Tag: آتشزدگی

  • کم زور یادداشت والی خاتون نے گھر کو آگ لگا دی، خود بھی جاں بحق

    کم زور یادداشت والی خاتون نے گھر کو آگ لگا دی، خود بھی جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں کم زور یادداشت والی ضعیف خاتون کے ہاتھوں گھر کو آگ لگی، حادثے میں خاتون بھی جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح نو بجے کے آس پاس گلشن اقبال بلاک 5 میں واقع ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں گھر کی 70 سالہ ضعیف خاتون پروین بی بی جاں بحق ہو گئیں، جب کہ گھر کے نچلے حصے میں ایک بیڈ روم اور کچن مکمل طور پر جل گئے،پہلی منزل پر بھی آگ لگنے سے نقصان پہنچا۔

    گھر کے بزرگ مالک اور جل کر جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر عمر شریف

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق گھر میں ضعیف خاتون کی بھولنے کی عادت کی وجہ سے آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا، واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، پولیس اور رینجرز کے اہل کاروں نے بھی موقع پر پہنچ کر جلے ہوئے گھر کا جائزہ لیا، تفیتشی ٹیم نے بھی اپنی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    گھر کا نچلا حصہ جو شدید آتش زدگی کا شکار ہوا

    گھر کے معمر مالک عمر شریف کا کہنا تھا کہ ان کی آنکھ دھماکے کی آواز سے کھلی، گھر میں ان کی بیٹی بھی الگ کمرے میں سو رہی تھیں، بیوی الگ کمرے میں تھیں، کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا اور وہ جاگے تو انھوں نے دیکھا کہ بیوی کے بیڈ روم سے شعلے لپک کر باہر نکل رہے تھے۔ بیوی کا ذکر کرتے ہوئے گھر کے مالک رو پڑے۔

    عینی شاہد ڈرائیور اے آر وائی نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے

    گھر کے ڈرائیور نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ 70 سالہ ضعیف خاتون پروین بی بی کو بھولنے کی عادت تھی، میں 25 سال سے اس گھر میں ملازمت کر رہا ہوں، خاتون صبح چائے بناتی تھیں اور پھر کچن کے برابر اپنے کمرے میں لیٹ جاتی تھیں، خاتون ایک بار چائے بنانے کے بعد بھولے سے پھر چائے بنانے آ جاتی تھیں، کئی بار ایسا ہوا کہ خاتون چولھا جلانے کے بعد اسے بند کرنا بھی بھول گئی تھیں۔

    ڈرائیور کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب خاتون نے چائے بنائی اور گیس کھلی چھوڑ دی، جب وہ دوبارہ کچن میں آئیں اور آگ جلائی تو دھماکا ہو گیا، آگ لگنے کے بعد خاتون بھاگ کر کچن کے پاس اپنے بیڈروم میں گئیں اور کمرے میں بھی آگ لگ گئی۔

    پولیس نے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واقعہ حادثاتی ہے، اس لیے وہ کوئی کارروائی نہیں چاہتے۔

  • گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    تفصیلات کے مطابق دلدوز حادثہ گجرات کے علاقے کوٹلہ میں پیش آیا، ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ اتنی شدید اور اچانک تھی کہ اہلخانہ کو بچاؤ کا موقع نہ مل سکا۔ اہل علاقہ نے گھر سے دھواں اٹھتے دیکھا تو مرکزی دروازہ توڑ کر گھر والوں کی مدد کرنے کی کوشش کی۔

    حادثے میں 3 خواتین اور 3 مرد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں اہلخانہ کے حوالے کردی جائیں گی۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ماں نسیم بی بی، بیٹا کاشف اور فیصل اور 3 بیٹیاں طیب، ضوبیہ اور مدیحہ شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی چلتی گاڑی میں آتشزدگی کے واقعے میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

    مذکورہ واقعہ کراچی میں دو منٹ چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں گاڑی اور رکشے میں ٹکر کے بعد آگ لگی، حادثے میں گاڑی میں سوار میاں بیوی 4 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

  • کراچی: گاڑی میں آگ لگ گئی، 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    کراچی: گاڑی میں آگ لگ گئی، 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    کراچی: شہرقائد کے علاقے 2 منٹ چورنگی کے قریب گاڑی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر جاں بحق اور5 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دو مختلف علاقوں میں گاڑی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ دو منٹ چورنگی کے قریب گاڑی میں لگنے والی آگ نے 6افراد کی زندگیاں نگل لیں، جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور 4بچے بھی شامل ہیں، آگ گاڑی اور رکشے میں ٹکر کے بعد لگی۔ پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے واقعہ پر پہنچ گئیں، متعلقہ اداروں نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    دوسری جانب گلستان جوہر بلاک 18میں چلتی گاڑی میں آگ لگ گئی، آتشزدگی کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی لپیٹ میں آگئی۔ اطلاع کے باوجود فائربریگیڈ عملہ ابھی تک نہیں پہنچا۔ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔

    کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران آتشزدگی کے 2 واقعات

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 دسمبر کو شہر قائد میں ایک گھنٹے کے دوران آتشزدگی کے دو واقعات پیش آئے تھے، سیفی کالج کے قریب آئل ڈپو میں آگ لگہ جب کہ سہراب گوٹھ میں مسافر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

  • جنگلات میں لگی قیامت خیز آگ سے کروڑوں جانور ہلاک

    جنگلات میں لگی قیامت خیز آگ سے کروڑوں جانور ہلاک

    سڈنی: آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگی قیامت خیز آگ سے جہاں کئی انسان ہلاک ہوئے اور کئی گھر تباہ ہوئے، وہیں نصف ارب کے قریب جانور بھی اس ہولناک آگ میں ہلاک ہوگئے۔

    یونیورسٹی آف سڈنی کے ماہرین ماحولیات کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے، ستمبر سے اب تک اندازاً 48 کروڑ ممالیہ جانور، پرندے اور رینگنے والے جانور ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں اضافہ جاری ہے۔

    صرف چند دن کے دوران اس آگ سے متعدد افراد بھی ہلاک جبکہ کئی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے مشرقی ساحل کے ساتھ موجود بے شمار گھر تباہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

    اب تک سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خوفزدہ کینگروز شعلوں کو پھلانگ کر جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ریکسیو اہلکاروں کو کوالا کی لاتعداد جھلسی ہوئی لاشیں بھی ملی ہیں۔

    مقامی شہریوں نے بھی کئی جانوروں کی دلدوز کراہیں سن کر ان کی جانیں بچائیں جو آگ سے بری طرح جھلس گئے تھے اور شدید زخموں کی وجہ سے تڑپ رہے تھے۔

    ان جانوروں میں بڑی تعداد کوالا کی ہے جو آہستہ حرکت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں ان کی خوراک کا انحصار بھی یوکلپٹس کے پتوں پر ہے جن کے درخت پہلے ہی جل کر خاک ہوچکے ہیں۔

    تاہم ان کوالاز کو اسپتال پہنچانے کے بعد ان کی تکلیف دیکھتے ہوئے انہیں موت کی نیند سلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا کے نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا کے جنگلات میں چند روز قبل آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

    سرکاری حکام کی جانب سے ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کیے گئے جن کے مطابق اب تک 17 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق آتشزدگی کے باعث اب تک 175 گھروں کے نذر آتش ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ آسمان بھی آگ کے شعلوں کی وجہ سے بالکل سرخ ہو رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز میں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ تک جائے گا جس سے صورتحال مزید بدتر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • جناح اسپتال کراچی کے گائنی وارڈ میں آگ لگ گئی

    جناح اسپتال کراچی کے گائنی وارڈ میں آگ لگ گئی

    کراچی: شہر قائد میں جناح اسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگ گئی، جس سے وارڈ میں موجود سامان جل کر راکھ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کے گائنی وارڈ میں آتش زدگی کے واقعے میں روم میں موجود سامان جل گیا، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق آگ کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، آگ ایمرجنسی کے ایک روم میں لگی، آگ کے باعث روم میں موجود سامان جل گیا، آگ لگنے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں ہو سکا۔

    قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشن تھیٹر میں آگ

    ڈپٹی ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سلیمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس وارڈ میں آگ لگی تھی وہ فنکشنل نہیں تھا، چلڈرن وارڈ کی نرسری غیر فعال ہے، فائر بریگیڈ نے بر وقت پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

    محمد سلیمان نے بتایا کہ تحقیقات کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم ہو سکے گی، آگ سے ایک انکیوبیٹر اور 2 اسٹریچر متاثر ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آتش زدگی کا واقعہ رات ایک بجے کے قریب پیش آیا، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑی پہنچ گئی تھی، جس نے کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی پہلی منزل پر بھی آگ لگ گئی تھی، ریسکیو کا کہنا تھا کہ آگ پہلی منزل پر آپریشن تھیٹر میں لگی، دل کے امراض میں مبتلا مریض اور ان کے تیماردار آگ دیکھ کر خوف زدہ ہو کر باہر نکل آئے تھے۔

  • موچی گیٹ کے گودام میں آتش زدگی، 4 افراد جاں بحق

    موچی گیٹ کے گودام میں آتش زدگی، 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے مشہور موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں آتش زدگی کا خوف ناک واقعہ پیش آیا ہے، آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق، جب کہ 21 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات لاہور کے موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والے خوف ناک آگ نے 4 افراد کی زندگیاں نگل لی ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے اکیس افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جنھیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت مالک،عبدالودود، خداداد اور فیروز خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں لگی آگ پر کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد قابو پا لیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی 5 گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے میں حصہ لیا، گودام میں دھواں بھرنے سے دو درجن کے قریب لوگ شدید متاثر ہوئے، جنھیں طبی امداد کے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق آگ لاہور کے علاقے گوالمنڈی موچی گیٹ لیدر گودام کی پہلی منزل پر لگی تھی۔

  • قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشن تھیٹر میں آگ

    قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشن تھیٹر میں آگ

    کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی پہلی منزل پر آگ لگ گئی، ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ پہلی منزل پر آپریشن تھیٹر میں لگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں آگ لگ گئی، دل کے امراض میں مبتلا مریض اور ان کے تیماردار خوف زدہ ہو کر باہر نکل آئے۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ پہلی منزل کے آپریشن تھیٹر میں لگی، اسپتال انتظامیہ کے مطابق آپریشن تھیٹر میں موجود افراد کو سیکورٹی گارڈز نے محفوظ طریقے سے باہر نکالا، مریضوں کو نکالتے ہوئے ایک سیکورٹی گارڈ معمولی زخمی بھی ہوا۔

    قومی ادارہ برائے امراض قلب میں دواؤں کی مصنوعی قلت

    اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر کا کہنا تھا فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے سیکنڈ فلور پر لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔ آپریشن تھیٹر میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا، ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی ڈاکٹر حمید اللہ ملک کا کہنا ہے کہ آگ سے آپریشن تھیٹر کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

  • گوجرانوالہ: لنڈا بازار میں آتش زدگی، کروڑوں روپے کا مال راکھ

    گوجرانوالہ: لنڈا بازار میں آتش زدگی، کروڑوں روپے کا مال راکھ

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب لنڈا بازار میں آگ لگ گئی، جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل کر راکھ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب ایک لنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم آتش زدگی کے باعث 100 سے زائد دکانیں، پتھارے اور اسٹال جل گئے، کروڑوں روپے کا مال راکھ ہو گیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 4 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، اور اب کولنگ جاری ہے، آتش زدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے حصہ لیا، آگ کے باعث دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل گئے ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق آگ بازار کے اوپر گزرنے والے بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث لگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی فش ہاربر پر ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی، 9 لانچیں جل گئیں

    رپورٹس کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود میں لنڈا بازار میں ایک جگہ اچانک آگ بھڑکنے کے بعد اس نے دیگر دوکانوں کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لیا، قریب موجود بجلی کا ٹرانسفارمر اور بجلی کی تاریں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔

    ریسکیو حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرہ لنڈا بازار ریلوے لائن کے دونوں اطراف واقع ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم آتش زدگی کے نتیجے میں معطل ہونی والی ریلوے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی فش ہاربر میں واقع ہوٹل میں بھی آگ لگ گئی تھی، جس کے باعث بھڑکتے شعلوں نے قریب کھڑی لانچوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، اور کروڑوں روپے کی مالیت کی 9 کشتیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔

  • کراچی فش ہاربر پر ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی، 9 لانچیں جل گئیں

    کراچی فش ہاربر پر ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی، 9 لانچیں جل گئیں

    کراچی: فش ہاربر میں واقع ہوٹل میں آگ لگ گئی، خوف ناک آتش زدگی کے باعث بھڑکتے شعلوں نے قریب کھڑی لانچوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، کروڑوں روپے کی مالیت کی 9 کشتیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی فش ہاربر میں واقع ہو ٹل میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث نو لانچیں جل کر راکھ ہو گئیں، فشریز حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے ہوٹل اور 9 لانچیں مکمل طور پر جل گئی ہیں۔

    آگ بھجانے کے لیے کے پی ٹی، نیوی اور کے ایم سی کے 12 فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے تھے، پاک بحریہ کی امدادی ٹیم اور 4 فائر ٹینڈرز نے بھی آگ بجھانے میں حصہ لیا، شدید کوششوں کے بعد فش ہاربر پر ہوٹل میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب کولنگ جاری ہے، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    فش ہاربر سیکورٹی انچارج کا کہنا تھا کہ جلنے والی لانچیں کروڑوں روپے مالیت کی تھیں، آگ کی شدت بہت زیادہ تھی، جس کے باعث نقصان بہت زیادہ ہوا، کے پی ٹی حکام کو کو کئی بار شکایت کی گئی ہے کہ یہاں سے ہوٹلوں کو ختم کیا جائے لیکن نہیں کیا گیا۔

    فشری سیکورٹی حکام کے مطابق لانچوں پر لگی چربی اور چونا فوراً آگ پکڑتا ہے، اس لیے لانچوں تک آگ پہنچتے ہی آگ میں مزید شدت آ گئی، اور کشتیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔

    ذرایع کے مطابق آگ فش ہاربر پر کالا پانی کے مقام پر برتھ نمبر 5 میں لگی، ہوا تیز ہونے کے باعث آگ برتھ کے آس پاس پھیل گئی اور مزید لانچوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، ریسٹورنٹ میں لگی آگ نے قریب موجود تیل کے ڈرموں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

  • اردن میں گھر میں آگ لگ گئی، 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق

    اردن میں گھر میں آگ لگ گئی، 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق

    عمان: اردن کے مغربی علاقے میں ایک گھر میں آگ لگنے سے 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق ہو گئے، جب کہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ترک میڈیا کے مطابق مغربی اردن میں ایک زرعی اراضی میں بنی رہایش گاہ میں آتش زدگی کے باعث تیرہ پاکستانی جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔

    اردن کے سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس میں آگ آدھی رات کے بعد لگی، شواہد بتاتے ہیں کہ آگ بجلی کے باعث لگی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ کرامہ قصبے کے متاثرہ گھر میں 2 پاکستانی خاندان رہایش پذیر تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہ کا حتمی علم نہیں ہو سکا ہے، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، جس کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ تین زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اردن ویلی میں ہزاروں غیر ملکی مزدور نہایت خراب حالت میں نجی فارمز میں رہایش پذیر ہیں، یہ علاقہ پھل اور سبزیوں کی کاشت کے لیے زرخیز ہے۔ اردن حکام کے مطابق تقریباً 8 ہزار پاکستانی اردن میں رہایش پذیر ہیں اور ایگریکلچرل سیکٹر میں کام کر رہے ہیں۔