Tag: آتشزدگی

  • امریکا: 8 بچوں سمیت 12 افراد جل کر ہلاک

    امریکا: 8 بچوں سمیت 12 افراد جل کر ہلاک

    پینسلوینیا: امریکی شہر فلاڈیلفیا میں خوف ناک آتش زدگی میں 8 بچوں سمیت 12 افراد جل کر ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں واقع ایک عمارت میں آگ لگنے کے باعث آٹھ بچوں سمیت بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔

    فائر حکام کے مطابق آگ بدھ کی صبح فلاڈیلفیا کے علاقے فیئرماؤنٹ میں این 23 اسٹریٹ پر ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں لگی، مرنے والوں کی عمریں 2 سے 33 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔

    فائر فائٹرز کو عمارت میں داخل ہونے پر تمام منزلوں پر شدید دھوئیں اور تپش کا سامنا کرنا پڑا، اور وہ ایک بچے کو بچانے میں کامیاب رہے لیکن بعد ازاں وہ بھی جاں بر نہ ہو سکا۔

    فائر حکام کے مطابق گھر کو آگ لگنے کے بارے میں آگاہ کرنے والا الارم کام نہیں کر رہا تھا، بدھ کی علی الصبح لگنے والی آگ کی وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی ہے، لیکن یہ شہر میں اب تک کا سب سے بڑا حادثہ ہے جس میں آگ لگنے سے اتنے لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    فائر محکمے کے پہلے ڈپٹی کمشنر کریگ مرفی نے کہا، یہ اب تک کا بدترین حادثہ ہے، میں نے اپنی زندگی میں ایسا حادثہ نہیں دیکھا تھا۔

    صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن کا اس جگہ سے گہرا تعلق رہا ہے، اس واقعے پر تعزیت کرتے ہوئے جل بائیڈن نے ٹویٹ کیا، فلاڈیلفیا میں آتش زدگی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور پیاروں سے میری تعزیت۔

  • جاپان: نفسیاتی کلینک میں موجود 27 افراد لقمۂ اجل بن گئے (ویڈیو)

    جاپان: نفسیاتی کلینک میں موجود 27 افراد لقمۂ اجل بن گئے (ویڈیو)

    اوساکا: جاپان میں ایک عمارت میں لگی آگ میں 27 افراد لقمۂ اجل بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مغربی جاپان کے شہر اوساکا میں آج جمعہ کے روز ایک عمارت میں آگ لگنے سے 27 افراد ہلاک ہو گئے۔

    مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے تمام افراد کیتاشینچی علاقے میں واقع عمارت کی چوتھی منزل پر واقع ایک نفسیاتی کلینک میں موجود تھے، یہ ایک مصروف تجارتی اور تفریحی ضلع ہے۔

    اوساکا شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کے اہل کار اکیرا کشیموتو نے بتایا کہ حادثے میں اٹھائیس افراد متاثر ہوئے تھے، جن میں سے ستائیس کو دل کا دورہ پڑنے کی حالت میں پایا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق متاثرین کو کارڈیو پلمونری اریسٹ کا سامنا کرنا پڑا، یہ اصطلاح اکثر ابتدائی رپورٹس میں موت کی تصدیق ہونے سے پہلے استعمال ہوتی ہے۔

    سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کا کہنا ہے کہ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آگ جان بوجھ کر تو نہیں لگائی گئی۔

    مقامی فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ آگ لگ بھگ 20 مربع میٹر (215 مربع فٹ) کے رقبے میں پھیلی تھی، ریسکیو اہل کاروں نے آدھے گھنٹے کے اندر کامیابی سے آگ بجھائی، تاہم اندر موجود لوگوں کو بچایا نہ جا سکا۔

    سوشل میڈیا پر موجود فوٹیجز میں متاثرہ عمارت کی کھڑکیاں دیکھی جا سکتی ہیں جو سیاہ ہو چکی ہیں، اور اندر سے دھواں نکل رہا ہے، سڑک پر درجنوں فائر انجن اور پولیس کی گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں، حکام نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے مجموعی طور پر 70 فائر انجنوں کو لگایا گیا تھا، جو کہ زیادہ تر ہنگامی کال کے تقریباً 30 منٹ کے اندر اندر پہنچ گئے تھے۔

  • کراچی: آئل ریفائنری کی زیر زمین لائن میں آتشزدگی، 6افراد جھلس کر زخمی

    کراچی: آئل ریفائنری کی زیر زمین لائن میں آتشزدگی، 6افراد جھلس کر زخمی

    کراچی: کورنگی میں آئل ریفائنری کی لائن میں لگی آگ بجھا دی گئی، آتشزدگی کے واقعے میں سیکیورٹی گارڈ سمیت6افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں آئل ریفائنری کی زیر زمین لائن میں آگ لگ گئی، آگ لگنے کے نتیجےمیں 6 افراد جھلس گئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے 6افراد کوجھلسی ہوئی حالت میں نکال لیا گیا۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا تھا کہ آگ نے اطراف کھڑی گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا اور آتشزدگی کے نتیجے میں 2 گاڑیاں جل گئیں۔

    فائربریگیڈ حکام نے بتایا کہ کئی گھنٹوں بعد آئل ریفائنری کی لائن میں آگ پر قابو پایا لیا گیا ، فائربریگیڈ کی 3گاڑیوں نے آگ بجھانے کے آپریشن میں حصہ لیا۔

    پولیس نے بتایا آگ لگنے سے سیکیورٹی گارڈ سمیت6افرادزخمی ہوئے۔

    یاد رہے کراچی کےعلاقے صدر کی کوآپریٹومارکیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں کئی دکانوں اورگوداموں میں قیمتی سامان جل کر خاک ہوگیا،فائربریگیڈ کا عملہ کئی گھنٹوں بعد آگ بجھانےمیں کامیاب ہوا۔

    دکانداروں کے مطابق دو سو سے زائد دکانیں متاثر ہوئی اور کروڑوں روپےمالیت کا کپڑا اور دیگر قیمتی سامان خاکستر ہوگیا، آتشزدگی کےدوران فائر فائٹر سکندر جھلس کرزخمی ہوا جبکہ دوسرا فائر فائٹر انعام دھویں کی وجہ سے بے ہوش ہوا، جنہیں فوری طور پرسول اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا کی جیل میں آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جکارتہ پولیس چیف نے بتایا کہ جکارتہ کے قریب واقع تانگیر انگ جیل میں رات گئے آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک ہوئے، 8 شدید زخمی اور 72 معمولی زخمی ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے لگی جس پر فائر فائٹرز نے صبح تک قابو پالیا۔ جب آگ لگی اس وقت زیادہ تر قیدی سو رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق آگ سے متاثرہ جیل کے 40 قیدیوں کی گنجائش والے بلاک میں 120 قیدی رکھے گئے تھے، اس بلاک میں منشیات سے متعلق جرائم کی سزا کاٹنے والے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔

  • فیکٹری میں آتشزدگی: عرب پارلیمنٹ کا جانی نقصان پر اظہار افسوس

    فیکٹری میں آتشزدگی: عرب پارلیمنٹ کا جانی نقصان پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دو روز قبل فیکٹری میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعے پر عرب پارلیمنٹ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے کراچی کی فیکٹری میں آگ لگنے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عرب پارلیمنٹ کی قیادت کا اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ عرب پارلیمنٹ کی قیادت نے مشکل کی گھڑی میں یاد رکھا، کراچی واقعے پر پوری قوم افسردہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ اہم فورم ہے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں، بہتر رابطہ کاری اور معاونت پر یقین رکھتے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں چمڑا رنگنے کی فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں فیکٹری کے 16 ملازمین جاں بحق ہوگئے تھے۔

    تاحال پولیس نے مقدمہ درج کر کے فیکٹری کے چوکیدار، مینیجر اور سپر وائزر کو حراست میں لے لیا ہے، بلڈنگ اور فیکٹری کے مالک دونوں تاحال مفرور ہیں۔

  • چترال: درختوں کو آگ سے بچانے والا خود زندگی ہار گیا، ٹیم آگ بجھانے میں کامیاب

    چترال: درختوں کو آگ سے بچانے والا خود زندگی ہار گیا، ٹیم آگ بجھانے میں کامیاب

    چترال: خیبر پختون خوا کے شہر چترال میں واقع جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے آپریشن کے دوران ایک اہل کار پاؤں پھسلنے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چترال کے چمرکن کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے میں مصروف محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال درختوں کو آگ سے بچاتے بچاتے خود زندگی کی بازی ہار گئے۔

    محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال لوئر چترال کے جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے میں دیگر ساتھوں کے ساتھ موجود تھے، کہ اچانک پاؤں پھسل جانے کی وجہ سے اونچائی سے گرگئے۔

    جمشید کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا، اور قریبی اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

    ڈی ایف او لوئر چترال فریاد علی نے بتایا کہ جمشید اقبال جان کی پرواہ کیے بغیر جنگل میں آگ بجھانے میں مصروف رہے، پہاڑی سے گرنے کی وجہ سے جمشید کو سر پر گہری چوٹیں آئی تھیں، جن کی وجہ سے ان کی شہادت ہوئی۔

    ڈی ایف او فرہاد علی نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم اس بات کا صحیح اندازہ رپورٹ آنے کے بعد ہوگا کہ آگ کی وجہ سے جنگل کا کتنا رقبہ اور درخت متاثر ہوئے ہیں۔

    محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال کی شہادت پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے بھی شہید کی فیملی کے ساتھ اظہار تعزیت اور ہمدردی کیا ہے، وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ جمشید اقبال نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان دے کر فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

    انھوں نے کہا جمشید کی فرض شناسی سب کے لیے قابل تقلید ہے، اللہ تعالی ان کی شہادت قبول فرمائے، صوبائی حکومت شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

  • موبائل چارجنگ کے دوران فون کے استعمال سے لڑکی کی موت، تحقیقات میں نئی کہانی سامنے آ گئی

    موبائل چارجنگ کے دوران فون کے استعمال سے لڑکی کی موت، تحقیقات میں نئی کہانی سامنے آ گئی

    گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں موبائل فون سے آگ لگنے سے لڑکی کی موت کی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گھر میں پہلے سے گیس لیکج ہو رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے کوہلو والا میں موبائل چارجنگ کے دوران فون کے استعمال سے لڑکی کی موت کے سلسلے میں ابتدائی تحقیقات میں نئی کہانی سامنے آ گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کے اہل خانہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ لڑکی ہیڈ فون لگا کر موبائل فون سن رہی تھی، کہ اچانک چارجنگ پر لگے موبائل فون میں آگ لگ گئی۔

    بیان کے مطابق شارٹ سرکٹ سے لگی آگ سے موبائل فون پھٹ گیا، گھر میں گیس لیکج پہلے سے ہو رہی تھی، اس لیے موبائل فون پھٹنے کے بعد آگ لگ گئی، جس نے لڑکی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کوہلو والا کے علاقے میں گزشتہ رات پیش آیا۔

    خیال رہے کہ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 13 سالہ لڑکی نے موبائل کو چارجنگ پر لگایا اور ہینڈ فری استعمال کرنے لگی کہ اچانک موبائل فون، چارجر اور ہینڈ فری میں آگ بھڑک اٹھی، حیرت انگیز طو پر آگ نے شدت اختیار کی اور لڑکی اس کی کی لپیٹ میں آ کر مکمل جھلس گئی۔

    اطلاع دیے جانے پر ایک ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچی تھی، جس میں متاثرہ لڑکی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

  • امریکا: گھر میں آگ لگا کر بچوں کو مارنے والی ماں رہا!

    امریکا: گھر میں آگ لگا کر بچوں کو مارنے والی ماں رہا!

    امریکا میں ایک خاتون کو تہرے قتل کے الزام میں 32 سال بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔ خاتون پر الزام تھا کہ انہوں نے دانستہ طور پر گھر کو آگ لگا کر بچوں کو مار ڈالا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کی رہائشی 59 سالہ جو این پارکس کو سنہ 1989 میں گرفتار کیا گیا تھا، ان کے گھر میں آگ لگی تھی جس میں ان کے تینوں بچے ہلاک ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق لونگ روم میں رکھے گئے وی سی آر کی ایک تار خراب تھی جہاں سے آگ شروع ہوئی، بعد ازاں آگ بچوں کے کمرے تک پھیل گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایسے شواہد ملے جس سے ماں کی غفلت اور لاپرواہی ظاہر ہوتی تھی، بچوں کے کمرے میں بھاری فرنیچر رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے باہر نکلنے کا راستہ بھی بلاک تھا۔

    ایک پڑوسی نے پولیس کو بیان دیا کہ پارکس اپنے بچوں کا خیال نہیں رکھتی تھی، اس نے ایک بار ایک بچے کو فرش سے کتے کا کھانا اٹھا کر کھاتے دیکھا تھا۔

    ادھر ماں نے اپنے بیان میں کہا کہ آتشزگی کی رات وہ بچوں کے چیخنے کی آوازوں سے نیند سے اٹھی، آگ اتنی شدید تھی کہ وہ بچوں کے کمرے تک نہیں پہنچ سکتی تھی۔ وہ باہر نکل کر پڑوسیوں تک گئی لیکن پڑوسی بھی بچوں تک نہیں پہنچ سکے۔

    سنہ 2011 میں ججز کے ایک پینل نے واقعے کو حادثہ قرار دیا، تب تک پارکس 2 دہائیاں جیل میں گزار چکی تھی۔

    دی انوسینس نامی ایک ادارے کی کوششوں سے، جو بے گناہ قیدیوں کے لیے کام کرتے ہیں، پارکس کا کیس دوبارہ چلا اور بالآخر 32 سال بعد اسے ضمانت پر جیل سے رہا کردیا گیا۔ پارکس کا کیس عدالت میں جاری ہے۔

  • کیلی فورنیا کے جنگلات میں پھر سے آگ بھڑک اٹھی

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں پھر سے آگ بھڑک اٹھی

    واشنگٹن: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں ایک بار پھر سے آگ بھڑک اٹھی، مسلسل ہونے والی آتشزدگی سے ریاست کے جنگلات کا 4 فیصد حصہ جل کر خاک ہوچکا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست جنوبی کیلیفورنیا کے کانیون آبی درے میں جنگلات میں ایک بار پھر سے آگ بھڑک اٹھی ہے، آگ سے فائر بریگیڈ کے 2 کارکن زخمی ہوگئے۔

    آتشزدگی سے 7 مربع کلو میٹر کا رقبہ متاثر ہوا ہے جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    یہ ریاست گزشتہ چند برسوں سے وسیع پیمانے پر جنگلات میں آتشزدگی سے دو چار ہے تاہم اس برس آتشزدگی کے غیر معمولی اور ہولناک واقعات رونما ہوئے جن میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔

    سنہ 2019 کے اختتام سے ہونے والی آتشزدگیوں نے جنگلات کا 17 لاکھ ایکڑ تک کا رقبہ جلا کر خاکستر کردیا جو کیلی فورنیا کے جنگلات کا 4 فیصد حصہ ہے۔

    یونیورسٹی آف سڈنی کے ماہرین ماحولیات کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے، ستمبر 2019 سے جنوری 2020 تک اندازاً 48 کروڑ ممالیہ جانور، پرندے اور رینگنے والے جانور ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں اضافہ جاری ہے۔

  • کراچی:ہجرت کالونی کی عمارت میں آتشزدگی،4 افراد جاں بحق

    کراچی:ہجرت کالونی کی عمارت میں آتشزدگی،4 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ہجرت کالونی میں عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ہجرت کالونی میں 3 منزلہ عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، آتشزدگی سے 2 خواتین اور بچی سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔جاں بحق خاندان عمارت کی پہلی منزل پر رہائش پذیر تھا۔

    فائر بریگیڈ کے مطابق اب بھی کئی لوگوں کے عمارت میں موجود ہونے کا خدشہ ہے، تنگ گلیوں اور رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب علاقہ مکین نے الزام عائد کیا ہے کہ اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ آدھےگھنٹے تاخیر سے پہنچی۔

    یاد رہے کہ رواں سال 21 مارچ کو کراچی کے علاقے حسن اسکوائر کے قریب عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔