Tag: آج

  • آر یا پار، ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا آج

    آر یا پار، ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا آج

    شائقین کرکٹ کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوگئی ہیں کیونکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں آج دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا ہوگا۔

    نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا 19 واں میچ کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

    یہ دونوں ٹیموں کا رواں میگا ایونٹ میں دوسرا میچ ہے۔ بھارت نے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو اسی میدان پر شکست دی جب کہ پاکستان کو ڈیلاس میں حیران کن طور پر میزبان امریکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث گرین شرٹس کو ٹورنامنٹ میں موجود رہنے کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہے۔

    پاکستان پہلی بار اس گراؤنڈ میں کھیلنے اترے گا اور پہلی ہار کا بدلہ لینے کے لیے زخمی شیر کی طرح حریف پر جھپٹنے کی کوشش کرے گا تو دوسری جانب بھارت جو اس پر ایک میدان میں ایک میچ کھیلنے کا تجربہ حاصل کر چکا ہے وہ بھی گرین شرٹس کو زیر کرنے کے لیے اپنا سارا زور لگائے گا۔

    پاکستان کو شائقین کرکٹ کی امیدوں کا دیا جلائے رکھنے کے لیے بھارت کے پاور ہاؤس کی بتی بجھانی ہے اور اسے ہرا کر شاہینوں کو اپنی اہمیت منوانی ہے اور امریکا سے شکست کی شرمندگی مٹانی ہے۔

    میچ میں حسب روایت بھارت کی بیٹنگ کا مقابلہ پاکستان کی بولنگ سے ہوگا۔ اگر شروع میں وکٹیں اڑا دیں تو بلیو شرٹس چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل اور 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح دباؤ میں آ کر میچ پاکستان کو گفٹ کر دیں گے۔ اس لیے محمد عامر کے ساتھ شاہین شاہ کا اسپیل بہت اہم ہوگا۔

    آج کے میچ میں جہاں بولرز کا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے وہیں بیٹنگ کا چلنا بھی لازمی ہے۔ بابر اور رضوان کی جوڑی کی کامیابی ٹیم کے لیے جیت کا دروازہ کھول سکتی ہے۔ دونوں 2021 میں بھی بھارت کے خلاف تاریخ بنا چکے ہیں۔

    میچ میں 2017 کی چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ہیرو فخر زمان کا بلا چلا تو وہ مخالفین کو گھما کر رکھے دے گا۔ اچھی خبر یہ ہے کہ آل راؤنڈرعماد وسیم فٹ ہو گئے اور آج کے میچ  کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

    پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے امریکا میں مقیم دونوں ممالک کے شہریوں سمیت دنیا بھر سے شائقین کرکٹ نے نیویارک کا رخ کیا ہے۔ ایک شائق تین ہزار میل کا سفر طے کر کے پاک بھارت میچ دیکھنے آیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس  میچ سے بڑھ کو کوئی مقابلہ نہیں۔ امریکا میں کرکٹ ہونا واقعی حیرت انگیز ہے۔

    نیویارک میں مقیم پاکستانیوں نے قومی ٹیم سے بھارت کے خلاف جیت کی امیدیں باندھ لی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس آج بھارت کو ہرا دیں تو اگلے پچھلے سارے گناہ معاف ہو جائیں گے۔

  • کشمیر میں بھارتی جارحیت، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    کشمیر میں بھارتی جارحیت، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد : بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی فورسز کی جانب سےایل او سی پر شہریوں کو نشانہ کے حوالے سے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں مسلح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس حکام اور سول قیادت شریک ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں کشمیر کی صورتحال سمیت بھارتی جارحیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کونشانہ بنانےکے لئےکلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کیا تھا، کلسٹرٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت 2شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31جولائی کوآبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    کلسٹربم یا اس میں بارود کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے، شہریوں پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، عالمی برادری کو بھارت کے اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے۔

    خیال رہے کلسٹرٹوائے بم شہریوں کیخلاف تباہ کن ہتھیار ہے، اس بم سے بچوں،گھروں کوخصوصی طورپرنشانہ بنایاجاتا ہے اور یہ بم اپنے ٹارگٹ پرکھلونوں کی شکل میں بکھرجاتا ہے، اس بم سے40فیصدبچےنشانہ بنتے ہیں اور اکثر بچے کلسٹرٹوائے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لے جاتے ہیں۔

    کلسٹرٹوائے بم پھٹنے کے بعد بلیڈ کی طرح ہزاروں ٹکڑوں میں پھیلتا ہے ، یہ بم بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ہیں جبکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے۔

  • آج دنیا پناہ گزینوں کا عالمی دن منارہی ہے

    آج دنیا پناہ گزینوں کا عالمی دن منارہی ہے

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، پاکستان گزشتہ 4 دہائیوں سے پندرہ لاکھ سے زائد مہاجرین کی مہمان نوازی کررہا ہے۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سنہ 2001 میں ایک قرارداد کے تحت ہر سال 20 جون کو پناہ گزینوں کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا مقصد عوام میں پناہ گزینوں سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا جو جنگ، نقصِ امن یا کئی دیگر وجوہات کی بناء پر اپنا گھر بار چھوڑ کر دیگر ممالک میں پناہ گزینوں کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    ہر سال 20 جون کو عوام میں یہ سوچ پیدا کی جاتی ہے کہ باحالت مجبوری اپنا مسکن و وطن ترک کرنے والے مہاجرین کے حقوق اور ضرورتوں کا خیال رکھیں۔

    اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں کا ادارہ یونائیٹڈ نیشن ہائی کمشنرفاررفیوجیز اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیمیں دنیا کے سو سے زائد مما لک میں اس دن کو خوب جذبہ سے مناتے ہیں۔ پاکستان میں بھی ہر سال 20 جون کا دن پناہ گزینوں کے عالمی دن کے طور پرمنایا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ ادارہ برائے پناہ گزین کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگوں، بدامنی، نسلی تعصب، مذہبی کشیدگی، سیاسی تناؤ اور امتیازی سلوک کے باعث آج بھی کروڑوں افراد پناہ گزینوں کی حیثیت سے دوسرے ممالک کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جو غربت کے ساتھ ساتھ بنیادی حقوق سے بھی محروم رہتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کا کہنا تھا کہ جنگوں اور دیگر پُر تشدد واقعات کے باعث ابتک 7 کروڑ 10 لاکھ افراد اپنے گھربار چھوڑ کر دوسرے ممالک میں پناہ گزینوں کی زندگی گزار رہے ہیں، بدھ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دنیا کے 20 سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں گزشتہ برس 20 لاکھ افراد نے پناہ لی ہے۔

    یونائیٹڈ نیشن ہائی کمشنرفاررفیوجیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 7 کروڑ پناہ گزینوں کی حیران کن ہے جو گزشتہ دو دہائی کی نسبت دوگنی تعداد ہے اور ان پناہ گزینوں میں زیادہ تر افراد کا تعلق شام، افغانستان، جنوبی سوڈان، میانمار اور صومالیہ سے ہے۔

    یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں پناہ گزینوں کی تعداد میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے،گزشتہ برس کے اختتام تک پناہ گزینوں کی تعداد 70.8 ملین تھی جبکہ 2017 میں پناہ گزینوں کی تعداد 68.5 ملین تھی۔

    گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہر پانچ میں سے تین افراد یا 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد کو کسی نہ کسی مجبوری کے باعث اپنے آبائی وطن کو ترک کرکے کسی دوسرے ملک میں پناہ لینے پر مجبور ہوا ہے۔

    افغانستان میں امن و امان کی مخدوش حالت کے پیش نظر پاکستان میں اس وقت لاکھوں کی تعدا د میں افغان بطورمہاجر گزشتہ 37 سال سے پناہ گزین ہیں۔ پاکستان اس وقت جہاں خود امن و امان، معاشی و انرجی بحران مختلف بحرانوں کا شکار ہے ، ایسے حالات میں پناہ گزینوں کی یہ بڑی تعداد پاکستان کے لیے معاشی طور پر مزید مسائل پیدا کرنے کا باعث بن رہی ہے، جب کہ افغانستان کی صورت حال اب بہتری کی جانب گامزن ہے، ایسے میں حکومت پاکستان افغان پناہ گزینوں کو واپس اپنے ملک بھیجنے کے لئے اقدامات کررہی ہے، واپسی پر ان خاندانوں کو معقول وظیفہ بھی دیا جارہا ہے مگر اس کے باوجود لاکھوں افغان پناہ گزین واپس جانے کے لئے تیار ہی نہیں ہیں۔

    کانگو میں پناہ لینے افریقی ملک روانڈ کی خواتین عالمی یوم پناہ گزین پر ہاتھ سے بنائی ہوئی اشیاء فروخت کررہی ہیں

    شام میں مسلمانوں پر جاری بد ترین مظالم ، بیرونی مداخلت اور اندرونی انتشار کے باعث 20 لاکھ سے زائد افراد کو دوسرے ممالک میں پناہ گزین ہیں اور ایسے افراد اردن، لبنان، ترکی، یورپ اور عراق میں پناہ گزینوں کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ اسرائیلی جارحیت کے باعث فلسطینی مسلمان اپنا وطن چھوڑ کر دوسرے ممالک کے رحم و کرم پر ہیں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

    فلسطین کے بعد مہاجرین کے حوالے سے بڑا ملک افغانستان ہے جس کے 26 لاکھ 64 ہزار افراد مہاجر کی حیثیت سے دوسرے ممالک میں موجود ہیں، عراق کے 14 لاکھ 26 ہزار افراد، صومالیہ کے 10 لاکھ 7 ہزارافراد، سوڈان کے 5 لاکھ سے زائد افراد دوسرے ملکوں میں پناہ گزینی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    پناہ گزینوں کے اس عالمی دن کا پیغام ہے کہ اقوام عالم کو چاہئے وہ اقوام متحدہ کے کردار کواس قدر مضبوط بنائیں کہ وہ ملکوں، قوموں کے درمیان تنازعات، شورشوں اور نقص امن کی صورتحال پر اپنا موثر کردار ادا کرسکے، تاکہ دنیا بھر کے ممالک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہواور کسی کو کسی دوسرے ملک میں پناہ گزینی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔

  • ملک بھر میں آج سے معتکفین ربّ العالمین کی خوش نودی کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے

    ملک بھر میں آج سے معتکفین ربّ العالمین کی خوش نودی کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے

    کراچی : آج ملک بھر کی مساجد میں لوگ رضائے الہی حاصل کرنے کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے، مساجد میں معتکفین کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، یہ عبادت جہاں روح کی پاکیزگی کا باعث ہے وہیں خوش نصیبوں کو لیلتہ القدر بھی مل جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالم اسلام کیساتھ پاکستان بھر کی مساجد میں آج بعد نماز عصر لاکھوں اہل ایمان اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے اور شوال کا چاند نظرآنے تک مساجد میں قیام کریں گے، یہ عبادت فرض کفایہ کا درجہ رکھتی ہے، جو کسی بھی آبادی میں ایک فرد کے کرنے سے پورے محلہ کا فرض ادا ہوجاتا ہے۔

    اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنیٰ خود کو روک لینے یا ٹھہر جانے کے ہیں جبکہ شریعت کی رو سے اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد میں قیام کرنے کو کہا جاتا ہے۔

    شہر قائد سمیت ملک بھر میں آج سے لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھیں گے جبکہ ساتھ ساتھ انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کیے جائیں گے۔

    اعتکاف بیٹھنے والے خوش نصیبوں کےلیے عموماً مساجد کی انتظامیہ اور مخیّر حضرات سحری و افطاری کا انتظام کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ اہل خانہ بھی معتکفین کےلیے سحری و افطاری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    معتکفین ماہ مبارک رمضان کے آخری عشرے کی طاق رات میں خالق کائنات کے حضور اپنی مناجات و حاجات پیش کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔

    محکمہ اوقاف کے زہر اہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    شہر قائد میں اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، بہار شریعت مسجد بہادرآباد، جامع مسجد آرام باغ اور جامع مسجد بنوری ٹاؤن سمیت دیگر شامل ہیں۔

  • نیب نے قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج  طلب کرلیا

    نیب نے قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج طلب کرلیا

    راولپنڈی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو دادو شوگر ملز کیس میں آج ہیڈکوارٹرز میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ سیّد قائم علی شاہ کو قومی احتساب بیورو نے ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، نیب کے نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قائم علی شاہ بطوروزیر اعلیٰ سندھ حکومت کےاثاثوں کے محافظ تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قائم علی شاہ آج 3 بجے نیب ہیڈکوارٹر میں پیش ہوں گے، نیب حکام نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ کی عدم پیشی کی صورت میں قانونی کارروائی کا انتباہ کردیا۔

    نیب حکام نے نوٹس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ قائم علی شاہ دادو شوگر ملز کو اونے پونے داموں فروخت کرکے نوڈیرو شوگر ملز کو غیر قانونی فوائد پہنچائے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے پیپلز پارٹی رہنما قائم علی شاہ کو ٹھٹہ شوگر ملز کیس میں بھی طلب کررکھا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب حکام کی جانب سے ٹھٹھہ شوگر مل سے متعلق تمام ریکارڈ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : منی لانڈرنگ کیس : سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور

    یاد رہے کہ گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے قائم علی شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی اور دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا تھا، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا تھا کہ نیب نے 2 مختلف کیسز کے نوٹس لئے ہیں، اگر دوسرے کیس میں ضمانت نہیں کروائی گئی تو نیب گرفتار کر سکتی ہے۔

  • امریکا اور طالبان کے درمیان آج پھر مذاکرات ہوں گے

    امریکا اور طالبان کے درمیان آج پھر مذاکرات ہوں گے

    دوحا : افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے امریکا اورافغان طالبان کے درمیان آج پھر مذاکرات ہوں گے، ترجمان طالبان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات کا حصّہ نہیں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کی بحالی اور نیٹو فورسز کے افغانستان سے انخلاء کےلیے پاکستان کے تعاون سے افغان طالبان اور امریکا کے درمیان قطر میں گزشتہ کئی روز سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، دو روزہ وفقے کے بعد آج پھر دوحا میں امن مذاکرات کا آغاز ہوگا۔

    افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ طالبان کو امید ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کے بعد غیر ملکی فوجیں افغانستان سے نکل جائیں گی، غیر ملکی فوجوں کے انخلاء کے بعد افغانستان میں سرگرم مسلح گروپس آپس میں مذاکرات سے تنازعات کو حل کریں گے۔

    سہیل شاہین نے امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکی حکام کے ساتھ دوحا میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ بندی شامل نہیں ہے۔

    [bs-quote quote=”امریکا کے ساتھ مذاکرات میں جنگ بندی شامل نہیں۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ترجمان افغان طالبان” author_job=”سہیل شاہین”][/bs-quote]

    ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ استحکام کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن مذاکرات ابھی ختم نہیں ہوئے، مذاکرات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک حل نہ نکل جائے، امید ہے جلد معاہدہ ہوجائے گا۔

    ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف مذاکرات میں دو روز کا وقفہ دیا گیا تھا تاکہ دونوں فریق آپس میں اور اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کرسکیں۔

     

    مزید پڑھیں: افغان طالبان نے اشرف غنی کی پیش کش مسترد کردی

    یاد رہے کہ افغان طالبان نے افغان صدر اشرف غنی کی شہر میں دفتر کھولنے کی پیش کش مسترد کردی تھی۔

    افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا مقصد افغان میں گزشتہ 17 سال سے جاری جنگ کا خاتمہ اور افغانستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں امن و امان کا قیام ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا نے افغانستان سے اپنی فوج کے انخلاء کا اعلان کیا ہے جبکہ طالبان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ افغان طالبان افغانستان سے داعش کا چند دنوں میں خاتمہ کرسکتے ہیں۔

    افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان سمیت دیگر ملکوں کا دورہ کیا تھا۔

  • اسلام آباد : عمران خان رائےونڈ جانے کا حتمی فیصلہ آج کریں گے

    اسلام آباد : عمران خان رائےونڈ جانے کا حتمی فیصلہ آج کریں گے

    اسلام آباد: تحریک انصاف کا رائے ونڈ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان عمران خان آج شام اسلام آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں کریں گے۔

    تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف حکومت کے خلاف رائے ونڈ مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہے،مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان آج شام اسلام آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں کیا جائے گا۔

    تحریک انصاف کے رہنما چودھری محمد سرور کے مطابق ممکنہ حکومتی مزاحمت اور رکاوٹوں سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دےد ی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ نیازی پارٹی عہدے سے مستعفی

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے دست راست سیف اللہ نیازی نے پارٹی پالیسیوں سے اختلافات کےباعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    سیف اللہ نیازی تحریک انصاف کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری تھے جنہوں نے اپنا استعفیٰ عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: اتوار کو اعلان کروں گا کس دن رائے ونڈ جارہے ہیں،عمران خان

    واضح رہے کہ دو روز قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے تمام نمائندوں کو اتوار کو بلایا ہے اور اس ہی دن اعلان کروں گا کہ کس دن رائے وند جانا ہے۔