Tag: آزاد کشمیر

  • تمام تعلیمی ادارے 5 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان

    تمام تعلیمی ادارے 5 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان

    مظفر آباد : موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے 5 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے شدید سیلابی الرٹ کے پیشِ نظر تمام تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو 19 سے 23 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کا مقصد طلبا اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے کیونکہ خطے میں مسلسل اور متوقع شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمے نے خبردار کیا کہ ان حالات کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے امکانات زیادہ ہیں۔

    اسلام آباد اور پنجاب

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارشیں اور گرج چمک متوقع ہیں۔

    پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں شہری سیلاب (Urban Flooding) کے امکانات ہیں۔

    ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر اور ساہیوال میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی جبکہ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    خیبر پختونخوا

    خیبر پختونخوا کے شمالی اور بالائی اضلاع سوات، بونیر، شانگلہ، دیر، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد اور مالاکنڈ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    پشاور ویلی (پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی) میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، کرک اور کوہاٹ میں کہیں کہیں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات

  • آزاد کشمیر کے رتی گلی میں پھنسے 700 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا

    آزاد کشمیر کے رتی گلی میں پھنسے 700 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا

    نیلم: : آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں رتی گلی میں پھنسے 700 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں رتی گلی کے مقام پر پھنسے 700 سے زائد سیاحوں کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نیلم نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن صبح 7 بجے شروع ہوا جو دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر مکمل کیا گیا۔

    ریسکیو کے دوران 14 کلومیٹر طویل راستے میں تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر سڑک بہہ گئی تھی، تاہم پاک فوج اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ایم اے) کے تعاون سے فوری اقدامات کیے گئے۔

    آپریشن میں 98 گاڑیاں اور 700 سے زائد سیاح محفوظ مقام تک پہنچا دیے گئے۔

    ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ علاقے میں میڈیکل کیمپ قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو کیے گئے تمام سیاحوں کو ان کے متعلقہ علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔

    کامیاب آپریشن میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹورازم پولیس، ٹریفک پولیس، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور مقامی افراد نے حصہ لیا۔

  • تعلیمی ادارے مزید دو دن بند رکھنے کا اعلان

    تعلیمی ادارے مزید دو دن بند رکھنے کا اعلان

    (15 اگست 2025): آزادکشمیر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی کے باعث تعلیمی ادارے 2 دن تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 15 اگست 2025 سے 2 دن کیلئے بند رہے گی، آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اور 16 اگست کو آزاد کشمیر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، فیصلے کا مقصد طلبہ و اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ یہ تعطیلات موسم کی خراب صورتحال کے باعث ندیوں اور نالوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر جاری کی گئی ہیں۔

    اس سے قبل ضلع پونجھ کی محکمہ تعلیم نے اعلان کیا تھا کہ موسم کی شدید صورتحال کی وجہ سے تمام تعلیمی ادارے 15 اگست کو بند رہیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/cloudburst-wreaks-havoc-in-kashmir-46-dead/

    اسسٹنٹ کمشنر حویلی سرفراز شاد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’خراب موسمی حالات اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 15 اگست کو وادی جہلم میں بھی تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔‘‘

    واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے یہ اعلان آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس سے متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، پل اکھڑ گئے، سڑکوں کے رابطے منقطع ہو گئے اور مکانات تباہ ہو گئے ہیں جبکہ جانی نقصان بھی ہوا ہے۔

  • آزاد کشمیر :  علاقہ مکینوں  پر حملے کرنے والے خونخوار تیندوے کو مار دیا گیا

    آزاد کشمیر : علاقہ مکینوں پر حملے کرنے والے خونخوار تیندوے کو مار دیا گیا

    مظفرآباد : آزاد کشمیر  میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع گاؤں میں علاقہ مکینوں پر حملے کرنے والے تیندوے کو مار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع گاؤں پنڈو میں علاقہ مکینوں پر حملے کرنے والے تیندوے کو مار دیا گیا۔

    ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین نے بتایا کہ 2روز قبل خونخوار تیندوا 8 سالہ بچی کو گھر کے صحن سے اٹھا کر لیا گیا تھا اور بچی کی لاش کھیتوں سے ملی تھی۔

    مرزا زاہد حسین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی تیندوے کے حملےمیں نوجوان زخمی ہواتھا ، آج بھی خونخوارتیندواآبادی میں گھس آیا تھا۔

    مزید پڑھیں : آزاد کشمیر: خونخوار تیندوا 8 سالہ بچی کو گھر سے اٹھا لے گیا

    یاد رہے آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا میں لائن آف کنٹرول کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا ، پائل کے علاقے میں ایک تیندوا اچانک آبادی میں داخل ہوکر بچی کو اٹھالے گیا تھا۔

    ایس ایس پی مرزا کا کہنا تھا کہ گھر والے کھیتوں اور جنگل میں بچی کو ڈھونڈتے رہے لیکن بچی کا کوئی سراغ نہ ملا بعدازاں 8 سالہ بچی تین گھنٹے کے بعد جھاڑیوں سے مردہ حالت میں ملی ، بچی کی گردن پر گہرے زخم اور خون چوسنے کے واضح نشانات تھے۔

  • آزاد کشمیر: خونخوار تیندوا 8 سالہ بچی کو گھر سے اٹھا لے گیا

    آزاد کشمیر: خونخوار تیندوا 8 سالہ بچی کو گھر سے اٹھا لے گیا

    (27 جولائی 2025): آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب تیندوا ایک گھر پر حملہ کرکے بچی کو اٹھالے گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا میں لائن آف کنٹرول کے قریب پیش آیا ہے پائل کے علاقے میں ایک تیندوا اچانک آبادی میں داخل ہوکر بچی کو اٹھالے گیا بعدازاں بچی کی لاش ملی۔

    ایس ایس پی مرزا کے مطابق تین گھنٹے بعد بچی کی لاش ایک کھیت کی جھاڑیوں سے برآمد ہوئی، بچی کی گردن پر گہرے زخم اور خون چوسنے کے واضح نشانات تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ گھر والے کھیتوں اور جنگل میں بچی کو ڈھونڈتے رہے لیکن بچی کا کوئی سراغ نہ ملا بعدازاں 8 سالہ بچی تین گھنٹے کے بعد جھاڑیوں سے مردہ حالت میں ملی۔

    پولیس حکام کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ یہ دلخراش واقعہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع گاؤں پنڈو نالہ میں پیش آیا، یہ گاؤں چناری سے تقریباً 15 کلومیٹر اور مظفرآباد سے 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/1-year-old-bites-cobra-snake-to-death-in-bihar-village-26-july-2025/

  • مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچادی

    مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچادی

    مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارلحکومت کلاؤڈ برسٹ نےتباہی مچادی، گوہرآباد میں متعدد مکانات اور املاک کونقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیرمیں بھی بارشوں سے نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا، مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ نےتباہی مچادی۔

    گوہرآباد میں متعدد مکانات اور املاک کونقصان پہنچا، سڑکیں اورگلیاں زیرِآب آگئیں جبکہ رجنوں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے اور شاہراہ لیپہ لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہوگئی۔

    اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز سعید قریشی کے مطابق رات بھر ہونے والی شدید بارش اور 3:45 بجے کے قریب بادل پھٹنے سے گوہر آباد نالے میں پانی کا اچانک اضافہ ہوا، جس سے ملحقہ رہائشی علاقے زیرآب آگئے اور بھاری ملبے کی وجہ سے چار لنک سڑکیں مکمل طور پر بند ہوگئیں۔

    آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی ہدایت پر مظفرآباد کے ڈویژنل کمشنر چوہدری گفتار حسین اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس یاسین قریشی نے متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

    کمشنر حسین نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نقصانات کا تخمینہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ بروقت معاوضہ اور بحالی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مکینوں کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں کسی صورت نہیں چھوڑے گی اور ان کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

    مزید بارشوں کی پیشین گوئی کے پیش نظر، کمشنر نے شہریوں سے خاص طور پر ندیوں اور نالہوں کے کنارے رہنے والوں پر زور دیا کہ وہ مون سون کے دوران محفوظ علاقوں میں منتقل ہوجائیں۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلا ئیڈنگ کی صورتحال پیداہوگئی ہے، چلاس،ہنزہ اوردیامر میں شاہراہ قراقرم سمیت کئی سڑکیں اوررابطہ پل بند ہوگئے جبکہ درجنوں مکانات، زرعی زمینیں اورباغات متاثرہوئے۔

    ہنزہ میں حسین آباد نالے میں طغیانی، دیامر میں واٹر چینلز اور بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔

    موسم سے متعلق خبریں

  • وفاقی حکومت کا آزاد کشمیر کے لیے بڑا ترقیاتی پیکج دینے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا آزاد کشمیر کے لیے بڑا ترقیاتی پیکج دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کو بڑا ترقیاتی پیکج دینے اور ایل او سی متاثرین، دانش اسکولز اور بجلی منصوبوں پر بھرپور توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم کے خصوصی پیکیج کے تحت آزاد کشمیر کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

    وفاقی ترقیاتی پیکج میں دانش اسکولز، لائن آف کنٹرول متاثرین کی بحالی اور بجلی کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ خصوصی پیکج کے تحت آزاد کشمیر میں تعلیم، توانائی اور انفراسٹرکچر کے میگا منصوبے تجویز میں شامل کیے گئے ہیں۔

    وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے لیے 53 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے میگا ترقیاتی پیکج کی منظوری کی تجویز دی ہے، وزیر اعظم کے خصوصی پیکج کے تحت آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں اہم ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

    ترقیاتی پیکج میں آزاد کشمیر بلاک الاؤنس کے لیے 32 ارب روپے مختص کرنے اورجاگراں فیز ٹو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 2 ارب 97 کروڑ 47 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔


    مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش، تنخواہ داروں کیلیے ریلیف کا اعلان


    میرپور-اسلام گڑھ روڈ پر رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر کے لیے 1 ارب 37 کروڑ 62 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز اور میرپور ایم بی بی ایس میڈیکل کالج منصوبے کے لیے 1 ارب 7 کروڑ 74 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

    میر واعظ محمد فاروق شہید میڈیکل کالج مظفر آباد کے لیے 42 کروڑ 13 لاکھ روپے، جب کہ نوسہری-لیسوا بائی پاس روڈ کی تعمیر کے لیے 41 کروڑ 93 لاکھ روپے اور لائن آف کنٹرول کے متاثرہ عوام کی بحالی کے منصوبے کے لیے 60 کروڑ روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔

    میرپور شہر و مضافاتی علاقوں میں واٹر سپلائی و سیوریج اسکیم کے لیے 1 کروڑ روپے اور ضلع نیلم میں 40 میگاواٹ دوارین ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے 2 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں سیلولر سروسز فیز-IV کی توسیع کے لیے 19 کروڑ 98 لاکھ روپے مختص کرنے اور باغ آزاد کشمیر میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کے لیے 17 کروڑ 95 لاکھ روپے کی منظوری کی تجویز دی گئی ہے۔

    یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد کشمیر میں تعلیمی و تحقیقی سہولیات کے فروغ کے لیے 13 کروڑ 85 لاکھ روپے جبکہ یونیورسٹی آف کوٹلی میں اکیڈمک بلاکس و ریسرچ لیبارٹریز کی ترقی کے لیے 7 کروڑ 70 لاکھ روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں دانش اسکولز منصوبے کے لیے 30 ارب روپے منظور کر رکھے ہیں، دانش اسکولز منصوبے کے لیے آئندہ مالی سال 2025-26 میں 8 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔

  • آزاد کشمیر میں کلاؤڈبرسٹ سے 3 خواتین جاں بحق

    آزاد کشمیر میں کلاؤڈبرسٹ سے 3 خواتین جاں بحق

    مظفرآباد: آزاد کشمیر میں طوفانی بارشیں ہونے کے ساتھ ساتھ کلاؤڈبرسٹ کا واقعہ بھی پیش آیا ہے جس میں 3 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

    ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ بلگراں میں کلاؤڈبرسٹ سے 3 خواتین جاں بحق ہوئیں، 2 خواتین موقع پر ہی دم توڑگئیں، اس کے علاوہ کلاؤڈبرسٹ کی زد میں آکر شدید زخمی ہونے والی ایک خاتون اسپتال میں انتقال کرگئی۔

    75سالہ جلال الدین تاحال لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے، تحصیل پٹہکہ میں کلاؤڈبرسٹ کے2 حادثات ہوئے ہیں۔

    ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ واقعات میں بلگراں اور کھیتر کے کئی گھروں کو نقصان پہنچا، متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    کلاؤڈبرسٹ کیا ہے؟

    محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کو رین گش اور رین گسٹ بھی کہا جاتا ہے، کسی علاقے میں مختصر وقفے میں شدید بارش ہوجائے تو اسے کلاؤڈ برسٹ کہا جاتا ہے، یعنی مخصوص علاقے میں ایک گھنٹے میں کم سے کم 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جائے تو اسے کلاؤبرسٹ کہا جائے گا۔

    کلاؤڈبرسٹ مختصر وقفے کے لیے رونما ہوتا ہے، کلاؤبرسٹ گرج چمک اور شدید برقی سرگرمی کی وجہ بنتا ہے، اس میں عموماً بادل کے نیچے کی ہوا اوپر اٹھتی ہے اور پانی کے قطروں کو کچھ دیر گرنے سے روکتی ہے۔

    ان بادلوں میں جیسے ہی ہوا کا دباؤ کم ہوتا ہے پانی کی بڑی مقدار بادل سے گرتی ہے اور یوں بادلوں کا پانی گویا اس طرح بہتا ہے کہ کسی نے پانی سے بھری بالٹی الٹ دی ہو۔

    کلاؤڈبرسٹ کے زیادہ ترواقعات پہاڑی علاقوں میں رونما ہوتے ہیں، جب پانی کی بڑی مقدار نیچے گرتی ہے تو سیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے اور اس کے بہاؤ میں آبادی اور فصلوں کا بہت نقصان ہوسکتا ہے۔

  • مظفرآباد میں مغلیہ سلطنت کا ‘لال قلعہ’ زبوں حالی کا شکار، ویڈیو رپورٹ

    مظفرآباد میں مغلیہ سلطنت کا ‘لال قلعہ’ زبوں حالی کا شکار، ویڈیو رپورٹ

    آزاد کشمیر میں اپنے اندر صدیوں کی تاریخ سمیٹے مختلف آثار قدیمہ دنیا بھر میں کشمیر کی پہچان ہیں، جن میں دارلحکومت مظفرآباد میں مغلیہ سلطنت کا ‘لال قلعہ’ اپنی مثال آپ ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متعلقہ اداروں کی بے حسی کے باعث یہ نایاب شاہکار ‘لال قلعہ’ اب مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہوتا جارہا ہے، افسوس کی بات یہ ہے کہ کئی سال گزرنے کے باوجود اس کی مرمت کا کام بھی آج تک مکمل نہیں ہوسکا ہے۔

    وہاں آئے ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ یہ شاہی قلعہ آزاد کشمیر میں ایک مفرد حیثیت رکھتا ہے، بدقسمتی سے حکومت اس کی تزین و آرائش نہیں کررہی، اگر حکومت اس طرف توجہ دے تو سیاحت کو فروغ مل سکتا ہے اور پورے پاکستان سے آکر لوگ لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

    ایک خاتون نے بتایا کہ ہم گوجرانوالہ سے اسے قلعے کو دیکھنے کےلیے آئے ہیں مگر اس کی حالت بہت بری ہے، اس کو ٹھیک کرنا چاہیے۔

    اس کی تعمیر 1559 میں شروع ہوئی اور مختلف ادوار میں اس کی تعمیر جاری رہی، اسے چک سلطنت کا قلعہ کہا جاتا تھا، بعد میں راجہ مظفر خان نے اسکی تعمیر مکمل کی، چاروں اطراف سے اسے دریائے نیلم نے اسے گھیر رکھا ہے۔

    مقامی نوجوان نے کہا کہ حکومت سے ہماری اپیل ہے کہ جلد از جلد اسکی تعمیر مکمل کی جائے تاکہ جو لوگ یہاں آتے ہیں وہ کشمیر کی ثقافت کو دیکھ سکیں اور تاریخ کے بارے میں جان سکیں۔

    رپورٹ: سردار رضا خان

  • آزاد کشمیر ڈڈیال میں دہرے قتل کی لرزہ خیز واردات

    آزاد کشمیر ڈڈیال میں دہرے قتل کی لرزہ خیز واردات

    میرپور: آزاد کشمیر کے نواحی شہر ڈڈیال میں ایک نہایت افسوس ناک واقعے میں ایک شخص نے اپنی بیوی اور بیٹی کو جانوں سے محروم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر کے نواحی شہر ڈڈیال، مسلم ٹاؤن میں دہرے قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی ہے، جس میں شوہر نے چھریوں کے وار سے بیوی اور معصوم بیٹی کو قتل اور دوسری بیٹی کو زخمی کر دیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم محمد صدیق نے بیوی اور بیٹیوں پر چھری چلانے کے بعد اپنی جان لینے کی بھی کوشش کی، تاہم خود کشی کی کوشش میں وہ شدید زخمی ہو گیا، جس کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔


    نوجوان کامران عباس کو سر میں گولی مارنے والا ڈکیت پکڑا گیا، فوٹیج


    محمد صدیق نے چھریوں کے وار کر کے اپنی بیوی رضیہ اور 4 سالہ بیٹی ماہین کو قتل کیا، جب کہ 5 سالہ ہجویریہ خوش قسمتی سے بچ گئی تاہم وہ زخمی ہے، جسے طبی امداد دی گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق نعشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے، ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔ واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے کہ محمد صدیق نے اپنا خاندان کیوں ختم کرنا چاہا۔


    مبینہ تشدد سے زخمی 3 لاوارث بچوں کے والدین کی تلاش، ویڈیو رپورٹ