Tag: آرگنائزڈ کرائم یونٹ

  • لاہور : خطرناک اجرتی قاتل اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور : خطرناک اجرتی قاتل اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور : آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن اور مسلح ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے اس دوران انتہائی خطرناک شوٹر اور اجرتی قاتل اعظم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز لاہور کے نمائندے خواجہ رمضان کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کا عملہ اجرتی قاتل ملزم اعظم کو ساتھیوں کی گرفتاری اور آلہ قتل کی برآمدگی کیلئے کاہنہ لے کر جارہا تھا۔

    ڈی ایس پی او سی یو ماڈل ٹاؤن کے مطابق نامعلوم ملزمان نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے اجرتی قاتل اعظم شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا جارہا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم قتل، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین اور خطرناک وارداتوں میں ملوث تھا
    ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے۔

    ہلاک ہونے والے اجرتی قاتل کے ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی 6 نومبر کو لاہور میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ ڈیفنس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا میں اجرتی قاتل محمد ریاض اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم ریکوری کے لیے لے جاتے ہوئے چھڑانے کی کوشش کے دوران گولیاں لگنے سے ہلاک ہوا۔

  • امیر بالاج قتل کیس: آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ملک سہیل کو گرفتار کرلیا

    امیر بالاج قتل کیس: آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ملک سہیل کو گرفتار کرلیا

    لاہور: امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں ایک اور اہم پیشرفت سامنے آگئی، آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ملک سہیل کو گرفتار کرلیا۔

    امیر بالاج ٹیپو کے ہائی پروفائل قتل کیس میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی جانب سے اہم ملزم ملک سہیل کو حراست میں لے لیا ہے۔ ملک سہیل نے احسن شاہ کی ملاقات طیفی بٹ سے کرائی تھی۔

    ملک سہیل احسن شاہ کو کلمہ چوک سے طیفی بٹ کے گھر اپنی کارمیں لے کرگیا۔ احسن شاہ نے ملاقات پر جاتے ہوئے اپنا موبائل فون بند کردیا تھا۔

    تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ احسن شاہ اپنا چہرہ چادر سے ڈھانپ کر ملاقات پرگیا۔ ملک سہیل نے احسن شاہ کی طیفی بٹ سے پہلی ملاقات جنوری میں کرائی۔

    ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کی احسن شاہ سے 7 سے 8 ملاقاتیں ہوئیں۔ طیفی بٹ سے 4 سے 5 ملاقاتوں میں ملک سہیل احسن شاہ کے ساتھ تھا۔

    واضح رہے کہ تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج کے قتل میں اس کا دوست احسن شاہ ملوث نکلا تھا، پولیس نے احسن سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    امیر بالاج ٹیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھا، وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کرکے امیر بالاج سمیت تین افراد کو شدید زخمی کردیا تھا۔

    پولیس کے مطابق امیر بالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول امیر بالاج ٹیپوکے محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی موقع پر مارا گیا تھا۔