Tag: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی

  • نئے قائد ایوان کا انتخاب، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا

    نئے قائد ایوان کا انتخاب، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا

    مظفرآباد : نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی کااجلاس آج ہوگا، پیپلزپارٹی نے چوہدری یاسین کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار کا اعلان آج کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آزادجموں وکشمیرقانون سازاسمبلی کااجلاس آج دن 2بجکر 15 منٹ پرہوگا، جس میں نئےقائد ایوان کےانتخاب کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

    آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب متوقع ہے، متحدہ اپوزیشن نے چوہدری یاسین کونیاقائد ایوان نامزد کر دیا ہے جنھیں مسلم لیگ ن اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔

    تحریک انصاف کی طرف سےتاحال وزارت عظمیٰ کیلئےامیدوارفائنل نہ ہوسکا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے اظہر صادق، خواجہ فاروق اور انوارالحق کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔

    قائد ایوان کے امیدوار کو کامیابی کیلئے سادہ اکثریت درکار ہے، آزاد کشمیر قانون ساز کونسل تنویر الیاس کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد 52اراکین پرمشتمل ہے۔

    جن میں پاکستان پیپلزپارٹی کی بارہ ،مسلم لیگ ن سات اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کی ایک نشست ہے،پاکستان تحریک انصاف اکتیس نشستوں کے ساتھ آزاد جموں کشمیر اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہے اور مسلم کانفرنس کی ایک اتحادی نشست میں اس کے ساتھ ہے۔

    متحدہ اپوزیشن کواپنا قائد ایوان بنانے کیلئے 7 مزید نشستوں کی ضرورت ہے ، اسد قیصر اورپرویز خٹک جماعت کو متحد رکھنے کیلئے مظفرآباد میں موجود ہیں اور دونوں رہنماؤں کی جماعتی اراکین اسمبلی سے اہم ملاقاتیں جاری ہے۔

    کاغذات نامزدگی منظور ہونے کےبعد ایوان میں اوپن ووٹنگ ہوگی۔