Tag: آرمی پبلک اسکول

  • آرمی پبلک اسکول حملے میں ملوث 5 دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی

    آرمی پبلک اسکول حملے میں ملوث 5 دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی

    کراچی: پشاورآرمی پبلک اسکول حملے میں ملوث سات میں سے پانچ دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی۔

    ذرائع کے مطابق شناخت ہونے والے سارے دہشتگرد پاکستانی تھے جبکہ دو دہشتگردوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی۔

    سانحہ پشاور میں ملوث سات میں سے پانچ دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔

     ذرائع کا کہنا ہے پانچ دہشت گرد پاکستانی تھے ،دو دہشت کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔

     ذرائع کا کہنا ہے دہشت گردوں کو ہدایت دینے والے ما سٹر مائنڈ کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔

     ذرائع کا مطابق ماسٹر مائنڈ افغانستان سے حملہ آوروں کو ہدایات دیتا رہا تھا۔

  • پیٹرول کا بحران حکومت کی ناکامی ہے، عمران خان

    پیٹرول کا بحران حکومت کی ناکامی ہے، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلے کبھی ایسا پیٹرول کا بحران نہیں دیکھا،پہلے سی این جی اب پیٹرول کیلئے قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی میں خلیل الرحمان رمدے اور افتخار چوہدری کا ہاتھ تھا، ووٹوں کے بھرے تھیلوں میں فارم 14 اور 15 پہلے غائب تھے اب مل گئے، ہمیں بتایا جائے کہ یہ کہاں سے ملے، دھاندلی کی تحقیقات کے لئے مسلم لیگ ن جوڈیشل کمیشن بنائے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے کیونکہ جب تک آزاد جوڈیشل کمیشن کے سامنے معاملات نہیں رکھے جائیں گے اور غیر جانبدارانہ تحقیقات نہیں ہوں گی ، پاکستان میںصاف و شفاف الیکشن نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود ہر مسئلے کی وجہ دھرنے کو قرار دیا جا رہا تھا حتیٰ کہ کسی کو کھانسی بھی آتی تھی تو کہا جاتا تھا کہ دھرنے کی وجہ سے ہے لیکن جب سے دھرنا ختم ہوا ہے تب سے ہر چیز درہم برہم ہو گئی ہے، پہلے سی این جی کی لائنیں لگا کرتی تھیں اور اب پیٹرول بھی نہیں مل رہا باوجود اسکے کہ عالمی منڈی میں پچھلے 6 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 60 فیصد کم ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کے معاملے میں اتنی نااہلی تو پیپلزپارٹی کے دور میں بھی نہیں کی گئی ۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت پر سرچارج عائد کئے اور جی ایس ٹی بھی 17 فیصد سے 22 فیصد کر دیا گیا جبکہ بجلی کے بلوں پر عائد ہونے والے سرچارج کو بجلی کی قیمتوں کا حصہ ہی بنا دیا گیا ہے۔ اگر دھرنا ختم نہ ہوتا تو پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی آ سکتی تھی، انہوں نے کہا کہ ملک میں 40 فیصد بجلی فرنس آئل سے بنتی ہے لہٰذا پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہونے کی وجہ سے بجلی بھی سستی ہونی چاہئے تھی۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پیٹرول کا ایسا بحران پہلے نہیں دیکھا گیا اور یہ اس وقت پیدا ہوا جس عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتیں 60 فیصد تک کم ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس او 210 ارب روپے کا ڈیفالٹ ہے، پہلے قومی بینکوں کی سطح پر ڈیفالٹ ہوا اور اب ایل سیز پر ڈیفالٹ ہو گیا، انہوں نے کہا کہ 80 فیصد بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا اور سرچارج کو بھی بجلی کی قیمتوں کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر پیٹرولیم نے قلت کی وجہ پیٹرول کی طلب میں اضافہ بتایا ہے لیکن ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باعث تیل زیادہ فروخت ہوا اور پی ایس او کنگال ہو گیا؟ زیادہ فروخت ہونے کے باعث منافع میں اضافہ ہوتا ہے خسارہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قلت کے باعث حکومت پاور پلانٹ بھی بند کرنے پر آگئی ہے جس سے بجلی کا بڑا بحران جنم لے گا۔

  • آئندہ پروٹوکول کے بغیر سفر کروں گا ، عمران خان

    آئندہ پروٹوکول کے بغیر سفر کروں گا ، عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آئندہ بغیر پروٹوکول کے سفر کرنےکااعلان کردیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این اے 122 سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ ویب سائٹ پر ڈال دی ہے اور اس میں سب کچھ واضح ہو گیا ہے۔ کمیشن کے مطابق 34 ہزار ووٹوں پر مہر نہیں لگی جبکہ این اے 122 میں سے این اے 124 کے ووٹ بھی ملے۔

     ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کو خط اس لئے لکھا تاکہ ہمیں سڑکوں پر نکلنا نہ پڑے تاہم 18 جنوری کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پرویز رشید عجیب و غریب باتیں کر رہے ہیں، ان کا ذہنی توازن درست معلوم نہیں ہوتا۔

    عمران خان نے کہا کہ ماحول خراب نہیں کرنا چاہتے، سانحہ پشاور کے بعد جو تعاون ہوسکتا تھا حکومت سے کیا، جن نکات پر اتفاق ہوا تھا، اس پر مفاہمت کیلئے تیار ہیں، اسحاق ڈار نے 3 نکات پر اتفاق کرلیا تھا لیکن 30 دسمبر کے بعد واپس آنے کا کہہ کر پھر نہیں پلٹے، مذاکرات کے ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے خط لکھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 18 جنوری کو اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنا ہے، حکومت عوام کی آنکھوں ميں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے، کمیشن نے مانا 34 ہزار ووٹ غیرمستند ہیں، 284 میں سے 128 تھیلوں میں فارم 14، 15 نہیں، کپتان نے ایک بار پھر بااختیار جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کردیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کہتے ہیں کہ آرمی پبلک اسکول صوبائی حکومت کے نہیں، فوج کے تحت ہیں، والدین کی جگہ میں ہوتا تو اسی طرح احتجاج کرتا، اگر والدین کی بھڑاس نکلتی ہے تو میں پھر جانے کو تیار ہوں، میرے ساتھ پروٹوکول کی 6 گاڑیاں تھیں، آج کے بعد میرے ساتھ کوئی پروٹوکول نہیں ہوگا۔

  • عمران خان کا آرمی پبلک اسکول کا دورہ، شہداء کے والدین مشتعل

    عمران خان کا آرمی پبلک اسکول کا دورہ، شہداء کے والدین مشتعل

    پشاور: عمران خان کے آرمی پبلک اسکول پہنچنے پرشہید بچوں کے مشتعل والدین کا احتجاجی مظاہرہ، عمران خان کا گھیراؤکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج اپنی رہائش گاہ بنی گالہ اسلام آباد سے  آرمی پبلک اسکول کے شہید طلباء سے اظہار یکجہتی کیلئے پہنچے توانہیں شہید بچوں کے والدین کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

    عمران خان جب بچوں کیلئے دعائے مغفرت کررہے تھے تو اسی اثناء میں ایک شہید بچے اسفند کی والدہ سیکورٹی حصار کوتوڑتے ہوئے عمران خان کے قریب پہنچ گئیں اوران کا گریبان پکڑکرکہا کہ ہمیں ہمارے بچوں کے خون کا حساب دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’’تم یہاں ہمارے لئے نہیں آئے تم میڈیا کیلئے، اخبارات کیلئے اوراپنی نئی دلہن کو سیرکرانے کے لئےلے کرآئے ہو ہمیں اس کی کوئی ضرورت نہیں ہم نے آپ کو ووٹ دے کرغلطی کی‘‘۔

    اس موقع پرایک بچے کے والد نے کہا کہ اپنے بچوں کی لاشوں پران سیاست دانوں کو سیاست نہیں کرنے دیں گےان کے لوگوں کوعوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔

    ایک شہید بچے احسان کی والدہ نے روتے ہوئے کہا کہ خدارا پاکستان سے افغان باشندوں کو باہر نکالا جائے، ملک کی خارجہ پالیسی کو درست کیا جائے ۔

    صورت حال کی نزاکت بھانپتے ہوئے سیکیورٹی حکام نے عمران خان اورریحام خان کو اسکول کے عقبی دروازے سے روانہ کردیا۔

  • عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ آج آرمی پبلک اسکول کا دورہ کریں گے

    عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ آج آرمی پبلک اسکول کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ آج آرمی پبلک اسکول کا دورہ کریں گے۔

    سانحہ پشاور کے موقع پر دہشت گردی کا نشانہ بننے والے آرمی پبلک اسکول کو تعطیلات کے بعد کھول دیا گیا ہے۔

     جبکہ ترجمان تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری کے مطابق سکول کھلنے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف آج اپنی اہلیہ کے ہمراہ آرمی پبلک اسکول کا دورہ کریں گے، اس موقع پر عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان اسکول کے اساتذہ اور بچوں سے ملاقات بھی کریں گے۔

    واضح رہے کہ دہشتگردی کا نشانہ بنائے جانے والا آرمی پبلک سکول پشاور چھبیس روز کے بعد تدریسی عمل کیلئے دوبارہ پیر کے روز کھول دیا گیا ہے۔

    چھبیس روز کے بعد بچوں نے واپس اسکول آنے پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور ان کی اہلیہ نے خود بچوں کا استقبال کیا اور والدین سے بھی ملاقات کی، کور کمانڈر پشاور لیفٹنٹ جنرل ہدایت الرحمان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • سانحہ پشاورکا ایک اور طالب علم سی ایم ایچ میں دم توڑ گیا

    سانحہ پشاورکا ایک اور طالب علم سی ایم ایچ میں دم توڑ گیا

    پشاور: سانحہ پشاور میں زخمی ہونے والا ایک اور طالب علم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا ، جس کے بعد شہیداء تعداد ایک سو چونتیس ہو گئی ہے۔

    سانحہ پشاور میں دہشتگردوں کےہاتھوں زخموں سے چُور ہونسے والا ابرار سات روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کےبعد جان کی بازی ہار گیا، گیارہویں جماعت کا طالب علم سولہ دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشتگردوں کے بے رحمانہ فائرنگ کا نشانہ بنا تھا۔ ابرار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لا کر انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا تھا۔

  • عمران خان نےدہشت گردی کیخلاف قلیل مدتی پلان کا اعلان کردیا

    عمران خان نےدہشت گردی کیخلاف قلیل مدتی پلان کا اعلان کردیا

    پشاور: عمران خان نےدہشت گردی کیخلاف قلیل مدتی پلان کا اعلان کردیا،انہوں نے کہا کہ ایف سی کو واپس بلاکر صوبے کی حفاظت پر لگایا جائے اسکولوں کے لیئے نیا حفاظتی پلان تیار ہورہا ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف کا پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کیلئے وفاق کوئی فنڈز نہیں دیتا، اس کا اضافی بوجھ صوبائی حکومت پر پڑتا ہے،خیبرپختونخوا اپنے بجٹ سے آئی ڈی پیز پر رقم خرچ کر رہا ہے، وفاقی حکومت کو آئی ڈی پیز اور افغان مہاجرین کی مد میں صوبائی حکومت کی مدد کرنی چاہیے، اگر آئی ڈی پیز کی مدد نہ کی گئی تو فاٹا کے نوجوان دہشتگردی کی طرف جا سکتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن کا دباﺅ کے پی کے حکومت پر پڑرہا ہے جس کی وجہ سے افغان بارڈر کو سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے اس لیے ایف سی کو واپس بھیجا جائے جس کے لیے وہ بنائی گئی تھی۔ایف سی ملک کے دیگر حصوں میں بھی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اور اب میری وفاقی حکومت سے گزارش ہے کہ ایف سی کو واپس اس کے اصل مقصد کی طرف واپس لایا جائے۔

    عمران خا ن نے کہا کہ اگر کے پی کے حالات بہتر بنانے ہیں تو سب سے پہلے افغان بارڈر کر مکمل طور پر سیل کرنا ہو گا اور اس کے بعد پانچ لاکھ سے زائد غیرقانونی طور پر مقیم افغانیوں کو ملک سے نکالنا ہو گا ۔

  • سانحہ پشاور: اسکول کا دورہ، عمران خان کو شہدا کی ماوں نے گھیر لیا

    سانحہ پشاور: اسکول کا دورہ، عمران خان کو شہدا کی ماوں نے گھیر لیا

    پشاور: عمران خان نے سانحہ پشاور کے بعد آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا ہے۔ عمراں خان کو اسکول میں داخل ہوتے ہی شہدا کی ماوں نے گھیرے میں لے لیا۔

    سانحہ پشاور کے بعد عمران خان وزیراعلی خیبر پختونخواہ کے ہمراہ آرمی پبلک اسکول کے دورے پر آج پشاور پہنچے، جہاں انہوں نے سانحہ پشاور کے متاثرہ اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

    عمران خان اسکول پہنچے تو نویں جماعت محمد علی شہید کی والدہ کی فریادوں نے ماحول کو سوگوار کردیا۔ عمران خان اور ان کے عملے کو سخت چیکنگ کے بعد اسکول میں جانے کی اجازت دی گئی۔

    اسکو ل میں صرف عمران خان اور پرویز خٹک کی گاڑیوں کو اندر جانے دیا گیا، جبکہ صوبائی وزیر علی امین گنڈاپور کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

    چیئرمین تحریک انصاف بعد میں آرمی پبلک اسکول کی شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے گھر گئے۔ عمران خان نے طاہرہ قاضی کے شوہر بریگیڈئیر ریٹائرڈ ظفر اللہ قاضی سے تعزیت کی۔ عمران خان نے شہید پرنسپل کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ عمران خان شہید طالب علم ثاقب کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے ثاقب کے والدین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

  • پشاور حملہ، دہشتگردوں کی سم خاتون کے نام نکلی، خاتون گرفتار

    پشاور حملہ، دہشتگردوں کی سم خاتون کے نام نکلی، خاتون گرفتار

    پنجاب: پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشتگردوں کے زیرِ استعمال موبائل فون سم حاصل پور کی خاتون کے نام نکلی۔

    پشاور میں آرمی پبلک اسکول کے ایک سو تنتیس بچوں کو شہید کرنے والے درندہ صفت دہشتگردوں کے زیرِ استعمال موبائل فون سم حاصل پور کی خاتون کے نام پر جاری کی گئی تھی۔

    حساس ادروں نے سم کی مالکہ کا سراغ ملنے کے بعد اسے حاصل پورسے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، سیکورٹی فورسز نے سم فروخت کرنے والی موبائل فون کمپنی کے فرنچائز کے عملے کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

    واضح رہے کہ 16 دسمبر کی صبح دہشتگردوں نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 132 بچوں سمیت 143 افراد شہید ہوگئے تھے۔

  • پشاور اسکول شہداء کی شہر شہرنمازِ جنازہ

    پشاور اسکول شہداء کی شہر شہرنمازِ جنازہ

    پشاور: آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے بچوں اور دوسرے افراد کی نمازِجنازہ کا سلسلہ جاری  ہے، جب کہ ملک میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔

    گزشتہ روز آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 132 بچوں سمیت کل 141 ہلاکتیں ہوئی ہیں ، ہلاک ہونے والوں میں سات خودکش حملہ آور بھی شامل تھے، آرمی پبلک اسکول پر ہونے والی دہشت گردی کے بعد پشاور شہر سوگوار ہے۔

    شہر کے تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ تجارتی اور نجی ادارے بھی بند ہیں ، سانحے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ بھی ادا کی جا رہی ہے۔

    پشاور سانحے میں شہید ہونے والے دو بچوں کی نمازِجنازہ امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے پڑھائی ، نمازِ جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔  

    دوسری جانب پشاور سانحے میں شہید ہونے والے بچوں میں چودہ سالہ طیب بھی شامل تھا، جس کو نو گولیاں ماریں گئیں، طیب کا جنازہ اٹھا تو کہرام مچ گیا۔

    اس سے قبل پشاور کور ہیڈ کوارٹر میں شہید طلباء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔