Tag: آئی ٹی برآمدات

  • پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 354 ملین ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں

    پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 354 ملین ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں

    اسلام آباد : پاکستان کی آئی ٹی برآمدات نمایاں اضافے کے بعد 354 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ 12 ماہ کی 317 ملین ڈالر کی اوسط سے زیادہ ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمت عملی اور عالمی مارکیٹ تک بہتر رسائی کے نتیجے میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی میں آئی ٹی برآمدات 354 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ 12 ماہ کی 317 ملین ڈالر کی اوسط سے زیادہ ہیں جبکہ آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 24 فیصد اور جون کے مقابلے میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ اس اضافے کی بڑی وجوہات میں کمپیوٹر سروسز، سافٹ ویئر کنسلٹنسی اور بالخصوص خلیجی ممالک میں صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب شامل ہیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی آئی ٹی برآمدکنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور ایکسپورٹرز کے اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس کی حد 35 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دی گئی ہے، جبکہ نئی متعارف کرائی گئی ’’ایکوئٹی انویسٹمنٹ ابراڈ اسکیم‘‘ کے تحت برآمدکنندگان اپنی برآمدی وصولیوں کا نصف بیرونِ ملک سرمایہ کاری میں استعمال کر سکتے ہیں۔

    پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے حالیہ سروے کے مطابق ملک کی 62 فیصد آئی ٹی کمپنیاں اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس رکھتی ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی معاونت اور پالیسی اقدامات پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو یقینی بنا رہے ہیں، جو مستقبل میں ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کا باعث بنیں گے۔

  • آئی ٹی برآمدات میں سالانہ کتنا بڑا اضافہ ہوا؟ اسٹیٹ بینک نے رپورٹ جاری کردی

    آئی ٹی برآمدات میں سالانہ کتنا بڑا اضافہ ہوا؟ اسٹیٹ بینک نے رپورٹ جاری کردی

    اسٹیٹ بینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فروری 2025 میں آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستانی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فروری میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز ریکارڈ ہوئیں، فروری 24 میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق مسلسل 17ویں ماہ آئی ٹی برآمدات میں بہتری ہورہی ہے، رواں مالی سال کے 8 ماہ میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں 26 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا۔

    عید پر نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے یا نہیں؟ اسٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کر دی

    8 ماہ میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات 2 ارب 48 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرگئیں، گزشتہ مالی سال آئی ٹی برآمدات 1 ارب 97 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھیں۔

    اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان کو نئی مارکیٹ تک رسائی ملنے سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر نے خلیجی ممالک میں بھی رسائی بڑھائی ہے، روپے کی قدر میں استحکام کی وجہ سے بھی آئی ٹی برآمدات بہتر ہوئیں۔

    https://urdu.arynews.tv/it-exports-reached-3-223-billion-a-remarkable-increase-of-24/

  • آئی ٹی برآمدات 24 فیصد کے شاندار اضافے کیساتھ 3.223ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

    آئی ٹی برآمدات 24 فیصد کے شاندار اضافے کیساتھ 3.223ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

    اسلام آباد : آئی ٹی برآمدات 24 فیصد کے شاندار اضافے کیساتھ 3.223ارب ڈالر تک پہنچ گئیں اور تیز رفتار انٹرنیٹ سے معیشت اور تعلیم کو فروغ دیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی سے پاکستان عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔

    مالی سال 2023-2024 میں آئی ٹی برآمدات 24 فیصد کے شاندار اضافے کیساتھ 3.223ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

    ’’براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی‘‘میں سبسکرائبرز کی تعداد 139 ملین سے تجاوزکر گئی ، 4.1 ملین افراد’’براڈ بینڈ‘‘کی توسیع سے مستفید ہورہے ہیں۔

    تیز رفتار انٹرنیٹ سے معیشت اور تعلیم کو فروغ دیا جارہا ہے، ‘ڈیجی اسکلز’ پروگرام کے تحت 6 لاکھ افراد کی تربیت سمیت 166 اسٹارٹ اپس، 5000 سے زائد نئی ملازمتیں اور 260 ملین روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    پاکستان میں 5G کی تیاری سے وائی فائی 6E اور نیشنل اسپیس پالیسی سے جدید کنیکٹیویٹی کی راہ ہموار ہوگی۔

    "حج ایپ” اور "ون پیشنٹ، ون آئی ڈی” سسٹم سے شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

    گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت مختلف صوبوں میں ‘کلاوٴڈ فرسٹ پالیسی’ کے نفاذ کا مقصد قومی مصنوعی ذہانت اور سیمی کنڈکٹر پالیسیوں سے جدید ٹیکنالوجی میں پیش قدمی ہے۔

    ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ (ڈی ای ای پی) سرگرم عمل ہے ، ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کی رفتار مستحکم، مربوط، محفوظ اور جدید معیشت کی تشکیل جاری ہے۔

  • جولائی 2024 سے پاکستان میں آئی ٹی کی برآمدات میں سالانہ 34 فی صد اضافہ

    جولائی 2024 سے پاکستان میں آئی ٹی کی برآمدات میں سالانہ 34 فی صد اضافہ

    کراچی: رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئیں، جولائی 2024 سے پاکستان میں آئی ٹی کی برآمدات میں سالانہ 34 فی صد اضافہ ہوا۔

    اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 میں آئی ٹی کی برآمدات گزشتہ 12 ماہ کی اوسط 269 ملین ڈالرز سے زیادہ ہیں، آئی ٹی کی برآمدات میں اضافے کی وجہ برآمد کنندگان کے خصوصی غیر ملکی کرنسی اکاوٴنٹس کی حد کو 35 فی صد سے بڑھا کر 50 فی صد کرنے اور پاکستانی روپے کا استحکام شامل ہیں۔

    مالی سال کے پہلے ماہ کی مجموعی برآمدات میں آئی ٹی کا حصہ 46 فی صد ہے، ممکنہ طور پر مالی سال 2025 کے لیے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات 3.5 بلین ڈالرز سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

    موجودہ حکومت کی ہدایت اور ایس آئی ایف سی کی معاونت سے وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کئی ماہ سے انٹرنیٹ کی رفتار سست پڑنے کی وجہ سے آن لائن کاروبار کرنے والی کمپنیاں شدید نقصان سے دوچار ہیں، اور یہ کمپنیاں اب تک اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھا چکی ہیں، حکومت کی جانب سے اس سنگین معاملے پر کوئی سنجیدہ رویہ تاحال سامنے نہیں آ سکا ہے۔

  • رواں سال آئی ٹی برآمدات میں 3.5 ارب ڈالر تک اضافے کے امکانات

    رواں سال آئی ٹی برآمدات میں 3.5 ارب ڈالر تک اضافے کے امکانات

    اسلام آباد : ایس آئی ایف سی کے تعاون سے آئی ٹی کے شعبے میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، جو رواں سال میں 3.5ارب ڈالر تک بڑھنے کے امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کے زیر اہتمام آئی ٹی کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں ، گزشتہ مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 2.6ارب ڈالر تک رہیں ، جو رواں سال میں 3.5ارب ڈالر تک بڑھنے کے امکانات ہیں۔

    حکومت نے اگلے پانچ برس میں آئی ٹی پر مبنی برآمدات کو15ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

    آئی ٹی کے شعبے میں برآمداتی صلاحیات کے پیشِ نظر حکومت نے رواں مالی سال میں 79ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم مختص کی ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق 79ارب روپے کی اس مختص کردہ رقم میں سے19ارب روپے کراچی اور اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام میں صرف ہو نگے جبکہ 22ارب روپے پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

    چئیرمین پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اکانومی کی صلاحیت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں آئی ٹی انفراسٹرکچر میں بہتری لانے اور ہنر مند افرادی قوت میں اضافے کی ضرورت ہے۔

    جدید صنعتی معیار کے مطابق آئی ٹی کے شعبے کی تعمیر کے لئے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور انٹرنیٹ کی کنکٹیوٹی کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

    ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے باعث آئی ٹی کے شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے اور بہت سےا سٹارٹ اپس وجود میں آئے ہیں جو خود کو عالمی سطح پر متعارف کرا رہے ہیں۔

  • بیرونی سفارتکار، کاروباری شخصیات آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے منصوبے کے معترف

    بیرونی سفارتکار، کاروباری شخصیات آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے منصوبے کے معترف

    اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں قومی آئی ٹی سیمینار کا انعقاد ہوا، بیرونی سفارتکار اور کاروباری شخصیات بھی پاک فوج کے تعاون سے شروع ہونے والے منصوبے کے سلسلے میں حکومتی اقدامات کے معترف نظر آئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق منصوبے کے تحت آئی ٹی برآمدات کو بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کام کیا جائے گا، سعودی عرب کی مشہور کمپنی واق واق کے سی ای او نے پاکستانی یوتھ کی آئی ٹی سیکٹر میں قابلیت کو سراہا ہے۔

    سمیر جنید نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں پاکستانیوں کا بہت تجربہ ہے، پاکستان میں بہت ذہین اور قابل لوگ دیکھے ہیں، سی ای او واق واق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیک پروجیکٹس میں بہت ریسرچ ہورہی ہے۔

    ایساشیکا عائشہ نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کو ممکن بنانے کے لیے اس قسم کے منصوبے مدد گار ہوں گے۔

    جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے زیراہتمام حالیہ منصوبہ آئی ٹی سیکٹرکی ترقی کا منفرد منصوبہ ہے، پاکستان میں آئی ٹی، ٹیلی کام شعبوں سے کمایا جانے والا سرمایہ ملکی معیشت کو مستحکم کرے گا۔

  • حکومت کا ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے بڑا اقدام

    حکومت کا ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے بڑا اقدام

    اسلام آباد میں آج پاک فوج کے تعاون سے قومی آئی ٹی سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ملکی آئی ٹی برآمدات کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا اور اس شعبے میں بہتری لانا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیمینارکا بنیادی مقصد پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کی استعداد اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے، آئی ٹی شعبے میں انقلاب ملکی معیشت کے دیگر شعبوں میں بھی ترقی کا باعث بنے گا۔

    سیمینار کا انعقاد اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے زیرِاہتمام معاشی ترقی کے بحالی منصوبے کی ایک کڑی ہے۔

    سرینا ہوٹل میں ہونے والا سیمینار وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، سیمینار میں وزیراعظم، آرمی چیف، وفاقی وزرا اور صوبائی وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔

    گورنراسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، خلیجی ممالک، چین اور یورپی یونین کے سفارتکاروں کی شرکت بھی متوقع ہے، سیمینارمیں مختلف کاروباری شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔