اسلام آباد: مون سون بارشوں سے ملکی آبی ذخائر میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آبی ذخائر میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 53 لاکھ ایکڑ فٹ سے بڑھ گیا، ارسا نے ڈیموں میں پانی کی صورت حال کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
ارسا کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ ڈیموں میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 53 لاکھ 24 ہزار ایکڑ فٹ ہو گیا ہے۔
تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 39 لاکھ 6 ہزار ایکڑ فٹ تک ہے، منگلا میں13 لاکھ 86 ہزار ایکڑ فٹ کی سطح پر جب کہ چشمہ ریزرویئر میں پانی کا ذخیرہ 32 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
ارسا کا کہنا ہے کہ تربیلا میں پانی کی آمد 2 لاکھ 44 ہزار 100 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 61 ہزار 300 کیوسک ہے، منگلا میں پانی کی آمد 35 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 10 ہزار کیوسک ہے، جب کہ چشمہ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 22 ہزار 800 کیوسک اور پانی کا اخراج 2 لاکھ 27 ہزار 800 کیوسک ہے۔
ادھر تیز اور مسلسل بارشوں کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے جھنگ میں 15 دیہات زیر آب آ گئے ہیں، محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ نچلے درجے کا سیلابی ریلا کل تک تریموں بیراج سے گزرے گا۔