Tag: آتش فشاں

  • اسپین: آتش فشاں کا غیض و غضب ٹھنڈا نہ ہو سکا، خوف ناک ویڈیوز سامنے آ گئیں

    اسپین: آتش فشاں کا غیض و غضب ٹھنڈا نہ ہو سکا، خوف ناک ویڈیوز سامنے آ گئیں

    میڈرڈ: اسپین میں دو ہفتے قبل پھٹنے والے آتش فشاں کا غیض و غضب تاحال ٹھنڈا نہ ہو سکا، خوف ناک ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپین میں دو ہفتے بعد بھی لاپاما آتش فشاں مسلسل لاوا اگل رہا ہے، خوف ناک مناظر پر مبنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی ہیں۔

    آتش فشاں کے ساتھ ساتھ بجلی بھی کڑکنے لگی ہے، رات کے وقت سرخ آگ، دھویں، راکھ اور آسمان پر کڑکتی بجلی کے مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید کر لیے گئے۔

    19 ستمبر سے آتش فشاں پھٹنے کے بعد اب تک 6 ہزار افراد دربدر ہو چکے ہیں، جب کہ لاکھوں ایکڑ اراضی متاثر ہوئی ہے۔

    آتش فشاں سے لاوے کے دریا بہہ نکلے ہیں، جس نے 800 سے زائد عمارتیں تباہ کر دی ہیں، جزیرۂ لا پاما، جس کی آبادی تقریباً 83 ہزار ہے، بحر اوقیانوس میں کنیری جزائر میں سے ایک ہے۔

    لاوے نے لا پاما میں کیلے کے باغات کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، لاپاما کنیری جزائر کا دوسرا سب سے بڑا کیلے کا پروڈیوسر ہے، جہاں کی کیلے کی فصل اس جزیرے کی معیشت کا 50 فی صد ہے، علاقے میں 200 ٹن نمک بھی راکھ کی وجہ سے ضایع ہو گیا ہے۔

    ہسپانوی ایئر ٹریفک آپریٹر اینا کا کہنا ہے کہ لا پاما کا ایئرپورٹ جمعرات سے راکھ کی وجہ سے بند ہے۔ جمعے کے روز راکھ کے بلند ہوتے بادل نے پڑوسی جزیرے ٹینیریف پر بھی کئی گھنٹوں تک پروازوں کو متاثر کیا تھا۔

  • اسپین میں آتش فشاں پھٹنے سے 5 ہزار افراد کی نقل مکانی

    اسپین میں آتش فشاں پھٹنے سے 5 ہزار افراد کی نقل مکانی

    میڈرڈ: اسپین کے ایک جزیرے میں آتش فشاں پھٹنے سے 5 ہزار افراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے، حکام صورتحال سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ہسپانوی جزیرے لا پالما میں بڑے پیمانے پر آتش فشاں پھٹنے سے تقریباً 5 ہزار افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک 5 ہزار افراد کو لاس لانوس ڈی اریڈین فٹ بال کے میدان میں منتقل کیا گیا ہے، فضائی حدود کھلی ہیں، ہوائی اڈے کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

    اس سے قبل آتش فشاں انسٹی ٹیوٹ آف کینریز نے اتوار کو ہسپانوی جزیرے لا پالما میں آتش فشاں پھٹنے کی تصدیق کی تھی۔

    قابل ذکر ہے کہ اسپین کے نیشنل جیوگرافک انسٹی ٹیوٹ نے اس علاقے میں ایک ہفتہ قبل زلزلے کی سرگرمی ریکارڈ کی تھی۔ اس کی وجہ سے حکام نے حادثے سے پہلے لوگوں کو باہر نکالا تھا۔

    اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے گزشتہ روز ہنگامی اجلاس کے بعد ٹویٹ کیا کہ ہم اس ہفتے اس صورتحال کا اندازہ لگانے اور اس سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہم شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

  • ابلتا ہوا آتش فشاں لوگوں کے لیے پکنک پوائنٹ بن گیا

    ابلتا ہوا آتش فشاں لوگوں کے لیے پکنک پوائنٹ بن گیا

    ریکیاوک: یورپی ملک آئس لینڈ میں آتش فشاں پہاڑ سے بہتا لاوا لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بن گیا، لوگ بڑی تعداد میں یہاں پہنچ کر پکنک منانے لگے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آئس لینڈ میں لاوا اگلنے والا آتش فشاں پکنک پوائنٹ بن گیا، ماؤنٹ فائگرج فال میں موجود آتش فشاں جمعے کی رات پھٹا تھا اور اس میں موجود ایک دراڑ کی وجہ سے لاوا باہر نکل آیا ہے۔

    اس پہاڑ سے لاوا اگلنے کا یہ واقعہ 800 سال سے زائد عرصے میں پہلی بار رونما ہوا ہے۔

    لاوا بہنے کے بعد لوگ بڑی تعداد میں یہاں پہنچ گئے اور تصاویر بنانے لگے۔ کچھ افراد نے کھولتے ہوئے لاوا پر ہاٹ ڈاگز پکانے کا تجربہ بھی کیا۔

    ابتدائی طور پر اس مقام کو بند کر دیا گیا تھا، تاہم ہفتے کی شام لوگوں کو یہاں آنے کی اجازت دے دی گئی۔

    آتش فشاں پہاڑ کے قریب دن کے اوقات میں گاڑیوں کی طویل قطاریں نظر آرہی ہیں اور ہزاروں افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    سیاحوں اور سائنس دانوں کے علاوہ عام مقامی افراد بھی آگ اگلتے پہاڑ کے سامنے تصاویر بنوا کر قدرت کے اس انوکھے عمل کو اپنے لیے یاد گار بنا رہے ہیں۔

  • ایک ماہ کے دوران 40 ہزار زلزلے، شہریوں کا سونا محال ہوگیا

    ایک ماہ کے دوران 40 ہزار زلزلے، شہریوں کا سونا محال ہوگیا

    آئس لینڈ میں گزشتہ 1 ماہ کے دوران 40 ہزار زلزلے ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، ان زلزلوں کی وجہ ایک بڑی پگھلی ہوئی چٹان میگما ہے جو اس خطے کے نیچے ایک کلومیٹر تک کھسک چکی ہے اور سطح پر آنے کے لیے زور لگا رہی ہے۔

    آئس لینڈ میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران زلزلے کے ہزاروں جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں، جس کو سائنسدانوں نے غیر معمولی ارضیاتی ایونٹ قرار دیا ہے۔

    آئس لینٖڈ کے علاقے گرینڈوک کی رہائشی ریننویگ گیوڈمنسڈوٹر کا کہنا ہے کہ اس وقت ہم مسلسل زلزلے کے جھٹکے محسوس کررہے ہیں، ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی رسیوں سے بنے کمزور پل پر چل رہے ہیں۔

    یہ علاقے آتش فشانی ہاٹ اسپاٹ کے جنوبی حصے میں واقع ہے جہاں 24 فروری سے اب تک 40 ہزار سے زائد زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں، یہ تعداد گزشتہ پورے سال میں ریکارڈ ہونے والے زلزلوں سے زیادہ ہے۔

    یورشین اور شمالی امریکی ٹیکٹونیک پلیٹوں کے درمیان واقع آئس لینڈ کو اکثر زلزلوں کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ یہ پلیٹیں ہر سال 2 سینٹی میٹر کی رفتار سے آہستگی سے متضاد سمت میں سرکتی رہتی ہیں۔

    حالیہ ہفتوں میں زلزلوں کی وجہ ایک بڑی پگھلی ہوئی چٹان میگما ہے جو اس خطے کے نیچے ایک کلومیٹر تک کھسک چکی ہے اور سطح پر آنے کے لیے زور لگا رہی ہے۔

    آئس لینڈ کے محکمہ موسمیات کی ماہر سارا بارسوٹی نے بتایا کہ ہم نے اتنی زیادہ زلزلے کی سرگرمیاں کبھی نہیں دیکھیں، کچھ زلزلوں کی شدت 5.7 تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مارچ کے شروع میں آئس لینڈ کے حکام نے اس peninsula میں آتش فشاں پھٹنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ توقع ہے کہ اس سے بین الاقوامی فضائی سفر متاثر نہیں ہوگا یا قریبی علاقوں کو بہت زیادہ نقصان نہیں ہوگا۔

    ماہرین کو توقع ہے کہ آتش فشاں سے خارج ہونے والا لاوا ممکنہ طور پر ہوا میں 20 سے 100 میٹر تک اچھلے گا۔

  • قازقستان میں ’برف کے آتش فشاں‘ نے دنیا کو حیران کر دیا

    قازقستان میں ’برف کے آتش فشاں‘ نے دنیا کو حیران کر دیا

    الماتے: وسطی ایشیا کے ملک قازقستان کے شہر الماتے میں قدرتی طور پر بننے والے ’برف کے آتش فشاں‘ نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قازقستان کے الماتے ریجن میں حیرت انگیز 45 فٹ کا ’آئس آتش فشاں‘ تعمیر ہو گیا ہے، جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگ آ رہے ہیں۔

    قدرتی طور پر تشکیل پانے والے اس عجیب و غریب آئس آتش فشاں کی جھلک دیکھنے کے لیے لوگ سخت موسمی حالات میں بھی الماتے کا دورہ کر رہے ہیں۔

    زمین سے مسلسل پانی پھوٹنے کی وجہ سے مذکورہ مقام پر برف کا پھسلواں تختہ بھی بن چکا ہے، اگرچہ یہ ایریا اب سردیوں کا تعجب خیز مقام بن چکا ہے تاہم گرمیوں کے دوران یہاں ہر طرف سبزہ بھی پھیل جاتا ہے۔

    یہ منجمد ڈھانچا دراصل 45 فٹ اونچائی میں ہے اور یہ ایک زیر زمین چشمے کے اوپر تشکیل پایا ہے جس سے پانی فوارے کی طرح نکلتا تھا، اور فوراً ہی جم جاتا تھا، جس کی وجہ سے وہاں کون کے ڈیزائن میں ’برف کا آتش فشاں‘ بن گیا۔

    زیر زمین چشمے کا یہ مقام قازقستان کے دارالحکومت نور سلطان سے چار گھنٹوں کی دوری پر واقع ہے۔ گزشتہ برس بھی یہاں ایک چھوٹا سا برفیلا آتش فشاں بن گیا تھا، لیکن یہ والا زیادہ واضح ہے اور دل چسپ بات یہ ہے کہ اب بھی اس کے دہانے سے چھینٹے اڑ کر نکلتے ہیں، تو ایسا ہی لگتا ہے جیسے آتش فشاں ہو۔

    لوگ اس کی دل چسپ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرنے لگے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس امریکا کی ریاست مشی گن کی مشہور جھیل میں بھی ایسا ’آتش فشاں‘ بن گیا تھا۔

  • جزیرہ جاوا کا آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑا

    جزیرہ جاوا کا آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑا

    جاوا: انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں واقع میراپی آتش فشاں پہاڑ فعال ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جزیرہ جاوا پر واقع ایک آتش فشاں پہاڑ سے لاوا ابل پڑا ہے، مقامی حکام نے علاقے میں اورنج الارم دے دیا ہے اور عوام کو آتش فشاں سے 5 کلو میٹر تک دور رہنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    حکام نے کہا ہے کہ میراپی لاوا اگل رہا ہے، آتش فشاں سے پانچ کلو میٹر دور رہیں۔

    آتش فشانی و زولوجک آفات مرکز PVMBG کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں واقع میراپی آتش فشاں پہاڑ میں دھماکے کے نتیجے میں راکھ اور دھوئیں کے بادل 400 میٹر کی بلندی پر پہنچ گئے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ دہانے کا اگلا ہوا لاوا آتش فشاں کے جنوب مغرب کی طرف ڈھلوان سے 1000 میٹر نیچے بہہ گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ وسطی جاوا میں میراپی پہاڑ کا لاوا پھٹ کر 20 جنوری کو ابلنا شروع ہوا ہے، جس کے لیے اورنج الارم جاری کیا گیا ہے جو دوسری ہائی ریٹنگ ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بہتا لاوا چوٹی سے زیادہ سے زیادہ پانچ کلو میٹر تک کے علاقے کو متاثر کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز ہی میں علاقے کے سیکڑوں لوگوں نے نقل مکانی کر لی تھی، تاہم ان میں سے کچھ لوگ آتش فشانی سرگرمی میں کمی کے باعث واپس آ گئے تھے۔

    حکام آئندہ دنوں میں علاقہ خالی کرنے کے باضابطہ احکامات جاری کر سکتے ہیں۔

  • آتش فشاں پہاڑ سے لاوا ابلنے کا منظر ویڈیو میں ریکارڈ

    آتش فشاں پہاڑ سے لاوا ابلنے کا منظر ویڈیو میں ریکارڈ

    اٹلی میں ایک آتش فشاں پہاڑ سے لاوا پھوٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، آتش فشاں پھوٹنے سے قبل جزیرے پر زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اٹلی کے جزیرہ سسلی میں واقع ماؤنٹ ایٹنا سے لاوا ابلنے کا منظر ویڈیو میں ریکارڈ ہوگیا۔

    اس آتش فشاں پہاڑ سے لاوا ابلنا معمول کی بات ہے، پہاڑ کے نیچے لاوے کی ندی بھی بہتی رہتی ہے۔

    3 ہزار 350 میٹر بلند اس پہاڑ سے لاوا ابلنے کی ویڈیو آتش فشاں کے ایک ماہر بورس بینشخی نے بنائی جو اس وقت وہاں کام کر رہے تھے، بورس اٹلی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف جیو فزکس اینڈ وولکونولوجی سے بھی منسلک ہیں۔

    ان کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاوے سے جزیرے کا آسمان رات کے وقت بے حد روشن ہوگیا۔ لاوا پھوٹنے سے قبل جزیرے پر 2.7 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔

  • ’مٹی کا آتش فشاں‘ ایسی ویڈیو جسے انسانی آنکھ نے کبھی نہیں دیکھا

    ’مٹی کا آتش فشاں‘ ایسی ویڈیو جسے انسانی آنکھ نے کبھی نہیں دیکھا

    نئی دہلی: بھارت میں ایسی عجیب وغریب ویڈیو منظر عام پر آئی جسے دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کیمرے کی آنکھ سے قید کیے گئے مناظر کو ’مٹی کا آتش فشاں‘ کا نام دیا جار رہا ہے، زمین پر ابلتے دلدلی مٹی نے ناظرین کو ورطہ حیرت کا شکار کردیا۔

    بھارتی محکمہ جنگلی حیات کے افسر پروین کسوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زمین پر گیلی مٹی ابل رہی ہے۔ انہوں نے اس منظر کو ’مڈ ولکینو‘ کا نام دیا جس کا مطلب ہے ’مٹی کا آتش فشاں‘ البتہ انہیں خود بھی نہیں پتہ کہ مذکورہ مقام کہاں ہے۔

    ٹوئٹ کے ذریعے انہوں نے اپنے صارفین سے سوال بھی کیا کہ اگر کوئی شخص مذکورہ جگہ کو پہچانتا ہے تو مطلع کرے۔ مذکورہ ویڈیو مختصر وقت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

  • پہاڑ سے دل دہلا دینے والی آوازیں

    پہاڑ سے دل دہلا دینے والی آوازیں

    جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے پر آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کی خطرناک آوازیں دور دراز علاقے تک سنی گئیں جس نے سننے والوں کو خوف میں مبتلا کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے جزیرے ’کراکاٹاؤ‘ میں پیش آیا۔ آتش فشاں کے دوران پہاڑ کے اندرونی حصے میں موجود گرم لاوا شدت سے ابل رہا تھا۔

    تاہم اس دوران لاوے کا اخراج نہیں ہوا، لیکن اس واقعے کے دوران آتش فشاں کی آوازیں 150 کلومیٹر دور دارالحکومت جکارتہ میں بھی سنی گئیں۔ اس سے قبل 2018 میں ’کراکاٹاؤ‘ کے مقام پر آتش فشاں پھٹا تھا جس نے ایک خطرناک سونامی کو جنم دیا، اس قدرتی آفت کے باعث 426 افرار مارے گئے تھے۔

    محکمہ قدرتی آفت کے ایک ماہر کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا میں تین آتش فشانی پہاڑ ایسے ہیں جن کے بارے میں ہائی الرٹ جاری کیا جاچکا ہے، ان پہاڑوں میں کراکاٹاؤ کے پہاڑے علاقے بھی شامل ہیں۔

    اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ہم پہلے ہی بہت پریشان ہیں، لوگوں کو چاہیے کہ وہ دھماکے دار آوازوں سے متعلق باتیں کرنے سے گریز کریں۔

  • آتش فشاں پہاڑ کے گرد انوکھی شادی

    آتش فشاں پہاڑ کے گرد انوکھی شادی

    منیلا: فلپائن میں ایڈونچر سے بھرپور ایسی انوکھی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس نے دیکھنے والوں کو دنگ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آتش فشاں پہاڑ سے اٹھنے والے دھوئیں کے سائے تلے فلپائنی جوڑا رشتہ ازدواج میں بندھا، لیکن اس پرخطر علاقے میں شادی کی تقریب نے سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایڈونچر سے بھرپور اس شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ خطرے سے بھرپور علاقے میں اس انوکھی شادی پر جوڑا بالکل مطمعن نظر آیا۔

    تال نامی اس آتش فشاں پہاڑ کے اطراف فلپائنی جوڑے نے ساتھ جینے مرنے اور ہمیشہ ساتھ نبھانے کا عہدوپیماں کا تبادلہ کیا۔ پہاڑ سے اٹھے والے دھوؤں نے آسمان پر گہری سفیدی بکھیر دی۔ اس حیرت انگیز مناظر پر سوشل میڈیا صارفین بھی دنگ رہ گئے۔ بعص لوگ اسے بے وقوفی بھی قرار دے رہے ہیں۔

    فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے جنوب میں واقعے اس آتش فشاں پہاڑ کے باعث کسی بھی قسم کے خطرے کے پیش نظر انتظامہ نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ 24 ہزار سے رائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں ایسے منچلے جوڑے ہوتے ہیں جو اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے کچھ نیا اور ایڈونچر کرتے ہیں، ماضی میں ایسی بھی انوکھی شادی کی تقریبات ہوئیں جن میں جوڑوں نے پانی کے اندار عہدوفا کیا۔