Tag: آزاد کشمیر

  • ملکی تاریخ کے تباہ کن زلزے میں جاں بحق ہونے والے آج بھی دلوں میں زندہ ہیں: سردار مسعود

    ملکی تاریخ کے تباہ کن زلزے میں جاں بحق ہونے والے آج بھی دلوں میں زندہ ہیں: سردار مسعود

    مظفرآباد: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ 2005 کے زلزلہ میں ہم سے جدا ہونے والوں کی یادیں آج بھی ہمارے دل میں تازہ اور زندہ ہیں۔

    سردار مسعود خان نے اپنے ایک بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قدرتی آفت کا شکار ہوکر اپنے رب سے ملنے والوں کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کے ساتھ یہ عہد کرتے ہیں کہ حکومت اپنی بساط کے مطابق آئندہ کسی قدرتی آفت سے ممکنہ نقصانات سے بچنے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

    اکتوبر 2005کے زلزلے کے چودہ سال مکمل ہونے پر اپنے ایک پیغام میں صدر آزادکشمیر نے کہا کہ چودہ سال پہلے آج کے دن مظفرآباد، باغ اور پونچھ کے اضلاع کے علاوہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقوں میں جو قیامت خیز زلزلہ آیا تھا اس نے ہزاروں بچوں، جوانوں، خواتین اور بزرگوں کو آن واحد میں ہم سے چھیننے کے علاوہ سرکاری و نجی املاک کو زمین بوس کر دیا تھا۔

    پاکستان کی تاریخ کے تباہ کن زلزلے کو 14 برس بیت گئے

    ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے اس قدرتی آفت کی تباہ کاریوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا وہ شاید ہی کبھی اسے بھلا پائیں، زلزلہ سے ہونے والے انسانی جانوں کے نقصان کی تلافی تو ممکن نہیں لیکن زلزلے کے بعد متاثرین کی بحالی اور تباہ شدہ انفرسٹرکچر کی تعمیر نو کے چیلنج سے حکومت نے کامیابی کے ساتھ نمٹنے کی مقدور بھر کوشش کی اور ان کوششوں میں ہمیں اللہ کے فضل سے بڑی کامیابیاں بھی حاصل ہوئیں۔

    صدر آزادکشمیر نے مزید کہا کہ اگرچہ تعلیم، صحت اور مواصلات کے شعبوں میں ابھی کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں یا شروع نہیں کیے جا سکے لیکن الحمدوللہ تباہ شدہ انفرسٹرکچر کا ایک بڑا حصہ یا مکمل طور پر پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں تعمیر کیا جاچکا ہے۔

  • برطانوی کرکٹر عادل رشید کا میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    برطانوی کرکٹر عادل رشید کا میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    میرپور: انگلش کرکٹر عادل رشید نے میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سامان تقسیم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی کرکٹر عادل رشید میرپور میں زلزلے سے متاثر ہونے والی فیملیز کے پاس پہنچے اور زلزلے سے متاثر افراد سے ملاقات کرکے ان کے دکھ میں شریک ہوئے۔

    عادل رشید نے متاثرہ علاقوں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ سینٹر کے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، مکانات کے بکھرے ملبے اور اپنے گھروں میں رہنے والوں کو خیموں میں بیٹھے دیکھ کر عادل رشید کافی افسردہ دکھائی دئیے۔

    ورلڈ کپ 2019 کی فاتح ٹیم کے اسکواڈ میں شامل عادل رشید نے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا جس میں روزمرہ استعمال کی اشیا سمیت کمبل بھی شامل تھے۔

    ٹیسٹ کرکٹر عادل رشید نے ہزاروں میل دور سے آکر متاثرین میں ناصرف امدادی اشیا تقسیم کیں بلکہ ان کا دکھ درد بھی بانٹا اور متاثرین نے بھی انہیں اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا۔

    خیال رہے 24 ستمبر کو ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی تھی، متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد انتالیس ہوگئی ہے۔

    وزیراسٹیٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر کے مطابق زلزلے سےسولہ سو انیس مکانات مکمل طور پر تباہ اورسات ہزار ایک سو مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ پانچ سو اسی مال مویشیوں کے باڑوں کو نقصان بھی ہوا۔

  • امریکی کانگریس کے وفد کا آزاد کشمیر کا دورہ، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ

    امریکی کانگریس کے وفد کا آزاد کشمیر کا دورہ، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ

    مظفرآباد: امریکی سینیٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت فوری کرفیو ختم کرکے تمام قیدیوں کو رہا کرے، مسئلہ کشمیر کے مستقل دیرپا حل کے لیے کوششیں کرنی چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ارکان سینیٹ کرس وان ہولین، میگی حسن نے مظفرآباد کا دورہ کیا، دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور پال جونز بھی کانگریس کے وفد کے ہمراہ تھے، امریکی وفد کے دورے کا مقصد آزاد کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینا تھا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ میجر جنرل عامر نے امریکی وفد ایل او سی کی صورت حال سے آگاہ کیا، امریکی وفد نے آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔

    آزاد کشمیر قیادت نے کشمیریوں کی جدوجہد کو سپورٹ کرنے پر امریکی وفد کا شکریہ ادا کیا، آزاد کشمیر قیادت کا کہنا تھا کہ امریکی وفد مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے قیادت کو آگاہ کرے۔

    مزید پڑھیں: امریکی سینیٹرکرس وین آج آزاد کشمیرکا دورہ کررہے ہیں

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ امریکی وفد اپنے مشاہدے کو دنیا کو حقائق سے آگاہ کرے گا، امریکی وفد کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وفد کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر جانے سے روک دیا تھا، بھارتی حکومت نے مقبوضہ وادی کے حقائق دیکھنے سے امریکی وفد کو روکا، امریکی وفد کو آزاد کشمیر میں کہیں بھی جانے کی مکمل آزادی تھی۔

    امریکی سینیٹر نے مقبوضۃ کشمیر کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو مرضی کے مطابق فیصلے کا اختیار دیا جائے، کشمیریوں کے حوالے سے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔

  • آزاد کشمیرمیں زلزلے کے آفٹر شاکس، عمارت گرگئی

    آزاد کشمیرمیں زلزلے کے آفٹر شاکس، عمارت گرگئی

    اسلام آباد: میرپورآزاد کشمیرایک مرتبہ پھر زلزلے سےلرزاٹھا، جڑی کس کےقریب عمارت گرگئی۔ تین افرادکوملبےسےنکال لیاگیا، مزید امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میر پور آزاد کشمیر میں زلزلے کے بعد آنے والے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ تین اعشاریہ آٹھ شدت کےزلزلے سےمیرپوراوراطراف کے ایک بارپھرعلاقےلرزاٹھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جڑی کس میں زلزلے سےمتاثرہونےوالی عمارت آفٹرشاکس کی تاب نہ لاسکی اور زمیں بوس ہوگئی۔پاک فوج،پولیس اور ریسکیوعملےنےملبےسےتین افرادکونکال لیا ۔زلزلہ پیمامرکزکےمطابق زلزلےکی گہرائی پندرہ کلومیٹراورمرکز جہلم سےبارہ کلومیٹرشمال مغرب میں تھا۔

    یاد رہے کہ گزشہ ماہ چوبیس ستمبرکوآنےوالے زلزلے میں سینتیس افرادلقمہ اجل بن گئےتھے۔ زلزلےسےسڑکیں،پل اورانفرااسٹرکچرتباہ ہوگیاتھا۔

    فرانسیسی زلزلہ پیما ادارے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز جہلم کے 5 کلومیٹر شمال میں تھا اور گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    زلزلہ راولپنڈی، لاہور، کالا باغ، سانگلہ ہل، گجرات، چنیوٹ، سرگودھا، ظفر وال، شاہ کوٹ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، صوابی، پھالیہ، سرائے عالمگیر، شکر گڑھ، نور پور تھل، پشاور، پنڈی بھٹیاں، نارووال، پسرور، شیخو پورہ، سمندری، قصور، جہلم، مری، کوٹ مومن، خیبر، ایبٹ آباد، سکھیکی، سوات، مردان، اوکاڑہ اور بونیر میں محسوس کیا گیا تھا۔

    ننکانہ صاحب، قائد آباد، ڈسکہ، جڑانوالہ، شانگلہ، باجوڑ، مظفر آباد، اسکردو، میرپور آزاد کشمیر اور مضافات میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے 10 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے تھے۔

  • بھارتی فوج نے غیر انسانی عمل کرتے ہوئے 2 ماہ سے کرفیو لگا رکھا ہے، وزیراعظم

    بھارتی فوج نے غیر انسانی عمل کرتے ہوئے 2 ماہ سے کرفیو لگا رکھا ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیرکے لوگ مقبوضہ وادی کے دوستوں کو دیکھ کر تکلیف میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی فوج نے غیر انسانی عمل کرتے ہوئے 2 ماہ سے کرفیو لگا رکھا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آزاد کشمیرکے لوگ مقبوضہ وادی کے دوستوں کو دیکھ کرتکلیف میں ہیں، میں کشمیریوں کی تکلیف کو سمجھتا ہوں۔

    مقبوضہ کشمیر میں 62ویں روز بھی کرفیو

    مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 62ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سری نگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

  • وزیر اعظم نے اچھا خطاب کیا، مگر کشمیرپر زیادہ زوردینا چاہیے تھا: بلاول بھٹو زرداری

    وزیر اعظم نے اچھا خطاب کیا، مگر کشمیرپر زیادہ زوردینا چاہیے تھا: بلاول بھٹو زرداری

    جاتلاں: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا اقوام متحدہ میں خطاب شاید اچھا تھا، البتہ انھیں کشمیرپراقوام متحدہ میں زیادہ زوردینا چاہیے تھا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ جاتلاں کے علاقے موراں ککری کے دورے کے موقع پر کیا. انھوں نے ڈی ایچ کیواسپتال میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی عیادت کی.

    انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیرحکومت زلزلہ متاثرین کو ریلیف دینے کے لئے کام کر رہی ہے، البتہ درخواست کرتا ہوں کہ زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی رقم کو بڑھایا جائے، پیپلزپارٹی بھی زلزلہ متاثرین کوریلیف کے لئے کام کرے گی.

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، کشمیریوں کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، کشمیری رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں.

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرپرتوجہ دے، زلزلہ متاثرین کا دکھ بانٹنے کے لئے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں آئے ہیں، مقبوضہ کشمیرپربھارت کی جانب سے تاریخی حملہ کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: بلاول بھٹو ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے

    بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیری 50 دن سے زائد کرفیو کا شکاراورجیل میں ہیں، دنیا کو معلوم ہی نہیں کشمیرمیں کتنے افراد کو شہید کیا گیا، معلومات ہی نہیں مل رہی کتنے کشمیریوں کو گرفتارکیا گیا ہے، پیپلزپارٹی ہمیشہ کشمیریوں کےساتھ کھڑی ہوتی ہے.

    ہم چاہتے تھے کہ کشمیرسےمتعلق ایک اتحاد کا مظاہرہ کیاجائے، ذوالفقاربھٹونے اقتدارمیں آتے ہی کشمیرسے متعلق 10 غیر ملکی دورے کیے، وزیراعظم کشمیرسےمتعلق صرف اقوام متحدہ گئے.قدرتی آفات کے بعدعوام کا خیال رکھنا وفاق کی ذمہ داری ہے.

    مولانا فضل الرحمان کے دھرنےکی سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعلان کیا تھا، حکومت کی معاشی کارکردگی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں.

  • وزیر اعظم عمران خان کی زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آمد، زخمیوں کی عیادت

    وزیر اعظم عمران خان کی زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آمد، زخمیوں کی عیادت

    مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان میر پور آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثر علاقوں میں پہنچ گئے، وزیر اعظم نے زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی عیادت کی اور ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان میر پور آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، وزیر اعظم و صدر آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، اور سردار مسعود بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔

    وزیر اعظم نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی، اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے متاثرہ علاقوں کی صورتحال سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور زلزلے سے جانی و مالی نقصان، ریلیف اقدامات اور زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔

    اجلاس میں زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کا جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی عیادت کی۔

    وزیر اعظم نے اسپتال میں زخمیوں کے لیے طبی امداد کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ میں تھا تو زلزلے کا علم ہوا، مجھے بہت افسوس ہے۔ فوری متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا چاہتا تھا لیکن امریکا میں تھا۔

    انہوں نے کہا کہ زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے، زلزلہ متاثرین کے لیے ہر ممکن اور فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ میں یہاں کے لوگوں کا دکھ محسوس کر سکتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میر پور آزاد کشمیر کے لوگوں سے دلی ہمدردی ہے، حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے پیکج تشکیل دے رہی ہے۔

    خیال رہے کہ 24 ستمبر کو ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہوگیا۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ زلزلے سے 30 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔

  • زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے، عثمان بزدار

    زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی اشیا کے ٹرک بھیجنےکا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم اے کو امدادی اشیا کے ٹرک آج ہی روانہ کرنے کی ہدایت کردی۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے، مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرپور جا کر زخمی افراد کی عیادت اور ہمدردی کا اظہار کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے کہ 24 ستمبر کو آزاد کشمیر اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آنے والے خطرناک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلومیٹر شمال کی طرف تھا جبکہ گہرائی زیرزمین 10 کلومیٹر تھی۔

    وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ہرقسم می معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی تھی۔

  • آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں، فردوس عاشق اعوان

    آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی اور ازالے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم زلزلہ متاثرین کی ممکنہ معاونت اوربحالی کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے گھر گئی، پیاروں کے غم پر متاثرین سے تعزیت اورفاتحہ خوانی کی، خیموں اور پانی سمیت دیگراشیائے ضروریہ عوام میں تقسیم کیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ آزمائش اورغم کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں، ریسکیو اور ریلیف کے بعد بحالی کا عمل شروع ہوگا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افواج پاکستان،ا ین ڈی ایم اے، حکومت پنجاب اور دیگرادارے مصروف ہیں، متاثرین کی بحالی اور ازالے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی قوت قوم کی یکجہتی، ایثاراور جذبہ احساس ہوتا ہے، متاثرین کی بحالی تک حکومت اورادارے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پورٹیبل ایکس ریزمشینیں اورادویات آج روانہ کی جائیں گی، آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں۔

  • وزیر اعظم آزاد کشمیر کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے جاتلاں اور ملحقہ علاقوں میں شہریوں سے ملاقات کی۔

    راجہ فاروق حیدر نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں، انہوں نے متاثرین کی شکایات سن کر اس کے ازالے کے احکامات بھی دیے۔

    راج فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آج رات تک متاثرین کو ہر صورت ٹینٹ فراہم کیے جائیں۔ عورتوں اور بچوں کو ترجیحی بنیاد پر امداد فراہم کی جائے گی۔ زلزلہ بڑی آزمائش ہے، متاثرین کو مکمل طور پر بحال کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔