Tag: آئی پیڈ

  • آئی فون، آئی پیڈز اور میک بُک پر بڑی رعایتی سیل

    آئی فون، آئی پیڈز اور میک بُک پر بڑی رعایتی سیل

    ایپل نے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے صارفین کیلئے نئے سیزن میں سیل کا اعلان کردیا، اب مہنگے ترین فونز، آئی پیڈز کم قیمت میں دستیاب ہونگے۔

    نئے سیزن کی سیل کا آغاز 3 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے، جس میں صارفین کو آئی فون، آئی پیڈز اور میک بُک پر رعایت دی جائے گی، اگر اس سیل کے دوران صارفین ایپل کی کوئی پروڈکٹ خریدتے ہیں تو وہ 3 ماہ کی ایپل میوزک سبسکرپشن سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

    سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آئی فون کے چاہنے والوں کے لیے یہ آفرز اور رعایتیں صرف ایپل کے آن لائن اسٹور تک محدود نہیں ہیں بلکہ یہ ایپل اسٹورز پر دستیاب ہوں گی۔

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی نے ابھی حال ہی میں آئی فون 16 سیریز کو لانچ کیا ہے اور اب ایپل نے اپنی مصنوعات پر لوگوں کو نئی رعایت اور پیشکش فراہم کی ہے۔

    3 اکتوبر سے سیل کا آغاز ہوگا جہاں ایپل اپنے صارفین کو آئی فون، آئی پیڈ، میک بک اور دیگر مصنوعات پر رعایت دے گا۔ اگر آپ ایپل کی مصنوعات براہ راست برانڈ سے خریدتے ہیں تو یہ سیل ایسے ہی افراد کے لیے ہے۔

    ایپل نے ان پیشکشوں اور رعایتوں کے بارے میں زیادہ نہیں بتایا کہ وہ اپنی مصنوعات پر کس طرح کی پیشکش فراہم کرے گا، تاہم ایپل نے اپنے ہوم پیج پر فروخت کے حوالے سے بتایا کہ ہمارے فیسٹیو آفر 3 اکتوبر سے شروع ہوگا۔

  • اوورسیز پاکستانی خاتون ڈاکٹر کا لاکھوں مالیت کا کھویا آئی پیڈ کیسے ملا؟

    اوورسیز پاکستانی خاتون ڈاکٹر کا لاکھوں مالیت کا کھویا آئی پیڈ کیسے ملا؟

    لاہور: موٹر وے پر سفر کرنے والی ایک اوورسیز پاکستانی خاتون ڈاکٹر لاکھوں مالیت کا آئی پیڈ کھو گیا تھا، جس کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس نے حرکت میں آ کر آئی پیڈ ڈھونڈ نکالا۔

    موٹر وے پولیس ایم 2 نے ایمان داری کی مثال قائم کر دی، ترجمان موٹر پولیس نے بتایا کہ اوورسیز خاتون ڈاکٹر ثنا منیر نے موٹر وے ہیلپ لائن پر آئی پیڈ گمشدگی کی اطلاع دی تھی، جس پر پولیس نے ساڑھے 4 لاکھ مالیت کا آئی پیڈ ڈھونڈ کر واپس کر دیا۔

    ترجمان کے مطابق خاتون کا آئی پیڈ سیال موڑ سروس ریسٹورنٹ میں رہ گیا تھا، ڈی ایس پی ملک یوسف اور انسپکٹر رمضان نے سروس ایریا سے ٹیب کو تلاش کیا، بعد ازاں، سیکٹر کمانڈر غلام قادر سندھو کی ہدایات پر ٹیب خاتون کے حوالے کر دیا گیاْ

    اس کارکردگی پر ڈی آئی جی مسرور عالم کلاچی نے پٹرولنگ افسران کی کارکردگی کو سراہا، اوورسیز خاتون ڈاکٹر نے بھی موٹر وے پولیس کی ایمان داری کی تعریف کی۔

  • ماں نے کیک کی جگہ ایپل آئی پیڈ اوون میں رکھ دیا، پھر کیا ہوا؟

    ماں نے کیک کی جگہ ایپل آئی پیڈ اوون میں رکھ دیا، پھر کیا ہوا؟

    کچن میں کسی غلطی کی وجہ سے کھانا برباد ہوتے تو آپ نے سنا ہوگا لیکن کیا یہ بھی سنا ہے کہ کسی خاتون نے کیک کی جگہ ایپل آئی پیڈ ہی کو مائیکرو اوون میں رکھ کر ’پکا‘ دیا ہو۔

    ایسا ہی ایک حیرت انگیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے کچن میں کام کرتے وقت غلطی سے اپنا مہنگا آئی پیڈ ہی اٹھا کر اوون میں پکنے کے لیے رکھ دیا اور بڑا نقصان کر دیا۔

    سوشل نیوز ایگریگیٹر ریڈٹ پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی ہے، جس میں صارف نے بتایا کہ ان کی والدہ نے غلطی سے آئی پیڈ اوون میں بیک کر دیا ہے۔ خاتون نے آئی پیڈ اس قدر بیک کیا کہ وہ دوبارہ ٹھیک ہونے کے قابل ہی نہیں رہا۔

    اس وائرل پوسٹ پر دیگر صارفین نے دل چسپ تبصرے بھی کیے اور بعض نے اہم مشورے بھی دیے، ایک صارف نے لکھا ’ابھی تک آئی پیڈ کچا لگ رہا ہے، اوون میں مزید 20 منٹ تک پکائیں۔‘ ایک صارف نے لکھا ’مزے دار ایپل پائی۔‘‘

    ایک اور صارف نے لکھا ’آپ کی والدہ خوش قسمت ہیں کہ بیٹری پھٹی نہیں یا کوئی اور ایسا واقعہ نہیں ہوا۔‘ ایک اور صارف نے لکھا ’امید ہے آپ کی والدہ ٹھیک ہیں، کوشش کریں کہ اوون کو صاف کریں اور سینیٹائز کریں تاکہ اوون میں کوئی کیمیکل نہ رہ جائے۔‘

    My mom accidentally baked her iPad in the oven
    byu/mrcalmcarrot inmildlyinteresting

  • 2 چور درجنوں لوگوں کے سامنے ایپل اسٹور لوٹ کر فرار

    2 چور درجنوں لوگوں کے سامنے ایپل اسٹور لوٹ کر فرار

    امریکا میں 2 چور ایپل اسٹور سے دن دہاڑے آئی فونز اور آئی پیڈز اٹھا کر آرام سے بھاگ نکلے اور کسی نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسٹور کا عملہ تنقید کی زد میں آگیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ کیلی فورنیا میں واقع ایپل اسٹور پر بلیک فرائیڈے کی سیل کے دوران پیش آیا جس کی ویڈیو وہاں موجود ایک گاہک نے بنا لی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹور میں ماسک لگائے 2 چوروں نے ڈسپلے پر سے آئی فونز اور آئی پیڈز اٹھانا شروع کردیے، دونوں نے تیزی سے ڈسپلے پر سے کئی اشیا اٹھا کر اپنے بیگ اور جیبوں میں ڈال لیں۔

    ان کی اس حرکت سے وہاں موجود لوگوں میں بے چینی شروع ہوگئی اور وہ ان سے دور ہٹنے لگے۔ کچھ افراد نے ویڈیو بھی بنانا شروع کردی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by PPV-TAHOE (@ppv_tahoe)

    اس دوران اسٹور کا عملہ شش و پنج میں مبتلا رہا، ویڈیو میں ایک شخص کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ کیا انہیں روکنا چاہیئے؟

    تاہم چند منٹ میں اپنی کارروائی کر کے دونوں چور دروازہ کھول کر تیزی سے بھاگ گئے۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس پر تنقید شروع ہوگئی، لوگوں نے کہا کہ اسٹور کے عملے اور وہاں موجود لوگوں نے ان چوروں کو کیوں نہیں روکا۔

    بعض افراد کا کہنا تھا کہ وہاں موجود لوگوں نے کچھ نہ کر کے بالکل صحیح کیا، اسٹور میں کافی سارے لوگ موجود تھے اور چور مسلح بھی ہوسکتے تھے، اگر انہیں روکا جاتا تو وہ کوئی پرتشدد کارروائی کر سکتے تھے جس سے وہاں موجود لوگوں کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔

    ایک اور شخص نے کہا کہ اسٹور میں موجود تمام اشیا انشورڈ تھیں، مالی نقصان پورا ہوجائے گا لیکن اگر کسی شخص کو کوئی نقصان پہنچتا تو وہ ناقابل تلافی ہوسکتا تھا۔

  • ایپل کی جانب iOS 15.5 اپ ڈیٹ جاری

    ایپل کی جانب iOS 15.5 اپ ڈیٹ جاری

    ایپل کی جانب سے بڑی خبر آ گئی، کمپنی نے آئی فون اور آئی پیڈ 15.5 سیکیورٹی اپ ڈیٹس جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایپل نے آئی فونز اور آئی پیڈز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے iOS 15.5، iPadOS 15.5 اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے۔

    ایپل نے ابھی دو ماہ قبل ہی iOS 15.4 اپ ڈیٹ جاری کی تھی، اب اپنے صارفین کے لیے iOS 15.5 اور iPadOS 15.5 کو بھی مارکیٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔

    اس نئی اپ ڈیٹ میں کچھ اضافی تبدیلیاں کی گئی ہیں، اور آپریٹنگ سسٹم میں چند چھوٹے فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

    کون سے ڈیوائسز ان اپ ڈیٹس کے لیے اہل ہیں؟

    ایپل نے اعلان کیا ہے کہ Apple iOS 15.5 اور iPadOS 15.5 کے لیے یہ نئی سیکیورٹی اپ ڈیٹ آئی فون 6s اور اس کے بعد کے ورژن کے لیے، iPad Pro (تمام ماڈلز)، iPad Air 2 اور بعد کے ورژن، iPad 5th جنریشن اور بعد کے ورژن، iPad mini 4 اور اس کے بعد کے ورژن، اور آئی پوڈ ٹچ (7ویں جنریشن) کے لیے متعارف کرائی جائے گی۔

    اس اپ ڈیٹ میں نیا کیا ہے؟

    خیال رہے کہ Apple iOS 15.5 نے آئی فونز کی فیچرز کی فہرست میں کچھ بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں کی ہیں، تاہم پھر بھی صارفین مندرجہ ذیل تبدیلیاں دیکھیں گے۔

    سب سے بڑی تبدیلی پوڈ کاسٹ ایپلیکیشن میں کی گئی ہے، اب اس کی تبدیل شدہ سیٹنگ کی وجہ سے صارفین پوڈ کاسٹ ایپی سوڈز کی تعداد سیٹ کر سکتے ہیں، جنھیں آئی پیڈ یا آئی فون پر اسٹور کیا جا سکتا ہے، یہ نئی سیٹنگ ڈیوائس پر ذخیرہ شدہ پرانے پوڈ کاسٹ کو ڈیلیٹ کر دے گی، تاکہ فون پر ایپی سوڈز کی تعداد کو برقرار رکھا جا سکے۔

    والٹ پر ایپل پے کیش والے حصے میں اب الگ الگ ‘ریکوئسٹ’ اور ‘سینڈ’ کے بٹن ہوں گے، اس سے صارف کے لیے کیش سنبھالنا آسان ہو جائے گا۔

    iPadOS 15.5 میں ‘یونیورسل کنٹرول’ کا فیچر آخر کار بیٹا مرحلے سے باہر آ گیا ہے، آئی پیڈز کے لیے یہ ایک زبردست اپ ڈیٹ ہے، اس اپ ڈیٹ (یونیورسل کنٹرول) کے ذریعے آپ صرف ایک ماؤس یا ٹریک پیڈ کے استعمال سے مختلف iPads اور Macs کنٹرول کر سکیں گے۔

    iOS 15.5 میں ‘External Link Account Entitlement کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کا صارفین کو شدت سے انتظار تھا، اس نئے فیچر کی مدد سے صارف اپنے اکاؤنٹ اور دیگر چیزوں کو منظم کرنے کے لیے بیرونی ویب سائٹ کا لنک شامل کر سکے گا۔

    ایپل نے ایک نیا فیچر یہ بھی متعارف کرایا ہے جو کچھ میڈیا کو فوٹو میموریز پر ‘پاپ اپ’ ہونے سے روکتا ہے، مثال کے طور پر اگر آپ اپنے گھر جیسے کسی مقام کو حساس مقامات میں سے ایک کے طور پر ٹیگ کرتے ہیں، آپ کو ایپل کی فوٹو میموریز پر اس مقام کی تصاویر نظر نہیں آئیں گی۔

    ایپل نے گانے کے پلے بیک کی رفتار کو منظم کرنے کے لیے تھرڈ پارٹی میوزک ایپلی کیشنز (ایپل میوزک کے علاوہ) فراہم کر دی ہیں، API کو iOS 15.4 میں سے ہٹا دیا گیا تھا، تاہم اب یہ پھر شامل کر دیا گیا ہے۔

    ان معمولی فیچر اپ ڈیٹس کے علاوہ، iOS 15.5 اور iPadOS 15.5 میں چند سیکیورٹی فیچرز بھی صارفین کے منتظر ہیں، تازہ ترین اپ ڈیٹ میں 25 سے زیادہ سیکیورٹی اصلاحات کی گئی ہیں اور ان کی تفصیل ایپل کی آفیشل سیکیورٹی سپورٹ سائٹ پر دی گئی ہے۔

  • امریکی شہری نے لنکڈ ان پر مقدمہ دائر کردیا

    امریکی شہری نے لنکڈ ان پر مقدمہ دائر کردیا

    ایک امریکی شہری نے بزنس آن لائن سروس لنکڈ ان پر حساس معلومات تک رسائی حاصل کرلینے پر مقدمہ دائر کیا ہے۔

    امریکی شہر نیویارک کے رہائشی اور آئی فون صارف نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ لنکڈ ان نے ان کے ایپل فون کی یونیورسل کلپ بورڈ ایپلی کیشن سے حساس معلومات پڑھیں اور انہیں لنکڈ ان پر منتقل کیا۔

    ایپل کی ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ کلپ بورڈ صارفین کو ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز ایک ایپل ڈیوائس سے دوسری ایپل ڈیوائس میں منتقل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

    سان فرانسسکو کی وفاقی عدالت میں دائر کردہ مقدمے کے مطابق لنکڈ ان اس تمام معلومات کو صارفین کو آگاہ کیے بغیر پڑھتا رہا۔

    ایپل نے ایک پرائیوسی فیچر شروع کیا ہے جس کے تحت جیسے ہی کلپ بورڈ کو کھولا جاتا ہے تو صارف کو اس کا نوٹی فکیشن آجاتا ہے، مذکورہ نوٹی فکیشن کے بعد علم ہوا کہ لنکڈ ان اور ٹک ٹاک سمیت 51 ایپس اس کلپ بورڈ تک رسائی رکھتی ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 4 کے ڈویلپرز نے دیکھا ہے کہ لنکڈ ان کی ایپ آئی فونز اور آئی پیڈز کا کلپ بورڈ متعدد بار پڑھتی رہی ہیں۔

    لنکڈ ان کے ایک ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ایپ کا نیا ورژن ریلیز کیا ہے جس کے بعد اس پریکٹس کا خاتمہ ہوجائے گا۔ تاحال لنکڈ ان کی جانب سے اس مقدمے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

  • آئی فون صارفین ہیکرز کا آسان شکار؟

    آئی فون صارفین ہیکرز کا آسان شکار؟

    واشنگٹن: معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے فونز اور آئی پیڈز میں ایک خرابی کا انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے صارفین کے آئی فونز ہیک ہونے کا خدشہ ہے، کمپنی اس خرابی سے لاعلم تھی۔

    سان فرانسسکو کی ایک سائبر سیکیورٹی کمپنی زیک اوپس نے اس خرابی کو دریافت کیا ہے اور اس کے مطابق یہ خرابی نصف ارب سے زائد آئی فون صارفین کو ہیکرز کا آسان ہدف بنا دے گی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ خرابی آئی پیڈز میں بھی موجود ہے۔

    مذکورہ سیکیورٹی کمپنی نے اس خرابی کی دریافت سنہ 2019 میں اس وقت کی جب وہ اپنے ایک کلائنٹ کی سائبر حملے کی شکایت پر کام کر رہے تھے۔

    اس خرابی کو مزید 6 سائبر حملوں کے دوران بھی بطور آلہ استعمال ہوتے دیکھا گیا، یہ حملے جاپان، جرمنی، سعودی عرب اور اسرائیل سے تعلق رکھنے والے ہائی پروفائل صارفین کے خلاف کیے گئے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ہیکنگ میں صارفین کو ایک خالی ای میل روانہ کی جاتی ہے جسے کھولتے ہی موبائل کا سسٹم کریش کر جاتا ہے اور موبائل ری اسٹارٹ ہوجاتا ہے۔ ری اسٹارٹ ہونے کے دوران ہیکرز کو ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹو زک اوراہم کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی سنہ 2018 میں ذاتی طور پر اس خرابی کا مشاہدہ کر چکے تھے۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ ایپل اس خرابی سے لاعلم تھی، تاہم ایپل کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی اس سے واقف تھی اور اس کی درستگی پر کام کیا جارہا ہے جو جلد ایک اپ ڈیٹ کے ذریعے آئی فون کے صارفین کو فراہم کردی جائے گی۔

    زک اوراہم کے مطابق یہ ہیکنگ کئی بڑی مشکوک سائبر سرگرمیوں کا ایک حصہ ہوسکتی ہے جن کا ابھی تک سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

    2 آزادانہ سیکیورٹی ریسرچز نے بھی زک اوپس کی اس رپورٹ کی تصدیق کی ہے اور ان کا بھی یہی ماننا ہے کہ یہ معلومات ادھوری ہیں اور اس کی مزید کڑیوں کا ملنا باقی ہے۔