Tag: آتش زدگی

  • سکھر: فلیٹ میں آتش زدگی سے دو بچوں سمیت 4 جاں بحق

    سکھر: فلیٹ میں آتش زدگی سے دو بچوں سمیت 4 جاں بحق

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے علاقے غریب آباد میں چار منزلہ عمارت میں واقع فلیٹ میں آگ لگ گئی، جس کے باعث 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سکھر کے علاقے غریب آباد کے بیری چوک پر واقع عمارت کی دکانوں میں آتش زدگی کے باعث فلیٹ میں موجود 4 افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں باپ اور 2 بچے شامل ہیں، زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق فلیٹ کے نیچے بنی دکان میں آگ لگی تھی جس نے پہلی منزل پر واقع فلیٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق دکانوں میں لگی آگ کا دھواں ان کے اوپر بنے فلیٹ میں بھر گیا تھا، جس کے باعث فلیٹ میں موجود محمد جاوید اور ان کے دو بیٹے محمد علیان اور محمد عمر دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے، دھوئیں کے باعث حیدر علی بھی موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔

    ریسکیو کے مطابق آتش زدگی کے باعث زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون سمیت تین افراد شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    آگ لگنے کی وجہ ابتدائی طور پر دکان کے اندر شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، آتش زدگی سے دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا ہے۔

  • کراچی، زینب انٹرنیشنل مارکیٹ میں لگی آگ شدت اختیار کر گئی

    کراچی، زینب انٹرنیشنل مارکیٹ میں لگی آگ شدت اختیار کر گئی

    کراچی: شہر قائد کے تجارتی مرکز صدر میں واقع زینب انٹرنیشنل مارکیٹ کی دکانوں میں آگ لگ گئی، فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، تاہم آگ مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں مشہور زینب انٹرنیشنل مارکیٹ کی دکانوں میں لگنے والی آگ شدت اختیار کر گئی ہے، فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ مزید گاڑیاں موقع پر روانہ کی جا رہی ہیں۔

    آگ انٹرنیشنل مارکیٹ کی چوتھی منزل پر واقع دکانوں میں لگی ہے، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اس مارکیٹ میں گارمنٹس کی دکانیں اور گودام ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ زینب مارکیٹ کے سامنے انٹرنیشنل مارکیٹ میں آتش زدگی کے باعث فوارہ چوک سے اس طرف آنے والے ٹریفک کو ایوان صدر روڈ کی جانب منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • ملیر ٹنکی مارکیٹ کے قریب دکانوں میں آگ، کروڑوں کا مال جل گیا

    ملیر ٹنکی مارکیٹ کے قریب دکانوں میں آگ، کروڑوں کا مال جل گیا

    کراچی: ملیر ٹنکی مارکیٹ کے قریب دکانوں میں آگ لگ گئی، جس کے باعث کروڑوں روپے کا مال جل کر راکھ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح ملیر ٹنکی کی مارکیٹ میں آتش زدگی کے باعث کروڑوں روپے کا مال جل گیا، متاثرہ تاجروں نے حکومت سے ازالے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مارکیٹ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، آگ لگنے کے بعد ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان نے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا تھا، ایم ڈی نے کہا کہ لانڈھی اور صفورا ہائیڈرنٹس سے بھی متعدد ٹینکروں کے ذریعے سیکڑوں گیلن پانی آتش زدگی کے مقام پر پہنچایا گیا۔

    ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ انھوں نے فائر ٹینڈرز کو پانی کی فراہمی کے جاری آپریشن کی خود نگرانی کی۔ تاہم دوسری طرف مارکیٹ کے متاثرہ تاجروں نے کہا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے پہنچا۔

    تین ہٹی آتش زدگی، متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے موجود

    تاجروں کا کہنا تھا کہ پہلی گاڑی جو موقع پر پہنچی اس میں بھی پانی فوری ختم ہو گیا، ملیر فائر اسٹیشن میں تمام گاڑیاں خراب کھڑی ہیں، دیگر اسٹیشنز سے گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں۔

    متاثرہ تاجروں نے کہا کہ 14 دکانوں میں کروڑوں کا مال جل گیا، حکومت اس نقصان کا ازالہ کرے، چیف جسٹس بھی اس صورت حال کا نوٹس لیں۔

    یاد رہے کہ 21 جنوری کو بھی کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے واقع جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے باعث 150 جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں، متاثرین کی بحالی کے لیے تاحال مستقل انتظام نہیں کیا جا سکا ہے۔

  • گوجرانوالہ: ریلوے اسٹیشن پر لگنے والی آگ 18 گھنٹے بعد بجھا دی گئی

    گوجرانوالہ: ریلوے اسٹیشن پر لگنے والی آگ 18 گھنٹے بعد بجھا دی گئی

    گوجرانوالہ: وزیر آباد ہری پور ریلوے اسٹیشن کے گودام میں لگنے والی آگ پر 18 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوجرانوالہ میں وزیر آباد ہری پور ریلوے اسٹیشن کے لکڑی کے گودام میں آگ لگ گئی تھی، آگ کے شعلوں پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کو اٹھارہ گھنٹے لگے، گودام میں آگ گزشتہ روز صبح 5 بجے لگی تھی، ریسکیو کی 18 گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔

    اندھیرے کے باعث امدادی اداروں کو آگ بجھانے میں سخت مشکلات پیش آئیں، پاک فوج کے جوان بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آگ وقفے وقفے سے دوبارہ بھڑک اٹھتی تھی جس کے باعث قابو پانے میں دیر لگی۔

    گودام میں لگنے والی آگ سے کروڑوں کی لکڑی جل گئی ہے، ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ آتش زدگی سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ اندھیرے کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکل پیش آئی، بھڑکنے کے بعد آگ نے پورے گودام کو لپیٹ میں لے لیا، آگ پر قابو پائے جانے کے بعد اب کولنگ کا عمل کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب لنڈا بازار میں آگ لگ گئی تھی، جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل کر راکھ ہو گئے تھے۔

  • کم زور یادداشت والی خاتون نے گھر کو آگ لگا دی، خود بھی جاں بحق

    کم زور یادداشت والی خاتون نے گھر کو آگ لگا دی، خود بھی جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں کم زور یادداشت والی ضعیف خاتون کے ہاتھوں گھر کو آگ لگی، حادثے میں خاتون بھی جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح نو بجے کے آس پاس گلشن اقبال بلاک 5 میں واقع ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں گھر کی 70 سالہ ضعیف خاتون پروین بی بی جاں بحق ہو گئیں، جب کہ گھر کے نچلے حصے میں ایک بیڈ روم اور کچن مکمل طور پر جل گئے،پہلی منزل پر بھی آگ لگنے سے نقصان پہنچا۔

    گھر کے بزرگ مالک اور جل کر جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر عمر شریف

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق گھر میں ضعیف خاتون کی بھولنے کی عادت کی وجہ سے آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا، واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، پولیس اور رینجرز کے اہل کاروں نے بھی موقع پر پہنچ کر جلے ہوئے گھر کا جائزہ لیا، تفیتشی ٹیم نے بھی اپنی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    گھر کا نچلا حصہ جو شدید آتش زدگی کا شکار ہوا

    گھر کے معمر مالک عمر شریف کا کہنا تھا کہ ان کی آنکھ دھماکے کی آواز سے کھلی، گھر میں ان کی بیٹی بھی الگ کمرے میں سو رہی تھیں، بیوی الگ کمرے میں تھیں، کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا اور وہ جاگے تو انھوں نے دیکھا کہ بیوی کے بیڈ روم سے شعلے لپک کر باہر نکل رہے تھے۔ بیوی کا ذکر کرتے ہوئے گھر کے مالک رو پڑے۔

    عینی شاہد ڈرائیور اے آر وائی نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے

    گھر کے ڈرائیور نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ 70 سالہ ضعیف خاتون پروین بی بی کو بھولنے کی عادت تھی، میں 25 سال سے اس گھر میں ملازمت کر رہا ہوں، خاتون صبح چائے بناتی تھیں اور پھر کچن کے برابر اپنے کمرے میں لیٹ جاتی تھیں، خاتون ایک بار چائے بنانے کے بعد بھولے سے پھر چائے بنانے آ جاتی تھیں، کئی بار ایسا ہوا کہ خاتون چولھا جلانے کے بعد اسے بند کرنا بھی بھول گئی تھیں۔

    ڈرائیور کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب خاتون نے چائے بنائی اور گیس کھلی چھوڑ دی، جب وہ دوبارہ کچن میں آئیں اور آگ جلائی تو دھماکا ہو گیا، آگ لگنے کے بعد خاتون بھاگ کر کچن کے پاس اپنے بیڈروم میں گئیں اور کمرے میں بھی آگ لگ گئی۔

    پولیس نے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واقعہ حادثاتی ہے، اس لیے وہ کوئی کارروائی نہیں چاہتے۔

  • جناح اسپتال کراچی کے گائنی وارڈ میں آگ لگ گئی

    جناح اسپتال کراچی کے گائنی وارڈ میں آگ لگ گئی

    کراچی: شہر قائد میں جناح اسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگ گئی، جس سے وارڈ میں موجود سامان جل کر راکھ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کے گائنی وارڈ میں آتش زدگی کے واقعے میں روم میں موجود سامان جل گیا، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق آگ کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، آگ ایمرجنسی کے ایک روم میں لگی، آگ کے باعث روم میں موجود سامان جل گیا، آگ لگنے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں ہو سکا۔

    قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشن تھیٹر میں آگ

    ڈپٹی ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سلیمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس وارڈ میں آگ لگی تھی وہ فنکشنل نہیں تھا، چلڈرن وارڈ کی نرسری غیر فعال ہے، فائر بریگیڈ نے بر وقت پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

    محمد سلیمان نے بتایا کہ تحقیقات کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم ہو سکے گی، آگ سے ایک انکیوبیٹر اور 2 اسٹریچر متاثر ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آتش زدگی کا واقعہ رات ایک بجے کے قریب پیش آیا، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑی پہنچ گئی تھی، جس نے کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی پہلی منزل پر بھی آگ لگ گئی تھی، ریسکیو کا کہنا تھا کہ آگ پہلی منزل پر آپریشن تھیٹر میں لگی، دل کے امراض میں مبتلا مریض اور ان کے تیماردار آگ دیکھ کر خوف زدہ ہو کر باہر نکل آئے تھے۔

  • موچی گیٹ کے گودام میں آتش زدگی، 4 افراد جاں بحق

    موچی گیٹ کے گودام میں آتش زدگی، 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے مشہور موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں آتش زدگی کا خوف ناک واقعہ پیش آیا ہے، آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق، جب کہ 21 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات لاہور کے موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والے خوف ناک آگ نے 4 افراد کی زندگیاں نگل لی ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے اکیس افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جنھیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت مالک،عبدالودود، خداداد اور فیروز خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں لگی آگ پر کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد قابو پا لیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی 5 گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے میں حصہ لیا، گودام میں دھواں بھرنے سے دو درجن کے قریب لوگ شدید متاثر ہوئے، جنھیں طبی امداد کے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق آگ لاہور کے علاقے گوالمنڈی موچی گیٹ لیدر گودام کی پہلی منزل پر لگی تھی۔

  • ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں آگ، بالائی منزل منہدم

    ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں آگ، بالائی منزل منہدم

    لاہور: ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں لگی آگ پر 3 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا، متاثرہ فیکٹری میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں لگی آگ بجھا دی گئی ہے، آگ بجھانے کے لیے 12 فائر ٹینڈرز طلب کی گئی تھیں۔

    فیکٹری میں لگی آگ کی شدت کے باعث فیکٹری کی بالائی منزل گر چکی ہے، تاہم ریسکیو عملے نے فیکٹری میں موجود 25 کے قریب ملازمین کو بہ حفاظت نکال لیا تھا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں سلوشن اور ریگزین وافر مقدار میں موجود تھا جس کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مزید تاخیر ہوئی۔

    ریسکیو ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ فیکٹری میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ پر فوراً قابو نہیں پایا جا سکا اور وہ شدت اختیار کر گئی، جس کی وجہ سے 3 منزلہ فیکٹری کی بالائی چھت منہدم ہو گئی، چھت گرنے کے باعث اطراف کی عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ جوتوں کی فیکٹری میں موجود کیمیکل کے باعث آتش زدگی پر قابو پانا شدید مشکل ہو جاتا ہے، دو سال قبل کراچی کی جوتوں کی ایک فیکٹری میں لگی آگ تیسرے درجے میں چلی گئی تھی جس کے باعث پوری فیکٹری ہی منہدم ہو گئی تھی۔

  • کراچی: سلنڈر کی دکان میں‌ خوفناک آتش زدگی، عمارت اور گاڑیاں لپیٹ میں آگئیں

    کراچی: سلنڈر کی دکان میں‌ خوفناک آتش زدگی، عمارت اور گاڑیاں لپیٹ میں آگئیں

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ رسول کالونی میں دکان میں آگ بھڑک اٹھی، عمارت لپیٹ میں آگئی.

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے سلمان لودھی کے مطابق شاہ رسول کالونی میں‌ سلنڈر کی دکان ہولناک آتش زدگی کی لپیٹ میں آگئی.

    دکان میں لگنے والی آگ سے کئی سلنڈر  زد میں آگئے، جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا. پاس کھڑے رکشہ ، تین موٹر سائیکلیں اور کار بھی آگ کی لپیٹ میں آگئی.

    ریسکیو عملہ سانحے کی خبر ملتے ہی موقع پر پہنچ گیا، اس وقت تین فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں.

    پولیس بھی موقع پر پہنچ گیا. پولیس کے مطابق آگ لگنے کے بعد عمارت میں موجود تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے. پولیس کا کہنا ہے کہ سلنڈر دکان کے مالک کو نوٹسز جاری ہوئے تھے.

    یہ بھی پڑھیں: کراچی‌ میں اسکول وین میں آگ لگ گئی، معجزانہ طور پر بچے محفوظ

    متاثرہ عمارت میں اس وقت بھی آگ لگی ہوئی ہے، اگر  آگ فوری نہیں بجھائی گئی، تو عمارت کے زمین بوس ہونے کا خدشہ بھی ہے.

     شہر قائد کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن کلوچوک کےقریب اسکول وین میں آگ لگ گئی، واقعے میں معجزانہ طور پر بچےمحفوظ رہے جبکہ ایک بچی خیال رہے کہ اورڈرائیورزخمی ہوگئے۔

  • اسپیکر ہاؤس پنجاب میں آتش زدگی، عمارت کو شدید نقصان

    اسپیکر ہاؤس پنجاب میں آتش زدگی، عمارت کو شدید نقصان

    لاہور: اسپیکر ہاؤس پنجاب میں آتش زدگی سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، آتش زدگی کی رپورٹ تھانہ ریس کورس میں درج کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر ہاؤس پنجاب میں آگ بھڑک اٹھی، آگ سے  اسپیکر ہاؤس کو شدید نقصان پہنچا، تھانہ ریس کورس میں رپورٹ درج کر دی گئی۔

    [bs-quote quote=”اسپیکر ہاؤس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی: رپورٹ” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر ہاؤس پنجاب میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، آگ لگنے سے اسپیکر ہاؤس کی دیواروں، چھت کو نقصان پہنچا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر ہاؤس کے 12 صوفے، 32 پردے، 18 کرسیاں اور 3 بیڈ جل گئے ہیں، ریسکیو نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    رپورٹ کے مطابق اسپیکر ہاؤس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، اسپیکر ہاؤس ابھی تک سابق اسپیکر رانا اقبال کے زیرِ استعمال تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  عمران خان اور پنجاب اسمبلی اسپیکر پرویز الہیٰ‌ میں رابطہ، پنجاب میں تبدیلی کا عمل آگے بڑھانے کا عزم


    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق اسپیکر رانا محمد اقبال کے 3 بیٹے اسپیکر ہاؤس میں رہائش پذیر ہیں۔

    خیال رہے کہ رانا اقبال 2013 میں پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے تھے، اسپیکر شپ کے لیے ان کے مدِ مقابل پی ٹی آئی کے راشد حفیظ تھے۔ پنجاب اسمبلی کے موجودہ اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی ہیں۔