Tag: آرامکو

  • سعودی آرامکو: 5 ہزار ملازمتوں کے مواقع

    سعودی آرامکو: 5 ہزار ملازمتوں کے مواقع

    ریاض: دنیا کی سب سے بڑی سعودی تیل کمپنی آرامکو نے نئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جس کے بعد آئندہ 10 سال کے دوران مملکت میں روزگار کے 5 ہزار مواقع فراہم ہوں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی تیل کمپنی آرامکو نے منگل کو 51 ملکی اور بین الاقوامی صنعتی کمپنیوں کے ساتھ ان کنگڈم ٹوٹل ویلیو ایڈ پروگرام کے تحت 59 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

    اسٹریٹجک معاہدوں سے آئندہ 10 سال کے دوران مملکت میں روزگار کے 5 ہزار مواقع فراہم ہوں گے۔

    توقع کی جارہی ہے کہ 41.25 ارب ریال مالیت کے معاہدوں سے سعودی آرامکو کی درآمدی چین مضبوط ہوگی اور خام مواد تیار کرنے والے ادارے جدید خطوط پر استوار ہوں گے۔

    سعودی آرامکو میں تکنیکی خدمات کے ڈپٹی چیئرمین احمد السعدی نے کہا کہ سعودی عرب کے منفرد درآمد کاروں کے ساتھ بھاری سرمایہ کاری سعودی آرامکو کی کارکردگی میں لچک پیدا کرے گی۔

    توانائی کے شعبے میں آرامکو کمپنی کو دنیا بھر میں زیادہ معتبر بنائے رکھنے کو یقینی بنائے گی۔

    سعودی آرامکو میں سپلائی چین کے ڈپٹی چیئرمین انجینیئر محمد الشمری نے بتایا کہ معاہدوں پر دستخط کرنے والے مستقبل میں مطلوبہ اشیا کی صنعت میں ہمارے پارٹنر ہوں گے، ان معاہدوں کی بدولت سعودائزیشن کا انفراسٹرکچر وسیع ہوگا۔

    انجینیئر محمد الشمری نے مزید کہا کہ معاہدوں کا مقصد مملکت میں عالمی سطح کی رسد چین کے قیام کے حوالے سے سعودی آرامکو کے تصور سے مطابقت رکھنے والی مشترکہ کامیابی اور تعاون کا فریم تیار کرنا ہے۔

  • سعودی کمپنی دنیا کی امیر ترین کمپنی بن گئی

    سعودی کمپنی دنیا کی امیر ترین کمپنی بن گئی

    ریاض: سعودی آئل کمپنی آرامکو دنیا کی امیر ترین کمپنی بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی آرامکو دنیا کی سب سے امیر کمپنی بن گئی ہے، جس کے حصص منگل کو 9.24 ٹریلین ریال (2.464 ٹریلین ڈالر) تک پہنچ گئے ہیں۔

    بلومبرگ کے اعداد و شمار کے مطابق تیل کمپنی کے حصص ابتدائی ٹریڈنگ میں 46.2 سعودی ریال تک پہنچے، جس سے اس کی مارکیٹ کی ویلیو بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل سے آگے نکل گئی، جس کی قیمت 2.461 ٹریلین ڈالر ہے۔

    آرامکو کے اسٹاک کی قیمت بعد میں تھوڑی سی کم ہو گئی، سعودی وقت کے مطابق صبح 11:53 بجے تک ٹریڈنگ 46.05 ریال پر ہوئی، جس کی مارکیٹ ویلیوایشن 9.21 ٹریلین ریال ہے۔

    دوسری جانب آرامکو کو کرونا وبا کی وجہ سے ہونے والی بڑی کساد بازاری کے بعد تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے بھرپور فائدہ ہوا، اسی طرح روس اور یوکرین جنگ کی وجہ سے بھی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے آرامکو نے اپنی مارکیٹ میں 240 بلین ڈالر سے زائد کا اضافہ کیا۔

    آرامکو اور ایپل کے بعد مائیکرو سافٹ تیسری بڑی کمپنی ہے جس کی مارکیٹ ویلیو 1.979 ٹریلین ڈالر ہے۔

  • ولئ عہد محمد بن سلمان کا آرامکو سے متعلق بڑا فیصلہ

    ولئ عہد محمد بن سلمان کا آرامکو سے متعلق بڑا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکومت نے تیل کی بڑی سعودی کمپنی آرامکو کے 4 فی صد حصص انویسٹمنٹ فنڈ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ولئ عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے آرامکو کمپنی کے چار فی صد حصص سعودی انویسٹمنٹ فنڈ کو منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ محمد بن سلمان نے کہا کہ آرامکو کے حصص کی مذکورہ شرح کی منتقلی ملکی معیشت کی بہتری اور وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں معاون ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا چار فی صد حصص کی منتقلی سے 2025 تک انویسٹمنٹ فنڈ کی مالیت کا حجم 4 ٹریلین ریال تک ہو جائے گی، یہ فنڈ اپنے طویل المیعاد اور درمیانے میعاد کے اہداف کی تکمیل کر رہا ہے۔

    ولئ عہد کے مطابق حصص انویسٹمنٹ فنڈ 2025 تک مقامی طور پر نئے منصوبوں پر کام کرے گا۔ خیال رہے کہ آرامکو کمپنی کے حصص میں حکومت کا ابھی تک حصہ 94 فی صد ہے۔

  • سعودی تیل کمپنی کے ملازم نے ریٹائرمنٹ پر ایسا قدم اٹھایا کہ لوگ حیران رہ گئے

    سعودی تیل کمپنی کے ملازم نے ریٹائرمنٹ پر ایسا قدم اٹھایا کہ لوگ حیران رہ گئے

    ریاض: سعودی تیل کمپنی سے ریٹائرمنٹ لینے والے شہری نے گھر کے گودام کو قدیم اور کلاسیکل گاڑیوں‌ اور موٹر سائیکلز کے میوزیم میں‌ تبدیل کر کے لوگوں‌ کو حیران کر دیا۔

    کہا جاتا ہے کہ شوق کا کوئی مول نہیں، ایسا ہی کچھ قدیم گاڑیاں جمع کرنے کی خواہش رکھنے والے سعودی شہری عبدالعزیز نے کیا، سعودی تیل کمپنی آرامکو سے ریٹائرمنٹ ملتے ہی انھوں نے گھر کے گودام کو پرانی گاڑیوں کا میوزیم بنا لیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق عبدالعزیز کے آبائی گودام پر اسکریپ جمع کیا جاتا ہے، ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے اسے صاف کر کے مرمت کی اور میوزیم کی شکل دے دی، انھوں نے بتایا کہ انھیں بچین ہی سے نئی چیزیں کرنے کا بہت شوق تھا خاص طور پر گاڑیوں سے ان کو خصوصی لگاؤ تھا۔

    قدیم گاڑیوں کے حوالے سے عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ پرانی کاریں جمع کرنے کی بڑی وجہ تیزی رفتار تبدیلی ہے، میری خواہش ہے کہ عہد رفتہ کی یادوں کو ایک جگہ اکھٹا کروں تاکہ آنے والی نسلیں ان کے بارے میں جان سکیں۔

    عبدالعزیز کا میوزیم دوحصوں پر مشتمل ہے، ایک میں قدیم اور کلاسیکل گاڑیاں رکھی گئی ہیں، جب کہ دوسرا حصہ موٹرسائیکلز کے لیے مختص کیا گیا ہے، جہاں متعدد اقسام کی موٹرسائیکلز کو جمع کیا گیا ہے۔

  • بٹ کوائن سے متعلق بڑی سعودی تیل کمپنی کا اہم اعلان

    بٹ کوائن سے متعلق بڑی سعودی تیل کمپنی کا اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب کی پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی بڑی کمپنی آرامکو نے کہا ہے کہ وہ بٹ کوائن میں لین دین کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو سعودی کمپنی آرامکو نے کہا ہے کہ اس کا بٹ کوائن میں لین دین کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبر بے بنیاد ہے۔

    مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ خبر پھیلائی گئی تھی کہ آرامکو بٹ کوائن میں لین دین کا ارادہ رکھتی ہے، سبق ویب سائٹ کے مطابق کمپنی نے کہا ہے کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ خبر بے بنیاد اورمکمل طور پر حقیقت سے عاری ہے۔

    آرامکو سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کا بٹ کوائن میں لین دین کا کوئی ارادہ نہیں، نہ ہی اس حوالے سے کوئی منصوبہ ہے جس پر غور کیا جا رہا ہو۔

    واضح رہے کہ یوٹیوب پر پوسٹ ہونے والی، برازیلی بٹ کوائن مائنر رے نصر کے ایک انٹرویو کے بعد میڈیا رپورٹس میں یہ بات گردش کر رہی تھی کہ آرامکو ڈیجیٹل کرنسی کی کان کنی شروع کرے گی۔

    رے نصر نے کہا تھا کہ ہم آرامکو کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، صحرا سے نکلنے والا سارا تیل اس کمپنی کا ہے، اور وہ گیس جو یہ کمپنی استعمال نہیں کرتی، میں اس بارے میں کہہ سکتا ہوں کہ صرف یہ بھی آج بٹ کوائن کے نصف نیٹ ورک میں جان ڈال سکتی ہے۔

  • ترقیاتی منصوبوں میں اضافے کے لیے سعودی ولی عہد کا اہم اعلان

    ترقیاتی منصوبوں میں اضافے کے لیے سعودی ولی عہد کا اہم اعلان

    ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ آرامکو پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے لیے مزید حصص فروخت کر سکتا ہے، اس سے حاصل ہونے والی رقم پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کو مہیا کی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس کے شرکا کو بتایا کہ سنہ 2019 میں حصص کی ابتدائی تاریخی عوامی پیشکش کے بعد دنیا کی سب سے بڑی آئل کمپنی سعودی آرامکو مزید حصص فروخت کے لیے پیش کر سکتی ہے۔

    ولی عہد نے جمعرات کو فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کہا کہ اس سے حاصل ہونے والی رقم پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کو مہیا کی جائے گی اور سعودی شہریوں کی بہتری کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر دوبارہ سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    انہوں نے آرامکو کی دوسری ممکنہ آئی پی او کے حجم کے بارے میں کوئی عندیہ نہیں دیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ ان حصص کو مقامی یا بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹوں میں پیش کیا جائے گا۔ آرامکو فی الحال ریاض تداول ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہے۔

    شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ انویسٹمنٹ فنڈ کے بہت سے اثاثوں کا کوئی حساب نہیں۔ نیوم، ریڈ سی پروجیکٹ اور القدیہ پروجیکٹ وغیرہ کو مثال کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔

    پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے سنہ 2025 تک اپنی سرمایہ کاری 4 کھرب ڈالر تک پہنچانے کا پروگرام بنایا ہے، گرین ریاض پروگرام کی بدولت ریاض کا درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک آجائے گا۔ ریاض کا بنیادی ڈھانچہ جدید تر ہوگا اور وہاں زندگی کا معیار بلند ہوگا۔

    محمد بن سلمان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بین الاقوامی تبدیلیوں کے تناظر میں نئی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔

    پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر یاسر الرومیان، جو کہ آرامکو کے چیئرمین بھی ہیں، نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر مارکیٹ کے حالات اچھے ہوئے تو آئل کمپنی مزید حصص فروخت کر سکتی ہے۔

    انہوں نے آرامکو کے دیگر اثاثوں کی فروخت یا علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ شراکت داری کے امکان کو بھی برقرار رکھا جیسا کہ دیگر علاقائی توانائی کی کمپنیوں نے کیا ہے۔

  • سعودی تیل کمپنی کی بڑی کامیابی، پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    سعودی تیل کمپنی کی بڑی کامیابی، پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    ریاض: سعودی عرب کی تیل کی بڑی کمپنی آرامکو نے مشرق وسطیٰ کے قیمتی ترین برانڈز میں پہلے نمبر پر برقرار رہنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی آرامکو نے مشرق وسطیٰ کے سب سے قیمتی برانڈ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے، منگل کو برانڈ فنانس گلوبل 500 نے اپنی رواں سال کی رپورٹ میں مملکت کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی کی قیمت کا تخمینہ 37 اعشاریہ 5 ارب ڈالر لگایا۔

    رپورٹ کے مطابق آرامکو نے اپنی برانڈ ویلیو میں 20 فی صد کمی کے باوجود اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

    دوسرے نمبر پر ابوظبی نیشنل آئل کمپنی رہی، اس کمپنی کی برانڈ ویلیو میں ایک مشکل سال کے باوجود صرف 6 فی صد کمی آئی اور اس نے کامیابی سے اپنی پوزیشن کو برقرار رکھا۔

    برانڈ فنانس کے سی ای او ڈیوڈ ہیگ کا کہنا ہے کہ آرامکو تیل کی صنعت میں چھپی ہوئی ایک دیوہیکل کمپنی ہے، جس کے برانڈ نے آخرکار عوام کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

    انھوں نے کہا اس وقت آرامکو کی برانڈ ایکویٹی ترقی کے ابتدائی مرحلے میں ہے، لیکن اگلی دہائی میں مزید طاقت حاصل کرتے ہوئے یہ کمپنی عالمی اسٹیج میں شامل ہو جائے گا۔

    ڈیوڈ ہیگ نے کہا ابوظبی نیشنل آئل کمپنی نے ابوظبی کی عالمی سافٹ پاور پوزیشن کو تقویت دی، اور متحدہ عرب امارات کے پائیدار معاشی اہداف کو آگے بڑھایا۔

    رپورٹ میں شامل مشرق وسطیٰ کے دیگر برانڈز میں سعودی ٹیلی کام کمپنی ایس ٹی سی، متحدہ عرب امارات کی اتصالات، قطر نیشنل بینک، دبئی ایمریٹس ایئر لائن اور پیٹرو کیمیکل فرم سابک شامل ہیں۔

  • سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان

    سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں رواں ماہ کے لیے پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کردیا گیا، پیٹرول کی قیمت میں رواں ماہ اضافہ کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق آرامکو نے اتوار کی شب جنوری کے لیے پٹرول کے نئے نرخ جاری کیے ہیں، دسمبر کے مقابلے میں نرحوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق پیر 11 جنوری سے ہوگا۔

    جنوری کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 62 ہللہ ہوگی، 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 75 ہللہ مقرر کی گئی ہے۔

    ڈیزل اور کیروسین آئل کے نرخوں میں تبدیلی نہیں ہوئی جو 52 ہللہ اور 70 ہللہ فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دسمبر کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 44 ہللہ تھی، 95 پیٹرول فی لیٹر ایک ریال 55 ہللہ فروخت کیا جا رہا تھا۔

    سعودی آرامکو کی جانب سے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا جاتا ہے جن کا نفاذ اگلے دن سے ہوتا ہے۔

  • سعودی آئل کمپنی آرامکو کا اہم اقدام

    سعودی آئل کمپنی آرامکو کا اہم اقدام

    ریاض: سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کے بمپر بانڈ کی فروخت مستحکم ہونے کا امکان ہے، آرامکو نے ڈالر کی برتری والے بانڈز کی فروخت کے لیے مارکیٹنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی آئل کمپنی آرامکو نے ڈالر کی برتری والے بانڈز کی فروخت کے لیے مارکیٹنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، اس اقدام سے آرامکو خلیجی ممالک کی جانب سے نئے قرضوں کی فروخت میں شامل ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ تیل کے نرخوں میں ہونے والی کمی سے پورے خطے کی کارپوریشنز کو قرضوں کی منڈیوں میں سرگرمیوں کی ترغیب دے رہی ہے، اس صورتحال کے باعث پہلے ہی بانڈ کے اجرا کا سلسلہ شروع ہوگیا جو گزشتہ برس کے ریکارڈ 100 ارب ڈالر کی حد عبور کر گیا۔

    توقع ہے کہ یہ رجحان آئندہ برس بھی جاری رہے گا اور قرضوں کا اجرا 140 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، گولڈ مین سیکس کے مطابق اس رقم کا زیادہ تر حصہ خلیجی ریاستوں اور لاطینی امریکہ سے آئے گا۔

    اے ڈی سی بی کی چیف اکانومسٹ مونیکا ملک کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی موجودہ صورتحال قرضوں میں اضافے کے حوالے سے آرامکو کے لیے سازگار ہے۔ توقع ہے کہ طلب بھی مستحکم ہوگی اور اکٹھے ہونے والے فنڈز سے ڈیویڈنڈ ادائیگیوں میں مدد ملے گی۔

    آرامکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سی آئی ٹی آئی، گولڈ مین سیکس انٹرنیشنل، ایچ ایس بی سی، جے پی مورگن، مورگن اسٹینلے اور این بی سی کیپٹل قرضوں کی فروخت پر کام کر رہی ہیں۔

    آرامکو نے فروخت کے حجم کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جو پہلے ہی 20 ارب ڈالر کے آرڈرز حاصل کر چکی ہے۔

  • سعودی عرب: پیٹرول کی قیمتوں میں کمی

    سعودی عرب: پیٹرول کی قیمتوں میں کمی

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کردیا گیا، پچھلے ماہ کے مقابلے میں رواں ماہ قیمتیں کم رکھی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے اپریل کے لیے پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا ہے، پچھلے ماہ کے مقابلے میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق پیٹرول 91 ہفتہ 11 اپریل سے ایک ریال 31 ہللہ فی لیٹر جبکہ پیٹرول 95 ایک ریال 47 ہللہ فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔ نئے نرخ ہفتہ 11 اپریل سے نافذ ہوں گے اور 10 مئی تک مؤثر رہیں گے۔

    واضح رہے کہ مارچ میں پیٹرول 91 ایک ریال 55 ہللہ اور پیٹرول 95 دو ریال 5 ہللہ فروخت کیا جا رہا تھا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں، عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اس میں رد و بدل کیا جا تا ہے۔

    اس سے قبل آرامکو نے اعلان کیا تھا کہ اب ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نرخوں پر نظر ثانی کی جائے گی، اس کا اطلاق ہر ماہ کی 11 تاریخ سے ہوگا۔