Tag: آرٹیفشل جیولری

  • آرٹیفشل جیولری کتنی خطرناک ہے؟ حیران کن حقائق

    آرٹیفشل جیولری کتنی خطرناک ہے؟ حیران کن حقائق

    مختلف مواقعوں پر سونے اور چاندی سے زیورات کے تحفے ہمارے معاشرے میں عام روایت ہے لیکن مہنگائی کے باعث اس کی جگہ آرٹیفشل جیولری نے لے لی ہے جو خصوصاً بچوں کی صحت کیلئے نقصان دہ ہے۔

    آرٹیفشل جیولری کی تیاری میں جو دھاتیں اور کیمیکل استعمال کیا جاتا ہے وہ انسانی صحت کیلئے مضر ہے اس بات کا انکشاف پی ایچ ڈی کی طالبہ درشہوار اور ایم فل کی طالبہ انعم گل نے ریسرچ کے بعد کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں درشہوار اور انعم گل نے آرٹیفشل جیولری کی تیاری اور اس کے استعمال سے متعلق نقصانات سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ بچوں کی آرٹیفشل جیولری تیار کرنے کیلئے ان میں زہریلی دھاتوں کا استعمال کیا جاتا ہے جس میں بچیوں کی چوڑیاں ہار بریسلیٹ اور بیجز وغیرہ شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ چیزوں کے معیار میں کمی آتی جارہی ہے، ان جیولریز میں ٹاکسک مٹیریل جس میں سیسہ، کیڈ میم اور زنک جیسی دھاتیں استعمال کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بچوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ کھیل کھیل کے دوران ہر چیز کو منہ میں ڈال لیتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    طالبات کا کہنا تھا کہ 5 سال سے کم عمر بچوں کی 26 فیصد اموات مضر اثرات دھاتوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔

  • کراچی آرٹیفشل جیولری مارکیٹ میں رات گئے کسٹم انٹیلیجنس کا چھاپا، کروڑوں کا سامان ضبط

    کراچی آرٹیفشل جیولری مارکیٹ میں رات گئے کسٹم انٹیلیجنس کا چھاپا، کروڑوں کا سامان ضبط

    کراچی: ڈینسو ہال کے قریب آرٹیفشل جیولری مارکیٹ میں کسٹم حکام نے چھاپا مار کر کروڑں روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی کے تجارتی مرکز ڈینسو ہال آرٹفیشل جیولری مارکیٹ میں رات گئے کسٹم انٹلیجنس نے چھاپا مار کر کروڑں روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔

    تاجروں نے کسٹم کے چھاپے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا، کسٹم حکام سے تلخ کلامی اور تاجروں کی مزاحمت کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

    کسٹم اہل کاروں نے رات گئے ڈینسو ہال آرٹفیشل جیولری مارکیٹ کا محاصرہ کیا، کئی دوکانوں اور گوداموں سے متعدد ٹرک بھر کر قیمتی سامان ضبط کر لیا، تاجروں نے الزام لگایا ہے کہ رشوت نہ دینے پر ان کے قانونی مال کو ضبط کرنے کے لیے غیر قانونی چھاپا مارا گیا ہے۔

    دوسری طرف کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی عدالتی حکم پر کی گئی ہے، اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔

    کسٹمز کے چھاپے کے خلاف دکان داروں نے ٹرکوں کے آگے لیٹ کر احتجاج کیا۔ دکان داروں نے کہا ہم نے اپنا سامان امپورٹ کیا ہے، جس کے تمام تر دستاویزات ہمارے پاس موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے دکانوں پر چھاپے مارے جاتے تھے، اب ویئر ہاؤس کو بھی نہیں چھوڑا جا رہا۔

    کسٹم حکام کے چھاپے کے دوران کچھ دیر کے لیے صورت حال کشیدہ ہوگئی، تاہم بعد ازاں کسٹم حکام مختلف ویئر ہاؤسز سے سامان ضبط کر کے واپس چلے گئے۔

    کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ تاجروں کی طرف سے کچھ سامان کے دستاویزات دکھائے گئے لیکن کچھ سامان کے کاغذات وہ پیش کرنے سے قاصر رہے، جس پر وہی سامان ضبط کیا گیا، اگر اس کے کاغذات بھی پیش کر دیے گئے تو دکان داروں کو ان کا سامان واپس کر دیا جائے گا۔