Tag: آزاد کشمیر

  • باغ سَر کا قلعہ دیکھیے، جھیل کی سیر کیجیے

    باغ سَر کا قلعہ دیکھیے، جھیل کی سیر کیجیے

    اگر آپ آزاد کشمیر گئے ہوں‌ تو باغ سَر جانے کا اتفاق بھی ہوا ہو گا جو خوب صورت اور تاریخی مقامات کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔

    وادی کے ضلع بھمبر کی طرف سطحِ سمندر سے 975 میٹر کی بلندی پر ایک جھیل ہے جو ’’باغ سر جھیل‘‘ کے نام ہی سے پہچانی جاتی ہے، لیکن اس جھیل کا نظارہ کرنے کے لیے آپ کو اس قلعے کے دامن میں پہنچنا ہو گا جو خود بھی تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

    مشہور ہے کہ شہنشاہ جہانگیر دورۂ کشمیر پر تھا تو بیمار ہوا اور باغ سر ہی میں وفات پائی۔ شہنشاہ کی موت کے بعد اس کا جسدِ خاکی باغ سر سے لاہور لے جایا گیا تھا۔

    باغ سَر دراصل قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ ہے جہاں‌ یہ قلعہ اور اس کے دامن میں‌ واقع جھیل بہت مشہور ہے اور یہ اسی علاقے کے نام سے منسوب مقام ہیں۔ کہتے ہیں‌ قلعہ باغ سَر میں‌ کئی بادشاہوں‌ نے قیام کیا اور اس علاقے کی آب و ہوا اور فطرت سے لطف اندوز ہوئے۔

    قلعے میں‌ موجود جھیل اس کے حسن کو دوبالا کرتی ہے اور یہ تقریبا نصف کلومیٹر طویل ہے۔ اس علاقے میں‌ مغل دور کے تعمیر کردہ کئی باغات بھی موجود ہیں۔

  • شادی کے لیے درخت کاٹنے والا دولھا درخت کے نیچے دب کر جاں بحق

    شادی کے لیے درخت کاٹنے والا دولھا درخت کے نیچے دب کر جاں بحق

    بھمبر: آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں اپنی شادی کے لیے درخت کاٹنے والا دولھا درخت کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھمبر کی تحصیل سماہنی میں شادی کے لیے تیاریاں کرنے والے نوجوان کی افسوس ناک موت واقع ہو گئی، شادی کا گھرماتم کدہ بن گیا، نوجوان درخت کاٹتے ہوئے درخت تلے ہی آ کر جاں بحق ہو گیا۔

    نوجوان پس ماندہ علاقے رعل میں اپنی شادی کی تقریب کے لیے ایندھن جمع کر رہا تھا، اس مقصد کے لیے وہ درخت کاٹنے لگا، لیکن چیل کا درخت نوجوان کے اوپر ہی آ گرا جس سے وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    بھمبر کی تحصیل سماہنی میں وہ جنگل جہاں لکڑی کے حصول کے لیے درخت کاٹا جا رہا تھا

    خیال رہے کہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں جب دولھا عین اپنی شادی کے دن کسی ناگہانی حادثے کا شکار ہو کر دنیا سے رخصت ہوا، یا قتل کیا گیا۔ ایسا ہی ایک واقعہ 28 دسمبر کو پشاور کے مضافاتی علاقے سردار گڑھی میں بھی پیش آیا تھا۔

    پشاور : شادی کی تقریب میں جھگڑا، فائرنگ سے دولہا جاں بحق

    شادی کی تقریب جاری تھی، تصاویر اور ویڈیو بنائی جا رہی تھی، جب گھر میں اسی بات پر جھگڑا شروع ہو گیا کہ خواتین کی تصاویر اور ویڈیو نہیں بنائی جائے گی، جھگڑا اتنا بڑھا کہ اسلحہ نکل آیا اور فائرنگ شروع ہو گئی جس میں بد قسمت دولھا عابد زخمی ہو گیا، بعد ازاں اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ فائرنگ کرنے والے ملزمان میں دولھے کا بہنوئی بھی شامل تھا۔

  • بھارت پاکستان اور آزاد کشمیر پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، مسعود خان

    بھارت پاکستان اور آزاد کشمیر پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، مسعود خان

    اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان اور آزاد کشمیر پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر دنیا بھر کے میڈیا نے ہمارا ساتھ دیا، کشمیر پر سلامتی کونسل کے 3 اجلاس ہو چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فلسطین کی طرح کشمیریوں کی سر زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے، حالات ایسے پیدا کیےگئے کہ توجہ بٹ گئی اب پھر میڈیا کشمیرکواجاگر کرے۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت دورہ ٹرمپ پر احمدآباد میں غربت چھپانے کے لیے دیوار کھینچ رہا ہے، بھارت امریکا کو دھوکا دے رہا ہے ،بھارتی میڈیا مودی میڈیا ہے، آر ایس ایس ودیگر ہندو دہشت گرد تنظیمیں مسلمانوں پر ظلم کر رہی ہیں۔

    صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مصلحت کی پیشکش کے بعد امریکی صدر کا لہجہ ماند پڑ گیا، بھارت کشمیر میں ظلم کر رہا ہے کسی ثالثی کو ماننے کو تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مدد ایسے کریں کہ جدوجہدکو نقصان نہ پہنچے، بھارت پاکستان اور آزاد کشمیر پرجنگ مسلط کرنا چاہتا ہے۔

    سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے یو این اسمبلی خطاب سےکشمیری بہت خوش ہوئے، دنیا نے توجہ دی۔

  • سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا آزاد کشمیر کے لیے تحفہ

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا آزاد کشمیر کے لیے تحفہ

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے آزاد کشمیر کے لیے تحفہ بھجوا دیا، شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے آزاد کشمیر میں 2 ہزار 225 افراد میں امدادی اشیا تقسیم کی گئیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے آزاد کشمیر میں امدادی اشیا تقسیم کرنے کی مہم جاری ہے، موسم سرما کے دوران اہم ضرورت کی اشیا کے 445 پیکٹس تقسیم کیے گئے۔

    آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں شاہ سلمان امدادی سینٹر کی جانب سے جاری مہم کے دوران کمبل، گرم چادریں، لحاف اور اشیائے خور و نوش تقسیم کیے گئے۔

    ہر خاندان کے افراد کی تعداد کے مطابق انہیں اشیا فراہم کی گئیں جس سے 2 ہزار 225 افراد مستفیض ہوں گے۔

    امداد وصول کرنے والے کشمیریوں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے امدادی اشیا کی تقسیم ایسے موقع پر کی گئی ہے جب موسم انتہائی سرد ہے اور گرم کمبلوں کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس سعودی عرب پوری دنیا میں امداد دینے والا پانچواں بڑا ملک اور عرب دنیا میں پہلا ملک قرار پایا تھا اور اس حوالے سے شاہ سلمان مرکز برائے انسانی امداد کی سرگرمیاں خاصی اہم ہیں۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے سنہ 2019 کے دوران ایک ارب 281 ملین امریکی ڈالر امداد کے طور پر پیش کیے۔

    سنہ 2019 کے دوران یمن کو سب سے زیادہ امداد دینے والا ملک بھی سعودی عرب تھا جس نے یمن کو 1 ارب 216 ملین ڈالر امداد دی۔

  • مودی کے اقدام کے بعد میرا ایمان ہے کشمیر آزاد ہوگا: آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب

    مودی کے اقدام کے بعد میرا ایمان ہے کشمیر آزاد ہوگا: آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب

    مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی نے 6 ماہ پہلے جو قدم اٹھایا تھا، میرا ایمان ہے کشمیر اب آزاد ہوگا، 5 اگست کو مودی وہ غلطی کر بیٹھا ہے جس سے اب پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے، اسمبلی میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور اور فخر امام بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قیادت کی مشاورت سے مسئلہ کشمیر کو اوپر لے کر جانا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ مودی بھارت کو جس مقام پر لے گیا ہے وہ یہاں سے باہر نہیں جا سکتا، اب مودی کو بھارت کے اندر بڑی مزاحمت کا سامنا ہوگا، یہ وہ وقت ہے کہ کشمیر آزادی کی طرف بڑھے گا، میں یقین دلاتا ہوں ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اور تیزی سے اٹھائیں گے، ہم نے ہر فورم پر آر ایس ایس کا فلسفہ بھی دنیا کے سامنے رکھا، تین بار ڈونلڈ ٹرمپ کو سمجھایا کہ کشمیر ایشو کیا ہے، ایک بار کہنے سے فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ ان کے بھارت کے ساتھ کمرشل مفادات وابستہ ہیں۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    عمران خان نے خطاب میں کہا کہ بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کی وجہ سے تمام اقلیتوں کو خطرہ ہو گیا ہے، آج دنیا دیکھ رہی ہے، تمام انٹرنیشنل اخباروں میں بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا، دنیا کشمیر پر ہمارے نکتہ نظر کو سمجھنے لگی ہے، نریندر مودی کہتا ہے پاکستان کو 11 دن میں فتح کر سکتا ہے، جب دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں تو یہ بات کوئی نارمل انسان نہیں کر سکتا، مودی اپنے ہندوؤں کو خوش کرنے کے لیے ایسی باتیں کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا بھارت کے خلاف جنگ سیاسی اور سفارتی محاذ کی ہے، بھارت اس لیے پھنس گیا ہے کہ کشمیر پر اب پوری دنیا کی نظر ہے، ایسا پہلی بارہوا، اب ہمیں دیکھنا ہے بھارت کا کیا گیم پلان ہے۔

  • وزیر اعظم کل 5 فروری کو آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم کل 5 فروری کو آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

    میرپور آزاد کشمیر: وزیر اعظم عمران خان 5 فروری کو آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پانچ فروری کو آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، سلطان محمود کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم 5 فروری کو قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ سیشن سے خطاب کریں گے۔

    بیرسٹر سلطان محمود کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 6 فروری کو ایک جلسے سے بھی خطاب کریں گے، یہ جلسہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، جس میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سمیت تمام لیڈر شریک ہوں گے، کشمیری عوام وزیر اعظم کا تاریخ ساز استقبال کریں گے۔

    کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن، وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

    خیال رہے کہ یہ جلسہ بھارت کے ہاتھوں ظلم کا شکار کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے، جلسے کے لیے تمام انتظامات بھی کر لی گئی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کور کمیٹی کے اجلاس میں 5 فروری کو کشمیر ڈے بھرپور انداز میں منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے ملک بھر میں تقریبات کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ کشمیری بہن بھائیوں کی آواز دنیا بھر میں اٹھائیں گے، آر ایس ایس نظریے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم 15 جنوری کو بھی آزاد کشمیر گئے تھے، جہاں انھوں نے لینڈ سلائیڈنگ اور شدید برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اور مظفر آباد اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی تھی۔

  • آزاد کشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا

    آزاد کشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ ضلع نیلم، وادی لیپہ اور ضلع حویلی کے علاقے بھیڈی کو آفت زدہ قرار دیا گیا۔

    قدرتی آفات ایکٹ 1976 کے تحت کمشنر مظفرآباد کو ریلیف کمشنر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ امدادی کاروائیوں کی منصوبہ بندی موسمی حالات مدنظر رکھ کر کی جائے، شدید برفباری سے لیپہ ویلی اور بھیڈی کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں حالیہ برفباری کے باعث برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں 20 سے 24 جنوری تک مزید برفباری کا امکان ہے، آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا نیا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    وادی نیلم کے متاثرہ علاقوں میں برفباری کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ جانی نقصان سے پچنے کے لیے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہوگئی۔

  • کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن، وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

    کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن، وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے  5 فروری کو آزاد کشمیر میں بڑے عوامی جلسے کا فیصلہ کرلیا ہے ، عمران خان  میرپور میں عوامی جلسے سےخطاب کریں گے ، چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ نیازی کوتیاریوں کی ذمےداری دےدی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم  عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے دن 5 فروری کو آزاد کشمیر میں بڑے عوامی جلسے کا فیصلہ کرلیا ، فیصلہ گزشتہ روزصدر آزاد کشمیر سردارمسعودخان اورپی ٹی آئی رہنماسلطان محمود سے ملاقات میں کیا گیا۔

    وزیراعظم میرپور میں عوامی جلسے سےخطاب کریں گے، اس سلسلے میں چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ نیازی کوتیاریوں کی ذمےداری دےدی گئی ، جس کے بعد سیف اللہ نیازی نے  پارٹی ذمہ داروں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں  اور جلسے کے انتظامات اور مقام کے تعین کے لیےمشاورت جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کی 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کی ہدایت

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے  کورکمیٹی کے اجلاس میں  5فروری کوکشمیرڈےبھرپوراندازمیں منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھرمیں تقریبات کا فیصلہ کیا   اور کہا تھا کہ کشمیری بہن بھائیوں کی آوازدنیابھرمیں اٹھائیں گے، آرایس ایس نظریےکوعالمی سطح پربےنقاب کرناہوگا۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق اہم اجلاس ہوا تھا ، اجلاس میں مقبوضہ کشمیرسےمتعلق بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا مودی سرکارکی ہندووتوااورمسلم کش پالیسیاں خطےکی سلامتی کیلئےخطرہ ہیں ، خطےکی سلامتی اورسیکیورٹی پرکسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

    واضح رہے کہ جرمن میڈیا کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ملک بھارت کو انتہا پسند چلا رہے ہیں، بھارت پر ایک خاص انتہا پسندانہ نظریاتی سوچ ہندووتوا غالب آچکی ہے۔

  • برفانی تودے میں 18 گھنٹے تک معجزاتی طور پر لڑکی زندہ

    برفانی تودے میں 18 گھنٹے تک معجزاتی طور پر لڑکی زندہ

    مظفرآباد: آزاد کشمیر میں برفانی تودے تلے دبی 12 سالہ لڑکی کو 18 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا۔

    خبررساں ادارے کے مطابق ثمینہ نامی 12 سالہ لڑکی کو ریسکیو ٹیموں نے 18 گھنٹے بعد برفانی تودے سے زندہ نکال کر مظفرآباد کے اسپتال منتقل کر دیا۔

    لڑکی نے بتایا کہ برفانی تودے میں دبے رہنے کے دوران زندہ بچ جانے کی آس لیے سوئی نہیں، ہاتھ ٹوٹ چکا تھا اور منہ سے خون نکل رہا تھا لیکن امیدوں نے دم نہیں توڑا تھا۔

    ثمینہ نے کہا کہ شروع میں لگا کہ میں نہیں بچ پاؤں گی لیکن ہمت نہیں ہاری، چیخ و پکار کی اور مدد کے لیے آوازیں لگائی تو کسی نے سن لیں اور مدد کو آن پہنچے۔

    یہ بھی پڑھیں: برفباری کی تباہ کاریاں، پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری

    لڑکی کی والدہ شہناز کا کہنا ہے کہ ہمیں معجزے کی امید تھی اور ایسا ہی ہوا، میرے بھائی ارشاد کو بھی امید تھی کہ ثمنیہ کو زندہ بچا لیا جائے گا پھر قدرت نے معجزہ دکھایا اور بیٹی زندہ مل گئی۔

    خیال رہے آزادکشمیر اور بلوچستان میں برفباری نے تباہی مچادی ہے، دو روز کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 100 ہوگئی ہے ، برف باری سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور پاک فوج کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    وادی نیلم میں برفانی تودہ گرنے سے62 ہلاکتیں ہوئی جبکہ 56مکان تباہ ہوگئے، ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرین کو کمبل، خوراک پہنچادی گئی، اسپتالوں اور اسکولوں میں عارضی شیلٹر فراہم کردیا گیا ہے۔

  • بارشوں اور برفباری سے 100 افراد جاں بحق، متاثرین کو خیمے اور کمبل فراہم

    بارشوں اور برفباری سے 100 افراد جاں بحق، متاثرین کو خیمے اور کمبل فراہم

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی، متاثرین تک خیمے اور کمبل پہنچا دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں برفباری اور بارش سے نقصانات میں اضافہ ہوگیا، جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں برفباری سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 76 ہوگئی۔ آزاد کشمیر کے سورنگن گاؤں میں برفانی تودہ گرنے سے 19 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ میں 2، 2 افراد جاں بحق ہوئے، مجموعی طور پر برفباری سے 90 افراد زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ برفباری سے 213 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرین تک 2 ہزار خیمے، ساڑھے 12 سو کمبل اور ساڑھے 22 سو کی تعداد میں دیگر اشیا پہنچا دی گئی ہیں۔