Tag: آخری ملاقات

  • قتل سے قبل ’امر سنگھ چمکیلا‘ کہاں تھا؟ پہلی بیوی نے بتا دیا

    قتل سے قبل ’امر سنگھ چمکیلا‘ کہاں تھا؟ پہلی بیوی نے بتا دیا

    سال 1988 میں قتل ہونے والے بھارتی پنجاب کے نامور گلوکار امر سنگھ چمکیلا کی پہلی بیوی نے قتل سے قبل ہونے والی ملاقات میں ہونے والی گفتگو میڈیا کو بیان کردی۔

    بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو امر سنگھ چمکیلا کی پہلی اہلیہ گورمیل کور نے ماضی کے جھروکوں سے اپنی آخری ملاقات کا احوال سنا دیا۔

    گورمیل کور نے بتایا کہ قتل سے 2 دن پہلے چمکیلا اور اس کی دوسری بیوی امرجوت مجھ سے ملنے آئے تھے اور تب ہی مجھے کچھ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے کچھ بُرا ہونے والا ہے۔

    تاہم اس دن ہم تینوں نے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، میں نے چپاتیاں بنائیں جبکہ امرجوت نے سبزی بنائی تھی۔ ہم سب خوشگوار موڈ میں تھے لیکن دو دن بعد ہی ملنے والی خبر نے میرا سب کچھ تباہ کردیا۔

    ایک سوال کے جواب میں گورمیل نے بتایا کہ میرے شوہر چمکیلا کے قتل کے بعد ہمارے مالی حالات بہت خراب ہوگئے تھے اور بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے میں 5 روپے دہاڑی پر مزدوری کرنے لگی اس کڑے وقت میں چمکیلا کے کسی مداح یا خیرخواہ نے ہماری کوئی مدد نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے شوہر پر فخر ہے جس نے امرجوت سے دوسری شادی کے بعد بھی ہمارا پورا خیال رکھا اور اپنی دونوں بچیوں اور میری خاطر اس نے ہمیں اپنی زندگی میں ہی ایک پلاٹ بھی لے کر دیا تھا جو ہمارے بہت کام آیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیٹ فلیکس پر ہدایت کار امتیاز علی کی بائیوپک ’امر سنگھ چمکیلا‘ ریلیز ہوئی۔ امتیاز علی نے یہ فلم بھارت میں 80 کی دہائی میں مشہور ہونے والے پنجابی لوک گلوکار امر سنگھ چمکیلا کی زندگی پر بنائی ہے جنہیں ان کی دوسری اہلیہ سمیت جوانی میں ہی قتل کردیا گیا تھا۔

    فلم میں امر سنگھ چمکیلا کا کردار بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار دلجیت دوسانجھ نے ادا کیا ہے جبکہ ان کی بیوی امرجوت کور کا کردار اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے نبھایا ہے۔

  • ’امی آنکھیں کھولیں، دیکھیں ابو جان آئے ہیں‘: مریم نواز کی والدہ سے آخری گفتگو

    ’امی آنکھیں کھولیں، دیکھیں ابو جان آئے ہیں‘: مریم نواز کی والدہ سے آخری گفتگو

    لندن: پاکستان روانگی سے قبل مریم نواز کی اپنی والدہ کلثوم نواز سے آخری گفتگو نے ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل سوگوار کردیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مریم نواز اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پاکستان روانگی سے قبل بستر علالت پر موجود سابق خاتون اول کلثوم نواز سے ملنے آئے ہیں۔

    ویڈیو میں مریم نواز والدہ کے سر پر ہاتھ پھیر رہی ہیں اور ان سے کہہ رہی ہیں، ’امی آنکھیں کھولیں، دیکھیں ابو جان آئے ہیں۔ وہ آپ کے پاس کھڑے ہیں‘۔

    مریم نواز کہتی ہیں، ’امی آپ کو آواز آرہی ہے نا؟‘ لیکن کلثوم نواز بے حس و حرکت ہیں اور کوئی ردعمل نہیں دے رہیں۔

    یہ ویڈیو اس وقت کی ہے جب نواز شریف اور مریم نواز کو پاکستان واپس آنا تھا جہاں ان کی گرفتاری کے انتظامات مکمل تھے۔

    اس سے قبل نواز شریف کی بھی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ اپنی اہلیہ کو آوازیں دے رہے تھے لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔

    مزید پڑھیں: آنکھیں کھولو کلثوم، باؤ جی آئے ہیں

    پاکستان واپسی سے قبل دونوں باپ بیٹی کی ایک اور تصویر بھی سامنے آئی تھی جس میں نواز شریف نے اپنی اہلیہ کے ماتھے پر ہاتھ رکھا ہوا تھا جبکہ مریم نواز رو رہی تھیں۔

    خیال رہے کہ سابق خاتون اول  بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

    اس موقع پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو پیرول پر رہا کیا گیا ہے جس کے بعد وہ جاتی امرا پہنچ گئے ہیں۔