Tag: آرمی چیف

  • آرمی چیف سے ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف کی ملاقات

    آرمی چیف سے ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف سے ملاقات میں کہا کہ پاک ایران وسیع ترتعاون سے خطے میں امن واستحکام پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف نے جی ایچ کیوکا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ، جس میں دوستانہ تعلقات، ہمسائیگی سےمتعلق امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں سرحدی اور دفاعی امور، امن اور علاقائی سلامتی کے امور سمیت افغان مفاہمتی عمل اور پاک ایران بارڈرمنیجمنٹ پر گفتگو ہوئی۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا پاک ایران وسیع ترتعاون سےخطےمیں امن واستحکام پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

    ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ خطےمیں امن واستحکام میں پاکستان کاکردارلائق تحسین ہے، باالخصوص افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے۔

    مزید پڑھیں : ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے

    یاد رہے گذشتہ روز ایران کے وزیر خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، نور خان ایئربیس پر ایڈیشنل سیکریٹری اے آئی ٹی ، ایرانی سفیر سید محمد حسینی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیرخارجہ کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا سیاسی واقتصادی وفد بھی اسلام آباد پہنچا جبکہ ایران کے نمائندہ خصوصی برائےافغانستان محمدابراہیم طاہریان بھی وفد میں شامل ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ دورہ پاکستان میں صدر عارف علوی،وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ وزیرخارجہ شاہ محمود سے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گے۔

  • عبدالرشید جونیئر کا انتقال، آرمی چیف کا اظہار افسوس

    عبدالرشید جونیئر کا انتقال، آرمی چیف کا اظہار افسوس

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی کے عظیم کھلاڑی عبدالرشید جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہاکی کے عظیم کھلاڑی عبدالرشید جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ان کے انتقال سے ملک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگیا۔

    آرمی چیف نے عبدالرشید جونیئر مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی، انھوں نے کہا کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے، اور اللہ مرحوم کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

    واضح رہے کہ سابق اولمپین عبدالرشید جونیئر کے انتقال سے ہاکی کے کھیل کو بڑا نقصان ہوا ہے، وہ 4 نومبر کو اسلام آباد میں طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

    ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عبدالرشید جونیئر انتقال کرگئے

    عبدالرشید کا شمار ہاکی کی تاریخ کے بہترین سینٹر فارورڈز میں ہوتا ہے، وہ 1968 میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے، انھوں نے 3 اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    عبدالرشید جونیئر 1972 میں سلور، 1976 میں برانز میڈل حاصل کرنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے، ریٹائرمنٹ سے قبل وہ 96 گولز کے ساتھ ملک کے بہترین گول اسکورر تھے۔

  • بوسنیا کے پریزیڈنسی چیئرمین کی امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف

    بوسنیا کے پریزیڈنسی چیئرمین کی امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف

    راولپنڈی :بوسنیا کے پریزیڈنسی چیئرمین نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ، آرمی چیف نے کہا پاکستان بوسنیا سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بوسنیا کے پریزیڈنسی چیئرمین نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دفاعی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے سمیت مشترکہ منصوبوں کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بوسنیا سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، ہمیں دونوں ملکوں کے عوام کے قریبی تعلقات پر فخر ہے۔

    بوسنیا کی پریزیڈنسی کے چیئرمین نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

    قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر بوسنیا کی پزیڈنسسی کے چئیرمین کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، بوسنیا کی پریڈنسی کے چئیرمین نے یادگار شہداء پر حاضری دی، جہاں انہوں نے یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ کی۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کی ملاقات ہوئی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ توقع ہے ان کی قیادت میں پاک بحریہ نئی بلندیاں طے کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نو متعین نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایڈمرل امجد خان کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارک باد دی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ توقع ہے ان کی قیادت میں پاک بحریہ نئی بلندیاں طے کرے گی۔

    اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ بھی پڑھی۔

    خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمان سنبھالی تھی، ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ ہیں۔

  • بابا گرونانک کی برسی کی تقریبات: انتظامی کمیٹی نے آرمی چیف کو ہیرو قرار دے دیا

    بابا گرونانک کی برسی کی تقریبات: انتظامی کمیٹی نے آرمی چیف کو ہیرو قرار دے دیا

    کرتار پور : گوردوارہ دربار صاحب میں بابا گرونانک کی برسی کی تقریبات کا آج آخری دن ہے،انتظامی کمیٹی نے آرمی چیف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں ہیرو قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں بابا گرونانک کا481واں یوم وفات منایا جارہا ہے، گوردوارہ دربار صاحب میں 20 ستمبر سے جاری 3روزہ  تقریبات کا آج آخری دن ہے۔

    سکھوں کی مقدس کتاب سری گروگرنتھ صاحب کے اکھنڈ پاٹھ 20 ستمبرکو رکھےگئے، تقریبات کی انتظامی کمیٹی نے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں ہیرو قرار دیا۔

    انتظامی کمیٹی نے سرحد پار بھارتی حکومت کے زائرین سےناروا سلوک پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت نے بھارت کو خط لکھےلیکن زائرین کوآنے کی اجازت نہ دی گئی۔

    امریکی قانون سازوں نےبھی 2دن قبل، بھارت کو”مخصوص خدشات والا ملک” قراردیا ، امریکا کے14 سینیٹرز نے بھارت کو مذہبی آزادی کے حوالے سے بدترین مجرم گردانا جبکہ امریکی وزیر خارجہ کورواں ماہ 10ریپبلکن، 4ڈیموکریٹ سینیٹرزنےدستخط شدہ خط بھیجا۔

    3روزہ تقریبات کی اختتامی تقریب میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے ہزاروں یاتریوں نے شرکت کی اور گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کمپلیکس میں انتظامات کو سراہا۔

  • آرمی چیف سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    آرمی چیف سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے آج وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آج جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں باہمی دل چسپی، علاقائی سیکورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال ہوا، زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

    امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ افغانستان میں فریقین کے درمیان جاری امن عمل میں پاکستان کی سنجیدہ اور غیر مشروط حمایت کے بغیر کام یابی ممکن نہ تھی۔

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے

    آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا امن اور علاقائی رابطوں کے لیے وژن واضح ہے، قومی طاقت کے تمام عناصر متحد ہو کر اس وژن کو حقیقت کی شکل دے رہے ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ اس وژن پر عمل کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن، ترقی اور استحکام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد انٹرا افغان مذاکرات کے سلسلے میں آج اسلام آباد پہنچے تھے، اس دوران وہ سیاسی قیادتوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں افغان امن انٹرا ڈائیلاگ امور زیر غور آئیں گے۔

    یاد رہے کہ بین الافغان مذاکرات کا آغاز چند دن قبل ہو گیا ہے، اس سلسلے میں دو دن قبل دوحا، قطر میں بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی، قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کی دعوت پر شاہ محمود نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کی تھی۔

  • آرمی چیف سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کی ملاقات

    آرمی چیف سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ اور ازبکستان کےنائب وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں علاقائی روابط کے فروغ اور بہتر سیکیورٹی وژن کو سپورٹ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ازبکستان کےنائب وزیراعظم نے جی ایچ کیوراولپنڈی کادورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی،علاقائی سیکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی روابط کےفروغ پربھی بات چیت کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ازبک نائب وزیراعظم نے کہا علاقے میں امن واستحکام کیلئے پاک فوج کا کردار قابل قدر ہے۔

    یاد رہے ازبکستان کے نائب وزیراعظم آج پاکستان پہنچے تو مشیرتجارت رزاق داؤد نے معززمہمان کانورخان ایئربیس پر استقبال کیا ، دورے میں دوطرفہ تجارت اورسرمایہ کاری کے فروغ پرتبادلہ خیال ہوگا ۔

    مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا تھا کہ پاکستان اوروسط ایشیائی ممالک میں تجارت کے وسیع مواقع ہیں،پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں۔

  • پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: آرمی چیف

    پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا لازوال باب ہے، وہ دن جب محبت، قربانی اور بہادری کی داستانیں رقم ہوئیں، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اگر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج آرمی چیف جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا میری بہنوں اور بھائیوں کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں، یہ چیلنج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کیا گیا ہے، اس چیلنج کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے، لیکن ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں، قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم ان شاء اللہ ضرور کامیاب رہیں گے۔

    آرمی چیف نے متنبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہم کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے، ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا، نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں، ہم دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کو تیار ہیں، وقت ہمیں کئی بار آزما چکا، ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہمسایہ ملک ہندوستان نے ہمیشہ کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے خطے کو خطرات سے دوچار کیا، کوئی شک نہیں جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، اس حوالے سے ہم کسی بھی یک طرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔

    آرمی چیف نے اعزازات حاصل کرنے والے آفیسرز، جونئیر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاک فوج کی اعلیٰ روایت کو مقدم رکھا، آپ نے جس پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا ہم سب کو اس پر ناز ہے۔

    انھوں نے کہا گزشتہ بیس سالوں میں ہم بڑی آزمائش سے گزرے ہیں، مشرقی و مغربی سرحدوں پر حالتِ جنگ کا سامنا رہا، ہمیں زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں بھی درپیش رہیں، دہشت گردی، شدت پسندی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں افراد کی قربانی دی، لاکھوں دربدر ہوئے، حال ہی میں کرونا جیسی وبا، ٹڈی دل جیسی آفت کا بھی سامنا رہا، لیکن ہم نے کامیابی سے ان کا مقابلہ کیا۔

    قبل ازیں، جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف نے جرات کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا، تقریب میں شہدا، غازیوں کے اہل خانہ، حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔

    آرمی چیف نے 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری، 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت، اور ایک جوان کو یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا۔ شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

  • کراچی کو 3 سال میں مکمل تبدیل کیا جائے گا: آرمی چیف

    کراچی کو 3 سال میں مکمل تبدیل کیا جائے گا: آرمی چیف

    کراچی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے، کراچی کو 3 سال میں مکمل تبدیل کیا جائے گا.

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آج کراچی کے تاجروں نے ملاقات کی، جس میں تاجروں نے آرمی چیف کو کراچی کے مسائل سے آگاہ کیا، اور مطالبہ کیا کہ کراچی 2 ہزار 600 ارب سالانہ ٹیکس دیتا ہے، شہر کے مسائل حل کیے جائیں۔

    تاجروں کا کہنا تھا کراچی میں بارشوں سے معاشی، تجارتی و صنعتی سرگرمیاں رک گئی ہیں، بجلی، گیس اور پانی کے اداروں کے سربراہان کو مسائل حل کرنے کا پابند کریں۔

    آرمی چیف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے، کراچی کو 3 سال میں مکمل تبدیل کیا جائے گا، اس کے لیے مرکزی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے، جس میں بزنس کمیونٹی کو بھی نما ئندگی دی جائے گی۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کراچی کے مسائل کو تیزی سے حل کیا جائے گا، کراچی میں سڑکیں، پانی، بجلی و گیس کے مسائل سب حل ہوں گے۔

  • آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کو ملکی داخلی وخارجہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے آئی ایس آئی کی حکمت عملی کی تعریف کی۔

    اس سے قبل رواں سال 3 جون کو وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا۔

    اس موقع پر وفاقی وزراء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی و خود مختاری کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعظم کی جانب سے آئی ایس آئی کی قربانیوں اور انتھک کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا تھا۔