Tag: آرمی چیف

  • سعودی معاون وزیردفاع  کی آرمی چیف سے ملاقات ، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف

    سعودی معاون وزیردفاع کی آرمی چیف سے ملاقات ، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف

    راولپنڈی : سعودی معاون وزیر دفاع میجر جنرل انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سعودی معاون وزیردفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی پیداوار اور فوجی تربیت سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے رائل سعودی لینڈ فورسز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے پاک فوج کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ میجر جنرل انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی امن کیلئے پاک فوج کی گرانقدر خدمات کو بھی سراہا۔

    میجر جنرل انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی نے پاک سعودی دفاعی تعاون کے پانچویں اجلاس میں بھی شرکت کی، پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف کے ہمراہ مشترکہ صدارت کی۔

    فورم نے عالمی اور علاقائی سلامتی کودرپیش چیلنجز،افواج پر ان کے اثرات سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور دونوں جانب سے جدید ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی اور دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔۔

    اجلاس میں زمینی، فضائی اور سمندری شعبوں میں دفاعی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے فورم کی طرف سے ٹھوس تجاویز پر غور کیا گیا۔

  • سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 مجرمان کو رہا کر دیا گیا

    سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 مجرمان کو رہا کر دیا گیا

    اسلام آباد: فوج کے زیر حراست سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 مجرمان کو رہا کر دیا گیا۔

    اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو تحریری طور پر آ گاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 مجرمان کو رہا کر دیا گیا ہے۔

    سپریم کورٹ کو دی گئی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے 8 افراد کو ایک ایک سال کی قید بامشقت سنائی گئی تھی، لاہور کے 3، گجرانوالہ کے 5 مجرمان کو بھی ایک ایک سال قید بامشقت دی گئی تھی۔

    رہا ہونے والوں میں دیر کے 3 اور مردان کا ایک مجرم بھی شامل ہے، تمام مجرمان کو 6 اور 7 اپریل کو رہا کیا گیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مجرم نے سزا مکمل نہیں کی، بلکہ آرمی چیف نے عید سے قبل سزا میں رعایت دی۔

  • صدر مملکت آصف زرداری سے آرمی چیف  کی ملاقات، فوج کیخلاف بے بنیاد الزامات پر اظہار تشویش

    صدر مملکت آصف زرداری سے آرمی چیف کی ملاقات، فوج کیخلاف بے بنیاد الزامات پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر  نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

    ملاقات میں آرمی چیف نے آصف زرداری کو صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے صدرمملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ دوسری جانب آرمی چیف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات میں روایتی خطرات کیخلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی اور صدر مملکت کو بلوچستان، کے پی سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔

    صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہاتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا، صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

    صدر مملکت نے مخصوص جماعت، اسکے چند افراد کی ادارے اور قیادت کیخلاف بے بنیاد الزامات پر تشویش کا اظہار کیا، صدر مملکت نے رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

  • پاکستانی عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے: آرمی چیف

    پاکستانی عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے: آرمی چیف

    اسلام آباد: آرمی چیف جرنل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان، عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہریوں پر بشام میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وفاقی وزراء، چیف آف آرمی اسٹاف، وزرائے اعلیٰ، متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز آف پولیس نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونے والے گھناؤنے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے حملے کے بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

    وزیراعظم نے کہا اس وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا اور کہا کہ پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے کہا دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے جسے پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی اور ترقی کو روکنے کے لیے آلہ کار بنایا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر دونوں آہنی بھائیوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔

    اجلاس کے شرکاء نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا شرکاء نے سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

    اجلاس کے دوران آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے کہا قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلہ کو کم سمجھا ہے، ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے والا ہر غیر ملکی شہری خصوصاً چینی شہری پاکستان میں محفوظ رہے۔ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔

    اس کے علاوہ شرکاء نے ریاست کو دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی سے جامع طور پر نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے، آرمی چیف

    مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے رحیم یارخان میں شمشیر صحرا مشقوں کا مشاہدہ کیا اور کہا مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یارخان کادورہ کیا ، فیلڈ ایریا پہنچنے پر کورکمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شمشیرصحرامشقوں کامشاہدہ کیا،ا مشقوں کامقصدجنگی ماحول میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری لانا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے مختلف جنگی مشقوں کامشاہدہ کیا ساتھ ہی آرمرڈانفنٹری مشینی دستوں، آرٹلری ، ایئر ڈیفنس اور اینٹی ٹینکس گائیڈڈمیزائل مشقیں دیکھیں۔

    پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی مشقوں میں حصہ لیا، مشق میں الیکٹرانک وارفیئرکی صلاحیتوں اورمعلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا، الیکٹرانک وارفئیر کی مشق دشمن کی مواصلاتی صلاحیتوں،ڈس انفارمیشن مہم کودبانےکے لیے درکار تھی۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشق کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ پورا دن گزارا اور مشق میں شریک فوجیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔

    آرمی چیف نے تربیتی معیار،آپریشنل تیاریوں اورتمام رینک کے اعلیٰ حوصلےکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔

    جنرل سیدعاصم منیر نے واضح کیا کہ مسلح افواج مادر وطن کی علاقائی سالمیت،خودمختاری کےدفاع کیلئے پوری طرح تیارہیں۔

  • آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی آمد

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی آمد

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی جا کر مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات میں شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات میں شرکت کی، چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی، آرمی چیف نے مذہبی برادری کے لیے احترام کا اظہار کیا اور متحد اور ترقی پسند پاکستان کے لیے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے کے لیے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں امن، دوستی کا سبق سکھاتا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے، آرمی چیف نے درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈہ کے بجائے قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں، ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد اور یک جان ہونا پڑے گا۔

    آرمی چیف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 147 ویں یوم پیدائش پر اُن کے عظیم وژن اور قیادت کو شان دار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا کہ ’’آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔‘‘

    آرمی چیف نے تمام شعبوں اور ڈومینز میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

  • پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا، غزہ میں مصائب کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے: آرمی چیف

    پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا، غزہ میں مصائب کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے: آرمی چیف

    واشنگٹن: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا، غزہ میں مصائب کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے، یک طرفہ اقدام کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف تنازعے کی نوعیت تبدیل نہیں کر سکتا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ممتاز امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا ارکان کے ساتھ خصوصی گفتگو کی، آرمی چیف نے بات چیت کے دوران علاقائی سلامتی، بین الاقوامی دہشت گردی اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر پاکستان کا نقطہ نظر اُجاگر کیا۔

    آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ”کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور کوئی بھی یک طرفہ اقدام کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف اس تنازعہ کی نوعیت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔‘‘

    آرمی چیف نے غزہ میں مصائب کے فوری خاتمے، انسانی ہمدردی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کے نفاذ کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا، جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام اور عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کئی دہائیوں سے بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال خدمات اور قربانیاں دی ہیں اور پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان جیو پولیٹیکل اور جیو اکنامک دونوں نقطہ نظر سے اہم ترین ممالک میں سے ہے، پاکستان وسطی ایشیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے، انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا اور تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔ آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان طویل مدتی دوطرفہ تعلقات کے ذریعے امریکا کے ساتھ مضبوط روابط کو وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ امریکا کے دوران سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ آرمی چیف کی بات چیت بہت مثبت رہی، آرمی چیف کی آمد پر پاکستان کے سفیر نے اُن کا استقبال کیا۔

  • پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کا فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرے گی، آرمی چیف

    پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کا فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرے گی، آرمی چیف

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بےلوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں اور غیر قانونی مقیم تارکین وطن کی واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی واقتصادی ترقی کی پیش رفت سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    آرمی چیف نے مختلف کارروائیوں میں بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افسران وجوانوں سے ملاقات کی اور پہلی بار منعقد ہونے والی قومی ورکشاپ این ڈبلیو کے پی ون کے شرکا سے بھی خطاب کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بےلوث ومقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔

    جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے امن واستحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے، کامیابی پاکستان کا مقدر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پُرعزم حمایت کے باعث ہی سماجی واقتصادی ترقی کے منصوبوں پرپیشرفت حاصل ہوئی۔

    آرمی چیف نے کہا کہ غیر قانونی مقیم تارکین وطن ملکی سلامتی اور معیشت کو بُری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ ان کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے اور انہیں طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

  • آرمی چیف بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں لارہے ہیں ، فیصل واوڈا

    آرمی چیف بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں لارہے ہیں ، فیصل واوڈا

    کراچی : سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ جس وقت آرمی چیف نے کمان سنبھالی اس وقت ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہاتھا، ان کی کاوشوں سے بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل حافظ سید عاصم منیر کو افواجِ پاکستان کی قیادت سنبھالے ایک سال مکمل ہوگیا، سابق وزیر فیصل واوڈا نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مہربانی ہےہماراسپہ سالارحافظ قرآن ہے۔

    فیصل واوڈا کا کہناتھا کہ آرمی چیف نیک نیت آدمی ہیں، جس وقت آرمی چیف آئےملک ڈیفالٹ کی طرف جارہاتھا، آرمی چیف بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں لارہےہیں، ان کی کوششوں سےپیٹرول کی قیمتیں ایک سال میں نیچےآئیں۔

    سابق وزیر نے کہا کہ ایک آدمی اگراچھاکام کررہاہےتوسراہناچاہیے، اس وقت پاکستان کےمسائل ختم ہورہےہیں، عوام کوفائدہ ہورہاجوکوئی سیاسی پارٹی نہیں کرسکتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک کسی ایڈونچر کا متحمل نہیں ہوسکتا، آزمائے ہوئے لوگوں کو کیا آزمائیں گے، پہلی دفعہ دیکھ رہےہیں تمام مسالک کے لوگ چیف کے ساتھ لبیک کہہ رہے ہیں۔

  • مشن پر مبنی تربیت ہی میدان جنگ میں بہترین کارکردگی کی ضمانت دے سکتی ہے، آرمی چیف

    مشن پر مبنی تربیت ہی میدان جنگ میں بہترین کارکردگی کی ضمانت دے سکتی ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسٹرائیک کور کے دورے کے دوران کہا کہ مشن پر مبنی تربیت ہی میدان جنگ میں بہترین کارکردگی کی ضمانت دے سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نشان امتیاز (ملٹری) کا اسٹرائیک کور کا دورہ کیا ، آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر منگلا کور نے اُن کا استقبال کیا۔

    دورے کے دوران آرمی چیف نے اسٹرائیک کور کی مشترکہ تربیتی مشق کا مشاہدہ کیا، اس مشق کا مقصد جاری آپریشنل تیاریوں کی توثیق کرنا ہے۔

    آرمی چیف نے جدید ترین VT-4 ٹینکوں سے لیس آرمرڈ فارمیشن کی قیادت میں کی گئی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا اور مشق میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے، آپریشنل کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔

    جنرل سید عاصم منیر نے درپیش چیلنجز کا جواب دینے کے لیے جنگی تیاری اور ذہنی صلاحیت کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا اور تیزی سے بدلتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مختلف ہتھیاروں کے درمیان ہم آہنگی کے حصول کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

    آرمی چیف نے رات کی تاریکی کے دوران آپریشنز میں حاصل ہونے والی مہارت کو بھی سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ”امن کے وقت میں صرف حقیقت پسندانہ، مشن پر مبنی تربیت ہی میدان جنگ میں بہترین کارکردگی کی ضمانت دے سکتی ہے۔