Tag: آئی ڈی بی

  • پولیو ویکسین: آئی ڈی بی کی جانب سے عطیہ اور قرضے کے لیے معاہدہ

    پولیو ویکسین: آئی ڈی بی کی جانب سے عطیہ اور قرضے کے لیے معاہدہ

    اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک پولیو ویکسین کے لیے پاکستان کو 60 ملین ڈالر دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ڈی بی کے ساتھ پولیو ویکسین کے لیے عطیے اور قرضے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔

    اس سلسلے میں وزارت اقتصادی امور کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک 39 ملین قرضہ اور 21 ملین ڈالر بطورگرانٹ دے گا۔

    اعلامیے کے مطابق آج وزارت اقتصادی امور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے گئے، معاہدے پر سیکریٹری اقتصادی امور اور اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندے نے دستخط کیے۔

    ملک میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    اس رقم سے پولیو ویکسین کی خریداری، انسداد پولیو مہم کے دوران اس کے استعمال اور دیگر امور نمٹائے جائیں گے، اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان میں پولیو مہم 2 لاکھ 60 ہزار پولیو ورکرز کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے، دنیا میں اب صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں، جہاں اس کے کیسز اب بھی رپورٹ ہوتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا امکان ظاہر کر چکا ہے کہ پاکستان بہت جلد پولیو فری ملک بن جائے گا۔

  • حکومت کے احساس پروگرام میں اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون کی پیش کش، وزیر اعظم کا شکریہ

    حکومت کے احساس پروگرام میں اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون کی پیش کش، وزیر اعظم کا شکریہ

    اسلام آباد: حکومت پاکستان کے احساس پروگرام میں اسلامی ترقیاتی بینک نے تعاون کی پیش کش کر دی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بینک کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو انسانی ترقی اور اقتصادی استحکام میں تعاون کی پیش کش کی ہے۔

    صدر اسلامی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ آئی ڈی بی حکومت پاکستان کے احساس پروگرام میں تعاون کرے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان سے طویل شراکت داری پر اظہارِ مسرت کیا اور پولیو کے خاتمے، اقتصادی ترقی میں تعاون پر بینک حکام کا شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  غربت میں کمی کیلئے احساس پروگرام حکومت کا اہم منصوبہ ہے، وزیراعظم عمران خان

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ منصوبوں میں تعاون کو فروغ دے گا۔

    واضح رہے کہ احساس پروگرام کا اعلان وزیرِ اعظم عمران خان نے 27 اپریل کو کیا تھا، اس ’غربت مٹاؤ پروگرام‘ کا نام ’احساس اور کفالت‘ رکھا گیا، پروگرام کے تحت بیواؤں، یتیموں اور بزرگوں کو مالی مدد دی جائے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا غربت مٹاؤ پروگرام انسانیت کے راستے پر چلنے کی پہلی کوشش ہے، انسانیت کی مدد کرنا ریاست کی ذمہ داری ہونی چاہیے، چین کی ہر پالیسی میں غربت کے خاتمے کا وژن ہے۔