Tag: آرائش

  • کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی، پاکستان ریلوے نے اشتہار دے دیا

    کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی، پاکستان ریلوے نے اشتہار دے دیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لیے چلائی گئی کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی کے لیے ایک اور قدم اٹھا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی کے پروگرام کے تحت پاکستان ریلوے نے روٹ کی دیواروں کی تزئین و آرائش کروانے کے لیے اشتہار دے دیا۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اورنگی سے پپری اسٹیشن کی دیواروں پر رنگ و روغن اور شجر کاری کی جائے گی، محکمہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سرکلر ریلوے 5 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، خواہشمند افراد، کارپوریٹ ادارے، کمپنیاں اور آرٹس کالج ڈی سی او آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ کراچی کے شہریوں کو سفری سہولت دینے کے لیے چلائی گئی کراچی سرکلر ریلوے تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو پائی، 20 روز میں ریلوے پر 1 کروڑ کی لاگت آچکی ہے جبکہ اس کی آمدن بمشکل 4 لاکھ روپے ہوئی۔

    ٹرین کو 14 کلو میٹر کے ٹریک پر ڈرگ روڈ سے لے کر براستہ گلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گلبائی، سٹی اسٹیشن تک جانا تھا تاہم یہ ٹرین ابھی تک ریلوے کی مین لائن پر ہی چل رہی ہے۔

    گنجان آبادی والے علاقوں میں ابھی تک ریلوے ٹریکس اور اسٹیشنز کلیئر نہیں کیے گئے اور یہاں پر تجاوزات قائم ہیں، اکثر مقامات پر ریلوے ٹریک ختم ہوچکا ہے۔

    مین لائن سے چلنے والی سرکلر ٹرین میں روزانہ 100 سے ڈیڑھ سو افراد ہی سفر کر رہے ہیں جبکہ اس کی گنجائش 500 افراد کی ہے۔

  • اب نیل پالش نماز کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی

    اب نیل پالش نماز کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی

    خواتین کی زیبائش کا اہم جزو نیل پالش گو کہ بناؤ سنگھار میں خاصی اہمیت رکھتا ہے تاہم یہ نماز پڑھتے ہوئے رکاوٹ بن سکتی ہے کیونکہ نیل پالش ناخنوں تک پانی پہنچنے سے روک دیتی ہے جس سے وضو نہیں ہو پاتا۔

    تاہم اب ایسی نیل پالش تیار کرلی گئی ہے جو نماز کی راہ میں حائل نہیں ہوگی، آپ اسے نماز فرینڈلی نیل پالش بھی کہہ سکتے ہیں۔

    اورلی کاسمیٹکس کمپنی اور مسلم گرل نامی ادارے کے اشتراک سے تیار کردہ یہ نیل پالش ایسی جھلی پر مشتمل ہے جس سے پانی باآسانی گزر سکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اس نیل پالش کی مشہوری حلال پینٹ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ کی جارہی ہے۔

    کیا آپ اس نیل پالش کو استعمال کرنا چاہیں گے؟