Tag: آزادی کا جشن

  • کراچی ٹریفک پولیس نے آزادی کا جشن کس طرح منایا؟

    کراچی ٹریفک پولیس نے آزادی کا جشن کس طرح منایا؟

    ٹریفک پولیس کا ماننا ہے کہ ہمارا ملک بہت مضبوط ہے، یہ آگے بھی بہت ترقی کرے گا، ہمیں جو آزادی ملی ہے اس میں بہت سے قربانیاں شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یوم آزادی پر مادر وطن سے محبت کا اظہار کرنے کےلیے کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار نے سبز ہلالی پرچم لیے کاروں اور موٹرسائیکلوں پر سوار ہوکر شہر کی سڑکوں پر ریلی کی شکل میں پیٹرولنگ کی اور جشن آزادی کا لطف دوبالا کیا۔

    یوم آزادی پر اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے لیڈی ٹریفک وارڈن نے کہا کہ بہت اچھا محسوس ہورہا ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں جو بھی پاکستان میں رہتا ہے اسے یہی احساس ہوتا ہے۔

    مرد ٹریفک پولیس اہلکار نے کہا کہ بہت اچھا لگ رہا ہے، ہم جشن آزادی کے موقع پر تمام پاکستانیوں کی خوشی میں اکھٹے ہیں ان کے ساتھ شریک ہیں۔

    ایک اور لیڈی پولیس اہلکار کا عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر آپ قانون کی پابندی کریں گے تو جو لوگوں کو ٹریفک پولیس سے شکایت ہے کہ یہ چالان کردیتے ہیں اس چیز سے عوام کو ریلیف مل جائے گا۔

    سینئر ٹریفک پولیس اہلکار نے کہا کہ میں یہی پیغام دوں گا کہ اپنے ملک سے محبت کریں اور مخلص رہیں، ٹریفک کے قوانین کی پابندی کریں اور ہیلمٹ پہنیں اور روڈ سیفٹی کا خیال کریں جبکہ ڈرائیونگ لائسنس بھی ساتھ رکھیں۔

  • یکم جولائی 1948ء: جب شاہانہ انداز میں بگھی میں سوار قائدِ اعظم ایک غیرمعمولی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے!

    یکم جولائی 1948ء: جب شاہانہ انداز میں بگھی میں سوار قائدِ اعظم ایک غیرمعمولی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے!

    29 جون 1948ء کو صبح، دس بجے کا وقت تھا جب قائدِ اعظم کا طیّارہ ماری پور کے ہوائی اڈّے پر اترا۔ وہ کوئٹہ سے جس مقصد کے لیے کراچی آئے تھے، وہ غیرمعمولی اہمیت کا حامل تھا۔

    ہوائی اڈّے پر وزیرِ اعظم پاکستان، کابینہ کے وزرا سمیت اعلیٰ حکومتی عہدے داروں نے ان کا استقبال کیا۔ دراصل بانیِ پاکستان کو ایک افتتاحی تقریب میں‌ شرکت کرنا تھا۔ یہ تقریب ایک منتظم اور سربراہِ مملکت کی حیثیت سے پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے قائد کے منصوبے کی تکمیل کے لیے منعقد کی جارہی تھی۔

    یکم جولائی کو منعقدہ اس تقریب میں شرکت کے لیے قائدِ اعظم گورنر جنرل ہائوس سے ایک بگھی میں سوار ہوکر پہنچے تھے۔ اس بگھی کے آگے چھے گھوڑے جتے ہوئے تھے جن کے ساتھ شوخ سرخ رنگ کی وردیوں میں ملبوس محافظ دستہ اور مستعدینِ رکاب نظر آتے تھے۔

    قائدِ اعظم نہایت باوقار اور شاہانہ انداز میں اپنی منزل تک پہنچے۔ دنیا نے دیکھا کہ عزم و ہمّت کے پیکر، پختہ ارادے کے ارادے کے مالک محمد علی جناح کی مدبّرانہ قیادت، فہم و فراست اور دور اندیشی نے اس روز پاکستان کی آزاد معیشت کے خواب کو عملی شکل دی اور اسٹیٹ بینک کی عمارت کا افتتاح کیا۔

    قیامِ پاکستان کے فوراً بعد قائدِ اعظم اور حکومت نے جن بے شمار انتظامی مسائل سے نمٹنے کے لیے دن رات ایک کردیا تھا، ان میں ایک بڑا مسئلہ بینکاری بھی تھا۔ تاہم تقسیم کے فوراً بعد ہی قائدِاعظم کی ہدایت پر قومی مالیاتی ادارے کے قیام کی منصوبہ بندی شروع کردی گئی تھی اور 10 مئی 1948ء کو قائدِ اعظم نے سربراہِ مملکت کے طور پر اسٹیٹ بنک آف پاکستان کو افتتاح کے ساتھ ہی فعال و کار گزار بنانے کا حکم جاری کیا اور یکم جولائی کو نئی مملکت کی آزاد معیشت کی داغ بیل ڈال دی گئی۔

    اس عظیم الشّان اور اہم و یادگار تقریب کے موقع بانی پاکستان نے کراچی میں‌ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے تاریخی تقریر فرمائی، اس تقریب میں مسلم ممالک کے نمائندے، دولتِ مشترکہ کے ارکان، امریکا اور روس کے سفیر اور متعدد ممالک کے صنعت و تجارت سے وابستہ اراکین بھی موجود تھے۔

    قائدِ اعظم نے اپنی تقریر میں پاکستانی معیشت کے لیے اسلامی پہلوؤں کو پیشِ نظر رکھنے اور ایسے معاشرے کے قیام میں مددگار بننے پر زور دیا جو سب کے لیے سود مند ثابت ہو اور ایک مثالی اقتصادی نظام پیش کرے۔