیڈ صارفین کا مذاق بن رہا ہے اور آئی فون صارفین انہیں نیچا دکھانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    ٹوئیٹ کرنا اور بھی آسان، اب اپنی آواز ریکارڈ کریں، مگر کیسے؟

    خیال رہے کہ آواز میں ٹوئٹ کرنا بالکل الفاظ کی ٹوئٹ کرنے جیسے ہی ہوگا، ٹوئٹ کمپوز کے آپشن پر کلک کرنے کے بعد وہاں موجود نئے آئیکن کا انتخاب کریں۔ دیے گئے تمام آپشن میں موجود ریکارڈ کے بٹن کا انتخاب کر کے آپ اپنی آواز ریکارڈ کر سکیں گے، ایک آڈیو ٹویٹ کا دورا نیہ 140 سیکنڈز رکھا گیا ہے۔