Tag: آسان ترکیب

  • آج کی افطاری : مزیدار ’چکن پف پیسٹری‘ بنانے کی ترکیب

    آج کی افطاری : مزیدار ’چکن پف پیسٹری‘ بنانے کی ترکیب

    ہر خاتون خانہ کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ افطاری کے دسترخوان پر تمام گھر والوں خصوصاً روزہ داروں کی افطاری کیلئے لذیذ اور صحت بخش پکوان بنا کر رکھے۔

    آج ہم نے آپ کی یہ مشکل کسی حد تک آسان کردی ہے کیونکہ آج کی افطاری کیلئے ایک بے حد ذائقے دار اور مزے دار چیز بنانے کی ترکیب آپ کیلئے پیش خدمت ہے۔

    جی ہاں !! آج ہم آپ کو مزیدار ’چکن پف پیسٹری‘ بنانے کی ترکیب بتائیں گے جسے کھانے کے بعد سب انگلیاں چاٹتے ہوئے آپ کے ہنر کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں گے۔

    اجزاء 

    اس مزیدار ’چکن پف پیسٹری‘ کی تیاری کیلئے جو اجزاء درکار ہیں اس میں ایک عدد پیاز، 5 عدد لہسن کے جوے ، آدھا کلو بون لیس چکن، ایک عدد آلو، ایک کپ مشروم، 5 عدد سرخ مرچ، 2 چمچے پیپریکا، ایک چھوٹا چمچہ سرخ مرچ پاؤڈر، ایک چمچ اوریگانو، ایک چمچ نمک، ایک چمچ کالی مرچ پاؤڈر، ایک چوتھائی کپ مکھن، 2 چمچے آٹا، 2 کپ چکن اسٹاک، 2 رول پف پیسٹری شامل ہیں۔

    Chicken

    بنانے کا طریقہ :

    ایک باؤل میں پیاز، لہسن شامل کرلیں اور انہیں سنہری ہونے تک پکائیں، پھر اس میں چکن شامل کرلیں، چکن کا رنگ سفید ہوجائے تو اس میں سرخ مرچ، کالی مرچ پاؤڈر، اوریگانو اور آلو شامل کرکے 7 سے 8 منٹ تک پکائیں۔

    جب یہ اچھی طرح پک جائے تو اس میں مشروم اور حسب ضرورت سرخ مرچ شامل کریں، اس کے بعد مکھن اور آٹا شامل کرکے دوبارہ اچھی طرح مکس کریں اور 2؍ کپ چکن اسٹاک شامل کرلیں۔

    تمام اجزاء کو کریمی ہونے تک اچھی طرح مکس کریں، پف پیسٹری کے رول کے اندر تیار کردہ کریمی چکن ڈالیں اور اچھی طرح چاروں طرف سے بند کرلیں۔

    اب اسے 180 سینٹی گریڈ میں اَوَن میں بیکنگ کیلئے رکھ دیں، اَوَن میں رکھنے سے قبل پف پسٹری کے اوپر مایونیز لگا لیں، جس سے آپ کے پیسٹری کرنچی ہوں گے، اب گرما گرم چکن پف پیسٹری تیار ہے، آپ اسے افطاری کے دسترخوان میں پیش کریں۔

  • پانی میں صرف ایک چیز ملالیں، دیوار پر لگے ضدی داغ دھبے منٹوں میں صاف

    پانی میں صرف ایک چیز ملالیں، دیوار پر لگے ضدی داغ دھبے منٹوں میں صاف

    اکثر گھروں کی دیواروں پر بچوں کی شرارتوں یا کسی اور وجہ سے داغ دھبے پڑجاتے ہیں جو عام طریقوں سے صاف نہیں ہوپاتے، جس کی وجہ سے صاف ستھرا گھر بھی میلا سا نظر آتا ہے۔

    آج ہم آپ کو ایک ایسی آسان سی ترکیب بتائیں گے جو آپ کی یہ مشکل آسان کردے گی اور دیواریں صاف ستھری اور چمک دار نظر آئیں گی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں حنا انیس نے خواتین کو اس مشکل سے چھٹکارے کیلیے ایک نسخہ بتایا جس پر عمل کرکے گھر کی دیواریں ٹائلز اور وال پیپر خراب ہونے سے بچائے جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک پیالی کے اندر ایک چمچ شیمپو، ایک چوتھائی چمچ بلیچ پاؤڈر اور دو گھونٹ پانی شامل کرکے اچھی طرح ملا لیں جس کے بعد وہ پیسٹ کی شکل میں تیار ہوجائے گا۔

    اب اس پیسٹ میں دیوار صاف کرنے والے اسپنچ کو لگا کر متاثرہ حصوں پر لگائیں اور تھوڑی دیر بعد سادہ کپڑے سے صاف کرلیں دیوار لگے تمام داغ دھبے بالکل غائب ہوجائیں گے۔

    حنا انیس نے کہا کہ یہ آسان سا طریقہ آپ کی زندگی میں بھی آسانی لاسکتا ہے اور آپ اپنے گھر کو چمکا بھی سکتے ہیں۔

  • صرف ایک کلو دودھ سے بہت سارا کھویا کیسے بنتا ہے؟

    صرف ایک کلو دودھ سے بہت سارا کھویا کیسے بنتا ہے؟

    عام طور پر بازاروں میں ملنے والا کھویا حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار نہیں کیا جاتا یا پھر زیادہ وقت گزرنے کے بعد اس کی وہ تازگی اور غذائیت برقرار نہیں رہ پاتی۔

    اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آج ہم آپ کیلیے ایک ایسی ترکیب لے کر آئے ہیں کہ جس پر عمل کرکے صرف ایک کلو دودھ سے ڈھیر سارا دانے دار کھویا بناسکتی ہیں، گھر میں ہی مزیدار کھویا بنانے کی آسان ترکیب یہ ہے۔

    اجزاء

    دودھ = 1 کلو

    لیموں کا رس = 2 چائے کے چمچ

    ملک پاؤڈر = 2 کھانے کا چمچ

    چاول کا پاؤڈر = 2 کھانے کے چمچ

    دیسی گھی = 1 کھانے کا چمچ

     : کھویا بنانے کا طریقہ

    سب سے پہلے دودھ کو ابال لیں اور پھر چولہے کی آنچ دھیمی کردیں، ایک پیالی دودھ الگ کرکے باقی دیگچی میں چمچ مسلسل چلاتے رہیں۔

    اب الگ کیے ہوئے دودھ میں چاول کا پاؤڈر اور ملک پاؤڈر مکس کریں اور دیگچی کا دودھ گاڑھا ہونے لگے تو پیالی والا دودھ ہلکے ہلکے دیگچی میں ڈالیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ چمچ بھی چلاتے رہیں، دودھ میں تھوڑا اور گاڑھا پن آجائے تو اس میں دیسی گھی ڈال دیں اور سب سے آخر میں لیموں کا رس ڈال کر چمچ چلاتی رہیں۔

    کچھ دیر بعد کھویا بن کر تیار ہوجائے گا لیکن آپ نے چولہا بند کرنے کے بعد بھی ٹھنڈا ہونے تک چمچ چلاتے رہنا ہے تاکہ اس کی گٹھلیاں نہ بنیں۔