Tag: آخری میچ

  • چیمپئنز ٹرافی فائنل: روہت شرما اور ویرات کوہلی آج اپنا آخری میچ کھیل رہے ہیں؟ اہم خبر

    چیمپئنز ٹرافی فائنل: روہت شرما اور ویرات کوہلی آج اپنا آخری میچ کھیل رہے ہیں؟ اہم خبر

    چیمپئنز ٹرافی کا فائنل آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے اور یہ روہت شرما اور ویرات کوہلی کا آخری میچ کہا جا رہا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی اس میچ کو بھارتی کپتان روہت شرما اور سینئر بیٹر ویرات کوہلی کا آخری میچ بھی کہا جا رہا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکار چیمپئنز ٹرافی کے بعد کپتان روہت شرما کے ساتھ ان کے مستقبل سے متعلق بات چیت کرنے والے ہیں۔ تاہم ویرات کوہلی کے حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے۔

    ایک اور غیر ملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ فائنل میچ کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے۔

    دوسری جانب فائنل میچ سے ایک روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شبھمن گل نے پریس کانفرنس میں روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی حتمی جواب تو نہیں دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی ریٹائرمنٹ پر ڈریسنگ روم میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ دونوں کرکٹ سپر اسٹارز کم و بیش 15 برس سے بھارتی ٹیم کا حصہ ہیں۔ وہ 2011 کا ون ڈے ورلڈ کپ، 2013 کی چیمپئنز ٹرافی اور 2024 کا ٹی 20 کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔ تاہم دونوں ہی نے گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

    37 سالہ روہت شرما کے ون ڈے کیریئر پر نظر ڈالیں تو ان کے پاس ایک روزہ کرکٹ کے کئی ریکارڈ ہیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں (3)، کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں (7) اور T20I میں مشترکہ سب سے زیادہ سنچریاں (5) کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔

    اس کے علاوہ وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی اور 35 گیندوں میں تیز ترین T20I سنچری بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ ون ڈے میچ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور (264) رنز کا ریکارڈ بھی انکے پاس ہے۔

    روہت شرما بطور کپتان ٹی 20 میچ جیتنے والے واحد کھلاڑی اور آئی سی سی کے تمام ٹورنامنٹس کے فائنلز میں کسی بھی ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے کپتان ہیں۔

    دوسری جانب ویرات کوہلی جو ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں (51) بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ ان کی آج کے میچ میں نظریں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بننے پر مرکوز ہوں گی، جس کے لیے انہیں صرف 55 رنز درکار ہیں۔ ٹاپ پر ٹنڈولکر نے 18 ہزار سے زائد ون ڈے رنز اسکور کر رکھے ہیں۔

    ویرات کوہلی نے رواں چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف فتح گر ناقابل شکست سنچری اسکور کی جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بھی 84 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-varun-chakravarthy-story-actro-to-cricketer/

  • ورلڈکپ فاتح کپتان ایرون فنچ کو آخری میچ میں یادگار انداز میں رخصت کیا گیا، ویڈیو

    ورلڈکپ فاتح کپتان ایرون فنچ کو آخری میچ میں یادگار انداز میں رخصت کیا گیا، ویڈیو

    آسٹریلیا کے سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان ایرون فنچ کو ان کی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی.

    بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کرنے والے سابق ورلڈکپ فاتح کپتان ایرون فنچ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنا آخری میچ کھیلنے آئے تو مخالف ٹیم میلبرن اسٹارز کے کھلاڑیوں نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    مخالف ٹیم کی جانب سے فنچ کو گارڈ آف آنر پیش کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تاہم ایرون فنچ اپنے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کو یادگر نہ بناسکے اور ’صفر‘ رن پر آؤٹ ہوگئے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کے سابق ٹی 20 کپتان ایرون فنچ نے گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرا کرکٹ کا سفر شاندار رہا۔ پورے کیریئر میں سپورٹ کرنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    سابق آسٹریلوی اوپنر اس سے قبل 2022 میں ون ڈے اور اس سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔

    تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے احساس ہوگیا کہ میں اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک نہیں کھیل سکوں گا۔

    فنچ نے 5 ٹیسٹ، 146 ون ڈے اور 103 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی، جس میں انھوں نے مجموعی طور پر 8 ہزار 804 رنز اسکور کیے۔

    سابق بیٹر نے 76 ٹی ٹوئنٹی اور55 ون ڈے انٹرنیشنلز میں آسٹریلیا کی کپتانی کے فرائض بھی انجام دی۔ انھوں نے انٹرنیشنل کیریئر میں 17 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی سنچریاں اسکور کیں۔

    خیال رہے کہ 2021 میں آسٹریلیا نے پہلی بار ایرون فنچ کی کپتانی میں متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا۔

  • لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے

    لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے

    لاہور: سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا (کل) 26 جولائی کو اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے جبکہ کپتان کرونا رتنے نے ان کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی۔

    225 میچ کھیلنے والے میلنگا کو سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 335 وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کا نام بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    کپتان کرونارتنے کے مطابق میلنگا 26 جولائی کو کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے، میلنگا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور اس بات کے امکانات ہیں کہ وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیل کر ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

    دو روز قبل اپنے ایک بیان میں سری لنکن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ملنگا کی ریٹائرمنٹ ہمارے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ وہ نہ صرف اہم باؤلر تھے بلکہ اچھی کارکردگی بھی دکھاتے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ابھی فی الحال ہمارے پاس ایسی کوالٹی والا کوئی باؤلر نہیں جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوسکے یا مخالف ٹیم پر اُس کا رعب ہو۔

    ملنگا کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم ایسے باؤلرز کی تلاش میں گزشتہ ایک ماہ سے لگے ہوئے تھے جو ابتدائی اوورز میں نئی گیند کے ساتھ وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتا ہو البتہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی۔

  • ون ڈے سیریز: پاکستان اورآسٹریلیا کی ٹیمیں آج آخری میچ میں مد مقابل ہوں گی

    ون ڈے سیریز: پاکستان اورآسٹریلیا کی ٹیمیں آج آخری میچ میں مد مقابل ہوں گی

    دبئی : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا، شاہینوں کو کلین سویپ سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں چار شکستوں کے بوجھ تلے دبی پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا آخری ون ڈے آج دبئی میں کھیلے گی، آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل ہے۔

    شاہینوں کو کلین سوئپ سے بچنے کیلئے ہر صورت شکست سے بچنا ہوگا۔ پاکستان ٹیم پانچویں ون ڈے میں کامیابی کا جھنڈا گاڑنے کے لئے پرامید ہے، میچ میں فتح کے لئے شاہینوں کو تینوں شعبوں میں بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔

    پاکستان ٹیم کا بالنگ اٹیک چاروں میچوں میں بری طرح ناکام رہا ہے، اس سے قبل سال دوہزار دس میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان ٹیم کو کلین سوئپ کیا تھا، دونوں ٹیمیں آج اتوار کی شام چار بجے مدمقابل ہوں گی۔

  • پاکستان کو آخری میچ میں سری لنکا سے 165 رنز سے شکست

    پاکستان کو آخری میچ میں سری لنکا سے 165 رنز سے شکست

    ہمبن ٹوٹا : سری لنکا نے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کے خلاف ایک سو پینسٹھ رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

    قومی ٹیم تین دو سے سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔ پاکستان اور سری لنکا ہمبن ٹوٹا میں پانچویں اور آخری ون ڈے میچ آمنے سامنے آئے۔

    میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا ۔اوپنرز کوشل پریرا اور تلکارتنے دلشان نے ایک سو چونسٹھ رنز کی شراکت قائم کی۔

    دلشان کو باسٹھ رنز پر احمد شہزاد نے رن آؤٹ کیا۔ پریرا ایک سو سولہ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، تھریمانے کو تیس اور چندی مل کو انتیس رنز پر راحت علی نے اپنا شکار بنایا، کپتان اینجلو میتھیوز اور سری وردانا نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے سری لنکا کا اسکور چار وکٹ پر تین سو اڑسٹھ رنز تک پہنچا دیا۔

    پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے باز زیادہ تک مزاحمت نہ کرسکے، اور کوئی بھی بیٹسمین نصف سنچری نہ بناسکا۔ سری لنکن بولرز نے اڑتیسویں اوور میں پاکستان کی پوری ٹیم کو دو سو تین رنز پر پویلین پہنچا دیا۔

    آخری میچ میں شکست کے باوجود پاکستان نے سیریز تین دو سے جیت لی۔سری لنکن بیٹسمین کوشل پریرا مین آف دی میچ اور محمد حفیظ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    سری لنکا نے جیت کیلئے 369 رنز کا ہدف دیا تھا ہمبن ٹوٹا: پریرا 116،میتھیوز70،دلشان62،سری وردانا52 رنز بنائے۔