Tag: آرام

  • شاہد آفریدی کا شاہین شاہ اور شاداب کو آرام دینے کا مطالبہ

    شاہد آفریدی کا شاہین شاہ اور شاداب کو آرام دینے کا مطالبہ

    سابق کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کیخلاف آخری ٹی 20 میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں کیویز نے تین ایک سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ آخری میچ بدھ 26 مارچ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آخری میچ میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور نائب کپتان آل راؤنڈر شاداب خان کو آرام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری میچ میں بنچ پر بیٹھے کھلاڑیوں کو آزمایا جائے۔ اس میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دیا جا سکتا ہے۔

    سابق اسٹار آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان سیریز تو ویسے ہی ہار چکا ہے۔ اس لیے بہتر فیصلہ یہی ہوگا کہ باقی کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کے خلاف رواں سیریز کے کھیلے گئے چار ٹی 20 میچوں میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ چوتھے میچ میں تو دونوں کرکٹرز نے بغیر کوئی وکٹ لیے 98 رنز مخالف ٹیم کو دیے تھے جب کہ بیٹنگ میں بھی کمال نہ دکھا سکے۔

    چار میچز میں شاہین شاہ آفریدی نے 133 رنز دے کر صرف دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ طویل عرصہ بعد بطور نائب کپتان ٹیم میں واپسی کرنے والے آل راؤنڈر شاداب خان نے 110 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی جب کہ بلے سے بھی وہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور تین اننگز میں صرف 30 رنز ہی بنا سکے۔

  • ’بابر اعظم کو آرام دینے کا وقت آ گیا ہے‘

    ’بابر اعظم کو آرام دینے کا وقت آ گیا ہے‘

     بابر اعظم جو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے انہیں آرام کے نام پر ڈراپ کرنے کی باتیں ہونے لگی ہیں۔

    پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم جو طویل عرصہ سے خراب فارم سے نکلنے کے لیے کوشاں ہیں تاہم اس میں مکمل کامیاب نہیں ہوسکیں ہیں۔ حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگ میں بھی وہ ناکام رہے اور ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    اس کارکردگی کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے انہیں آرام دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    اپنے یوٹیوب چینل پر باسط علی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بابر اعظم کو آرام دیا جائے۔

    سابق اسٹائلش بلے باز نے کہا کہ سیریز جیتنے کے بعد بھی ہم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکتے۔ اس لیے یہ بہترین وقت ہے کہ بابر اعظم کو وقفہ دیا جائے کیونکہ بیٹنگ میں مسلسل ناکامی سے ان کا اعتماد خراب ہو رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر دوسرے ٹیسٹ میچ کی پچ پہلے میچ جیسی رہی تو دوسرے ٹیسٹ میں ناکامی سے ان کےاعتماد کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس لیے بابر اعظم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں آرام دیا جائے تاہم پلیئنگ الیون کے ساتھ رکھا جائے

    واضح رہے کہ بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں صرف 8 اور 5 رنز بنائے تھے۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

    سابق قومی کپتان کو اس سے قبل گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دو ٹیسٹ میچوں سے بھی ڈراپ کیا گیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/ab-de-villiers-hints-at-return-to-cricket/

  • درد شقیقہ یا مائیگرین میں آرام کے لیے موثر گھویلو ٹوٹکے حاضر ہیں

    درد شقیقہ یا مائیگرین میں آرام کے لیے موثر گھویلو ٹوٹکے حاضر ہیں

    آدھے سر کا درد جسے درد شقیقہ یا مائیگرین بھی کہا جاتا ہے اکثر لوگوں کے لیے کافی تکلیف کا باعث بنتا ہے۔

    درد شقیقہ کا شکار خواتین اور حضرات آدھے سر کا درد اٹھنے پر کافی تکلیف میں نظر آتے ہیں۔ اکثر درد کی صورت میں دوائیں کھانے کا انتخاب کیا جاتا ہے، تاہم اکثر اس میں فوری کمی نہیں آتی۔ مائیگرین میں آرام کے لیے ذیل میں کچھ ٹوٹکے بتائے جارہے ہیں جن کے استعمال سے فوری آرام آسکتا ہے۔

    ادرک کی چائے کے ذریعے بھی مائیگرین میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ آدھے سر درد سے نجات کے لیے ادرک کو بہترین چیز تصور کیا جاتا ہے۔ ادرک کا استعمال سر میں موجود خون کی شریانوں کی سوجن کو کم کرتا ہے جس سے درد سے نجات ملتی ہے۔

    ادرک کے تین ٹکڑوں کو دو کپ کے قریب پانی میں ڈال دی۔ اس پانی کو آدھے گھنٹے تک ڈھک کر رکھیں، پھر اسے چائے کی شکل میں تیار کرکے استعمال کرلیں۔

    اگر مائیگرین سے فوری آرام چاہتے ہیں تو یہ ٹوٹکا بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ کسی برتن میں پانی لے کر اس میں مسٹرڈ پاؤڈرملائیں اور اپنے دونوں پیر اس پانی میں ڈبولیں۔

    پاؤں میں جو خون گردش کررہا ہوتا ہے وہ اکثر سر کی شریانوں میں خون کا بہاؤ کم کرنے کا سبب بنتا ہے۔ نیم گرم پانی میں مسٹرڈ پاؤڈر ڈال کر آدھے گھنٹے اپنے پاؤں اس پانی میں ڈبو دیں تاکہ خون کی گردش معمول پر آئے۔

    درد شقیقہ کی کئی وجوہات میں سے ایک وجہ جسم میں پانی کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ اکثر خواتین و حضرات پانی پینا بھول جاتے ہیں۔
    اگر آپ کے ساتھ ایسی صورتحال پیش آئے کہ اچانک سر میں درد اٹھ جائے تو ایک سے دو گلاس پانی پیئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی دور ہوسکے اور مائیگرین میں کمی آئے۔

    نوٹ: ان ٹوٹکوں کے استعمال سے پہلے طبی ماہرین کی آرا بھی ضرور لیں۔ درد زیادہ شدید ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

  • بیمار ہونے کے بعد سب سے پہلا کام کیا کرنا چاہیئے؟

    بیمار ہونے کے بعد سب سے پہلا کام کیا کرنا چاہیئے؟

    بدلتا ہوا موسم اور کام کی زیادتی اکثر اوقات ہمیں بیمار کرنے کا سبب بھی بن سکتی ہے، کیا آپ جانتے ہیں بیمار ہونے کی صورت میں سب سے پہلا کام کیا سرانجام دینا چاہیئے؟

    بعض افراد کا خیال ہے کہ بیماری کی علامت محسوس ہوتے ہی فوراً دوا لے لینی چاہیئے تاکہ بیماری شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوجائے، لیکن کیا یہ واقعی درست ہے؟

    امریکی ماہرین اس کی جگہ ایک اور ترکیب بتاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیماری محسوس ہونے کی صورت میں آپ کو دوا لینے کے بجائے بستر پر لیٹ کر آرام کرنا چاہیئے۔

    دا جرنل آف ایکس پیری مینٹل میڈیسن میں چھپنے والی تحقیق کے مطابق اس کا تجربہ 10، 10 افراد کے 2 گروہوں پر کیا گیا۔ ایک گروہ کے افراد کو نصف رات تک جاگنے کو کہا گیا جبکہ دوسرے گروہ کے افراد نے معمول کے مطابق اپنی نیند پوری کی۔

    بعض ازاں ماہرین نے ان کے قوت مدافعت کے خلیات (ٹی سیلز) کا تجزیہ کیا، ماہرین نے دیکھا کہ وہ افراد جنہوں نے اپنے نیند پوری کی ان کے ٹی سیلز نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں ان میں بیماری سے لڑنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔

    اس کے برعکس وہ افراد جن کی نیند پوری نہیں ہوئی ان کے ٹی سیلز اتنے فعال نہیں تھے کہ بیماری کے جراثیم کا مقابلہ کرسکیں نتیجتاً ان کی بیماری میں شدت پیدا ہونے کا امکان بڑھ گیا۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ بیماری محسوس ہونے کی صورت میں دوا لینے سے قبل کچھ وقت آرام کرنا چاہیئے، اس کے بعد بھی اگر بیماری برقرار ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے۔

  • دفتر میں سونے کے لیے آرام دہ ڈیسک تیار

    دفتر میں سونے کے لیے آرام دہ ڈیسک تیار

    دفتر میں ایک طویل دن گزارنے کے دوران دن کے بیچ میں وقفہ کرنے اور آرام کرنے کا دل چاہتا ہے تاہم غیر آرام دہ کرسیاں ایسا کرنے میں رکاوٹ بن جاتی ہیں۔

    تاہم اب ایک ایسی ڈیسک بنا لی گئی ہے جو آرام کرنے کی سہولت بھی فراہم کرسکتی ہے۔ یونانی ڈیزائنر نینسی لیواڈٹ نے لکڑی، دھات اور لیدر سے ایسی ڈیسک بنائی ہے جو ضرورت کے وقت بستر بھی بن سکتی ہے۔

    یہ ڈیسک عام ڈیسکس کی طرح کام کرنے کی سہولت فراہم کرے گی، تاہم اس کے نچلے حصے میں آرام دہ بستر بھی موجود ہے جو تھکے ہوئے ملازمین کے آرام کرنے اور پھر سے تازہ دم ہونے کے لیے ہے۔

    یہ ڈیسک دفاتر کے ساتھ گھر میں بھی خوبصورت لگ سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ ماہرین کا ماننا ہے کہ دن کو سونے والے افراد کے دفاتر کو چاہیئے کہ وہ انہیں دفتر میں سونے کا موقع دیں اور انہیں صبح اٹھ کر کام کرنے پر مجبور نہ کریں۔

    ماہرین کے مطابق ایسے افراد صبح اٹھ بھی جائیں تو وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرسکتے۔

    اس کے برعکس جب وہ اپنی نیند پوری کر کے دن ڈھلے اٹھتے ہیں تب وہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔

    تحقیق کے مطابق راتوں کو جاگنے والے افراد کو زبردستی دن میں جاگ کر کام کرنے پر مجبور کیا جائے تو ایسے افراد میں قبل از وقت موت سمیت کئی امراض کا امکان بڑھ سکتا ہے۔

  • بیماری میں آرام کرنے کا نقصان جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    بیماری میں آرام کرنے کا نقصان جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    آج کل سردیوں کا موسم ہے اور ہر دوسرا شخص نزلہ زکام کا شکار ہے۔ یہ نزلہ اور زکام بڑھ کر خطرناک صورت اختیار کرلیتا ہے اور آپ بخار یا سینے کے انفیکشن میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

    ہوسکتا ہے آپ کو لگتا ہو کہ ایسی حالت میں آرام کرنا زیادہ مناسب ہے اور دفتر سے ایک دو دن کی چھٹی لے کر اسے بستر میں گزارنا چاہیئے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ ایسا سوچتے ہیں تو آپ اپنی زندگی سے کھیل رہے ہیں۔

    برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگر آپ نزلہ زکام یا سردی لگنے کی صورت میں آرام کرنا پسند کرتے ہیں تو آپ اپنی بیماری کو شدید بنا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایسی حالت میں آپ کو سارا دن بستر میں گزارنے کے بجائے ہلکی پھلکی ورزش یا چہل قدمی کرنی چاہیئے۔

    اس بارے میں ڈاکٹر ایرک بتاتے ہیں کہ نزلے کی حالت میں آرام کرنا آپ کے گلے میں موجود بلغم کو سخت کردیتا ہے جس کے بعد یہ سینے میں جم جاتا ہے اور یہ چیسٹ انفیکشن اور نمونیا کا باعث بھی بنتا ہے۔

    مزید پڑھیں: نمونیا اور اس کی علامات سے آگاہی حاصل کریں

    اس کے برعکس اگر ہلکی پھلکی ورزش یا چہل قدمی کی جائے اور جسم کو متحرک حالت میں رکھا جائے تو بلغم جمتا نہیں اور یہ بآسانی جسم سے باہر نکل آتا ہے۔

    ڈاکٹر ایرک کہتے ہیں، ’ضروری نہیں کہ آپ جم جائیں اور بھاری بھرکم وزش کریں۔ اس کے لیے اپنے روزمرہ کے کام انجام دینا جس میں آپ کا جسم حرکت میں آئے، یا صرف چہل قدمی کرنا بھی کافی ہوگا‘۔

    تو اگر آپ بھی نزلے کا شکار ہیں تو آرام کرنے کا خیال دل سے نکال دیں اور اپنے روزمرہ کے معمولات جاری رکھیں۔

  • سوتے ہوئے بلندی سے نیچے گرنے کا احساس کیوں ہوتا ہے؟

    سوتے ہوئے بلندی سے نیچے گرنے کا احساس کیوں ہوتا ہے؟

    کیا آپ کو نیند کے دوران کبھی ایسا محسوس ہوا ہے کہ آپ بہت گہرائی میں نیچے گرتے جارہے ہیں؟ اور اس کے بعد ایک جھٹکے سے آپ کی آنکھ کھل جاتی ہے؟

    نیند کے دوران ہمیں مختلف کیفیات کا سامنا ہوتا ہے جن میں سے ایک یہ بھی ہے۔ ماہرین کے مطابق اسے ہائپنک جرک کہا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: نیند لانے کے 5 آزمودہ طریقے

    یہ اس وقت محسوس ہوتا ہے جب ہم گہری نیند میں نہیں ہوتے اور ہمیں سوئے ہوئے تھوڑا ہی عرصہ ہوا ہوتا ہے۔ اس کیفیت کے دوران آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ کسی اونچے پہاڑ کی چوٹی، آسمان یا کسی اور بلند جگہ سے نیچے گر رہے ہیں۔

    ماہرین کے طابق اس کی کوئی حتمی وجہ تو نہیں، تاہم اس کے بارے میں کئی نظریات ہیں۔

    ایک نظریے کے مطابق یہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ بہت زیادہ تھکے ہوئے، تناؤ زدہ ہوں یا آپ کی نیند پوری نہ ہوئی ہو، تب آپ کا دماغ شدت کے ساتھ سونا چاہتا ہے لیکن آپ کا جسم اس سے مطابقت نہیں کر پاتا۔

    ایک اور نظریے کے مطابق جب ہمارے اعصاب دن بھر کے تھکے ہونے کے بعد رات میں سکون کی حالت میں آتے ہیں تو اس وقت ایسا محسوس ہوتا ہے۔ یہ ایک قدرتی عمل ہے تاہم اس کے دوران بعض اوقات آپ کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کسی اونچی جگہ سے نیچے گر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: دماغ کو آرام پہنچانے کے طریقے

    ماہرین کے مطابق ایسی صورتحال پیش آنے کی وجوہات میں بہت زیادہ کیفین کا استعمال، بے چینی اور دماغی تناؤ بھی شامل ہے۔ اس صورتحال کا صحت مند لوگوں کو بہت کم سامنا ہوتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ رات سونے سے قبل کیفین پینے کی عادت ختم کی جائے، جسم اور دماغ کو سکون پہنچانے والے طریقے جیسے مراقبے سے مدد حاصل کی جائے، اور سونے کی جگہ اور بستر کو صاف ستھرا اور آرام دہ رکھا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔