Tag: آباد

  • آباد نے حکومت کو پراپرٹی سے متعلق ٹیکسز کے حوالے سے کیا بجٹ تجاویز پیش کی ہیں؟

    آباد نے حکومت کو پراپرٹی سے متعلق ٹیکسز کے حوالے سے کیا بجٹ تجاویز پیش کی ہیں؟

    کراچی: آباد نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے وفاقی حکومت کو جامع تجاویز پیش کی ہیں۔

    آباد کی جانب سے آئندہ بجٹ کے لیے تجاویز پیش کر دی گئیں، ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے آئندہ مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ کے لیے جامع تجاویز پیش کرتے ہوئے ٹیکس پالیسیوں میں تسلسل، نرمی اور شفافیت پر زور دیا ہے۔

    آباد کے چیئرمین حسن بخشی کا کہنا تھا کہ بلڈرز سے خریداروں کو پراپرٹی کی منتقلی پر عائد ایڈوانس ٹیکس ختم کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ ٹیکس ریٹ 0.5 فی صد مقرر کیا جائے، نیز ٹیکس پالیسی میں کم از کم 15 سال کا تسلسل ہونا چاہیے تاکہ سرمایہ کاروں کو اعتماد حاصل ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے قوانین میں اصلاحات اور پراپرٹی سیکٹر میں پیچیدگیاں ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تجاویز کے مطابق بلڈرز سے خریداروں کو پراپرٹی کی منتقلی پر عائد ایڈوانس ٹیکس ختم کیا جائے، جب کہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس ریٹ 0.5 فی صد مقرر کیا جائے۔



    حسن بخشی نے کہا کہ کراچی میں نافذ فرضی آمدن ٹیکس معقولیت سے عاری ہے، جسے فوری ختم کیا جانا چاہیے۔ اُن کا کہنا تھا کہ فی رقبہ ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جائے۔

    آباد نے کیپیٹل گین ٹیکس کو ہولڈنگ پیریڈ کی بنیاد پر دوبارہ بحال کرنے، ٹیکس ریفنڈ کی منتقلی کے لیے درکار تحریری منظوری کا تقاضہ ختم کرنے اور بجٹ سے پہلے پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبلز میں موجود تضادات دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

    تجاویز میں وِد ہولڈنگ ٹیکس میں کمی اور اوورسیز پاکستانیوں کی ڈالروں سے خریدی گئی جائیداد پر غیر منصفانہ ٹرانسفر ٹیکس ختم کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ چیئرمین آباد کا کہنا تھا کہ اگر بجٹ 2025-26 میں ٹیکس اصلاحات کو شامل کر لیا جائے تو اس سے معیشت کو مستحکم اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

  • آباد کا ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان

    آباد کا ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان

    کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) نے ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کردیا، آباد کا کہنا ہے کہ ملک میں تعمیراتی شعبے کا خام مال بہت مہنگا ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں آباد نے ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    آباد نے سریے کی خریداری بند کرنے اور ایک ہفتے سے جاری ہڑتال مزید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایسوسی ایشن چیئرمین عارف جیوا کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسائل حل نہیں کیے تو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان اور تعمیراتی سرگرمیان بند کر دی ہیں۔

    چیئرمین کے مطابق پاکستان میں تعمیراتی شعبے کا خام مال بہت مہنگا ہوچکا ہے، سریے اور سیمنٹ کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، منی بجٹ کے اعلان کے بعد پاکستان میں فی ٹن سریے کی قیمت ساڑھے 3 لاکھ روپے 60 ہزار روپے اور سیمنٹ کی بوری 1 ہزار روپے سے زائد ہوگئی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ پہلے فی اسکوائر فٹ سریے کی لاگت 700 روپے تھی جو اب 22 سو روپے کی ریکارڈ پر پہنچ چکی ہے، حکومت سریے پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرے تاکہ اس کی قیمت میں کمی ہو۔

  • آباد وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش، گورنر سندھ نے یقین دہانی کرا دی

    آباد وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش، گورنر سندھ نے یقین دہانی کرا دی

    کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کے وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے، گورنر سندھ نے آباد وفد کو ملاقات کی یقین دہانی کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے تعمیراتی صنعت سے متعلق اہم تنظیم آباد کے 15 رکنی وفد نے محسن شیخانی کی سربراہی میں ملاقات کی۔

    وفد نے کنسٹرکشن انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور دیگر مسائل سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا اور انھیں تجاویز پیش کیں۔

    وفد کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح، کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لیے ریگولرائزیشن کی حکمت عملی مرتب کی جائے، اور ریگولرائزیشن پالیسی کے تحت ریگولرائزیشن کمیشن کا قیام بھی ناگزیر ہے۔

    وفد نے تجویز دی کہ تعمیرات کے حوالے سے بلڈنگ این او سی اور اپروول پروسیجرز وَن ونڈو آپریشن کے تحت ممکن بنایا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ون ونڈو آپریشن پر عمل درآمد سے پروجیکٹ مکمل ہونے پر بلڈرز اور رہائشیوں کو بعد میں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔

    آباد کے وفد نے کہا کہ نسلہ ٹاور کے مکین جس پریشانی سے گزر رہے ہیں، اسے انسانی بنیادوں پر دیکھا جائے، اور ان کی بحالی کے لیے کوئی حکمت عملی تیار کی جائے۔

  • رنچھوڑ لائن واقعہ: آباد نے ایس بی سی اے کو ذمہ دار قرار دے دیا

    رنچھوڑ لائن واقعہ: آباد نے ایس بی سی اے کو ذمہ دار قرار دے دیا

    کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے رنچھوڑ لائن میں عمارت گرنے کے واقعے کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلڈرز کی تنظیم آباد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم رنچھوڑ لائن میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی عمارت گرنے کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

    آباد نے الزام لگایا ہے کہ ایس بی سی اے کی ناک کے نیچے طویل عرصے سے شہر میں غیر قانونی اور غیر معیاری کنسٹرکشن جاری ہے، جو شہر میں کسی بھی بڑے سانحے کی وجہ بن سکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق آباد کے چیئرمین محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیر قانونی اور ناقص مٹیریل والی عمارتوں کی دھڑا دھڑ تعمیرات کے خلاف باقاعدہ مہم جاری ہے، اس سلسلے میں آباد نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری بلدیات اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو باقاعدہ خطوط ارسال کر کے اس جانب توجہ دلائی ہے-

    یہ بھی پڑھیں:  رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ سامنے آگیا

    انھوں نے خبردار کیا کہ شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی کھلے عام تعمیرات کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں شہر کے 10 لاکھ افراد کو لقمہ اجل بنا سکتی ہیں۔ ہمارے بھیجے گئے خطوط کے باوجود متعلقہ اداروں اور ذمہ داروں نے تاحال اس ضمن میں کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہرقائد کے علاقے رنچھوڑ لائن سومرا گلی میں 6 منزلہ مخدوش اور ایک طرف جھکنے والی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی، خوش قسمتی سے عمارت سے تمام افراد کو نکال لیا گیا تھا۔ مخدوش عمارت کا ایک حصہ بیٹھنے کے باعث اس میں دراڑیں پڑ گئی تھیں جس کے چند گھنٹے بعد ہی پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔

    عمارت کے منظور شدہ نقشے کے مطابق پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون کی منظوری دی گئی تھی، پلاٹ پر گراؤنڈ پلس 6 بنا دیا گیا تھا، بلڈر نے متعلقہ عدالت سے حکم امتناع لیا ہوا تھا۔

  • بابر چغتائی کو نوّے روز کیلئے جیل بھیجنے کا حکم

    بابر چغتائی کو نوّے روز کیلئے جیل بھیجنے کا حکم

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آباد کے سابق چیئرمین بابر مرزا چغتائی کو 90 روز کیلئےجیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے ٹارگٹ کلرز کی مالی معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار سابق چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد )کے چیئرمین بابر چغتائی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔

    اس کے علاوہ  فیصل مسرور اور مجیب اللہ صدیقی کو بھی سخت سیکورٹی میں کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    اس موقع پر عدالت کے احاطے میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری موجود تھی، ملزم بابر چغتائی کو آنکھوں پر پٹی اور سر پر کپڑا باندھ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ گیا۔

    بابرچغتائی کو سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلرز کی مالی معاونت اور سرکاری و نجی زمینوں پرقبضہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملزمان کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت نوے روز کیلئے جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی ۔عدالت نے بابر چغتائی کو نوے روز کیلئے دہشت گردی ایکٹ کےتحت جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔