Tag: آرٹیفیشل انٹیلیجنس

  • بچوں میں اے آئی کے استعمال میں اضافہ

    بچوں میں اے آئی کے استعمال میں اضافہ

    کیسپرسکی نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ بچوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    کیسپرسکی کی جانب سے بچوں کی ڈیجیٹل دل چسپیوں پر اپنی سالانہ تجزیاتی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں مئی 2024 سے اپریل 2025 کے عرصے کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے چلنے والے چیٹ بوٹس میں بچوں کی بڑھتی ہوئی دل چسپی کو ظاہر کیا گیا ہے، تاہم یوٹیوب عالمی سطح پر بچوں کے درمیان سب سے زیادہ مقبول ایپ بنی ہوئی ہے، جب کہ واٹس ایپ نے ٹِک ٹاک کو پیچھے چھوڑ کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

    حالیہ مطالعات سے پتا چلتا ہے کہ 8 سے 10 سال کی عمر کے بچے روزانہ اوسطاً 6 گھنٹے اسکرین پر گزارتے ہیں، جب کہ 11 سے 14 سال کی عمر کے بچے اوسطاً 9 گھنٹے روزانہ آن لائن گزارتے ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول اینڈرائیڈ ایپس میں سے ٹاپ 5 میں یوٹیوب، وٹس ایپ، ٹک ٹاک، انسٹا گرام اور روبلوکس ہیں، تاہم کریکٹر ڈاٹ اے آئی بھی 13 ویں نمبر پر موجود ہے۔

    اس سال کی رپورٹ میں کیسپرسکی نے مصنوعی ذہانت کے آلات (اے آئی) میں دل چسپی کا اضافہ پایا، اگرچہ 2023-2024 کے دورانیے میں 20 سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپلی کیشنز میں کوئی بھی AI ایپس نظر نہیں آئیں، تاہم ‘Character.AI اب اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بچے نہ صرف اے آئی کے بارے میں متجسس ہیں بلکہ اسے فعال طور پر اپنی ڈیجیٹل زندگیوں میں ضم کر رہے ہیں۔

    بچوں کے درمیان سب سے عام آن لائن سرگرمی گوگل پر اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی تلاش تھی، تمام سوالات میں سے تقریباً 18 فی صد ویڈیوز دیکھنے سے متعلق تھے، یوٹیوب واضح پسندیدہ اینڈرائیڈ ایپ بنی ہوئی ہے، جو پچھلے سال کے دوران 28.13 فی صد سے بڑھ کر 29.77 فی صد ہو گئی ہے۔ جب کہ اسنیپ چیٹ اور فیس بک میں مسلسل کمی واقع ہوئی۔ یہ تبدیلی کمیونیکیشن کی بدلتی ہوئی عادات کی عکاسی کر سکتی ہے، کیوں کہ بچے دوستوں کے ساتھ لنکس، میمز اور مختصر ویڈیوز شیئر کرنے کے لیے زیادہ کثرت سے چیٹ ایپس کا استعمال کر رہے ہیں۔

    کیسپرسکی میں پرائیویسی ایکسپرٹ اینا لارکینا کے مطابق اس سال کے رجحانات یہ بتاتے ہیں کہ بچوں کے ڈیجیٹل رجحانات میں کتنی تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے، ایک دن وہ اے آئی بوٹس کے ساتھ چیٹ کر رہے ہیں، اور اگلے دن وہ سب ایک اطالوی میمی گانا گا رہے ہیں جس کے بارے میں آپ نے کبھی نہیں سنا ہوگا۔

  • شمالی کوریا کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے حملہ کرنے والے ڈرونز کا تجربہ

    شمالی کوریا کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے حملہ کرنے والے ڈرونز کا تجربہ

    شمالی کوریا کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے حملہ کرنے والے ڈرونز کا تجربہ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمال کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے بغیر پائلٹ طیاروں اور ڈرونز کی پیداوار بڑھانے کا بھی اعلان کردیا۔

    جنوبی کوریا کے فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے مصنوعی ذہانت سے کیے گئے ڈرونز پر مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

    قبل ازیں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کی عوام کیلیے نایاب نسل کے 70 جانور دارالحکومت پیانگ یانگ بھیجے تھے۔

    روئٹرز کے مطابق پیانگ یانگ کے چڑیا گھر بھیجے گئے جانوروں میں ایک افریقی شیر اور دو بھورے ریچھ بھی شامل ہیں۔ روسی حکومت نے کہا کہ یہ جانور صدر ولادیمیر پیوٹن کی طرف سے شمالی کوریا کے عوام کیلیے تحفہ ہے۔

    روس کے قدرتی وسائل کے وزیر الیگزینڈر کوزلوف نے جانوروں کی ماسکو سے شمالی کوریا کے چڑیا گھر منتقلی کی نگرانی کی۔ جانوروں کو ہوائی جہاز کے ذریعے منتقل کیا گیا جس میں ڈاکٹر بھی موجود تھے۔

    ماسکو کی طرف سے شائع کی گئی تصاویر میں ایک خوبصورت سفید طوطے کو پنجرے میں سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ وزیر الیگزینڈر کوزلوف مقامی حکام کے ہمراہ چڑیا گھر کا دورہ کرتے ہوئے نظر آئے۔

    یاد رہے کہ روس نے گزشتہ سال اپریل میں بھی شمالی کوریا کو عقاب اور طوطے سمیت متعدد پرندے تحفے میں بھیجے تھے۔

    شمالی کوریا کے فوجی ’غائب‘ ہو گئے

    شمالی کوریا اور روس کے درمیان اس وقت سے قریبی تعلقات ہیں جب پیوٹن نے جون میں ملک کا دورہ کیا تھا اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کیے تھے۔

  • آئیڈیاز 2024: جدید ترین ڈاگ روبوٹ نے سب کو حیران کردیا

    آئیڈیاز 2024: جدید ترین ڈاگ روبوٹ نے سب کو حیران کردیا

    آئیڈیاز نمائش میں جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی خصوصیات رکھنے والے ڈاگ روبوٹ نے سب کو حیران کر دیا۔

    دور جدید میں یوں تو ہر ایجاد ہی کمال لگتی ہے لیکن بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز میں میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپویشن (این آر ٹی سی) کے اسٹال پر موجود معصوم ڈاگ روبوٹ نے اپنے مخصوص انداز دکھا کر سب کو حیران کردیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معصوم حرکتیں کرنے والا درحقیقت ایک خطرناک روبوٹ ہے، اس جدید ٹیکنالوجی سے دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔

    اس روبوٹ کو ’ڈاگ روبوٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، اس روبوٹ میں کیمرہ اور ریڈار سسٹم موجود ہے جسے ریموٹ کنٹرول سے آپریٹ کیا جاتا ہے، اس روبوٹ کی رینج 500 میٹر تک ہے اس میں ایک کُتے جیسی تمام خصوصیات موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ این آر ٹی سی پاکستان کی دفاعی صنعت جدید ٹیکنالوجیز کی مدد سے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مذید مستحکم کرہی رہی ہے۔

  • آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے کتنی بولی لگائی گئی؟

    آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے کتنی بولی لگائی گئی؟

    انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستان کے موجودہ سپراسٹار کرکٹرز کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے بولی لگائی گئی ہے۔

    بھارتی ویب سائٹ نے اس حوالے سے رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق اے آئی کی مدد سے جب انڈیم پریمیئر لیگ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کی بولی لگائی گئی توپاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ممکنہ طور پر سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے اور ان کی قیمت 15 کروڑ بھارتی روپے مقرر کی گئی۔

    اے آئی پروگرام میں مزید پاکستانی کرکٹرز کی موجودہ قدر جانچی گئی اور آئی پی ایل کے معاوضے کے حوالے سے استفسار کیا گیا تو اے آئی نے بابراعظم کی بھی اچھی بولی لگائی اور وہ 12 کروڑ بھارتی روپے میں بکے۔

    اس کے علاوہ محمد رضوان اور حارث رؤف کے لیے 10 10 کروڑ، شاداب خان 8 کروڑ، فخر زمان 6 کروڑ اور امام الحق کو 3 کروڑ بھارتی روپے کی بولی لگائی گئی۔

    خیال رہے کہ آئی پی ایل کا پہلا ایڈیشن 2008 میں ہوا تھا جس میں میں پاکستانی کرکٹرز بھی شریک ہوئے تھے، اس ایونٹ کے پہلے ایڈیشن کے علاوہ پاکستانی کرکٹرز نے ابتک دوبارہ کسی سیزن میں آئی پی ایل نہیں کھیلی۔

    2008 میں ہونے والے پہلے ایڈیشن میں شاہد آفریدی، سہیل تنویر، سلمان بٹ، شعیب اختر، مصباح الحق سمیت کئی اسٹار شریک ہوئے تھے، بعدازاں ممبئی حملوں کو جواز بناکر بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی پلئیرز پر پابندی عائد کردی تھی۔

  • ویڈیو رپورٹ: اے آئی چالان سسٹم سے محروم شہر، جہاں پولیس ٹولیوں کی شکل میں چالان کرتی ہے

    ویڈیو رپورٹ: اے آئی چالان سسٹم سے محروم شہر، جہاں پولیس ٹولیوں کی شکل میں چالان کرتی ہے

    کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہونے کے باوجود اب تک ٹریفک چالان کے جدید نظام سے محروم ہے۔

    لاہور میں گاڑیوں کا چالان اب آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے کیا جائے گا، چالان کے اس طریقہ کار میں کسی اہلکار کی ضرورت نہیں ہوتی، اس جدید سسٹم کو دبئی طرز پر نافذ کیا جا رہا ہے۔

    لیکن پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی، جہاں 70 لاکھ سے زائد موٹر سائکلیں اور لاکھوں گاڑیاں سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں، ہر وقت ٹریفک کے سنگین مسائل کا شکار ہے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جدید چالان کے نظام سے اب تک محروم ہے، شہر بھر میں اب بھی ٹریفک پولیس ٹولیوں کی شکل میں چالان کرتی نظر آتی ہے۔

    لاہور میں 2016 سے کیمروں کے ذریعے سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان متعارف کیا گیا تھا، پنجاب پولیس نے حال ہی میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے چالان کرنے کا نظام متعارف کرایا ہے۔

    پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کے مطابق یہ جدید نظام سڑکوں پر موٹر سائکلوں پر ٹرپل سواریوں سے لے کر ہر طرح کی خلاف ورزیوں پر چالان کر سکے گا۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کیمروں کے ذریعے چالان کا نظام رائج ہے۔

    ویڈیو رپورٹ: روزانہ 3 افراد ہیوی کمرشل گاڑیوں سے حادثاتی موت کا شکار ہو رہے ہیں

    ڈی آی جی ٹریفک کراچی احد نواز چیمہ نے بتایا کہ گزشتہ برس ٹریفک پولیس نے کیمرے کے ذریعے چالان کا کنٹریکٹ دینے کی کوشش کی تھی لیکن لیکن فنڈز کی کمی کی وجہ سے وہ کنٹریکٹ ایوارڈ نہیں ہو سکا۔ ہمیں امید ہے کہ اس سال کراچی میں کیمروں کے ذریعے چالان کا نظام شروع کر دیا جائے گا۔

  • مصنوعی ذہانت سے تیار جعلی ویڈیوز اور تصاویر کی شناخت کرنا آسان

    مصنوعی ذہانت سے تیار جعلی ویڈیوز اور تصاویر کی شناخت کرنا آسان

    آج کل آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) یا مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز ان‍ٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہیں جنہیں مختلف منفی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

    گزشتہ دنوں ایسی کئی تصاویر اور ویڈیوز دنیا بھر میں وائرل ہوئی ہیں، ان جعلی تصاویر اور ویڈیوز کو کیسے پہچانا جائے؟ یہ ایک اہم مسئلہ ہے۔

    زیر نظر مضمون میں چند ایسی تجاویز پیش کی جارہی ہیں جن پر عمل کرکے آپ باآسانی ایسی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کا حقیقی تصاویر سے موازنہ کرکے فرق محسوس کرسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایسی تصویر خصوصاً انسانی تصویر میں اس کے ہاتھ کی انگلیوں کو زوم کرکے غور سے دیکھیں کہ کہیں انگلیوں کی تعداد زیادہ یا کم تو نہیں اس کے علاوہ چہرے کے اعضاء کی بناوٹ میں کوئی جھول یا لچک تو نظر نہیں آرہا۔

    تصویر

    لیٹنٹ اسپیس ایڈوائزری کے بانی اور جنریٹو اے آئی کے سرکردہ ماہر ہینری ایجڈر نے بتایا کہ تصویر میں شخص کے سائے اور روشنیوں میں ہم آہنگی کو بھی مد نظر رکھیں، اکثر تصاویر میں نظر آنے والا شخص واضح فوکس میں ہوتا ہے اور کافی حد تک اصلی دکھائی دیتا ہے۔

    اس کے علاوہ ویڈیو کو دیکھتے ہوئے اس بات پر گہری نگاہ رکھیں کہ اس میں موجود افراد کی آنکھوں کی حرکات و سکنات اور خصوصاً پلک جھپکنا کہیں غیر فطری تو نہیں کیونکہ اس طرح کی اے آئی ویڈیوز میں عموماً چہرے اور جلد پر ایک عجیب و غریب سی چمک نمایاں ہوتی ہے، اسی طرح عینک کے غیرمتوازن لینس کو بھی دیکھیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ اے آئی سے تیار کردہ تصاویر میں تضادات دکھنا کوئی نئی بات نہیں ہے، ہاتھ بہت چھوٹے یا انگلیاں بہت لمبی ہوسکتی ہیں یا سر اور پاؤں باقی جسم سے میل نہیں کھاتے۔

    روسی صدر

    گزشتہ دنوں وائرل ہونے والی ایک جعلی تصویر میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی گرفتاری یا جنرل موٹرز کی سی ای او میری بارا اور ایلون مسک کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ کئی مثالوں میں سے فقط دو ہیں۔ انٹرنیٹ پر ایسی کئی مثالیں موجود ہیں۔ تصویر میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی جعلی تصویر ہے۔

    ایلون مسک

    کسی تصویر کا پس منظر اکثر یہ ظاہر کر سکتا ہے کہ آیا اس میں ہیرا پھیری کی گئی ہے یا نہیں۔ کچھ کیسز میں اے آئی پروگرامز لوگوں اور اشیا کو دو بار استعمال کرتے ہیں اس لیے اے آئی سے بنی تصاویر کا پس منظر دھندلا ہو سکتا ہے۔

    اے آئی کی مدد سے بنائی گئی صرف لوگوں کی تصاویر ہی غلط فہمی کا باعث نہیں بنتیں بلکہ ایسے واقعات اور حادثات کی تصاویر بھی سامنے آئے ہیں جو کبھی رونما ہی نہیں ہوئے۔

  • اے آئی کی مدد سے تھرڈ ورلڈ کنٹری میں ادویاتی تحقیق میں بہتری آئی، نگراں وزیر صحت

    اے آئی کی مدد سے تھرڈ ورلڈ کنٹری میں ادویاتی تحقیق میں بہتری آئی، نگراں وزیر صحت

    کراچی: نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے تھرڈ ورلڈ کنٹری میں تحقیقی شعبہ بالخصوص ادویاتی تحقیق میں بہت بہتری اور تیزی آئی ہے، مصنوعی زہانت اے آئی سے بہت کچھ بدل رہا ہے۔

    انھوں نے یہ گفتگو گزشتہ روز بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی میں آٹھویں بین الاقوامی مالیکیولر ادویات اور منشیات کی تحقیق کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کی، اس تقریب میں 30 سے زائد ممالک کے طلبہ اور ریسرچرز بھی موجود تھے۔

    انھوں نے کہا ادویات کی ریسرچ پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، ہم گیسٹروانٹرولوجی میں انڈو اسکوپی پر بھی کام کر رہے ہیں، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے کے لیے جو کچھ ہو سکا کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈی این اے ہیلتھ سے متعلق اور مالیکیولر میڈیسن سے متعلق بین الاقوامی محققین کا کام قابل تعریف ہے، ہمیں اپنے ریسرچ سینٹرز کو بین الاقوامی طرز پر لانےکے لیے بین الاقوامی محققین کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ انھیں تقریب میں شرکت کرکے انتہائی خوشی ہوئی ہے، بین الاقوامی محققین کو پاکستان مدعو کرنا تحقیقی کام میں مثبت کردار ادا کرتا ہے، بین الاقوامی محققین سے مل کر خوشی ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عطا الرحمٰن کی علمی و تحقیقی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں اور ان کا مجھے سر کہہ کر مخاطب کرنا میرے لیے باعث شرم ہے۔

    تقریب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی، پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن، نادرہ پنجوانی، عزیز لطیف جمال، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم اور ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس پروفیسر فرزانہ شاہین نے بھی خطاب کیا۔

  • دنیا کے امیر ترین افراد اگر غریب ہوتے تو کیسے نظر آتے؟

    دنیا کے امیر ترین افراد اگر غریب ہوتے تو کیسے نظر آتے؟

    اے آئی کی مدد سے ایڈٹ شدہ تصاویر وائرل ہورہی جس میں دیکھا گیا کہ دنیا کے امیر ترین شخصیات اگر  وہ غریب ہوتے تو کیسے نظر آتے۔

    آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) یعنی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی جب سے مقبول ہوئی ہے تب سے سوشل میڈیا پر آئے روز دلچسپ تصاویر دیکھنے کو ملتی ہیں جو کہ اے آئی کی مدد سے ایڈٹ کی جاتی ہیں۔

    ایسی ہی کچھ تصاویر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل ہیں جس میں گوکُل پلائی نامی ایک ماہر آرٹیفیشل انٹیلیجنس حیران کن تصاویر شیئر کی ہے۔

     گوکُل پلائی نے انسٹاگرام پر دنیا کے ارب پتی شحصیات کی ایڈٹ شدہ تصاویر شیئر کی ہیں کہ اگر وہ غریب ہوتے تو کیسے نظر آتے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Gokul Pillai (@withgokul)

    انسٹاگرام پوسٹ کی سب سے پہلی تصویر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہے جو کچی آبادی کے باہر بنیان اور ٹراؤزر پہنے کھڑے ہیں۔

    دوسری تصویر میں مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کی امیر ترین شخصیات میں سے ایک بل گیٹس کھڑے ہیں جنہوں نے صرف دھوتی پہنی ہوئی ہے۔

    تیسرے تصویر میں بھارت کے سب سے امیر شخص مکیش امبانی کھڑے ہیں جو کچی آبادی کے باہر میلی کچیلی ٹی شرٹ، ٹراؤزر اور چپل پہنے ہوئے ہیں۔

    چوتھی تصویر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ موجود ہیں جو میلی ٹی شرٹ اور شارٹ میں مبلوس ہیں اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی دنیا میں کچی آبادی کے باہر موجود ہیں۔

    پانچویں تصویر مشہور امریکی ارب پتی بزنس مین وارن بفیٹ کی ہے جو ایک گندی شرٹ اور پینٹ میں ملبوس ہیں اور عینک پہنے ہوئے ہیں۔

    چھٹی تصویر میں ایمیزون کے مالک اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک جیف بیزوز ہیں جو بنیان پہنے اور ٹراؤزر کی جیب میں ہاتھ ڈالے کچی آبادی کے باہر کھڑے ہیں۔

    سب سے آخر میں دنیا کے سب سے امیر شخص، خلائی کمپنی اسپیس ایکس اور گاڑیوں کی کپمنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی تصویر لگائی ہے جس میں وہ جینز کی پینٹ اور مٹی آلود ٹی شرٹ پہنے ہوئے پوز بنا رہے ہیں اور مسکرا رہے ہیں۔

  • کھیلنے کے لیے دوستوں کی ضرورت باقی نہیں رہی

    کھیلنے کے لیے دوستوں کی ضرورت باقی نہیں رہی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ایسا روبوٹ بنایا گیا ہے جو انسانوں کے ساتھ بیڈمنٹن کھیل سکتا ہے۔

    گجرات سائنس سٹی، احمد آباد میں شوٹ کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک روبوٹ اور ایک شخص بیڈ منٹن کھیل رہے ہیں۔

    یہ روبوٹ مصنوعی ذہانت کے تحت تیار کیا گیا ہے جو بیڈ منٹن کھیل سکتا ہے۔

    روبوٹ کے مشینی ہاتھ میں بیڈمنٹن کا ریکٹ ہے، مشینی آنکھیں شٹل کاک کی طرف متوجہ ہیں جبکہ سینسرز کی مدد سے روبوٹ بیڈمنٹن کورٹ میں حرکت کر رہا ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا، بعض افراد کا کہنا تھا کہ جب انہیں کھیلنے کے لیے کوئی دوست نہ میسر ہو تو ایسے وقت میں یہ روبوٹ کام آئے گا۔